شعب الایمان — حدیث نمبر 10248
باب: فصل: غیر ضروری محلات اور گھر بنانے کی مذمت۔
فصل في ذم بناء ما لا يحتاج إليه من القصور والدور
أَخْبَرَنَا عَلِيُّ بْنُ أَحْمَدَ بْنِ عَبْدَانَ ، أَخْبَرَنَا أَحْمَدُ بْنُ عُبَيْدٍ الصَّفَّارُ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْعَبَّاسِ ، حَدَّثَنَا عَفَّانُ بْنُ مُسْلِمٍ ، حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ سَلَمَةَ ، حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ جُمْهَانَ ، عَنْ سَفِينَةَ أَبِي عَبْدِ الرَّحْمَنِ ، أَنَّ رَجُلًا أَضَافَهُ عَلِيُّ بْنُ أَبِي طَالِبٍ ، فَصَنَعَ لَهُ طَعَامًا ، فَقَالَتْ فَاطِمَةُ : لَوْ دَعَوْنَا رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَأَكَلَ مَعَنَا ، فَدَعَاهُ ، فَوَضَعَ يَدَهُ عَلَى عَضَادَةِ الْبَابِ ، فَرَأَى قِرَامًا فِي نَاحِيَةِ الْبَيْتِ فَرَجَعَ ، فَقَالَتْ فَاطِمَةُ لِعَلَيٍّ : الْحَقْهُ ، فَقُلْ لَهُ : مَا رَجَعَكَ ؟ فَقَالَ لَهُ : مَا رَجَعَكَ يَا رَسُولَ اللَّهِ ؟ فَقَالَ : " إِنَّهُ لَيْسَ لِي أَنْ أَدْخُلَ بَيْتًا مُزَوَّقًا " .سیدنا سفینہ ابو عبدالرحمن رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی کو سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ نے مہمان بنایا اور اس کے لیے کھانا تیار کیا، تو سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا نے کہا: ”کاش ہم رسول اللہ ﷺ کو بھی بلا لیں تاکہ آپ ﷺ ہمارے ساتھ کھانا تناول فرمائیں۔“ چنانچہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے آپ ﷺ کو دعوت دی۔ آپ ﷺ تشریف لائے اور اپنا ہاتھ دروازے کی چوکھٹ کی بازو والی لکڑی پر رکھا، پھر گھر کے ایک کونے میں ایک نقش و نگار والا پردہ دیکھا تو لوٹ گئے۔ سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے کہا: ”آپ ﷺ کے پیچھے جائیے اور عرض کیجیے کہ آپ کو کس چیز نے لوٹا دیا؟“ چنانچہ انہوں نے آپ ﷺ سے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! آپ کو کس چیز نے واپس لوٹا دیا؟“ تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”میرے لیے مناسب نہیں کہ میں ایسے گھر میں داخل ہوں جو آراستہ و مزین کیا گیا ہو۔“
تشریح، فوائد و مسائل
سفینہ ابوعبدالرحمٰن سے روایت ہے کہ ایک شخص نے علی رضی اللہ عنہ کی دعوت کی اور ان کے لیے کھانا بنایا (اور بھیج دیا) تو فاطمہ رضی اللہ عنہا نے کہا: کاش ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بلا لیتے آپ بھی ہمارے ساتھ کھانا تناول فرما لیتے چنانچہ انہوں نے آپ کو بلوایا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے اور اپنا ہاتھ دروازے کے دونوں پٹ پر رکھا، تو کیا دیکھتے ہیں کہ گھر کے ایک کونے میں ایک منقش پردہ لگا ہوا ہے، (یہ دیکھ کر) آپ لوٹ گئے تو فاطمہ رضی اللہ عنہا نے علی رضی اللہ عنہ سے کہا: جا کر ملئیے اور دیکھئیے آپ کیوں لوٹے جا رہے ہی۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الأطعمة /حدیث: 3755]
1۔
گھروں میں دیواروں کو غیر ضروری رنگا رنگ منقش پردوں وغیرہ سے مزین کرنا اسلامی ثقافت کے منافی ہے۔
2۔
اور اسی طرح جس دعوت میں غیرشرعی بات کا ارتکاب ہواس میں بھی شرکت درست نہیں۔
بالخصوص ایسی شخصیات کےلئے جو عوام کے ہاں شرعی امور میں معتبر ہوں۔
ان کی شرکت اور پھر منکرات پر ان کی خاموشی ایک لحاظ سے رضا مندی سمجھی جاسکتی ہے۔
جو ان کے حق میں بہت بڑا عیب ہے۔
3۔
اور ایسے ہی گھر جن کی تعمیر ہی منکرات وفواحش اورغیر شرعی کاموں کےلئے ہوتی ہے۔
وہاں جانا حرام ہے۔
سفینہ ابو عبدالرحمٰن رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص نے علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کی ضیافت کی اور آپ کے لیے کھانا تیار کیا، فاطمہ رضی اللہ عنہا نے کہا: کاش ہم لوگ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو بلا لیتے تو آپ بھی ہمارے ساتھ کھانا تناول فرماتے، چنانچہ لوگوں نے آپ کو بھی مدعو کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے، آپ نے اپنے ہاتھ دروازے کے دونوں بازو پر رکھے، تو آپ کی نظر گھر کے ایک گوشے میں ایک باریک منقش پردے پر پڑی، آپ لوٹ آئے، فاطمہ رضی اللہ عنہا نے علی رضی اللہ عنہ سے کہا: جائیے اور پوچھئے: اللہ کے رسول! آپ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الأطعمة/حدیث: 3360]
فوائد و مسائل:
(1)
کھانے کی دعوت دینا اور دعوت قبول کرنا اچھے اخلاق میں شامل ہے۔
(2)
پردے سے مراد وہ کپڑا ہے جو گھر میں زینت کےلیے لٹکایا جائے۔
دروازے یا کھڑکی پر اس لیے لٹکایا ہوا کپڑا کہ باہر سے کسی کی نظر اندر نہ پڑے، مطلوب ہے۔
(3)
سادگی شرعاً مطلوب ہے۔
بے جا تکلفات سے اجتناب کرنا چاہیے۔
(4)
نامناسب چیز سامنے آنے پر فوراً تنبیہ کرنا مناسب ہے بشرطیکہ تاخیر میں کوئی حکمت نہ ہو۔
(5)
اگر دعوت دینے والا کسی ناجائز کام کا ارتکاب کرے تو کھانا کھائے بغیر واپس چلے جانا جائز ہے البتہ اگر وہ اس غلطی کا ازالہ کردے تو واپس نہ جائیں۔