باب: انگور کو ”کرم“ کہنے کی کراہت

باب كراهة تسمية العنب كرمًا

عن أبي هريرة - رضي الله عنه - قال: قال رسولُ اللهِ - صلى الله عليه وسلم: «لاَ تُسَمُّوا العِنَبَ الكَرْمَ، فَإنَّ الكَرْمَ المُسْلِمُ» متفق عليه، وهذا لفظ مسلم.
وفي رواية: «فَإنَّمَا الكَرْمُ قَلْبُ المُؤمِنِ». وفي رواية للبخاري ومسلم: «يَقُولُونَ الكَرْمُ، إنَّمَا الكَرْمُ قَلْبُ المُؤْمِنِ».
ترجمہ
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”انگور کو ”کرم“ نہ کہو، کیونکہ کرم تو مسلمان ہے۔“
(متفق علیہ، اور یہ الفاظ مسلم کے ہیں)
اور ایک روایت میں ہے: ”کرم تو مومن کا دل ہی ہے۔“
اور بخاری و مسلم کی ایک روایت میں ہے: ”لوگ کہتے ہیں: کرم، (حالانکہ) کرم تو مومن کا دل ہی ہے۔“
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1740
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 8/ 51 (6182) و(6183)، ومسلم 7/ 46 (2247) (8) و(9).
وعن وائلِ بنِ حُجرٍ - رضي الله عنه - عن النَّبيِّ - صلى الله عليه وسلم - قال: «لاَ تَقُولُوا: الكَرْمُ، وَلكِنْ قُولُوا: العِنَبُ، والحَبَلَةُ». رواه مسلم. «الحَبَلَةُ» بفتح الحاء والباء، ويقال أيضًا بإسكان الباء.
ترجمہ
سیدنا وائل بن حجر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”(انگور کو) کرم نہ کہو، بلکہ عنب اور حبلہ کہو۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
«الحَبَلَةُ»: حاء اور باء دونوں پر زبر کے ساتھ ہے، اور باء کے سکون کے ساتھ (حَبْلَة) بھی کہا جاتا ہے۔
وضاحت:
شیخ ابن عثیمین رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "کرم (عزت و سخاوت) ایک پسندیدہ صفت ہے جس سے مومن کو متصف کیا جاتا ہے، خاص طور پر جب وہ سخی ہو اور اپنے مرتبے، مال یا علم کے ذریعے بھلائی خرچ کرنے والا ہو، تو وہ انگور کی نسبت اس صفت کا زیادہ حق دار ہے۔ (انگور کو) حبلہ یا عنب کہا جائے، رہا اسے کرم کہنا تو یہ نہیں (ہونا چاہیے)۔ اور اس کا، واللہ اعلم، ایک سبب یہ ہے کہ اس انگور سے بعض اوقات ایک خبیث حرام مشروب بنایا جاتا ہے، کیونکہ انگور سے کبھی شراب بنائی جاتی ہے، ہم اللہ سے عافیت کا سوال کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے نبی کریم ﷺ نے انگور کو کرم کہنے سے منع فرمایا۔ اور زراعت وغیرہ کے بارے میں لکھی گئی بعض کتابوں میں جو "شجر الکرم" یا "الکروم" کہا جاتا ہے، وہ بھی اسی ممانعت میں داخل ہے…" (شرح ریاض الصالحین لابن عثیمین 4/312)
«الحَبَلَةُ» : انگور کے درخت کی جڑ یا شاخ۔ (النہایہ 1/334)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1741
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 7/ 46 (2248) (12).