حدیث نمبر: 77
قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " لا يَتَمَنَّى أَحَدُكُمُ الْمَوْتَ وَلا يَدْعُ بِهِ مِنْ قَبْلِ أَنْ يَأْتِيَهُ، إِنَّهُ إِذَا مَاتَ أَحَدُكُمُ انْقَطَعَ عَمَلُهُ، أَوْ قَالَ أَجَلُهُ، وَإِنَّهُ لا يَزِيدُ الْمُؤْمِنَ عُمْرُهُ إِلا خَيْرًا "
ترجمہ:حافظ عبداللہ شمیم

اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”تم میں سے کوئی شخص مرنے کی تمنا نہ کرے اور موت کے آنے سے قبل اس کی دعا بھی نہ کرے، اس لیے کہ تم میں سے جب کوئی مرتا ہے تو اس کا (وسیلہ) عمل ختم ہو جاتا ہے، یقیناً مومن کی عمر اس کی خیر ہی میں اضافہ کرتی ہے۔“

حوالہ حدیث صحيفه همام بن منبه / متفرق / حدیث: 77
تخریج حدیث «صحيح بخاري، كتاب المرضي، باب تمنى المريض الموت: 5671 - صحيح مسلم، كتاب الذكر والدعاء والتوبة والإستغفار، باب تمنى الموت لضر نزل به، رقم: 2682/13، حدثنا محمد بن رافع: حدثنا عبدالرزاق: حدثنا معمر عن همام بن منبه، قال: هذا ما حدثنا أبو هريرة عن رسول الله صلى الله عليه وسلم، فذكر أحاديث منها: وقال رسول الله صلى الله عليه وسلم .... - شرح السنة: 259/259/5، باب كراهة تمنى الموت، رقم: 1446 - مصنف عبدالرزاق: 314/11، كتاب الجامع من المصنف، باب تمني الموت - مسند أحمد: 7/16، رقم: 80/8174.»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 7235 | صحيح مسلم: 2682 | سنن نسائي: 1819 | سنن نسائي: 1820

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7235 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
7235. حضرت عبد الرحمٰن بن ازہرؓ کے غلام حضرت ابو عبید سعد بن عبید سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:’’ تم میں سے کوئی بھی موت کی تمنا نہ کرے۔ اگر وہ نیکو کار ہے تو ممکن ہے کہ اسے نیکیوں کی مزید توفیق مل جائے اور اگر بدکار ہے تو شاید اسے توبہ نصیب ہو جائے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:7235]
حدیث حاشیہ: بعض نسخوں میں یہاں اتنی عبارت اور زائد ہے قال ابو عبد اللہ ابو عبید اسمه سعد بن عبید مولیٰ عبد الرحمن بن أزھر یعنی امام بخاری نے کہا کہ ابو عبیدہ کا نام سعد بن عبید ہے وہ عبد الرحمن بن ازہر کا غلام تھا۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7235 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7235 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
7235. حضرت عبد الرحمٰن بن ازہرؓ کے غلام حضرت ابو عبید سعد بن عبید سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:’’ تم میں سے کوئی بھی موت کی تمنا نہ کرے۔ اگر وہ نیکو کار ہے تو ممکن ہے کہ اسے نیکیوں کی مزید توفیق مل جائے اور اگر بدکار ہے تو شاید اسے توبہ نصیب ہو جائے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:7235]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث میں نیکوکار انسان کے لیے بشارت اور خوشخبری ہے اور بدکار کے لیے تنبیہ ہے گویا اس کہا گیا ہے: اگر وہ نیکوکار ہے تو موت کی تمنا ترک کر دے بلکہ مزید نیکیاں کرے اور جو بدکار ہے وہ بھی موت کی آرزو نہ کرے بلکہ بُرائیوں سے بچنے کی کوشش کرے تاکہ اس کا خاتمہ خراب نہ ہو کیونکہ یہ بہت خطرناک معاملہ ہے، یعنی مومن اگر زندہ رہے گا تو اس سے نیکیوں میں اضافے کی توقع ہے اورگناہ گار بھی موت کی تمنا نہ کرے کہ اس سے توبہ کی اُمید ہے۔
اللہ تعالیٰ کا یہ احسان عظیم موت کی تمنا سے کہیں بڑھ کر ہے۔
(فتح الباري: 273/13)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7235 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2682 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جو بہت سی احادیث ہمام بن منبہ رحمۃ اللہ علیہ کو سنائی تھیں ان میں سے ایک یہ ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"تم میں سے کوئی اپنی موت کی تمنا نہ کرے اور نہ اس کی آمدسے پہلے اس کے لیے دعا کرے، کیونکہ جب تم میں سے کوئی مرجائے گا تو اس کے عمل کا سلسلہ منقطع ہو جائے گا اور بندہ مومن کی عمر تو اس کے لیے خیر ہی میں اضافہ کا وسیلہ ہے۔" [صحيح مسلم، حديث نمبر:6819]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اسلام مومن کے سامنے اس کی زندگی کا روشن پہلو ہی رکھتا ہے، تاریک پہلو سے بچاتا ہے، اس لیے عمر کے اضافہ سے حسنات و طاعات کے اضافہ کی امید دلائی، گناہوں میں گرفتار ہونے کا تذکرہ نہیں کیا، کیونکہ ایک مومن سے نیکیوں کی ہی امید کرنی چاہیے اور گناہوں سے توبہ و استغفار کی توقع کرنا چاہیے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6819 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 1820 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´موت کی آرزو و تمنا۔`
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تم میں کا کوئی (بھی) ہرگز موت کی آرزو و تمنا نہ کرے (کیونکہ) اگر وہ نیک ہے تو شاید زندہ رہے (اور) زیادہ نیکی کرے، اور یہ اس کے لیے بہتر ہے، اور اگر گناہ گار ہے تو ہو سکتا ہے گنا ہوں سے توبہ کر لے۔‏‏‏‏" [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 1820]
1820۔ اردو حاشیہ: موت اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے۔ کسی کے مانگنے یا روکنے سے موت آگے پیچھے نہیں ہو سکتی تو پھر کیا فائدہ ایسی چیز مانگنے کا جو مانگنے سے مل نہیں سکتی بلکہ اس کا وقت مقرر ہے۔ اس کے بجائے وہ میسر زندگی کو نیکی کے اضافے اور توبہ و مغفرت کے لیے استعمال کرے کیونکہ یہ چیزیں اس کے اختیار میں ہیں۔ انسان اپنی اختیاری چیزوں کی فکر کرے، غیراختیاری چیزوں کواللہ تعالیٰ پر چھوڑ دے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1820 سے ماخوذ ہے۔