شعب الایمان — حدیث نمبر 2454

باب: ایمان کی شاخوں میں سے بیسویں شاخ: طہارت کا باب۔

العشرون من شعب الإيمان وهو باب في الطهارات

حدیث نمبر: 2454
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ وَأَبُو سَعِيدٍ مُحَمَّدُ بْنُ مُوسَى ، قَالَا حَدَّثَنَا أَبُو الْعَبَّاسِ مُحَمَّدُ بْنُ يَعْقُوبَ ، حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ مَرْزُوقٍ ، حَدَّثَنَا وَهْبُ بْنُ جَرِيرٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ سِمَاكِ بْنِ حَرْبٍ ، عَنْ مُصْعَبِ بْنِ سَعْدٍ قَالَ : جَعَلَ النَّاسُ يُثْنُونَ عَلَى ابْنِ عَامِرٍ عِنْدَ مَوْتِهِ ، فَقَالَ ابْنُ عُمَرَ : أَمَا إِنِّي لَسْتُ بِأَغَشِّهِمْ لَكَ وَلَكِنِّي سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ : " لَا يَقْبَلُ اللَّهُ - عَزَّ وَجَلَّ - صَلَاةً بِغَيْرِ طُهُورٍ ، وَلَا صَدَقَةً مِنْ غُلُولٍ " .
أَخْرَجَهُ مُسْلِمٌ فِي الصَّحِيحِ مِنْ حَدِيثِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ سَعِيدٍ .
ترجمہ

مصعب بن سعد رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ لوگ ابن عامر کی موت کے وقت ان کی تعریف کرنے لگے تو سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے فرمایا: ”سنو! میں تمہارے حق میں ان سب سے بڑھ کر خیانت کرنے والا نہیں ہوں، لیکن میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا: ’اللہ عزوجل نہ طہارت کے بغیر نماز قبول فرماتا ہے اور نہ خیانت (غلول) کے مال سے دیا گیا صدقہ۔‘“
امام مسلم رحمہ اللہ نے اسے صحیح میں عبداللہ بن سعید کی حدیث سے روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / العشرون من شعب الايمان وهو باب في الطهارات / حدیث: 2454
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 2710
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن أبي داود 59) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده صحيح, ورواية شعبة عن قتادة محمولة علي السماع (سنن أبي داود 59) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: رجاله ثقات
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: رجاله ثقات (شعب الإيمان ط الرشد: 4/ 237) . »
«أخرجه أبو داود فى (سننه) برقم: 59، والنسائي فى (سننه) برقم: 2524، وابن ماجه فى (سننه) برقم: 271، وأحمد فى (مسنده) برقم: 20185، 20191، والدارمي فى (مسنده) برقم: 686، والطبراني فى (الكبير) برقم: 505، 506، والطبراني فى (الصغير) برقم: 89، والنسائي فى (السنن الكبرى) برقم: 2537، والبزار فى (مسنده) برقم: 8118، 8632، والطحاوي فى (شرح مشكل الآثار) برقم: 3298، وابن المنذر فى (الأوسط) برقم: 1، والبغوي فى (شرح السنة) برقم: 157، والبيهقي فى (السنن الصغير) برقم: 19»

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 224 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عبداللہ بن عمر ؓ ابنِ عامر کے پاس ان کی بیماری کی عیادت کے لیے گئے۔ ابن عامر نے کہا: اے ابنِ عمر! کیا آپ میرے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا نہیں کریں گے؟ عبداللہ ؓ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا، آپ فر رہے تھے: ’’کوئی نماز پاکیزگی کے بغیر قبول نہیں ہوتی اور نہ کوئی صدقہ خیانت کی صورت میں۔‘‘ اور آپ بصرہ کے حاکم رہ چکے ہیں۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:535]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
: غُلُولٌ: اصل میں غنیمت میں خیانت کو کہتے ہیں، پھر اس کا اطلاق ہر قسم کی خیانت پر ہونے لگا۔
فوائد ومسائل:
حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے زجر وتوبیخ کے لیے ابن عامر سے کہا: آپ حاکم بصرہ رہ چکے ہیں اور حاکم سے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی میں کوتاہی ہوجاتی ہے، اور بیت المال کے سلسلہ میں بھی کوتاہی ہو سکتی ہے، اس لیے ایسے فرد کے بارے میں دعا کی قبولیت مشکل ہوتی ہے، اس لیے آپ توبہ واستغفار کریں اور حق تلفی کے ازالہ کی کوشش کریں، تاکہ تیرے حق میں دعا قبول ہو۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 535 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´وضو (طہارت) کے بغیر نماز مقبول نہ ہونے کا بیان۔3`
عبداللہ بن عمر رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: " نماز بغیر وضو کے قبول نہیں کی جاتی ۲؎ اور نہ صدقہ حرام مال سے قبول کیا جاتا ہے۔‏‏‏‏" [سنن ترمذي/كتاب الطهارة/حدیث: 1]
اردو حاشہ:
1؎:
طہارت کا لفظ عام ہے وضو اور غسل دونوں کو شامل ہے، یعنی نماز کے لیے حدثِ اکبر اور اصغر دونوں سے پاکی ضروری ہے، نیز یہ بھی واضح ہے کہ دونوں حدَثوں سے پاکی (معنوی پاکی) کے ساتھ ساتھ حسّی پاکی (مکان، بدن اور کپڑا کی پاکی) بھی ضروری ہے، نیز دیگر شرائط نماز بھی، جیسے رو بقبلہ ہونا، یہ نہیں کہ صرف حدث اصغر و اکبر سے پاکی کے بعد مذکورہ شرائط کے پورے کئے بغیر نماز ہو جائیگی۔

2؎:
یہ حدیث اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ نماز کی صحت کے لیے وضو شرط ہے خواہ نفل ہو یا فرض، یا نماز جنازہ۔

3؎:
 ’’یہ حدیث اس باب میں سب سے صحیح اور حسن ہے‘‘ اس عبارت سے حدیث کی صحت بتانا مقصود نہیں بلکہ یہ بتانا مقصود ہے کہ اس باب میں یہ روایت سب سے بہتر ہے خواہ اس میں ضعف ہی کیوں نہ ہو، یہ حدیث صحیح مسلم میں ہے اس باب میں سب سے صحیح حدیث ابوہریرہؓ کی ہے جو صحیحین میں ہے (بخاری: الوضوء باب 135/2 ومسلم: الطہارۃ 275/2) اور مؤلف کے یہاں بھی آرہی ہے (رقم: 76) نیز یہ بھی واضح رہے کہ امام ترمذیؒ کے اس قول ’’اس باب میں فلاں فلاں سے بھی حدیث آئی ہے‘‘ کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اِس باب میں اس صحابی سے جن الفاظ کے ساتھ روایت ہے ٹھیک انہی الفاظ کے ساتھ اُن صحابہ سے بھی روایت ہے، بلکہ مطلب یہ ہے کہ اس مضمون و معنی کی حدیث فی الجملہ اُن صحابہ سے بھی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح ابن خزيمه / حدیث: 8 کی شرح از الشیخ محمد فاروق رفیع ✍️
مصعب بن سعد رحمہ اللہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ ابن عامر بیمار ہو گئے، تو لوگ ان کی تعریف کرنے لگے۔ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما خاموش رہے۔ پھر اُنہوں نے فرمایا کہ سنو، میں ان سے زیادہ دھوکہ دینے والا نہیں ہوں... [صحيح ابن خزيمه ح: 8]
فوائد:

➊ «أمَا إِنِّى لَسْتُ بِأَغَشِهِم: .......» ابن عمر رضی اللہ عنہما کا اس موقع پر یہ الفاظ کہنا کہ میں ان سے زیادہ دھوکا دینے والا نہیں ہوں۔ مقصود ان لوگوں کے اس فعل پر زجر و توبیخ تھا جو ابن عامر کی تعریف و توصیف اور مدح سرائی کر رہے تھے کیونکہ ایسے وقت میں اسے آخرت، رجوع الی اللہ اور توبہ و استغفار کی تلقین کرنے کی ضرورت تھی اس لیے کہ وہ شخص اپنی مدح سرائی پر اپنے گناہوں کی معافی، تو بہ و استغفار سے غافل نہ ہو جائے۔ ابن عمر رضی اللہ عنہما نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ حدیث سن رکھی تھی کہ اذا «رأيتم المداحين فاحثوا فى وجوههم التراب» "جب تم لوگوں کو مدح سرائی کرتے دیکھو تو ان کے چہرے مٹی سے بھر دو." ابن عمر رضی اللہ عنہما با قاعدہ اس پر عمل کرتے تھے۔

[ديكهيں: الادب الــمـفــرد للبخارى رقم: 340، صحيح ابن حبان: 510/7، رقم: 5740]

➋ پاکیزگی سے مراد وضوء اور غسل ہے نماز کے لیے شرط ہے کہ نمازی حدث اصغر، حدث اکبر اور ظاہری نجاست سے پاک ہو۔ ظاہری نجاست دھونے سے، حدث اصغر وضوء سے اور حدث اکبر غسل سے دور ہوتا ہے "حدث" سے مراد انسان کا ایسی حالت میں ہونا ہے جس سے وضو یا غسل کرنا ضروری ہو، جیسے باوضو شخص کی ہوا خارج ہو جائے یا وہ قضائے حاجت کر لے تو اس کا وضو برقرار نہیں رہتا۔ یہ حالت حدث اصغر کہلاتی ہے۔ اور اگر بیوی سے ہم بستر ہوا ہے یا ویسے ہی اسے احتلام ہو گیا ہے۔ تو یہ حالت حدث اکبر کہلاتی ہے۔ ایسی حالت میں غسل فرض ہے۔ قبول نہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اس پر ثواب نہیں ملتا اور اگر وہ فرض نماز ہے تو انسان کے ذمہ اس کی ادائیگی باقی رہتی ہے۔ "خیانت کے مال کے" حدیث میں لفظ غلول استعمال ہوا ہے اس سے مراد مال غنیمت میں کی ہوئی خیانت ہے۔ یعنی جہاد میں کافروں سے ہونے والے مال غنیمت کے مجاہدین میں باقاعدہ تقسیم ہونے سے پہلے اگر کوئی مجاہد اس میں سے کوئی چیز اپنے قبضے میں رکھتا ہے۔ تو یہ مسلمانوں کے اجتماعی مال میں خیانت ہے۔ جو بہت بڑا گناہ ہے۔ اس طریقے سے حاصل ہونے والا مال حرام کمائی میں شامل ہے۔ لہذا اس کو اگر نیکی کے کسی کام میں خرچ کیا جائے تو وہ اللہ کے ہاں قابل قبول نہیں۔ یعنی جس طرح مال کو خرچ کرتے وقت حلال و حرام مصرف کا خیال رکھنا ضروری ہے اس طرح مال کے حصول میں حلال و حرام میں تمیز کرنا ضروری ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح ابن خزیمہ شرح از محمد فاروق رفیع، حدیث/صفحہ نمبر: 8 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 59 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´بغیر وضو کے نماز نہیں ہوتی`
«. . . عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ:" لَا يَقْبَلُ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ صَدَقَةً مِنْ غُلُولٍ، وَلَا صَلَاةً بِغَيْرِ طُهُورٍ . . .»
". . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ چوری کے مال سے کوئی صدقہ قبول نہیں کرتا، اور نہ ہی بغیر وضو کے کوئی نماز . . ." [سنن ابي داود/كِتَاب الطَّهَارَةِ: 59]
فوائد و مسائل:
➊ خیانت، چوری، ڈاکہ، رشوت اور بھتہ وغیرہ کے مال سے دیا جانے والا صدقہ قبول نہیں ہوتا۔
➋ نماز کے لیے وضو کرنا فرض ہے بغیر وضو کے نماز نہیں ہوتی، اگر پانی استعمال نہ کیا جا سکتا ہو یا مہیا نہ ہو تو تیمم کرنا فرض ہو گا۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 59 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 139 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´وضو کی فرضیت کا بیان۔`
ابوالملیح کے والد (اسامہ بن عمیر) کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ بغیر وضو کے کوئی نماز قبول نہیں کرتا، اور نہ خیانت کے مال کا صدقہ قبول کرتا ہے " ۱؎۔ [سنن نسائي/صفة الوضوء/حدیث: 139]
139۔ اردو حاشیہ: ➊ نماز قبول نہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ نماز صحیح نہیں ہوتی، فریضہ ادا نہیں ہوتا اور ثواب بھی نہیں ہوتا، لہٰذا وضو اور جنابت کی حالت میں غسل نماز کے لیے شرط ہے۔ وضو کے بغیر نماز کا شرعاً کوئی وجود نہیں۔
➋ غلول خفیہ طریقے سے خیانت کو کہتے ہیں۔ یہاں مطلق خیانت مراد ہے، یعنی حرام طریقے سے حاصل شدہ مال کیونکہ ہر حرام کے حصول میں کسی نہ کسی خیانت کا ارتکاب ہوتا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 139 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 2525 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´چوری کے مال میں سے صدقہ دینے کا بیان۔`
ابوالملیح کے والد اسامہ بن عمیر رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: " اللہ عزوجل بغیر پاکی کے کوئی نماز قبول نہیں کرتا، اور نہ ہی حرام مال سے کوئی صدقہ قبول کرتا ہے۔‏‏‏‏" [سنن نسائي/كتاب الزكاة/حدیث: 2525]
اردو حاشہ: قبولیت کا مطلب ثواب ہے، یعنی حرام مال دے صدقہ کرنے والے کو ثواب نہ ملے گا، البتہ اس سے فقر کو فائدہ ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ حرام مال اس شخص کے لیے ناجائز ہے جس نے ناحق حاصل کیا، تاہم فقیر چونکہ اس بات سے ناواقف ہے کہ صدقہ کرنے والے نے صدقہ حرام مال سے کیا ہے یا حلال مال سے، اس لیے اس کے لیے اس کا استعمال جائز ہوگا، لیکن علم رکھتے ہوئے کسی حرام کی کمائی سے صدقہ لینا اس کے لیے جائز نہ ہوگا۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2525 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 271 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´اللہ تعالیٰ بغیر وضو کی نماز کو قبول نہیں کرتا۔`
اسامہ بن عمیر ہذلی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ کوئی بھی نماز بغیر وضو کے قبول نہیں فرماتا، اور نہ چوری کے مال سے کوئی صدقہ قبول کرتا ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الطهارة وسننها/حدیث: 271]
اردو حاشہ: (1)
پاکیزگی سے مراد وضو اور غسل ہے۔
نماز کے لیے شرط ہے کہ نمازی حدث اصغر، حدث اکبر اور ظاہری نجاست سے پاک ہو۔
ظاہری نجاست دھونےسےحدث اصغر وضو اور حدث اکبر غسل سے دور ہوتا ہے۔
حدث سے مراد انسان کا ایسی حالت میں ہونا ہے جس سے وضو یا غسل کرنا ضروری ہوجیسے باوضو شخص کی ہوا خارج ہوجائے یا وہ قضائے حاجت کرلے تو اس کا وضو برقرار نہیں رہتا۔
یہ حالت حدث اصغر کہلاتی ہے۔
اور اگر وہ بیوی سے ہم بستر ہوا یا ویسے ہی احتلام ہوگیا ہے تو یہ حالت حدث اکبر کہلاتی ہے۔
ایسی حالت میں غسل ضروری ہے۔
مزید تفصیل آئندہ ابواب میں آئے گی۔

(2)
قبول نہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اس پر ثواب نہیں ملتا اور اگر وہ فرض نماز ہے تو انسان کے ذمہ اس کی ادائیگی باقی رہتی ہے۔

(3)
خیانت کے مال کے لیے حدیث میں لفظ غلُوُل استعمال ہوا ہےاس سے مراد مال غنیمت کے مجاہدین میں باقاعدہ تقسیم ہونے سے پہلے اگر کوئی مجاہد اس میں سے کوئی چیز اپنے قبضے میں رکھتا ہے تو یہ مسلمانوں کے اجتماعی مال میں خیانت ہے جو بڑا گناہ ہے۔
اس طریقے سے حاصل ہونے والا مال حرام کمائی میں شامل ہےلہذا اس کو اگر نیکی کے کسی کام میں خرچ کیا جائے تو وہ اللہ کے ہاں قابل قبول نہیں یعنی جس طرح مال کو خرچ کرتے وقت حلال وحرام مصرف کا خیال رکھنا ضروری ہے اسی طرح مال کے حصول میں بھی حلال و حرام میں تمیز کرنا ضروری ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 271 سے ماخوذ ہے۔