شعب الایمان — حدیث نمبر 2564

باب: فصل: نمازیں اور ان کی ادائیگی میں گناہوں کا کفارہ۔

فصل في الصلوات وما في أدائهن من الكفارات

حدیث نمبر: 2564
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ سَلْمَانَ الْفَقِيهُ ، حَدَّثَنَا الْحَسَنُ بْنُ مُكْرَمٍ ، حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ هَارُونَ ، حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ سَعِيدٍ .
وَأَخْبَرَنَا عَلِيُّ بْنُ أَحْمَدَ بْنِ عَبْدَانَ ، حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ عُبَيْدٍ الصَّفَّارُ ، حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ بْنِ مِلْحَانَ ، حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ ، حَدَّثَنَا اللَّيْثُ ، عَنْ يَحْيَى بْنِ سَعِيدٍ ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ يَحْيَى بْنِ حَبَّانَ ، عَنِ ابْنِ مُحَيْرِيزٍ أَنَّ رَجُلًا مِنْ بَنِي كِنَانَةَ ثُمَّ مِنْ بَنِي مُخْدَجٍ لَقِيَ رَجُلًا مِنَ الْأَنْصَارِ ، يُقَالُ لَهُ : أَبُو مُحَمَّدٍ ، فَسَأَلَهُ عَنِ الْوِتْرِ ، فَقَالَ لَهُ إِنَّهُ وَاجِبٌ ، قَالَ الْكِنَانِيُّ : فَلَقِيتُ عُبَادَةَ بْنَ الصَّامِتِ فَذَكَرْتُ ذَلِكَ لَهُ ، فَقَالَ : كَذَبَ أَبُو مُحَمَّدٍ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ : " خَمْسُ صَلَوَاتٍ فَرَضَهُنَّ اللَّهُ عَلَى الْعِبَادِ ، مَنْ أَتَى بِهِنَّ ، لَمْ يُضَيِّعْ شَيْئًا مِنْهُنَّ ، كَانَ لَهُ عَهْدٌ ، عِنْدَ اللَّهِ أَنْ يَدْخِلَهُ الْجَنَّةَ ، وَمَنْ لَمْ يَأْتِ بِهِنَّ ، فَلَيْسَ لَهُ عِنْدَ اللَّهِ عَهْدٌ إِنْ شَاءَ عَذَّبَهُ ، وَإِنْ شَاءَ رَحِمَهُ "
وَفِي رِوَايَةِ يَزِيدَ : أَنَّ الْمُخْدَجِيَّ رَجُلًا مِنْ بَنِي كِنَانَةَ حَدَّثَهُ أَنَّ أَبَا مُحَمَّدٍ رَجُلًا مِنَ الْأَنْصَارِ كَانَ يَسَكُنُ الشَّامَ قَالَ : إِنَّ الْوِتْرَ وَاجِبٌ ، وَإِنَّ الْمُخْدَجِيَّ رَاحَ إِلَى عُبَادَةَ بْنِ الصَّامِتِ فَأَخْبَرَهُ بِذَلِكَ فَقَالَ عُبَادَةُ . . . فَذَكَرَ الْحَدِيثَ بِمَعْنَاهُ .
ترجمہ

ابن محیریز رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ بنو کنانہ کی شاخ بنو مخدج کے ایک آدمی کی انصار کے ایک شخص سے ملاقات ہوئی جنہیں ابو محمد کہا جاتا تھا۔ اس نے ان سے وتر کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے اس سے کہا: ”وہ واجب ہے۔“ کنانی کہتا ہے: ”پھر میں سیدنا عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے ملا اور ان سے اس کا ذکر کیا تو انہوں نے فرمایا: ‘ابو محمد نے غلط کہا، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: “اللہ تعالیٰ نے بندوں پر پانچ نمازیں فرض کی ہیں، جو شخص انہیں ادا کرے اور ان میں سے کسی چیز کو ضائع نہ کرے تو اس کے لیے اللہ کے ہاں یہ عہد ہے کہ وہ اسے جنت میں داخل فرمائے گا، اور جو انہیں ادا نہ کرے تو اس کے لیے اللہ کے ہاں کوئی عہد نہیں، چاہے تو اسے عذاب دے اور چاہے تو اس پر رحم فرمائے۔”’“
اور یزید کی روایت میں ہے کہ مخدجی، جو بنو کنانہ کا ایک آدمی تھا، نے ان (ابن محیریز) سے بیان کیا کہ ابو محمد، جو انصار کے ایک آدمی تھے اور شام میں رہتے تھے، نے کہا: ”وتر واجب ہے۔“ پھر مخدجی سیدنا عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کے پاس گیا اور انہیں اس بات کی خبر دی تو سیدنا عبادہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا۔۔۔ پھر راوی نے حدیث اسی مفہوم کے ساتھ ذکر کی۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الحادي والعشرون من شعب الايمان وهو باب في الصلاة / حدیث: 2564
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 2822
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن أبي داود 1420) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن, مشكوة المصابيح (570), أخرجه النسائي (462 وسنده حسن) وله شاھد انظر الحديث السابق (425) (سنن أبي داود 1420) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: قال ابن عبد البر والألباني: حديث صحيح ثابت
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: قال ابن عبد البر والألباني: حديث صحيح ثابت (شعب الإيمان ط الرشد: 4/ 310) . »
«أخرجه أبو داود فى (سننه) برقم: 425، 1420، والنسائي فى (سننه) برقم: 461، وابن ماجه فى (سننه) برقم: 1401، وأحمد فى (مسنده) برقم: 22185، والدارمي فى (مسنده) برقم: 1577، والبزار فى (مسنده) برقم: 2690، 2723، والطبراني فى (الأوسط) برقم: 9311»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 462 | سنن ابي داود: 425 | سنن ابي داود: 1420 | سنن ابن ماجه: 1401 | مسند الحميدي: 392
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• ابن محيريز، عبد الله الجمحي. ثقة عابد. من الثالثة (ع).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 462 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´پانچوں نمازوں کی محافظت کا بیان۔`
ابن محریز سے روایت ہے کہ بنی کنانہ کے ایک آدمی نے جسے مخدجی کہا جاتا تھا شام میں ایک آدمی کو جس کی کنیت ابو محمد تھی کہتے سنا کہ وتر واجب ہے، مخدجی کہتے ہیں: تو میں عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کے پاس گیا، اور میں نے مسجد جاتے ہوئے انہیں راستے ہی میں روک لیا، اور انہیں ابو محمد کی بات بتائی، تو عبادہ رضی اللہ عنہ نے کہا: ابو محمد نے جھوٹ کہا ہے، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے: " اللہ نے اپنے بندوں پر پانچ نمازیں فرض کی ہیں، جو انہیں ادا کرے گا، اور ان میں سے کس کو ہلکا سمجھتے ہوئے ضائع نہیں کرے گا، تو اللہ کا اس سے پختہ وعدہ ہے کہ وہ اسے جنت میں داخل کرے گا، اور جس نے انہیں ادا نہیں کیا تو اللہ کا اس سے کوئی وعدہ نہیں ہے، اگر چاہے تو اسے عذاب دے، اور چاہے تو اسے جنت میں داخل کرے۔‏‏‏‏" [سنن نسائي/كتاب الصلاة/حدیث: 462]
462۔ اردو حاشیہ: ➊احناف وتر کو واجب کہتے ہیں مگر ان کا استدلال ایسی روایات سے ہے جو کمزور ہیں یا وہ ایک سے زائد معانی کا احتمال رکھتی ہیں، جب کہ ان کے مقابلے میں صحیح اور قطعی روایات جو تواتر کو پہنچتی ہیں، پانچ نمازوں کی فرضیت کا اعلان کرتی ہیں اور زائد کی فرضیت ووجوب کی نفی کرتی ہیں، لہٰذا ان کی بات صحیح نہیں، بلکہ اسے سنت مؤکدہ کہنا چاہیے جسے بلاوجہ ترک نہیں کیا جا سکتا۔
➋وتر کے معنی عربی میں "طاق" کے ہیں۔ تعداد رکعات کا لحاظ رکھتے ہوئے اس نماز کو وتر کہا جاتا ہے۔
➌حضرت عبادہ رضی اللہ عنہ کا استدلال واضح ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صریح طور پر پانچ نمازوں کی فرضیت کا اظہار فرمایا اور انہیں دخول جنت کا لازمی سبب بتایا ہے۔ اگر وتر فرض ہوتا تو آپ اس کا بھی ذکر فرماتے۔
➍ «أَدْخَلَهُ اللہ الْجَنَّةَ» کیونکہ نماز دوسرے فرائض کی ادائیگی اور منہیات سے اجتناب کا سبب بنتی ہے، بلکہ ضامن ہے، اس لیے نمازی کے لیے دخول جنت کا انعام ہے، اولاً ہو یا ثانیاً۔
➎ "چاہے تو جنت میں داخل کرے۔" یہ اللہ تعالیٰ کی کمال رحمت ہے کہ اپنے حقوق میں کوتاہی پر بازپرس نہ کرے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 462 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1420 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´جو شخص وتر نہ پڑھے وہ کیسا ہے؟`
ابن محیریز کہتے ہیں کہ بنو کنانہ کے ایک شخص نے جسے مخدجی کہا جاتا تھا، شام کے ایک شخص سے سنا جسے ابومحمد کہا جاتا تھا وہ کہہ رہا تھا: وتر واجب ہے، مخدجی نے کہا: میں یہ سن کر عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کے پاس گیا اور ان سے بیان کیا تو عبادہ نے کہا: ابو محمد نے غلط کہا، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے: " پانچ نمازیں ہیں جو اللہ نے بندوں پر فرض کی ہیں، پس جس شخص نے ان کو اس طرح ادا کیا ہو گا کہ ان کو ہلکا سمجھ کر ان میں کچھ بھی کمی نہ کی ہو گی تو اس کے لیے اللہ کے پاس جنت میں داخل کرنے کا عہد ہو گا، اور جو شخص ان کو ادا نہ کرے گا تو اس کے لیے اللہ کے پاس کوئی عہد نہیں، اللہ چاہے تو اسے عذاب دے اور چاہے تو اسے جنت میں داخل کرے " ۱؎۔ [سنن ابي داود/كتاب تفريع أبواب الوتر /حدیث: 1420]
1420. اردو حاشیہ: ➊ معلوم ہوا کہ ’’وتر‘‘ فرض نمازوں کی طرح واجب نہیں ہیں اور یہی حال دیگر سنن کا ہے۔ مثلاً تحیۃ المسجد وغیرہ۔
➋ ترک نماز کفر ہے۔ ایسا شخص بھی اللہ کی مشیت میں ہے، چاہے تو عذاب دے یا چاہے تو بخش دے۔ (لَا يُسْأَلُ عَمَّا يَفْعَلُ وَهُمْ يُسْأَلُونَ]
[الأنبیاء:23]
’’اللہ جو کرے اس کا سوال نہیں ہوسکتا، پوچھ گچھ بندوں سے ہوگی۔‘‘
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1420 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 425 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´اوقات نماز کی حفاظت اور اہتمام کا بیان۔`
عبداللہ بن صنابحی نے کہا کہ ابومحمد کا کہنا ہے کہ وتر واجب ہے تو اس پر عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ نے کہا: ابومحمد نے غلط کہا ۱؎، میں اس بات کی گواہی دیتا ہوں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے: "اللہ تعالیٰ نے پانچ نماز فرض کی ہیں، جو شخص ان کے لیے اچھی طرح وضو کرے گا، اور انہیں ان کے وقت پر ادا کرے گا، ان کے رکوع و سجود کو پورا کرے گا تو اللہ تعالیٰ کا اس سے وعدہ ہے کہ اسے بخش دے گا، اور جو ایسا نہیں کرے گا تو اللہ کا اس سے کوئی وعدہ نہیں چاہے تو اس کو بخش دے، چاہے تو عذاب دے۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الصلاة /حدیث: 425]
425۔ اردو حاشیہ:
➊ ابومحمد صحابی ہیں۔ ان کے نام کی تعیین میں اختلاف ہے۔ مسعود بن اوس زید بن اصرم یا مسعود بن زید سبیع یا قیس بن عامرخولانی یا مسعود بن یزید سعد بن اوس قیس بن عبایہ وغیرہ کئی نام بیان ہوئے ہیں۔ [الإصابة لابن حجر]
➋ حضرت عبادہ رضی اللہ عنہ کے کہنے کا مقصد یہ ہے کہ "وتر پانچ نمازوں کی طرح فرض اور واجب نہیں ہے۔" مگر مسنون و مؤکد ہونے میں کوئی اختلاف نہیں جیسے ثابت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سفر میں بھی وتر نہ چھوڑتے تھے۔
➌ کامل و مقبول نماز کے لیے تمام سنن و واجبات کو جاننا اور ان پر عمل کرنا چاہیے یعنی مسنون کامل وضو، مشروع افضل وقت، اعتدال ارکان اور حضور قلب وغیرہ۔
➍ اللہ کے وعدے، جو اس کی شریعت میں بیان کئے گئے ہیں، اعمال حسنہ ہی پر موقوف ہیں۔
➎ ان کے بغیر بھی اللہ جسے چاہے معاف فرما دے یا عذاب دے اسے کوئی نہیں پوچھ سکتا۔ «لَا يُسْأَلُ عَمَّا يَفْعَلُ وَهُمْ يُسْأَلُونَ» [الأنبيا ء: 23]
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 425 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1401 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´پنچ وقتہ نماز کی فرضیت اور ان کو پابندی سے ادا کرنے کا بیان۔`
عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: " پانچ وقت کی نمازیں اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر فرض کی ہیں، لہٰذا جو کوئی ان کو بجا لائے اور ان کے حق کو معمولی حقیر سمجھ کر ان میں کچھ کمی نہ کرے، تو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کو جنت میں داخل کرنے کا وعدہ پورا کرے گا، اور جس کسی نے ان کو اس طرح ادا کیا کہ انہیں معمولی اور حقیر جان کر ان کے حق کی ادائیگی میں کوتاہی کی تو اس کے لیے اللہ تعالیٰ کے پاس کوئی وعدہ نہیں، چاہے تو اسے عذاب دے، اور چاہے تو بخش دے " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1401]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
صرف پانچ نمازیں فرض ہیں۔
باقی سب نفل ہیں۔
لیکن بعض نمازوں کی تاکید زیادہ ہے بعض کی کم۔
تاہم ان کی ادایئگی میں بھی کوتاہی کرنا جائز نہیں۔
کیونکہ فرضوں کی کمی نوافل سے پوری ہوگی۔

(2)
کمی کرنے سے مراد بعض نمازیں ترک کردینا یا نماز کی ادایئگی کے دوران میں خشوع وخضوع وغیرہ کا خیال نہ رکھنا ہے۔

(3)
دین کے فرائض کے کما حقہ اہمیت نہ دینا اللہ کی رضا سے محرومی کا باعث ہے۔

(4)
نماز صحیح طریقے اور پابندی سے ادا کرنے والا یقیناً جنت میں جائے گا۔
اگرچہ بعض گناہوں کی وجہ سے کچھ وقت کے لئے جہنم میں بھی بھیج دیا جائےگا۔

(5)
نماز کو اہمیت نہ دینا مغفرت سے محرومی کا باعث بن سکتا ہے۔
اس لئے ترک نماز کو کفر قرار دیا گیا ہے کہ جس طرح کافر جنت میں نہیں جا سکتا۔
اسی طرح بے نماز بھی عذاب کا مستحق ہوگا۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1401 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 392 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
392- مخدجی بیان کرتے ہیں: سیدنا عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے کہا گیا: اے ابومحمد یہ کہتے ہیں: وتر واجب ہیں، تو سیدنا عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ نے کہا: ابومحمد نے غلط کہا ہے، میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا ہے: "پانچ نمازیں ہیں، جنہیں اللہ تعالیٰ نے دن اور رات میں بندوں پر لازم قرار دیا ہے، جو انہیں ادا کرے اور ان کے حق میں کسی چیز کی کوئی کمی نہ کرے، تو اللہ تعالیٰ پر یہ بات لازم ہے کہ اسے جنت میں داخل کرے اور جو شخص انہیں ادا نہین کرتا، تو اس کے بارے میں اللہ تعالیٰ کے پاس کوئی عہد نہیں ہوگا۔ اگر وہ چاہے گا، تو اس کی مغفرت کردے گا، اگر چاہے گا تو، اسے عذاب د۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:392]
فائدہ:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ وتر واجب نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 392 سے ماخوذ ہے۔