شعب الایمان — حدیث نمبر 2768

باب: جمعہ کی رات اور دن میں نبی ﷺ پر درود بھیجنے کی فضیلت اور سورۂ کہف پڑھنے کی فضیلت۔

فضل الصلاة على النبي صلى الله عليه وسلم ليلة الجمعة ويومها وفضل قراءة سورة الكهف

حدیث نمبر: 2768
فَضْلُ الصَّلَاةِ عَلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَيْلَةَ الْجُمُعَةِ وَيَوْمَهَا وَفَضْلُ قِرَاءَةِ سُورَةِ الْكَهْفِ
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، حَدَّثَنَا أَبُو الْعَبَّاسِ مُحَمَّدُ بْنُ يَعْقُوبَ ، حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ عَبْدِ الْحَمِيدِ الْحَارِثِيُّ ، حَدَّثَنَا حُسَيْنُ بْنُ عَلِيٍّ الْجُعْفِيُّ ، عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ يَزِيدَ بْنِ جَابِرٍ ، عَنْ أَبِي الْأَشْعَثِ الصَّنْعَانِيِّ ، عَنْ أَوْسِ بْنِ أَوْسٍ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِنَّ مِنْ أَفْضَلِ أَيَّامِكُمْ يَوْمَ الْجُمُعَةِ ، فِيهِ خُلِقَ آدَمُ ، وَفِيهِ قُبِضَ ، وَفِيهِ النَّفْخَةُ ، وَفِيهِ الصَّعْقَةُ ، فَأَكْثِرُوا عَلَيَّ الصَّلَاةَ فِيهِ فَإِنَّ صَلَاتَكُمْ مَعْرُوضَةٌ عَلَيَّ " ، قَالُوا : يَا رَسُولَ اللَّهِ وَكَيْفَ تُعْرَضُ صَلَاتُنَا عَلَيْكَ وَقَدْ أَرِمْتَ ؟ - يَقُولُونَ : وَقَدْ بَلِيتَ - قَالَ : " إِنَّ اللَّهَ عَزَّ وَجَلَّ حَرَّمَ عَلَى الْأَرْضِ أَنْ تَأْكُلَ أَجْسَادَ الْأَنْبِيَاءِ " .
ترجمہ

سیدنا اوس بن اوس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بلاشبہ تمہارے بہترین دنوں میں سے جمعہ کا دن ہے۔ اسی دن آدم علیہ السلام پیدا کیے گئے، اسی دن ان کی روح قبض کی گئی، اسی دن صور میں پھونکا جائے گا اور اسی دن سخت چیخ (بے ہوشی) ہوگی۔ لہٰذا اس دن مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو، کیونکہ تمہارا درود مجھ پر پیش کیا جاتا ہے۔“ صحابہ رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! ہمارا درود آپ پر کیسے پیش کیا جائے گا جبکہ آپ (وفات کے بعد) بوسیدہ ہو چکے ہوں گے؟“ (راوی کہتے ہیں کہ صحابہ کی مراد «بَلِيتَ» (بوسیدہ ہو جانا) تھی) آپ ﷺ نے فرمایا: ”بے شک اللہ عزوجل نے زمین پر حرام کر دیا ہے کہ وہ انبیاء کے جسموں کو کھائے۔“

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الحادي والعشرون من شعب الايمان وهو باب في الصلاة / حدیث: 2768
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 3029
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن أبي داود 1047) , شیخ زبیر علی زئی: ضعيف, إسناده ضعيف, نسائي (1375) ابن ماجه (1085،1636) يأتي (1531), عبد الرحمٰن بن يزيد ھو ابن تميم،غير ابن جابر،كما حققه البخاري وأبو داود وابن أخي حسين الجعفي وغيرھم،انظر النهاية في الفتن والملاحم بتحقيقي (545) وعلل ابن رجب (ص 465467) وھو ضعيف (تقريب التهذيب:4040) وأخطأ من زعم بأنه ابن جابر, انوار الصحيفه، صفحه نمبر 48 (سنن أبي داود 1047) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: صحيح
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: صحيح (شعب الإيمان ط الرشد: 4/ 432) . »
«أخرجه أبو داود فى (سننه) برقم: 1047، 1531، والنسائي فى (سننه) برقم: 1374، وابن ماجه فى (سننه) برقم: 1636، وأحمد فى (مسنده) برقم: 15729، والدارمي فى (مسنده) برقم: 1572، والبزار فى (مسنده) برقم: 3485، والحاكم فى (المستدرك) برقم: 1068، والطبراني فى (الكبير) برقم: 589، وابن حبان فى (صحيحه) برقم: 910، والنسائي فى (السنن الكبرى) برقم: 1840، والبيهقي فى (معرفة السنن والآثار) برقم: 6680، والبيهقي فى (السنن الصغير) برقم: 605»

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 1375 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´جمعہ کے دن نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم پر کثرت سے درود بھیجنے کا بیان۔`
اوس بن اوس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تمہارے دنوں میں سب سے افضل (بہترین) جمعہ کا دن ہے، اسی دن آدم علیہ السلام پیدا ہوئے، اسی میں ان کی روح قبض کی گئی، اور اسی دن صور پھونکا جائے گا، اور اسی دن بیہوشی طاری ہو گی، لہٰذا تم مجھ پر زیادہ سے زیادہ صلاۃ (درود و رحمت) بھیجو کیونکہ تمہاری صلاۃ (درود و رحمت) مجھ پر پیش کیے جائیں گے " ۱؎ لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! ہماری صلاۃ (درود و رحمت) آپ پر کس طرح پیش کی جائیں گی حالانکہ آپ ریزہ ریزہ ہو چکے ہوں گے یعنی وہ کہنا چاہ رہے تھے، کہ آپ بوسیدہ ہو چکے ہوں گے، آپ نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ نے زمین پر حرام کر دیا ہے کہ وہ انبیاء علیہم السلام کے جسم کو کھائے۔‏‏‏‏" [سنن نسائي/كتاب الجمعة/حدیث: 1375]
1375۔ اردو حاشیہ: ➊ مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے جبکہ دیگر محقین نے اسے سنداً صحیح قرار دیا ہے۔ اور دلائل کی رو سے انہیں کی رائے اقرب الی الصواب معلوم ہوتی ہے۔ تفصیل کے لیے دیکھیے: [الموسوعة الحدیثیة مسند الإمام أحمد: 86-84/62، و إرواہ الغلیل: 35، 34/1، رقم الحدیث: 4]
➋ چونکہ جمعہ افضل دن ہے، لہٰذا اس دن کی نیکی بھی افضل ہے اور درود جو کہ قربت الہٰی کا عظیم ذریعہ ہے، اس دن مزید افضل ہو جائے گا، نیز درود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے تحفے کی طرح ہے جو آپ کو پیش کیا جاتا ہے۔ تو اس کی فضیلت کے کیا کہنے!
➌ "زمین پر حرام کر دیا ہے" سائلین کا مطلب یہ ہے کہ وفات کے بعد تو جسم باقی نہیں رہتا، لہٰذا سلام کس پر پیش کیا جائے گا؟ آپ کے فرمان کا مطلب یہ ہے کہ میرے جسم پر پیش کیا جائے گا کیونکہ انبیاء کے جسم مٹی نہیں بنتے۔ علیهم السلام۔
➍ صلاۃ و سلام کا آپ پر پیش کیا جانا برزخی معاملہ ہے، نہ کہ آپ براہ راست سنتے یا محسوس فرماتے ہیں بلکہ فرشتے آپ تک پہنچاتے ہیں۔ قریب سے سننے کی روایت سنداً صحیح نہیں۔ انبیاء و شہداء کی مابعد الموت زندگی بھی برزخی زندگی ہے۔ اور ان کی برزخی زندگی سب سے اعلیٰ اور بہتر ہے۔ ویسے تو برزخی زندگی ہر میت کو حاصل ہوتی ہے مگر "چہ نسبت خاک رابا عالم پاک۔" انبیاء علیہم السلام کے جسم بھی سلامت رہتے ہیں اور شہداء کو جنتی جسم مل جاتے ہیں لیکن وہ زندگی بہرصورت برزخی ہوتی ہے، نہ کہ دنیوی کیونکہ وہ دنیا میں نہیں رہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1375 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1085 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´جمعہ کی فضیلت کا بیان۔`
شداد بن اوس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " دنوں میں سب سے افضل جمعہ کا دن ہے، اسی دن آدم پیدا کئے گئے، اور اسی دن پہلا اور دوسرا صور پھونکا جائے گا، لہٰذا اس دن مجھ پر کثرت سے درود (صلاۃ) بھیجا کرو، اس لیے کہ تمہارا درود مجھ پر پیش کیا جائے گا "، ایک شخص نے عرض کیا: اللہ کے رسول! ہمارا درود (صلاۃ) آپ پر کیسے پیش کیا جائے گا جبکہ آپ قبر میں بوسیدہ ہو چکے ہوں گے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ نے زمین پہ انبیاء کے جسموں کے کھانے کو حرام قرار دیا ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1085]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
مذکورہ روایت کوہمارے شیخ نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے۔
جبکہ دیگر محققین نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔
تفصیل کےلئے دیکھئے: (الموسوعة الحدیثیة مسند الإمام احمد بن حنبل 86، 85، 84/26، وإرواء الغلیل للألباني، رقم الحدیث: 4)
لہٰذا راحج یہی ہے کہ مذکورہ حدیث میں بیان کردہ باتیں درست اور قابل عمل ہیں۔
واللہ أعلم۔

(2) (نفخة)
 کا مطلب پھونک مارنا ہے۔
اس سے مراد ایک فرشتے (حضرت اسرافیل علیہ السلام)
کا اس خاص چیز میں پھونک مارنا ہے۔
جسے قران مجید میں صور کے نام سے ذکر کیا گیا ہے۔
یعنی قرنا یا بگل۔
یہ قیامت کے مراحل کی ابتداء ہے۔

(3)
نفخات تین ہیں۔
ایک نفخة سے اس وقت موجود تمام ذی روح مخلوق بے ہوش ہوجائےگی۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا۔
﴿وَنُفِخَ فِي الصُّورِ فَصَعِقَ مَن فِي السَّمَاوَاتِ وَمَن فِي الْأَرْضِ إِلَّا مَن شَاءَ اللَّـهُ ۖ ثُمَّ نُفِخَ فِيهِ أُخْرَىٰ فَإِذَا هُمْ قِيَامٌ يَنظُرُونَ﴾ (الزمر: 68)
 ’’صور میں پھونک ماری جائے گی۔
تو آسمان والے اور زمین والے سب کے سب بے ہوش ہوجایئں گے۔
مگر جسے اللہ چاہے‘‘ دوسرے نفخة سے ہر چیز فنا ہوجائے گی۔
ارشاد ہے۔
﴿فَإِذَا نُفِخَ فِي الصُّورِ نَفْخَةٌ وَاحِدَةٌ ﴿13﴾ وَحُمِلَتِ الْأَرْضُ وَالْجِبَالُ فَدُكَّتَا دَكَّةً وَاحِدَةً﴾ (الحاقة: 14، 13)
 ’’چنانچہ جب صور میں ایک پھونک ماری جائےگی۔
اورزمین اور پہاڑ اٹھا کر ایک ہی چوٹ میں ریزہ ریزہ کر دیئے جایئں گے۔‘‘
تیسرے نفخة سے تمام مخلوق دوبارہ زندہ ہوجائے گی۔
ارشاد ہے۔
﴿ثُمَّ نُفِخَ فِيهِ أُخْرَىٰ فَإِذَا هُمْ قِيَامٌ يَنظُرُونَ﴾ (الزمر: 68)
پھر دوبارہ صور پھونکا جائےگا۔
پس وہ ایک دم کھڑے ہوکر دیکھنے لگیں گے
(4)
درود شریف ایک افضل عمل ہے۔
اورجمعے کا دن افضل ہے لہٰذا جمعے سے درود شریف کو ایک مناسبت حاصل ہے جس کی بنا پر جمعے کے دن درود شریف زیادہ پڑھنا چاہیے۔

(5)
درود شریف پیش کئے جانے کا مطلب یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کو اطلاع دی جاتی ہے۔
تاکہ رسول اللہ ﷺ کو امت کے نیک اعمال سے خوشی حاصل ہو ورنہ تمام اعمال کا ثواب اللہ تعالیٰ ہی دیتا ہے۔

(6)
اس کا مطلب یہ نہیں کہ جونہی درود شریف پڑھا جاتا ہے۔
رسول للہ ﷺ کو فوراً اطلاع دی جاتی ہے۔
ممکن ہے کسی مناسب وقت پر اطلاع دی جاتی ہو۔
اس سے معلوم ہوا کہ رسول اللہﷺ براہ راست کسی کا درود نہیں سنتے۔
نہ قریب سے، نہ دور سے بلکہ فرشتے آپﷺ تک پہنچاتے ہیں۔
قریب سے سننے کی روایت سنداً صحیح نہیں۔

(7)
اس سے برزخی زندگی ثابت ہوتی ہے۔
اس زندگی پر ایمان رکھنا ضروری ہے۔
لیکن اسے دنیا کی زندگی پر قیاس نہیں کیا جا سکتا۔
بلکہ اس کی حقیقت اللہ ہی جانتا ہے۔
قبر میں مدفون شخص کا اپنے جسم سے تعلق بھی عالم غیب سے تعلق رکھتا ہے۔
ایسے مسائل میں اپنی رائے سے کچھ نہیں کہنا چاہیے۔
صرف اتنی بات مان لی جائے جس کی صراحت قرآن مجید یا صحیح حدیث میں موجود ہو۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1085 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1047 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´جمعہ کے دن اور رات کی فضیلت کا بیان۔`
اوس بن اوس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تمہارے سب سے بہتر دنوں میں سے جمعہ کا دن ہے، اسی دن آدم پیدا کئے گئے، اسی دن ان کی روح قبض کی گئی، اسی دن صور پھونکا جائے گا اسی دن چیخ ہو گی ۱؎ اس لیے تم لوگ اس دن مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو، کیونکہ تمہارا درود مجھ پر پیش کیا جاتا ہے۔‏‏‏‏" اوس بن اوس کہتے ہیں: لوگوں نے کہا: اللہ کے رسول! ہمارا درود آپ پر کیسے پیش کیا جائے گا جب کہ آپ (مر کر) بوسیدہ ہو چکے ہوں گے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اللہ تعالیٰ نے زمین پر پیغمبروں کے بدن کو حرام کر دیا ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /حدیث: 1047]
1047۔ اردو حاشیہ:
➊ «نفخه» اور «صعقة» کے اس دن کے واقع ہونے میں اس کی فضیلت یہ ہے کہ یہ مومنین کے لئے ابدی فرحت یعنی دخول جنت کا موقع ہو گا اور کفار کے لئے عذاب و عقاب کا۔
➋ افضل دن میں افضل عمل، افضل الرسل صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے درود شریف پڑھنا ہے۔
➌ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حیات برزخی معاملہ ہے جس کی تفصیلات ہمیں نہیں دی گئیں ہیں۔ ہم اس پر اجمالاً ایمان رکھتے ہیں۔ اور تفصیل و کیفیت سے خاموش رہتے ہیں سوائے اس کے کہ جس کی ہمیں خبر دے دی گئی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1047 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1636 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات اور تدفین کا بیان۔`
اوس بن اوس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تمہارے دنوں میں سب سے افضل جمعہ کا دن ہے، اسی دن آدم پیدا ہوئے، اسی دن صور پھونکا جائے گا، اور اسی دن لوگ بیہوش ہوں گے، لہٰذا اس دن کثرت سے میرے اوپر درود (صلاۃ و سلام) بھیجا کرو، اس لیے کہ تمہارا درود مجھ پر پیش کیا جاتا ہے، تو ایک شخص نے کہا: اللہ کے رسول! ہمارا درود آپ پر کیسے پیش کیا جائے گا؟ جب کہ آپ بوسیدہ ہو چکے ہوں گے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ نے زمین پر حرام کر دیا ہے کہ وہ انبیاء کا جسم کھائے۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الجنائز/حدیث: 1636]
اردو حاشہ:
فائدہ: یہ حدیث پہلے گزر جکی ہےاس لیے حدیث: 1085 کے فوائد ملاحظہ فرمائیں۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1636 سے ماخوذ ہے۔