شعب الایمان — حدیث نمبر 3949
باب: ایمان کی شاخوں میں سے چھبیسویں شاخ: جہاد کا باب۔
السادس والعشرون من شعب الإيمان وهو باب في الجهاد
أَخْبَرَنَا عَلِيُّ بْنُ أَحْمَدَ بْنِ عَبْدَانَ ، أَخْبَرَنَا أَحْمَدُ بْنُ عُبَيْدٍ ، حَدَّثَنَا خَلْفُ بْنُ عَمْرٍو الْعَكْبَرِيُّ ، حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ مَنْصُورٍ ، حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ عَيَّاشٍ - حَ
وَأَخْبَرَنَا أَبُو بَكْرٍ مُحَمَّدُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ الْفَارِسِيُّ ، أَخْبَرَنَا أَبُو عَمْرِو بْنُ مَطَرٍ - حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ عَلِيٍّ الذُّهَلِيُّ - حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ يَحْيَى ، أَخْبَرَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ عَيَّاشٍ ، عَنْ بَحِيرِ بْنِ سَعْدٍ الْكُلَاعِيِّ ، عَنْ خَالِدِ بْنِ مَعْدَانَ ، عَنِ الْمِقْدَامِ بْنِ مَعْدِي كَرِبَ ، عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " إِنَّ لِلشَّهِيدِ عِنْدَ اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ خِصَالًا ، يَغْفِرُ لَهُ فِي أَوَّلِ دَفْعَةٍ مِنْ دَمِهِ ، وَيَرَى مَقْعَدَهُ مِنَ الْجَنَّةِ ، وَيُحَلَّى عَلَيْهِ حُلَّةُ الْإِيمَانِ ، وَيُزَوَّجُ مِنَ الْحُورِ الْعِينِ ، وَيُجَارُ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ ، وَيَأْمَنُ يَوْمَ الْفَزَعِ الْأَكْبَرِ ، وَيُوضَعُ عَلَى رَأْسِهِ تَاجُ الْوَقَارِ ، الْيَاقُوتَةُ مِنْهُ خَيْرٌ مِنَ الدُّنْيَا وَمَا فِيهَا ، وَيُزَوَّجُ اثْنَيْنِ وَسَبْعِينَ زَوْجَةً مِنَ الْحُورِ الْعِينِ ، وَيُشَفَّعُ فِي سَبْعِينَ إِنْسَانًا مِنْ أَقَارِبِهِ "سیدنا مقدام بن معدی کرب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ عزوجل کے ہاں شہید کے لیے کئی خصلتیں ہیں: اس کے خون کے پہلے قطرے کے گرتے ہی اسے بخش دیا جاتا ہے، اسے جنت میں اس کا ٹھکانا دکھا دیا جاتا ہے، اسے ایمان کا جوڑا پہنایا جاتا ہے، اس کی بڑی بڑی آنکھوں والی حوروں سے شادی کی جاتی ہے، اسے عذابِ قبر سے پناہ دی جاتی ہے، وہ سب سے بڑی گھبراہٹ کے دن (قیامت) بے خوف رہے گا، اس کے سر پر وقار کا تاج رکھا جائے گا جس کا ایک یاقوت دنیا اور اس کی ہر چیز سے بہتر ہے، اس کی بہتر (72) حوروں سے شادی کی جائے گی، اور اس کے رشتہ داروں میں سے ستر آدمیوں کے حق میں اس کی شفاعت قبول کی جائے گی۔“
تشریح، فوائد و مسائل
مقدام بن معدیکرب رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ کے نزدیک شہید کے لیے چھ انعامات ہیں، (۱) خون کا پہلا قطرہ گرنے کے ساتھ ہی اس کی مغفرت ہو جاتی ہے، (۲) وہ جنت میں اپنی جگہ دیکھ لیتا ہے، (۳) عذاب قبر سے محفوظ رہتا ہے، (۴) «فزع الأكبر» (عظیم گھبراہٹ والے دن) سے مامون رہے گا، (۵) اس کے سر پر عزت کا تاج رکھا جائے گا جس کا ایک یاقوت دنیا اور اس کی ساری چیزوں سے بہتر ہے، (۶) بہتر (۷۲) جنتی حوروں سے اس کی شادی کی جائے گی، اور اس کے ستر رشتہ داروں کے سلسلے میں اس کی شفاعت قبول کی جائے گی " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب فضائل الجهاد/حدیث: 1663]
وضاحت:
1؎:
یہ چھ خصلتیں ایسی ہیں کہ شہید کے سوا اور کسی کو حاصل نہیں ہوں گی۔
مقدام بن معد یکرب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ کے یہاں شہید کے لیے چھ بھلائیاں ہیں: ۱- خون کی پہلی ہی پھوار پر اس کی مغفرت ہو جاتی ہے، اور جنت میں اس کو اپنا ٹھکانا نظر آ جاتا ہے ۲- عذاب قبر سے محفوظ رہتا ہے، ۳- حشر کی بڑی گھبراہٹ سے مامون و بےخوف رہے گا، ۴- ایمان کا جوڑا پہنایا جاتا ہے، ۵- حورعین سے نکاح کر دیا جاتا ہے، ۶- اس کے اعزہ و اقرباء میں سے ستر آدمیوں کے بارے میں اس کی سفارش قبول کی جاتی ہے۔" [سنن ابن ماجه/كتاب الجهاد/حدیث: 2799]
فوائد و مسائل:
(1)
یہ انعامات اس شہید کے لیے ہیں جو صرف اللہ کی رضا کے لیے خلوص قلب کے ساتھ جہاد کرتے ہوئے شہید ہوتا ہے۔
(2)
جنت میں گھر دکھایا جانا اس کے لیے خوش خبری ہے کہ جنت میں داخل ہونے سے پہلے جان نکلنے کے دوران میں ہی اسے جنت کی بشارت مل جاتی ہے۔
(3)
گناہ گاروں کے لیے قبر کا عذاب بہت سی احادیث سے ثابت ہے۔
شہید اس سے محفوظ رہتا ہے۔
(4)
قیامت کے دن گناہ گار اپنے اپنے گناہوں کے مطابق پریشان ہونگے۔
شہید کے گناہ معاف ہوچکے ہونگے اس لیے وہ پریشانی سے محفوظ رہے گا۔
(5)
ایک ہی طرح کے دو کپڑوں کو حله (جوڑا)
کہتے ہیں۔
ایمان کے حله سے مراد ایسا لباس ہے جواس کے ایمان کی علامت ہوگا۔
(6)
حوروں سے مراد وہ جنتی عورتیں ہیں جو اللہ تعالی نے اپنے نیک بندوں کے لیے اپنی قدرت کاملہ سے جنت میں پیدا کی ہیں۔
ہر شہید کو کم ازکم دو حوریں ملیں گی۔
(7)
قیامت کے دن شفاعت اللہ تعالی کی طرف سے اجازت ملنے پر ہی کی جا سکے گی، یہ گناہ گاروں کے لیے مغفرت کا باعث ہوگی۔
اور شفاعت کرنے والے کے لیے ایک عظیم اعزاز۔
(8)
کسی مومن کا درجہ جتنا زیادہ بلند ہوگا اسے اتنے ہی زیادہ افراد کے حق میں شفاعت کی اجازت دی جائے گی۔
واللہ أعلم۔