شعب الایمان — حدیث نمبر 4450

باب: ایمان کی شاخوں میں سے چونتیسویں شاخ: زبان کو غیر ضروری باتوں سے محفوظ رکھنے کا باب۔

الرابع والثلاثون من شعب الإيمان وهو باب في حفظ اللسان عما لا يحتاج إليه

حدیث نمبر: 4450
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، أَخْبَرَنِي أَبُو بَكْرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ ، أَخْبَرَنَا الْحَسَنُ بْنُ سُفْيَانَ ، حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا جَرِيرٌ ، عَنْ مَنْصُورٍ ، عَنْ أَبِي وَائِلٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِنَّ الصِّدْقَ يَهْدِي إِلَى الْبِرِّ ، وَإِنَّ الْبِرَّ يَهْدِي إِلَى الْجَنَّةِ ، وَإِنَّ الرَّجُلَ لَيَصْدُقُ حَتَّى يُكْتَبَ عِنْدَ اللَّهِ صِدِّيقًا ، وَإِنَّ الْكَذِبَ يَهْدِي إِلَى الْفُجُورِ ، وَإِنَّ الْفُجُورَ يَهْدِي إِلَى النَّارِ وَإِنَّ الرَّجُلَ لَيَكْذِبُ حَتَّى يُكْتَبَ عِنْدَ اللَّهِ كَذَّابًا " .
رَوَاهُ الْبُخَارِيِّ وَمُسْلِمٌ فِي الصَّحِيحِ عَنْ عُثْمَانَ بْنِ أَبِي شَيْبَةَ .
ترجمہ

سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بلاشبہ سچائی نیکی کی طرف رہنمائی کرتی ہے اور نیکی جنت کی طرف لے جاتی ہے، اور آدمی برابر سچ بولتا رہتا ہے یہاں تک کہ اللہ کے ہاں اسے ’صدیق‘ (بہت سچا) لکھ دیا جاتا ہے۔ اور بلاشبہ جھوٹ بدکاری کی طرف لے جاتا ہے اور بدکاری جہنم کی طرف لے جاتی ہے، اور آدمی برابر جھوٹ بولتا رہتا ہے یہاں تک کہ اللہ کے ہاں اسے ’کذاب‘ (بہت جھوٹا) لکھ دیا جاتا ہے۔“
اسے امام بخاری اور امام مسلم رحمہما اللہ نے «الصحیح» میں عثمان بن ابی شیبہ سے روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الرابع والثلاثون من شعب الايمان وهو باب في حفظ اللسان عما لا يحتاج اليه / حدیث: 4450
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 4784
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن أبي داود 4989) , شیخ زبیر علی زئی: صحيح بخاري (6094) صحيح مسلم (2607) (سنن أبي داود 4989) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: رجاله كلهم ثقات
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: رجاله كلهم ثقات (شعب الإيمان ط الرشد: 6/ 438) . »
«أخرجه الطبراني فى (الكبير) برقم: 8522، والطبراني فى (الأوسط) برقم: 7867، والطحاوي فى (شرح مشكل الآثار) برقم: 4207»
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• أبو بكر بن عبد الله هو محمد بن عبد الله بن محمد بن شيرويه.
• جرير هو ابن عبد الحميد.
• منصور هو ابن المعتمر.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6094 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
6094. حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: "سچائی" نیکی کا راستہ دکھاتی ہے اور نیکی جنت کی طرف لے جاتی ہے اور آدمی سچ بولتا رہتا ہے یہاں تک وہ صدیق کا مرتبہ حاصل کر لیتا ہے۔ اور جھوٹ برائی کا راستہ دکھاتا ہے اور برائی دوزخ کی طرف کے جاتی ہے آدمی جھوٹ بولتا رہتا ہے حتیٰ کہ وہ اللہ کے ہاں کذاب (بہت جھوٹا) لکھا جاتا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6094]
حدیث حاشیہ: اسی لئے فرمایا ''إِنما الأَعمالُ بِخواتیمِھَا'' عملوں کا اعتبار خاتمہ پر ہے۔
اللہ پاک ہر مسلمان کو، ہر بخاری شریف کے پڑھنے والے کو اور مجھ نا چیز گنہگار بندے کو خاتمہ بالخیر نصیب کرے، توحید وسنت وکلمہ طیبہ پر خاتمہ ہو۔
امید ہے کہ اس مقام پر جملہ قارئین کرام آمین کہیں گے. آمین۔
یارب العالمین!
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6094 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6094 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6094. حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: "سچائی" نیکی کا راستہ دکھاتی ہے اور نیکی جنت کی طرف لے جاتی ہے اور آدمی سچ بولتا رہتا ہے یہاں تک وہ صدیق کا مرتبہ حاصل کر لیتا ہے۔ اور جھوٹ برائی کا راستہ دکھاتا ہے اور برائی دوزخ کی طرف کے جاتی ہے آدمی جھوٹ بولتا رہتا ہے حتیٰ کہ وہ اللہ کے ہاں کذاب (بہت جھوٹا) لکھا جاتا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6094]
حدیث حاشیہ:
(1)
انسان سچ بولتے بولتے سچ کا عادی بن جاتا ہے اور اسے سچائی کا ملکہ حاصل ہو جاتا ہے حتی کہ وہ صدقی کے درجے پر فائز ہو جاتا ہے جو نبوت سے نچلا مرتبہ ہے، اور جھوٹ کا عادی انسان اللہ تعالیٰ کے ہاں کذاب لکھا جاتا ہے اور تمام مخلوق پر اس کے کذاب ہونے کا القا کیا جاتا ہے۔
(2)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جن تعلیمات پر اپنی دعوت کی بنیاد رکھی تھی ان میں ایک سچائی کو اختیار کرنا بھی ہے، چنانچہ حضرت ابو سفیان رضی اللہ عنہ نے ہرقل کے دربار میں اس بات کا اقرار کیا تھا، (صحیح البخاري، بدءالوحي، حدیث: 7)
نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ایمان و کفر، سچ اور جھوٹ اور امانت و خیانت ایک مسلمان کے دل میں جمع نہیں ہو سکتیں۔
‘‘ (مسند أحمد: 349/2)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6094 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2607 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"صدق وفاداری اور ادائے حقوق کا نام ہے اور وفاداری جنت تک پہنچا دیتی ہے اور انسان سچ بولنے کی کوشش کرتا رہتاہے حتی کہ اللہ کے نزدیک صدیق لکھ دیا جاتا ہے اور جھوٹ بد کرداری کا نام ہے اور بد کاری دوزخ تک پہنچاتی ہے اور انسان جھوٹ بولنے کا قصد کرتا ہے حتی کہ کذاب لکھ دیا جاتا ہے۔"ابن ابی شیبہ رحمۃ اللہ علیہ کی روایت میں قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی جگہ عن... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:6638]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
بر کا عربی لغت میں اصل مفہوم، کسی کا حق پورا کرنا ہے، اس کا تعلق حقوق اللہ سے ہو یا حقوق العباد سے اور اس کے مقابلہ میں فجور، راہ سے ہٹ جانے اور استقامت سے کنارہ کشی اختیار کر لینے کا نام ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6638 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2607 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عبد اللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:" بلا شبہ سچ نیکی کے راستے پر ڈال دیتا ہے اور نیکی جنت تک پہنچادیتی ہے اور بلا شبہ آدمی ہمیشہ سچ بولتا رہتا ہے حتی کہ صدیق (انتہائی سچا جس کے قول و فعل میں یکسانیت ہو) لکھ دیا جاتا ہے اور یقیناً جھوٹ برائی اور بد کاری کے راستے پر ڈال دیتا ہے اور بدکاری دوزخ تک پہنچا دیتی ہے اور آدمی جھوٹ بولتا رہتا ہے(جھوٹ کاعادی ہو جاتا ہے) حتی کہ کذاب (بہت جھوٹا) لکھ دیا... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:6637]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
صديق: جس کے قول و فعل اور زبان و دل میں موافقت ہو، کیونکہ صدق قول کے دل اور واقعہ کے مطابق ہونے کا نام ہے اور جو انسان صدق کو اختیار کرتا ہے، وہ اللہ کے ہاں صدیق ٹھہرتا ہے اور ان کا ثواب پائے گا اور لوگوں کے ہاں بھی سچا سمجھا جائے گا، اس کے برعکس جو جھوٹ بولنے کو عادت بنا لیتا ہے، وہ اللہ کے ہاں جھوٹا ٹھہرتا ہے اور ان ہی کی سزا اور عقوبت کا مستحق ہو گا اور لوگوں میں بھی جھوٹا مشہور و معروف ہو گا۔
فوائد ومسائل: اس حدیث سے معلوم ہوا، سچ بولنا بذات خود اچھی اور پسندیدہ عادت ہے، جس کی خاصیت اور امتیاز یہ ہے کہ آدمی کو زندگی کے تمام پہلوؤں میں نیک کردار اور صالح بنا کر جنت کا مستحق بنا دیتی ہے، کیونکہ " بِر " تمام امور کا مجموعہ کا نام ہے اور ہمیشہ سچ بولنے والا آدمی مقام صدیقیت پر فائز ہو جاتا ہے، اس کے برعکس جھوٹ بولنا بذات خود ایک خبیث اور بری خصلت ہے، جس کی خاصیت، انسان کے اندر فسق و فجور اور بدی کا میلان و رجحان پیدا کر کے، اس کی پوری زندگی کو بدکاری کی زندگی بنا کر دوزخ میں پہنچاتا ہے اور جھوٹ بولنے کا عادی، کذابیت کے درجے تک پہنچ کر اللہ کی لعنت کا مستحق ٹھہرتا ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6637 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1971 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´سچ کی فضیلت اور جھوٹ کی برائی کا بیان۔`
عبداللہ بن مسعود رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " سچ بولو، اس لیے کہ سچ نیکی کی طرف رہنمائی کرتا ہے اور نیکی جنت کی طرف رہنمائی کرتی ہے، آدمی ہمیشہ سچ بولتا ہے اور سچ کی تلاش میں رہتا ہے، یہاں تک کہ وہ اللہ کے نزدیک سچا لکھ دیا جاتا ہے، اور جھوٹ سے بچو، اس لیے کہ جھوٹ گناہ کی طرف رہنمائی کرتا ہے اور گناہ جہنم میں لے جاتا ہے، آدمی ہمیشہ جھوٹ بولتا ہے اور جھوٹ کی تلاش میں رہتا ہے یہاں تک کہ اللہ کے نزدیک جھوٹا لکھ دیا جاتا ہے " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب البر والصلة/حدیث: 1971]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
معلوم ہواکہ ہمیشہ جھوٹ سے بچنا اور سچائی کو اختیار کرنا چاہیے، کیوں کہ جھوٹ کا نتیجہ جہنم اور سچائی کا نتیجہ جنت ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1971 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4989 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´جھوٹ بولنے کی شناعت کا بیان۔`
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تم جھوٹ سے بچو، اس لیے کہ جھوٹ برائی کی طرف لے جاتا ہے، اور برائی جہنم میں لے جاتی ہے، آدمی جھوٹ بولتا ہے اور جھوٹ میں لگا رہتا ہے، یہاں تک کہ وہ اللہ کے نزدیک جھوٹا لکھ دیا جاتا ہے اور سچ بولنے کو لازم کر لو اس لیے کہ سچ بھلائی اور نیکی کی طرف لے جاتا ہے اور نیکی جنت میں لے جاتی ہے، آدمی سچ بولتا ہے اور سچ بولنے ہی میں لگا رہتا ہے یہاں تک کہ وہ اللہ کے نزدیک سچا لکھ دیا جاتا ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 4989]
فوائد ومسائل:
سچ اور جھوٹ (صدق وکذب) کا تعلق صرف زبان کے الفاظ ہی سےنہیں بلکہ اس کا دائرہ فعل اور نیت تک وسیع ہے۔
فکری اعتبار سے انسان صدق کو متلاشی اور اس کےمطابق اپنے اعمال کوسر انجام دینے والا ہو اور اس کے برخلاف سے بچنے والا ہو تو یہ بہت بڑی فضیلت ہے۔
ورنہ جلد یا بد دیر فضیحت سے بچ نہیں سکے گا۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4989 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 1314 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´مکارم اخلاق (اچھے عمدہ اخلاق) کی ترغیب کا بیان`
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ سچائی کو لازم پکڑو کہ سچ نیکی کی طرف رہنمائی کرتا ہے اور نیکی جنت کی جانب رہنمائی کرتی ہے اور آدمی ہمیشہ سچ بولتا ہے اور سچ کی تلاش میں رہتا ہے حتیٰ کہ اسے اللہ کے ہاں صدیق لکھا جاتا ہے اور جھوٹ سے بچو۔ جھوٹ گناہ کی جانب لے جاتا ہے اور گناہ آتشیں جہنم کی جانب لے جاتا ہے اور آدمی ہمیشہ جھوٹ بولتا رہتا ہے اور جھوٹ میں کوشش کرتا رہتا ہے تو اسے اللہ کے ہاں جھوٹا لکھا جاتا ہے۔ " (بخاری و مسلم) «بلوغ المرام/حدیث: 1314»
تخریج:
«أخرجه البخاري، الأدب، باب قول الله تعالي: "يأيها الذين آمنوا اتقوا الله"، حديث:6094، ومسلم، البر والصلة، باب قبح الكذب...، حديث:2607.»
تشریح: اس حدیث میں سچ بولنے والے کے حسن خاتمہ اور اس کے برے انجام سے مامون و محفوظ ہونے کی طرف اشارہ ہے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1314 سے ماخوذ ہے۔