شعب الایمان — حدیث نمبر 3562
باب: ہر مہینے تین دن کے روزے، پیر، جمعرات اور جمعہ کے روزوں، اور داود علیہ السلام کے روزوں کے بارے میں جو وارد ہوا۔
صوم ثلاثة أيام من كل شهر ، وما جاء في صوم الاثنين والخميس والجمعة ، وما جاء في صوم داود عليه السلام
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، حَدَّثَنَا أَبُو الْعَبَّاسِ مُحَمَّدُ بْنُ يَعْقُوبَ ، حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ مَرْزُوقٍ ، حَدَّثَنَا أَبُو دَاوُدَ الطَّيَالِسِيُّ ، حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ ، - حَ .
وَأَخْبَرَنَا أَبُو عَلِيٍّ الرُّوذْبَارِيُّ ، أَخْبَرَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ دَاسَةَ ، حَدَّثَنَا أَبُو دَاوُدَ ، حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ وَمُسَدَّدٌ قَالَا حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ ، عَنْ غَيْلَانَ بْنِ جَرِيرٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَعْبَدٍ الزِّمَّانِيِّ ، عَنْ أَبِي قَتَادَةَ قَالَ : إِنَّ رَجُلًا أَتَى النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ! كَيْفَ تَصُومُ ؟ قَالَ : فَغَضِبَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَلَمَّا رَأَى ذَلِكَ عُمَرُ ، قَالَ : رَضِينَا بِاللَّهِ رَبًّا ، وَبِالْإِسْلَامِ دِينًا ، وَبِمُحَمَّدٍ نَبِيًّا ، نَعُوذُ بِاللَّهِ مِنْ غَضَبِ اللَّهِ ، وَغَضَبِ رَسُولِهِ فَلَمْ يَزَلْ يُرَدِّدُهَا حَتَّى سَكَّنَ مِنْ غَضَبِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ! كَيْفَ بِمَنْ يَصُومُ الدَّهْرَ أَوْ كُلَّهُ ؟ قَالَ : "لَا صَامَ وَلَا أَفْطَرَ " - قَالَ مُسَدَّدٌ : "أَوَ لَمْ يَصُمْ وَلَمْ يُفْطِرْ " - شَكَّ غَيْلَانُ - قَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ! فَكَيْفَ بِمَنْ يَصُومُ يَوْمَيْنِ وَيُفْطِرُ يَوْمًا ؟ قَالَ : "أَوَ يُطِيقُ ذَلِكَ أَحَدٌ ؟ " قَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ! فَكَيْفَ بِمَنْ يَصُومُ يَوْمًا وَيُفْطِرُ يَوْمَيْنِ ؟ قَالَ : "وَدِدْتُ أَنِّي أَطَقْتُ ذَلِكَ " قَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ! فَكَيْفَ بِمَنْ يَصُومُ يَوْمًا وَيُفْطِرُ يَوْمًا ؟ قَالَ : "ذَلِكَ صَوْمُ دَاوُدَ عَلَيْهِ السَّلَامُ " ثُمَّ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : "ثَلَاثٌ مِنْ كُلِّ شَهْرٍ ، وَرَمَضَانُ إِلَى رَمَضَانَ فَهَذَا صِيَامُ الدَّهْرِ كُلِّهِ ، وَصِيَامُ عَرَفَةَ إِنِّي أَحْتَسِبُ عَلَى اللَّهِ أَنْ يُكَفِّرَ السَّنَةَ الَّتِي قَبْلَهُ وَالسَّنَةَ الَّتِي بَعْدَهُ ، وَصَوْمُ عَاشُورَاءَ إِنِّي أَحْتَسِبُ عَلَى اللَّهِ أَنْ يُكَفِّرَ السَّنَةَ الَّتِي قَبْلَهُ " .
وَأَخْبَرَنَا أَبُو عَلِيٍّ الرُّوذْبَارِيُّ ، أَخْبَرَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ دَاسَةَ ، حَدَّثَنَا أَبُو دَاوُدَ ، حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ ، حَدَّثَنَا مَهْدِيٌّ ، حَدَّثَنَا غَيْلَانُ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَعْبَدٍ الزِّمَّانِيِّ ، عَنْ أَبِي قَتَادَةَ بِهَذَا الْحَدِيثِ وَزَادَ : قَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ! أَرَأَيْتَ صَوْمَ الِاثْنَيْنِ وَالْخَمِيسِ قَالَ : "فِيهِ وُلِدْتُ ، وَفِيهِ أُنْزِلَ عَلَيَّ الْقُرْآنُ " .
أَخْرَجَهُ مُسْلِمٌ فِي الصَّحِيحِ مِنْ حَدِيثِ حَمَّادٍ ، وَمَهْدِيِّ بْنِ مَيْمُونٍ .سیدنا ابوقتادہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک آدمی نبی ﷺ کے پاس آیا اور اس نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! آپ روزے کیسے رکھتے ہیں؟“ تو رسول اللہ ﷺ ناراض ہو گئے۔ جب سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے یہ دیکھا تو کہنے لگے: ”ہم اللہ کے رب ہونے، اسلام کے دین ہونے اور محمد ﷺ کے نبی ہونے پر راضی ہیں، ہم اللہ کے غضب اور اس کے رسول ﷺ کے غضب سے اللہ کی پناہ مانگتے ہیں۔“ وہ مسلسل یہی کلمات دہراتے رہے یہاں تک کہ نبی ﷺ کا غصہ ٹھنڈا ہو گیا۔ پھر انہوں نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! اس شخص کا کیا حکم ہے جو ہمیشہ روزہ رکھتا ہے (یا انہوں نے کہا کہ ساری عمر روزے سے رہتا ہے)؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”نہ اس نے روزہ رکھا اور نہ افطار کیا۔“ مسدد کی روایت میں ہے: ”کیا اس نے نہ روزہ رکھا اور نہ افطار کیا؟“ (غیلان کو ان دونوں الفاظ میں شک ہوا ہے۔) انہوں نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! اور اس شخص کا کیا حکم ہے جو دو دن روزہ رکھے اور ایک دن ناغہ کرے؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”کیا کوئی اس کی طاقت رکھتا ہے؟“ انہوں نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! اور اس شخص کا کیا حکم ہے جو ایک دن روزہ رکھے اور دو دن ناغہ کرے؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”میری خواہش ہے کہ مجھ میں اس کی طاقت ہوتی۔“ انہوں نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! اور اس شخص کا کیا حکم ہے جو ایک دن روزہ رکھے اور ایک دن ناغہ کرے؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”یہ سیدنا داود علیہ السلام کا روزہ ہے۔“ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”ہر مہینے کے تین روزے اور ایک رمضان سے دوسرے رمضان تک کے روزے، یہ پورے زمانے کے روزے ہیں۔ اور عرفہ کے دن کے روزے کے بارے میں مجھے اللہ سے امید ہے کہ وہ اس سے اس سے پہلے والے سال اور بعد والے سال کے گناہ مٹا دے گا۔ اور عاشوراء کے روزے کے بارے میں مجھے اللہ سے امید ہے کہ وہ اس سے اس سے پہلے والے سال کے گناہ مٹا دے گا۔“
(دوسری سند) سیدنا ابوقتادہ رضی اللہ عنہ سے یہی حدیث مروی ہے، اور اس میں یہ اضافہ ہے کہ انہوں نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! پیر اور جمعرات کے روزے کے بارے میں آپ کا کیا ارشاد ہے؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”اسی دن میری ولادت ہوئی اور اسی دن مجھ پر قرآن نازل کیا گیا۔“
اسے امام مسلم رحمہ اللہ نے ”الصحیح“ میں حماد اور مہدی بن میمون کی روایت سے نقل کیا ہے۔
تشریح، فوائد و مسائل
ابوقتادہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " میں اللہ سے امید رکھتا ہوں کہ عاشوراء ۱؎ کے دن کا روزہ ایک سال پہلے کے گناہ مٹا دے گا۔" [سنن ترمذي/كتاب الصيام/حدیث: 752]
1؎:
محرم کی دسویں تاریخ کو یوم عاشوراء کہتے ہیں، نبی اکرم ﷺ مکہ سے ہجرت کر کے جب مدینہ تشریف لائے تو دیکھا کہ یہودی اس دن روزہ رکھتے ہیں، آپ نے ان سے پوچھا کہ تم لوگ اس دن روزہ کیوں رکھتے ہو؟ تو ان لوگوں نے کہا کہ اس دن اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام کو فرعون سے نجات عطا فرمائی تھی اس خوشی میں ہم روزہ رکھتے ہیں تو آپ نے فرمایا: ’’ہم اس کے تم سے زیادہ حقدار ہیں‘‘ چنانچہ آپ نے اس دن کا روزہ رکھا اور یہ بھی فرمایا کہ ’’اگر میں آئندہ سال زندہ رہا تو اس کے ساتھ 9محرم کا روزہ بھی رکھوں گا‘‘ تاکہ یہود کی مخالفت بھی ہو جائے، بلکہ ایک روایت میں آپ نے اس کا حکم دیا ہے کہ ’’تم عاشوراء کا روزہ رکھو اور یہود کی مخالفت کرو اس کے ساتھ ایک دن پہلے یا بعد کا روزہ بھی رکھو‘‘۔
ابوقتادہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " میں اللہ تعالیٰ سے امید رکھتا ہوں کہ عرفہ کے دن ۱؎ کا روزہ ایک سال پہلے اور ایک سال بعد کے گناہ مٹا دے گا " ۲؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الصيام/حدیث: 749]
1؎:
یوم عرفہ سے مراد 9 ذی الحجہ ہے جب حجاج کرام عرفات میں وقوف کرتے ہیں اور ذکر و دعا میں مشغول ہوتے ہیں، اس دن ان کے لیے یہی سب سے بڑی عبادت ہے اس لیے اس دن کا روزہ ان کے لیے مستحب نہیں ہے، البتہ غیر حاجیوں کے لیے اس دن روزہ رکھنا بڑی فضیلت کی بات ہے، اس سے ان کے دو سال کے وہ صغیرہ گناہ معاف ہو جاتے ہیں جن کا تعلق حقوق اللہ سے ہوتا ہے۔
(یہ خیال رہے کہ مکے سے دور علاقوں کے لوگ اپنے یہاں کی رؤیت کے حساب سے 9؍ذی الحجہ کو عرفہ کا روزہ نہ رکھیں، بلکہ مکے کی رویت کے حساب سے 9؍ ذی الحجہ کا روزہ رکھیں کیوں کہ حجاج اسی حساب سے میدان عرفات میں جمع ہوتے ہیں۔
لیکن جہاں مطلع اور ملک بدل جائے وہاں کے لوگ اپنے حساب نو ذی الحجہ کا روزہ رکھیں، بلکہ افضل یہ ہے کہ یکم ذی الحجہ سے 9 تک مسلسل روزے رکھے، اس لیے کہ ان دنوں میں کیے گئے اعمال کی فضیلت حدیث میں بہت آئی ہے اور سلف صالحین کا اس ضمن میں تعامل بھی روایات میں مذکور ہے، اور اس سے یوم عرفہ سے مراد مقام عرفات میں 9ذی الحجہ پر بھی عمل ہو جائے گا، واللہ اعلم۔
2؎:
اگر یہ اعتراض کیا جائے کہ بعد والے سال کے گناہوں کا وہ کفارہ کیسے ہو جاتا ہے جب کہ آدمی نے وہ گناہ ابھی کیا ہی نہیں ہے تو اس کا جواب یہ دیا جاتا ہے کہ ایک سال بعد کے گناہ مٹا دیئے جانے کا مطلب یہ ہے کہ اس سال اللہ تعالیٰ اسے گناہوں سے محفوظ رکھے گا یا اتنی رحمت و ثواب اسے مرحمت فرما دے گا کہ وہ آنے والے سال کے گناہوں کا بھی کفارہ ہو جائے گا۔
ابوقتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور اس نے عرض کیا: اللہ کے رسول! آپ روزہ کس طرح رکھتے ہیں؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس کے اس سوال پر غصہ آ گیا، عمر رضی اللہ عنہ نے جب یہ منظر دیکھا تو کہا: «رضينا بالله ربا وبالإسلام دينا وبمحمد نبيا نعوذ بالله من غضب الله ومن غضب رسوله» " ہم اللہ کے رب ہونے، اسلام کے دین ہونے، اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نبی ہونے پر راضی و مطمئن ہیں ہم اللہ اور اس کے رسول کے غصے سے اللہ کی پناہ مانگتے ہیں " عمر رضی اللہ عنہ یہ کلمات برابر دہراتے رہے یہاں تک کہ رسول اللہ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الصيام /حدیث: 2425]
(1) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ناراض ہونا اس بنا پر تھا کہ اس نے اپنی ہمت اور طاقت سے زیادہ کا سوال کیا تھا۔
جبکہ اس سلسلے میں کوئی شخص آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہم پلہ نہیں ہو سکتا۔
(2) صحابہ کرام رضی اللہ عنہ مزاج شناس رسول تھے، بالخصوص حضرت عمر رضی اللہ عنہ، وہ جانتے تھے کہ آپ کا غصہ کس طرح سے دور ہو سکتا ہے اور وہ تھا... ایک اللہ کی ربوبیت، محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت و نبوت اور اسلام کے دین ہونے کا اقرار، بلکہ اس کے لیے دلی طور پر رضامندی کا اظہار کرنا۔
(3)بغیر کسی انقطاع کے مسلسل روزے رکھنے پر نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بطور وعید فرمایا کہ ایسے شخص کو نہ روزوں کا ثواب ملا اور نہ اس نے افطار کا لطف پایا، یعنی جائز نہیں ہے۔
دوسری صورت کہ دو دن روزہ رکھنا اور ایک دن افطار کرنا، یہ بھی ایک بھاری اور مشکل عمل ہے، تیسری صورت میں بھی مشقت ہے مگر اس سے بھی آسان ترین اور اجر میں کامل ہر مہینے میں تین روزے رکھنا مرغوب و مطلوب ہے۔
(4) عاشورا اگرچہ دسویں محرم کو کہتے ہیں مگر اس کے لیے بھی ایک دن پہلے یا بعد میں روزہ رکھنا چاہیے۔
(مزید تفصیل آگے احادیث:2442 و مابعد میں آ رہی ہے)
(5) گذشتہ سال کا کفارہ اس معنی میں ہے کہ اس کی تقصیرات معاف کر دی جاتی ہیں اور آئندہ سال کا کفارہ اس معنی میں ہے کہ اللہ اسے گناہوں سے محفوظ رکھے گا یا اگر ہو جائیں تو معاف فرما دے گا۔
خیال رہے کہ اس قسم کی تمام ترغیبی و تشویقی احادیث اس امر سے مشروط ہیں کہ یہ اعمال صالحہ اللہ تعالیٰ کے ہان شرف قبولیت پا لیں، تبھی یہ اجر مرتب ہو گا... اور کسے خبر کہ اس کا عمل فی الواقع قبول ہو گیا ہے۔
اس لیے مومن اعمال خیر کر کے دھوکے میں نہیں آ سکتا۔
بلکہ قبولیت کی امید پر مزید اعمال صالحہ کے لیے محنت کرتا اور فکرمند رہتا ہے کہ کہیں اس کے اعمال رد ہی نہ کر دیے جائیں۔