شعب الایمان — حدیث نمبر 1387

باب: فصل: نبی ﷺ کا زہد اور دنیا کی سختیوں پر صبر۔

فصل في زهد النبي صلى الله عليه وسلم وصبره على شدائد الدنيا

حدیث نمبر: 1387
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ مُحَمَّدُ بْنُ عَلِيٍّ الْأَدَمِيُّ بِمَكَّةَ ، حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، أَخْبَرَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ ، أَخْبَرَنَا مَعْمَرٌ ، عَنْ أَيُّوبَ ، عَنْ حُمَيْدِ بْنِ هِلَالٍ ، عَنْ أَبِي بُرْدَةَ قَالَ : " دَخَلْتُ عَلَى عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا ، فَأَخْرَجَتْ إِلَيْنَا إِزَارًا غَلِيظًا ، وَكِسَاءً مُلَبِّدًا فَقَالَتْ : فِي هَذَا قُبِضَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " .
رَوَاهُ مُسْلِمٌ فِي الصَّحِيحِ ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ رَافِعٍ ، عَنْ عَبْدِ الرَّزَّاقِ
ترجمہ

ابو بردہ رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں: ”میں ام المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی خدمت میں حاضر ہوا تو انہوں نے ہمارے سامنے ایک موٹا تہبند اور ایک پیوند لگی (تہ در تہ جڑی ہوئی) چادر نکالی اور فرمایا: ”رسول اللہ ﷺ کی وفات اسی (لباس) میں ہوئی تھی۔“
اس حدیث کو امام مسلم رحمہ اللہ نے اپنی ”صحیح“ میں محمد بن رافع کے واسطے سے عبدالرزاق سے روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الرابع عشر من شعب الايمان وهو باب في حب النبي صلى الله عليه وسلم / حدیث: 1387
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 1460
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن أبي داود 4036) , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم (2080) (سنن أبي داود 4036)
تخریج حدیث «أخرجه البخاري فى (صحيحه) برقم: 2941، 5480، ومسلم فى (صحيحه) برقم: 2080، وأبو داود فى (سننه) برقم: 4036، والترمذي فى (جامعه) برقم: 1733، وابن ماجه فى (سننه) برقم: 3551، وأحمد فى (مسنده) برقم: 23517، 24476، وعبد الرزاق فى (مصنفه) برقم: 20624، والحاكم فى (المستدرك) برقم: 4262، وابن حبان فى (صحيحه) برقم: 6623، والبغوي فى (شرح السنة) برقم: 3095»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 3108 | صحيح البخاري: 5818 | صحيح مسلم: 2080 | سنن ابي داود: 4036 | رياض الصالحين: 498 | شعب الإيمان: 5755

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3108 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3108. حضرت ابو بردہ ؓسے روایت، انھوں نے کہاکہ حضرت عائشہ ؓنے ایک پیوند لگی ہوئی چادر نکال کر ہمیں دکھائی اور فرمایا: اس میں (اس کو اوڑھے ہوئے) نبی کریم ﷺ کی روح قبض کی گئی تھی۔ ایک روایت کے مطابق راوی حدیث ابو بردہ کہتے ہیں کہ حضرت عائشہ ؓنے ایک موٹا تہبند نکال کر ہمیں دکھایا جو یمن میں بنتا تھا اور ایک چادر جس کو تم ملبدہ (موٹی یا پیوند لگی) کہتے ہو۔ (فرمایا کہ یہ رسول اللہ ﷺ کی ہیں۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:3108]
حدیث حاشیہ: قسطلانی نے کہا شاید آپ نے بنظر تواضع یا اتفاقاً اس کملی کو اوڑھ لیا ہوگا نہ یہ کہ آپ قصداً پیوند کی ہوئی کملی اوڑھا کرتے‘ کیونکہ عادت شریفہ یہ تھی کہ جو کپڑا میسر آتا اس کو پہنتے کپڑے بہت صاف شفاف‘ ستھرے اجلے پہنتے۔
مگر بناؤ سنگار سے پرہیز فرمایا کرتے تھے۔
آپ ﷺ کے جوتے‘ آپ کا پیالہ‘ آپ کی انگوٹھی ان سب کو بطور یادگار محفوظ رکھا گیا‘ مگر تقسیم نہیں کیا گیا۔
جس سے ثابت ہواکہ صحابہ وخلفائے عظام نے آپ ﷺ کے ارشاد نَحنُ معشرُ الأنبیاءِ لا نُورثُ کو پورے پورے طور پر ملحوظ نظر رکھا ﷺ۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3108 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3108 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3108. حضرت ابو بردہ ؓسے روایت، انھوں نے کہاکہ حضرت عائشہ ؓنے ایک پیوند لگی ہوئی چادر نکال کر ہمیں دکھائی اور فرمایا: اس میں (اس کو اوڑھے ہوئے) نبی کریم ﷺ کی روح قبض کی گئی تھی۔ ایک روایت کے مطابق راوی حدیث ابو بردہ کہتے ہیں کہ حضرت عائشہ ؓنے ایک موٹا تہبند نکال کر ہمیں دکھایا جو یمن میں بنتا تھا اور ایک چادر جس کو تم ملبدہ (موٹی یا پیوند لگی) کہتے ہو۔ (فرمایا کہ یہ رسول اللہ ﷺ کی ہیں۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:3108]
حدیث حاشیہ:
1۔
رسول اللہ ﷺ کی عادت مبارکہ تھی کہ جو کپڑا میسر آتا اسے زیب تین فرماتے، البتہ آپ کا لباس صاف ستھرا، اجلا اور شفاف ہوتا تھا، لیکن بناؤسنگار سے پرہیز کیا کر تے تھے۔
پیوند لگی چادر کبھی بہ نظر تواضع یا اتفاقاً پہنی ہوگی، خوامخواہ پھٹا پرانا لباس پہننا آپ کی شان کے شایان نہ تھا، بہرحال آپ کے لباس کو بطور یاد گار محفوظ کیا گیا، اسے تقسیم کرکے اس میں وراثت کا اصول جاری نہیں کیاگیا، آخرکار وہ بھی وقت کے ساتھ ختم ہوگیا۔
2۔
ان آثار شریفہ کے فقدان کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ جس خوش قسمت انسان کے پاس آپ کی کوئی نشانی تھی، اس نے وصیت کردی تھی کہ مرنے کے بعد قبر میں اسے اس کے ساتھ ہی فن کردیا جائے، چنانچہ رسول اللہ ﷺ کے لیے ایک عورت نے اپنے ہاتھ سے چادر کی اور آپ کو بطور تحفہ پیش کی۔
آپ نے اسے قبو ل کرتے ہوئے زیب تن فرمایا۔
حضرت عبدالرحمان بن عوف ؓ نے اس خواہش کے پیش نظر کہ وہ ان کا کفن ہو رسول اللہ ﷺ سے وہ چادر مانگ لی۔
بالآخر وہی چادر ان کا کفن بنی۔
(صحیح البخاري، الجنائز، حدیث: 1277)
اسی طرح رسول اللہ ﷺ کا ایک قمیص رئیس المنافقین عبداللہ بن ابی کو پہنایاگیا، اسے بھی بطورکفن قبر میں دفن کردیا گیا۔
(صحیح البخاري، الجنائز، حدیث: 1270)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3108 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5818 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5818. حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے ہمیں ایک موٹی کملی اور ایک موٹی چادر دکھائی اور فرمایا کہ نبی ﷺ کی روح ان دونوں کپڑوں میں قبض ہوئی تھی۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5818]
حدیث حاشیہ:
(1)
ایک روایت میں ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: موٹی چادر یمن کی بنی ہوئی تھی اور کمبل بھی اسی قسم کا تھا جسے تم مُلَبدہ کہتے ہو۔
(صحیح البخاري، فرض الخمس، حدیث: 3108) (2)
دراصل لِبدہ کپڑے کے اس ٹکڑے کو کہتے ہیں جو پیوند لگانے کے طور پر استعمال ہوتا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا کمبل پیوند شدہ تھا یا اس کی بُنتی اس طرح کی تھی کہ چار خانے بنے ہوتے تھے اور وہ ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے پیوند لگے ہوئے ہوں، بہرحال اس طرح کے کپڑے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زیر استعمال تھے، لہذا انہیں اوڑھنے یا پہننے میں کوئی حرج نہیں۔
واللہ أعلم
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5818 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2080 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو بردہ بیان کرتے ہیں، میں حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کے ہاں گیا تو انہوں نے یمن میں بنائی جانے والی ایک موٹی تہبند اور ایک کمبل نکالا جس کو مُلَبَّدَه [صحيح مسلم، حديث نمبر:5442]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
ملبدة: مختلف ٹکڑوں کو ملاکربنائی گئی یا پیوند لگی لوئی۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5442 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4036 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´موٹے کپڑے پہنے کا بیان۔`
ابوبردہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس آیا تو انہوں نے یمن کا بنا ہوا ایک موٹا تہبند اور ایک کمبل جسے «ملبدة» کہا جاتا تھا نکال کر دکھایا پھر وہ قسم کھا کر کہنے لگیں کہ انہیں دونوں کپڑوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہوئی۔ [سنن ابي داود/كتاب اللباس /حدیث: 4036]
فوائد ومسائل:
موٹے لباس سے طبعیت میں قوت وصلابت اور مردانہ صفات اجاگر ہوتی ہیں، چنانچہ امیر المومنین حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ اپنے عمال کو موٹا لباس پہننےکا پابند کیا کرتے تھے، جبکہ باریک اور ملائم لباس سے طبعیت میں نزاکت بڑھتی ہے، تاہم حسب احوال ومصالح اونی، سوتی، موٹا یا باریک لباس پہننا مباح ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4036 سے ماخوذ ہے۔