شعب الایمان — حدیث نمبر 4021
باب: ایمان کی شاخوں میں سے (انتیسویں) شاخ: مالِ غنیمت کا خمس امام یا غنیمت حاصل کرنے والوں پر مقرر اس کے عامل کو ادا کرنے کا باب۔
من شعب الإيمان وهو باب في أداء خمس المغنم إلى الإمام أو عامله على الغانمين
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، أَخْبَرَنِي أَبُو عَمْرِو بْنُ أَبِي جَعْفَرٍ ، أَخْبَرَنَا الْحَسَنُ بْنُ سُفْيَانَ ، حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحِيمِ بْنُ سُلَيْمَانَ ، عَنْ أَبِي حَيَّانَ ، عَنْ أَبِي زُرْعَةَ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ : قَامَ فِينَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَطِيبًا ذَاكَرَ الْغُلُولَ فَعَظَّمَهُ وَعَظَّمَ أَمْرَهُ ثُمَّ قَالَ : " أَيُّهَا النَّاسُ لَا أُلْفِيَنَّ أَحَدَكُمْ يَجِيءُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ عَلَى رَقَبَتِهِ بَعِيرٌ لَهُ رُغَاءٌ يَقُولُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ أَغِثْنِي فَأَقُولُ : لَا أَمْلِكُ لَكَ شَيْئًا قَدْ بَلَّغْتُكَ ، لَا أُلْفِيَنَّ أَحَدَكُمْ يَجِيءُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ عَلَى رَقَبَتِهِ شَاةٌ لَهَا ثُغَاءٌ يَقُولُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ أَغِثْنِي فَأَقُولُ : لَا أَمْلِكُ لَكَ شَيْئًا قَدْ بَلَّغْتُ ، لَا أُلْفِيَنَّ أَحَدَكُمْ يَجِيءُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ عَلَى رَقَبَتِهِ بَقَرَةٌ لَهَا خُوَارٌ يَقُولُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ أَغِثْنِي فَأَقُولُ : لَا أَمْلِكُ لَكَ شَيْئًا قَدْ بَلَّغْتُكَ ، وَلَا أُلْفِيَنَّ أَحَدَكُمْ يَجِيءُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ عَلَى رَقَبَتِهِ رِقَاعٌ يَقُولُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ أَغِثْنِي فَأَقُولُ لَا أَمْلِكُ مِنَ اللَّهِ شَيْئًا قَدْ بَلَّغْتُكَ ، وَلَا أُلْفِيَنَّ أَحَدَكُمْ يَجِيءُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ عَلَى رَقَبَتِهِ صَامِتٌ يَقُولُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ أَغِثْنِي فَأَقُولُ : لَا أَمْلِكُ لَكَ مِنَ اللَّهِ شَيْئًا قَدْ بَلَّغْتُكَ وَلَا أُلْفِيَنَّ أَحَدَكُمْ يَجِيءُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ عَلَى رَقَبَتِهِ نَفْسٌ لَهَا صِيَاحٌ يَقُولُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ أَغِثْنِي فَأَقُولُ : لَا أَمْلِكُ لَكَ مِنَ اللَّهِ شَيْئًا قَدْ بَلَّغْتُكَ "
رَوَاهُ مُسْلِمٌ فِي الصَّحِيحِ عَنْ أَبِي بَكْرِ بْنِ أَبِي شَيْبَةَ .
وَأَخْرَجَاهُ مِنْ أَوْجُهٍ أُخَرَ عَنْ أَبِي حَيَّانَ التَّيْمِيِّ .سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ ہمارے درمیان خطبہ دینے کے لیے کھڑے ہوئے، آپ ﷺ نے مالِ غنیمت میں خیانت (غلول) کا ذکر فرمایا، اسے بہت بڑا گناہ قرار دیا اور اس کے معاملے کی سنگینی بیان کی، پھر فرمایا: ”لوگو! میں تم میں سے کسی کو ہرگز اس حال میں نہ پاؤں کہ وہ قیامت کے دن اپنی گردن پر ایک اونٹ اٹھائے آئے جو بلبلا رہا ہو، وہ کہے: ”اے اللہ کے رسول! میری مدد کیجیے۔“ تو میں کہوں گا: ”میں تمہارے لیے کسی چیز کا اختیار نہیں رکھتا، میں تمہیں (حکمِ الٰہی) پہنچا چکا تھا۔“ میں تم میں سے کسی کو ہرگز اس حال میں نہ پاؤں کہ وہ قیامت کے دن اپنی گردن پر ایک بکری اٹھائے آئے جو ممیا رہی ہو، وہ کہے: ”اے اللہ کے رسول! میری مدد کیجیے۔“ تو میں کہوں گا: ”میں تمہارے لیے کسی چیز کا اختیار نہیں رکھتا، میں (حکمِ الٰہی) پہنچا چکا تھا۔“ میں تم میں سے کسی کو ہرگز اس حال میں نہ پاؤں کہ وہ قیامت کے دن اپنی گردن پر ایک گائے اٹھائے آئے جو ڈکرا رہی ہو، وہ کہے: ”اے اللہ کے رسول! میری مدد کیجیے۔“ تو میں کہوں گا: ”میں تمہارے لیے کسی چیز کا اختیار نہیں رکھتا، میں تمہیں (حکمِ الٰہی) پہنچا چکا تھا۔“ اور میں تم میں سے کسی کو ہرگز اس حال میں نہ پاؤں کہ وہ قیامت کے دن اپنی گردن پر کپڑوں کے ٹکڑے اٹھائے آئے، وہ کہے: ”اے اللہ کے رسول! میری مدد کیجیے۔“ تو میں کہوں گا: ”میں اللہ کے مقابلے میں تمہارے لیے کسی چیز کا اختیار نہیں رکھتا، میں تمہیں (حکمِ الٰہی) پہنچا چکا تھا۔“ اور میں تم میں سے کسی کو ہرگز اس حال میں نہ پاؤں کہ وہ قیامت کے دن اپنی گردن پر سونا چاندی اٹھائے آئے، وہ کہے: ”اے اللہ کے رسول! میری مدد کیجیے۔“ تو میں کہوں گا: ”میں اللہ کے مقابلے میں تمہارے لیے کسی چیز کا اختیار نہیں رکھتا، میں تمہیں (حکمِ الٰہی) پہنچا چکا تھا۔“ اور میں تم میں سے کسی کو ہرگز اس حال میں نہ پاؤں کہ وہ قیامت کے دن اپنی گردن پر ایک جان (انسان) اٹھائے آئے جو چیخ رہی ہو، وہ کہے: ”اے اللہ کے رسول! میری مدد کیجیے۔“ تو میں کہوں گا: ”میں اللہ کے مقابلے میں تمہارے لیے کسی چیز کا اختیار نہیں رکھتا، میں تمہیں (حکمِ الٰہی) پہنچا چکا تھا۔“
امام مسلم رحمہ اللہ نے اسے صحیح میں ابوبکر بن ابی شیبہ رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے۔
اور امام بخاری اور امام مسلم رحمہما اللہ نے اسے ابوحیان تیمی رحمہ اللہ سے دوسری سندوں سے بھی روایت کیا ہے۔
• أبو حيان هو يحيى بن سعيد بن حيان التيمي، مر.
تشریح، فوائد و مسائل
اسے باضابطہ امیر اسلام کے ہاں جمع کرنا ہو گا۔
بعد میں شرعی تقسیم کے تحت وہ مال دیا جائے گا۔
اس میں خیانت کرنے والا عنداللہ بہت بڑا مجرم ہے جیسا کہ حدیث ہذا میں بیان ہوا ہے۔
بکری‘ گھوڑا‘ اونٹ یہ سب چیزیں تمثیل کے طور پر بیان کی گئی ہیں۔
روایت میں اموال غنیمت میں سے ایک چادر کے چرانے والے کو بھی دوزخی کہا گیا ہے۔
چنانچہ وہ حدیث آگے مذکور ہے۔
قال المھلب ھذا الحدیث وعید لمن أنفذہ اللہ علیه من أهل المعاصي ویحتمل أن یکون الحمل المذکور لا بد منه عقوبة له بذالك لیفتضح علی رؤوس الأشهاد و أما بعد ذلك فإلی اللہ الأمر في تعذیبه أو العفو عنه وقال غیره هذا الحدیث یفسر قوله عز و جل﴿یَاْتِ بِمَا غَلَّ یَوْمَ الْقِیٰمَةِ﴾ أي یأت به حاملا له علی رقبته (فتح)
یعنی اس حدیث میں وعید ہے اہل معاصی کے لئے۔
احتمال ہے کہ یہ اٹھانا بطور عذاب اس کے لئے ضروری ہو‘ تاکہ وہ سب کے سامنے ذلیل ہو‘ بعد میں اللہ کو اختیار ہے چاہے اسے عذاب کرے‘ چاہے معاف کرے۔
یہ حدیث آیت کریمہ ﴿یَاْتِ بِمَا غَلَّ یَوْمَ الْقِیٰمَةِ﴾ (آل عمران: 161)
کی تفسیر بھی ہے کہ وہ عاصی اس خیانت کو قیامت کے دن اپنی گردن پر اٹھا کر لائے گا۔
1۔
فتح کے بعد میدان جنگ میں جو بھی مال وغیرہ ملے اسے مال غنیمت کہا جاتا ہے۔
اسے باضابطہ طور پر امیر لشکر کے پاس جمع کرانا چاہیے۔
اس کے بعد شرعی تقسیم کے تحت وہ مجاہدین کو دیا جائے گا۔
اس مال غنیمت میں خیانت کا مرتکب اللہ کے ہاں بہت بڑا مجرم ہوگا۔
حدیث میں مذکورہ اشیاء بطورتمثیل بیان ہوئی ہیں۔
مال غنیمت سے تو ایک چادر چرانے والے کو بھی جہنمی کہا گیاہے۔
2۔
اس حدیث سے آیت کریمہ کی بھی تفسیر ہوتی ہے۔
کہ دنیا میں جو بھی خیانت کی ہوگی قامت کے دن ساری مخلوق کے سامنے اسے اپنے کندھوں پر اٹھا کرلائے گا اور رسول اللہ ﷺ ڈانٹتے ہوئے اسے فرمائیں گے: ’’میں تیرے متعلق کسی قسم کااختیار نہیں رکھتا۔
میں نے تجھے اللہ کا پیغام پہنچا دیاتھا۔
اب تیرےلیے کوئی عذرقابل قبول نہیں۔
‘‘
(1)
لَا أُلْفِيَنَّ: میں کسی کوہرگزنہ پاؤں۔
یا لَا أُلْقِيَنَّ میری ہرگز ملاقات نہ ہو۔
(2)
رُغَاءٌ: اونٹ کی آواز، جس کو بلبلانا کہتے ہیں۔
(3)
حَمْحَمَةٌ: چارہ دیکھ کر گھوڑے کی آواز، جس کو ہنہنانے سے تعبیر کرتے ہیں۔
(4)
ثُغَاءٌ: بکری کی آواز، جسےمنمنانے یا ممیانے کا نام دیا جاتا ہے۔
(5)
رِقَاعٌ: رقعة کی جمع ہے، کپڑے کے ٹکڑے، یہاں مراد کپڑے ہیں، جو تخفق ہل رہےہوں گے۔
(6)
صَامِتٌ: سونا چاندی، ناطق حیوانات کےمقابلہ میں آتا ہے۔
(7)
صِيَاحٌ: چیخنا، چلانا۔
فوائد ومسائل: اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے، کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان تمام امور کی نشان دہی فرما دی ہے، جس کی انسان نے پابندی کرنی ہے، اس لیے اگر وہ کسی شرعی حکم کی مخالفت کرے گا، تو اسے اس کی سزا ملے گی، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم آغاز میں ایسے کسی انسان کی سفارش نہیں فرمائیں گے، جس نے مالی خیانت کی ہو گی یا کسی کا ناجائز خون بہایا ہو گا اور مال غنیمت میں کسی قسم کی خیانت انتہائی سنگین ہے اور اس کے گناہ کبیرہ ہونے پر ائمہ کا اتفاق ہے، حتیٰ کہ بعض ائمہ کے نزدیک اس کا تمام مال جلا دیا جائے گا، لیکن جمہور ائمہ، امام مالک، امام شافعی اور امام ابو حنیفہ کے نزدیک اس کا مال جلایا نہیں جائے گا، امام اپنی صوابدید کے مطابق اس کو سزا دے گا، اس لیے اگر کسی نے کسی کا مال کسی ناجائز طریقہ سے لیا ہے، تو اسے توبہ کرکے پشیمانی اور ندامت کا اظہار کرتے ہوئے، اس کے مالک یا اس کے ورثاء کو واپس کردینا چاہیے، یہ ممکن نہ ہو، تو اس کی طرف سے صدقہ کر دینا چاہیے، اگر حکومت کا مال کھایا ہے، تو کسی قومی فنڈ میں سے جمع کرا دے۔