حدیث نمبر: 3801
وَأَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، حَدَّثَنِي أَبُو الْحَسَنِ عَلِيُّ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ سِخْتَوَيْهِ ، حَدَّثَنَا بِشْرُ بْنُ مُوسَى ، حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ ، عَنْ عَاصِمِ بْنِ عُبَيْدِ اللَّهِ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَامِرِ بْنِ رَبِيعَةَ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " تَابِعُوا بَيْنَ الْحَجِّ وَالْعُمْرَةِ فَإِنَّ مُتَابَعَةً بَيْنَهُمَا يَزِيدَانِ فِي الْأَجَلِ وَيَنْفِيَانِ الْفَقْرَ وَالذُّنُوبَ كَمَا يَنْفِي الْكِيرُ الْخَبَثَ " . قَالَ سُفْيَانُ : " هَذَا الْحَدِيثُ حَدَّثَنَاهُ عَبْدُ الْكَرِيمِ الْجَزَرِيُّ ، عَنْ عَبْدَةَ ، عَنْ عَاصِمٍ فَلَمَّا قَدِمَ عَبْدَةُ أَتَيْنَاهُ لِنَسْأَلَهُ عَنْهُ فَقَالَ : إِنَّمَا حَدَّثَنِيهِ عَاصِمٌ فَهَذَا عَاصِمٌ حَاضِرٌ فَذَهَبْنَا إِلَى عَاصِمٍ فَسَأَلْنَاهُ عَنْهُ فَحَدَّثَنَا بِهِ هَكَذَا ثُمَّ سَمِعْتُهُ مِنْهُ بَعْدَ ذَلِكَ فَمَرَّةً يَقِفُهُ عَلَى عُمَرَ وَلَا يَذْكُرُ فِيهِ عَنْ أَبِيهِ وَأَكْثَرُ ذَلِكَ كَانَ يُحَدِّثُهُ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَامِرِ بْنِ رَبِيعَةَ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " .
ترجمہ

سیدنا عامر بن ربیعہ رضی اللہ عنہ، سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”حج اور عمرہ پے در پے کیا کرو، کیونکہ ان دونوں کا پے در پے ادا کرنا عمر میں اضافہ کرتا ہے اور فقر و محتاجی اور گناہوں کو اس طرح دور کر دیتا ہے جیسے بھٹی میل کچیل کو دور کر دیتی ہے۔“ سفیان رحمہ اللہ نے کہا: ”یہ حدیث ہمیں عبدالکریم جزری رحمہ اللہ نے عبدہ رحمہ اللہ سے، انہوں نے عاصم رحمہ اللہ سے بیان کی تھی۔ پھر جب عبدہ آئے تو ہم ان کے پاس اس کے بارے میں پوچھنے گئے، انہوں نے کہا: مجھے تو یہ عاصم نے بیان کی تھی اور یہ عاصم موجود ہیں۔ چنانچہ ہم عاصم کے پاس گئے اور ان سے اس کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے ہمیں اسی طرح بیان کیا۔ پھر اس کے بعد میں نے ان سے یہ حدیث سنی تو کبھی وہ اسے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ پر موقوف بیان کرتے اور اس میں ’اپنے والد سے‘ کا ذکر نہیں کرتے تھے، اور زیادہ تر وہ اسے عبداللہ بن عامر بن ربیعہ رحمہ اللہ سے، انہوں نے اپنے والد سے، انہوں نے سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے بیان کرتے تھے۔“

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الخامس والعشرون من شعب الايمان وهو باب المناسك / حدیث: 3801
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 4095
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن ابن ماجه 2887) , شیخ زبیر علی زئی: صحيح (سنن ابن ماجه 2887) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: ضعيف والحديث صحيح بشواهده
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: ضعيف والحديث صحيح بشواهده (شعب الإيمان ط الرشد: 6/ 10) . »
«أخرجه أحمد فى (مسنده) برقم: 15267، والضياء المقدسي فى (الأحاديث المختارة) برقم: 143»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابن ماجه: 2887 | مسند الحميدي: 17
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• عاصم بن عبيد الله، ضعيف، مر.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2887 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´حج اور عمرہ کی فضیلت۔`
عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " حج اور عمرہ کو یکے بعد دیگرے ادا کرو، اس لیے کہ انہیں باربار کرنا فقر اور گناہوں کو ایسے ہی دور کر دیتا ہے جیسے بھٹی لوہے کے میل کو۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب المناسك/حدیث: 2887]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
حج وعمرے پے درپے ادا کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اگر حج کیا جائے تو اس کے بعد عمرہ بھی کیاجائے۔
اور اگر عمرے کا موقع مل جائے تو کوشش کی جائےکہ حج بھی ادا کرلیا جائے۔
یہ مطلب بھی ہو سکتا ہےکہ حج اور عمرہ باربار ادا کیا جائے۔
جب بھی حج کا موقع ملے حج کرلیا جائےاور جب عمرے کا موقع ملے عمرہ کرلیا جائے۔

(2)
اللہ کی راہ میں خرچ کرنے سے مال میں برکت ہوتی ہے۔
جوعمرہ کا خرچ بھی اللہ کی راہ میں ہے اس لیے اس سے بھی اس کے مال میں اضافہ ہوتا ہےاور فقر فاقہ سے نجات ملتی ہے۔

(3)
حج اسلام کا بنیادی رکن ہے اور عمرہ بھی ایک قسم کا حج ہی ہے۔
اس لیے اسے حج اصغر (چھوٹا حج)
بھی کہتے ہیں۔
ان دونوں کا ثواب بہت زیادہ ہے۔
اور یہ بہت سے گناہوں سے معافی کا باعث بنتے ہیں۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2887 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 17 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: "حج اور عمرے کو آگے پیچھے کرو، کیونکہ ان دونوں کو آگے پیچھے کرنا زندگی میں اضافہ کرتا ہے غربت اور گناہوں کو ختم کر دیتا ہے، جس طرح بھٹی لوہے کے زنگ کو ختم کر دیتی ہے۔"۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:17]
فائدہ:
➊ اس حدیث میں حج و عمرہ مسلسل کرنے پر رغبت دلائی گئی ہے، اگر کسی نے عمرہ کیا ہے تو وہ حج کرے اور اگر کسی نے حج کیا تو وہ عمرہ کرے۔ عمرہ اور حج اگرچہ زندگی میں ایک بار فرض ہیں، لیکن اپنے مال کو حج اور عمرہ کے سفر میں خرچ کرنا بہت زیادہ اہمیت والا عمل ہے، لہٰذا پوری زندگی جب بھی موقع میسر آئے حج یا عمرہ کرتے رہنا چاہیے۔ بعض لوگ صرف عمرہ کرتے ہیں اور زندگی میں بہت زیادہ عمرے کرتے رہتے ہیں لیکن حج نہیں کرتے۔ یہ بات غلط ہے۔ جو کئی بار عمرے کر سکتا ہے، گویا اس کے پاس حج کی بھی طاقت ہے، تو وہ حج کے فرایضے کو اول فرصت میں ادا کرے۔
➋ اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنے سے مال میں برکت ہوتی ہے۔ حج و عمرہ کا خرچہ بھی اللہ تعالی کی راہ میں ہے۔ اس لیے اس سے بھی مال میں اضافہ ہوتا ہے۔ اور فقر و فاقہ سے نجات ملتی ہے۔
➌ حج اسلام کا بنیادی رکن ہے اور عمرہ بھی ایک قسم کا حج ہی ہے۔ اس لیے اسے "حج اصغر" (چھوٹا حج) بھی کہتے ہیں ان دونوں کا ثواب بہت زیادہ ہے اور یہ بہت گناہوں سے معافی کا باعث بنتے ہیں۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 17 سے ماخوذ ہے۔