حدیث نمبر: 393
أَخْبَرَنَا أَبُو نَصْرِ بْنُ قَتَادَةَ ، أَخْبَرَنَا أَبُو مُحَمَّدٍ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أَحْمَدَ بْنِ سَعْدٍ الْحَافِظُ ، حَدَّثَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ مُحَمَّدُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ الْبُوشَنْجِيُّ ، حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ حَنْبَلٍ ، حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ الْمَدِينِيُّ ، حَدَّثَنَا هِشَامُ بْنُ يُوسُفَ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ بَحِيرٍ الْقَاصِّ ، عَنْ هَانِئٍ ، مَوْلَى عُثْمَانَ قَالَ : كَانَ عُثْمَانُ بْنُ عَفَّانَ إِذَا وَقَفَ عَلَى قَبْرٍ بَكَى حَتَّى يَبُلَّ لِحْيَتَهُ فَقِيلَ لَهُ : تَذْكُرُ الْجَنَّةَ وَالنَّارَ فَلَا تَبْكِي وَتَبْكِي مِنْ هَذَا ؟ فَقَالَ : إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " الْقَبْرُ أَوَّلُ مَنَازِلِ الْآخِرَةِ فَإِنْ يَنْجُ مِنْهُ فَمَا بَعْدَهُ أَيْسَرُ مِنْهُ ، وَإِنْ لَمْ يَنْجُ مِنْهُ فَمَا بَعْدَهُ أَشَدُّ مِنْهُ " وَقَالَ : " وَاللَّهِ مَا رَأَيْتُ مَنْظَرًا قَطُّ إِلَّا وَالْقَبْرُ أَفْظَعُ مِنْهُ " .
ترجمہ

ہانی رحمہ اللہ، جو سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے آزاد کردہ غلام تھے، بیان کرتے ہیں کہ سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ جب کسی قبر پر کھڑے ہوتے تو اتنا روتے کہ ان کی داڑھی تر ہو جاتی۔ ان سے کہا گیا: ”آپ جنت اور جہنم کا ذکر کرتے ہیں تو نہیں روتے، اور اس (قبر) سے رو پڑتے ہیں؟“ انہوں نے فرمایا: بے شک رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”قبر آخرت کی منزلوں میں سے پہلی منزل ہے، اگر کوئی اس سے نجات پا گیا تو اس کے بعد کی منزلیں اس سے آسان ہیں، اور اگر اس سے نجات نہ پائی تو اس کے بعد کی منزلیں اس سے زیادہ سخت ہیں۔“ اور سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ”اللہ کی قسم! میں نے کوئی منظر کبھی نہیں دیکھا مگر قبر اس سے کہیں زیادہ ہولناک ہے۔“

حوالہ حدیث شعب الإيمان / التاسع من شعب الايمان ، وهو باب في ان دار المؤمنين ، ومابهم الجنة ودار الكافرين ومابهم النار / حدیث: 393
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 397
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن، ابن ماجة (4267) (سنن الترمذي 2308) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن, مشكوة المصابيح (132) (سنن الترمذي 2308) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: حسن
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: حسن (شعب الإيمان ط الرشد: 1/ 619) . »
«أخرجه الترمذي فى (جامعه) برقم: 2308، وابن ماجه فى (سننه) برقم: 4267، وأحمد فى (مسنده) برقم: 456، والبزار فى (مسنده) برقم: 444، والحاكم فى (المستدرك) برقم: 1414، 8012»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 2308 | سنن ابن ماجه: 4267 | شعب الإيمان: 10069
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• هشام بن يوسف الصنعاني، أبو عبد الرحمن القاضي (م ١٩٧ هـ). ثقة. من التاسعة (خ- ٤).
• عبد الله بن بحير (بفتح الموحدة على وزن كبير) ابن رَيسان (بفتح الراء وسكون التحتانية بعدها مهملة) أبووائل القاص، الصنعاني. وثقه ابن معين، واضطرب فيه كلام ابن حبان (د، ت، ق) هانى، أبو سعيد البربري الدمشقىِ، مولى عثمان. قال النسائي: ليس به بأس. وذكره ابن حبان في "الثقات" (ت، ق).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2308 کی شرح از الشیخ غلام مصطفےٰ ظہیر امن پوری ✍️
´قبر کی زندگی اخروی حیات کا آغاز`
«. . . إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: إِنَّ الْقَبْرَ أَوَّلُ مَنْزِلٍ مِنْ مَنَازِلِ الْآخِرَةِ، فَإِنْ نَجَا مِنْهُ فَمَا بَعْدَهُ أَيْسَرُ مِنْهُ، وَإِنْ لَمْ يَنْجُ مِنْهُ فَمَا بَعْدَهُ أَشَدُّ مِنْهُ . . .»
". . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: آخرت کے منازل میں سے قبر پہلی منزل ہے، سو اگر کسی نے قبر کے عذاب سے نجات پائی تو اس کے بعد کے مراحل آسان ہوں گے اور اگر جسے عذاب قبر سے نجات نہ مل سکی تو اس کے بعد کے منازل سخت تر ہوں گے . . ." [سنن ترمذي/كتاب الزهد عن رسول الله صلى الله عليه وسلم/باب مِنْهُ: 2308]
فوائد و مسائل:
موت کے بعد آخروی زندگی شروع ہوتی ہے، جو دراصل جزا و سزا کا جہان ہے۔ جو شخص اس جہان میں چلا جاتا ہے، اس کا دنیا والوں سے کوئی دنیوی تعلق قائم نہیں رہتا، کیونکہ اخروی زندگی ایک الگ زندگی ہے۔ قبر کی زندگی اخروی حیات کا آغاز ہے۔
بہت سے لوگ اس اخروی زندگی کے سلسلے میں افراط و تفریط کا شکار ہو کر گمراہی کے اندھیروں میں بھٹکنے لگے ہیں۔ بعض نے تو تفریط میں مبتلا ہو کر سرے سے اس زندگی کا انکار کر دیا ہے، جبکہ بعض نے افراط میں پڑ کر اس زندگی کا اس طرح اقرار کیا کہ اسے دنیوی زندگی کی مثل سمجھ لیا۔ لیکن یہ عام زندگی جو سب کو ملتی ہے، ایک مخصوص نعرہ لگا کر انہوں نے اسے بلادلیل خاص کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں اعتدال کی بات وہی ہے، جو ہمیں قرآن و سنت نے بتائی ہے۔ شرعی دلائل کے مطابق قبر کی زندگی نیک و بد سب کو ملتی ہے، البتہ درجات کے اعتبار سے اس زندگی کی حالت مختلف ہوتی ہے۔ انبیا و شہدا کی زندگی افضل ترین اور کفار کی بدترین ہوتی ہے، لیکن بہرحال یہ زندگی اخروی ہوتی ہے، دنیوی نہیں، جیسا کہ: ❀ ہانی مولیٰ عثمان رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں: "سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ جب کسی قبر کے پاس کھڑے ہوتے تو وہاں اس قدر روتے کہ آپ کی ڈاڑھی تر ہو جاتی۔ آپ سے پوچھا گیا کہ جنت و جہنم کا تذکرہ ہوتا ہے، لیکن آپ نہیں روتے، مگر قبر کا ذکر سنتے ہی رو پڑتے ہیں؟ اس پر آپ نے بیان کیا کہ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا تھا: بےشک قبر آخرت کی منزلوں میں سب سے پہلی منزل ہے۔ اگر کوئی شخص اس منزل کو کامیابی سے عبور کر گیا، تو اس کے بعد جو بھی منزل آئے گی، اس سے آسان تر ہی ہو گی لیکن اگر کوئی اسی منزل میں کامیاب نہ ہو سکا، تو اس کے بعد والی منزلیں اس سے بھی زیادہ سخت ہیں۔" [مسند الام احمد: 63/1، سنن ترمذي 2308، سنن ابن ماجه 4267، وسنده حسن]
↰ اس حدیث کو امام ترمذی رحمہ اللہ نے "حسن"، جبکہ امام حاکم رحمہ اللہ [331، 330/4] نے ’’ صحیح الاسناد" اور حافظ ذہبی رحمہ اللہ نے ’’ صحیح" قرار دیا ہے۔
↰ اس حدیث سے یہ بات واضح طور پر سمجھ آ رہی ہے کہ موت کی صورت میں دنیوی زندگی ختم ہونے کے فورا بعد آخرت کی زندگی شروع ہو جاتی ہے۔ قبر آخرت کی ایک منزل ہے اور اس کی زندگی اخروی زندگی ہے، نہ کہ دنیوی۔
❀ ام المؤمنین، سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مرض موت کا تذکرہ کرتے ہوئے فرماتی ہیں: "آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ مبارک سے مسواک چھوٹ گئی۔ یوں اللہ تعالیٰ نے میرے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لعاب دہن کو اس دن ایک ساتھ جمع کر دیا، جو آپ کی دینوی زندگی کا آخری اور اخروی حیات کا پہلا دن تھا۔" [صحیح بخاری: 4451]
↰ ام المؤمنین، سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کا یہ بیان بھی اس سلسلے میں بالکل صریح ہے کہ موت کے فوراً بعد اخروی زندگی شروع ہو جاتی ہے۔
لہٰذا قبر کی زندگی کے جو حالات قرآن و حدیث کے ذریعے ہمیں معلوم ہوئے ہیں، ان کا انکار کرنا بہت بڑی جہالت ہے۔ اس سے بھی بڑی جہالت یہ ہے کہ اسے دنیوی زندگی یا اس سے مشابہ مانا جائے۔
درج بالا اقتباس ماہنامہ السنہ جہلم، شمارہ 61-66، حدیث/صفحہ نمبر: 4 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 4267 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´قبر اور مردے کے گل سڑ جانے کا بیان۔`
ہانی بربری مولیٰ عثمان کہتے ہیں کہ عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ جب کسی قبر پر کھڑے ہوتے تو رونے لگتے یہاں تک کہ ان کی ڈاڑھی تر ہو جاتی، ان سے پوچھا گیا کہ آپ جنت اور جہنم کا ذکر کرتے ہیں تو نہیں روتے اور قبر کو دیکھ کر روتے ہیں؟ انہوں نے جواب دیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: " قبر آخرت کی پہلی منزل ہے، اگر وہ اس منزل پر نجات پا گیا تو اس کے بعد کی منزلیں آسان ہوں گی، اور اگر یہاں اس نے نجات نہ پائی تو اس کے بعد کی منزلیں اس سے سخت ہیں "، اور کہنے لگے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " میں نے کبھی قبر سے زیادہ ہولناک کوئی۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4267]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
اللہ کے خوف سے رونا ایمان کی نشانی ہے۔

(2)
قبر سے نجات کا مطلب قبر میں سوال جواب کا مرحلہ خیریت سے طے ہوجانا ہے۔
اگر سوالوں کے صحیح جواب دینے کی توفیق مل گئی تو قیامت کے مراحل بھی آسان ہوجایئں گے۔
ورنہ قیامت کے سخت مراحل قبر کی نسبت زیادہ ہولناک ہیں۔
اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے ان سے محفوظ رکھے۔

(3)
قبر کو سب سے خوفناک منظر دنیا کے لحاظ سے فرمایا گیا ہے ورنہ جہنم کے عذاب کا منظر اس سے کہیں زیادہ ہولناک ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 4267 سے ماخوذ ہے۔