ریاض الصالحین — حدیث نمبر 955
باب: ظالموں کی قبروں اور ان کی ہلاکت کی جگہوں سے گزرتے وقت رونا اور ڈرنا، اللہ تعالیٰ کے سامنے اپنی محتاجی کا اظہار کرنا، اور اس سے غفلت برتنے سے ڈرانا
باب البكاء والخوف عِنْدَ المرور بقبور الظالمين ومصارعهم وإظهار الافتقار إِلَى الله تَعَالَى والتحذير من الغفلة عن ذلك
عن ابن عمرَ رضي الله عنهم: أنَّ رسول الله - صلى الله عليه وسلم - قَالَ لأصْحَابِهِ - يعْني لَمَّا وَصَلُوا الحِجْرَ - دِيَارَ ثَمُودَ -: «لاَ تَدْخُلُوا عَلَى هَؤُلاَءِ المُعَذَّبِينَ إِلاَّ أَنْ تَكُونُوا بَاكِينَ، فَإنْ لَمْ تَكُونُوا بَاكِينَ، فَلاَ تَدْخُلُوا عَلَيْهِمْ، لاَ يُصِيبُكُمْ مَا أصَابَهُمْ». متفقٌ عَلَيْهِ.
وفي روايةٍ قَالَ: لَمَّا مَرَّ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - بِالحِجْرِ، قَالَ: «لاَ تَدْخُلُوا مَسَاكِنَ الَّذِينَ ظَلَمُوا أنْفُسَهُمْ، أَنْ يُصِيبَكُمْ مَا أصَابَهُمْ، إِلاَّ أَنْ تَكُونُوا بَاكِينَ» ثُمَّ قَنَّع رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - رَأسَهُ وأسْرَعَ السَّيْرَ حَتَّى أجَازَ الوَادِي.سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنے صحابہ سے فرمایا — یعنی جب وہ حجر، یعنی قوم ثمود کے علاقے میں پہنچے —: ”ان عذاب دیے گئے لوگوں (کی جگہوں) میں داخل نہ ہونا مگر اس حال میں کہ تم رو رہے ہو، اور اگر تم رونے والے نہ ہو تو ان (کی جگہوں) میں داخل نہ ہونا، (کہیں) تمہیں بھی وہ (عذاب) نہ پہنچ جائے جو انہیں پہنچا۔“
(متفق علیہ)
اور ایک روایت میں ہے، انہوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ حجر کے پاس سے گزرے تو فرمایا: ”ان لوگوں کے گھروں میں داخل نہ ہونا جنہوں نے اپنی جانوں پر ظلم کیا، (اس ڈر سے) کہ تمہیں بھی وہ (عذاب) پہنچ جائے جو انہیں پہنچا، مگر اس حال میں کہ تم رو رہے ہو۔“ پھر رسول اللہ ﷺ نے اپنا سر (کپڑے سے) ڈھانپ لیا اور تیز چلے یہاں تک کہ وادی سے پار ہو گئے۔
تشریح، فوائد و مسائل
1۔
امام بخاری ؒ کا دوسرا استدلال یہ مرفوع حدیث ہے کہ نبی ﷺ جب غزوہ تبوک کے لیے جاتے ہوئے دیار ثمود یعنی مقام حجر سے گزرے تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ اگر ایسے مقامات سے گزرنے کی مجبوری ہو تو اللہ کے عذاب سے ڈرتے ہوئے گزرنا چاہیے، غفلت اور بے پروائی سے کام نہیں لینا چاہیے۔
علامہ ابن بطال ؒ نے امام بخاری ؒ کے استدلال سے اختلاف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایسے مقامات پر نماز پڑھنا جائز ہے، کیونکہ نماز میں بھی رونا اور عاجزی کرنا ہوتا ہے۔
(شرح ابن بطال: 87/2)
گویا ابن بطال ؒ کے نزدیک مذکورہ حدیث حضرت علی ؓ کے عمل کے مطابق نہیں۔
حافظ ابن حجر ؒ کہتے ہیں کہ حدیث پورے طور پر حضرت علی ؓ کے عمل کے مطابق ہے، کیونکہ اس حدیث میں ہے۔
کہ رسول اللہ ﷺ نے وہاں پڑاؤ نہیں کیا۔
جیسا کہ ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنا سر جھکا لیا اور جلدی جلدی چلنے لگے تاآنکہ اس وادی کو عبور کر لیا۔
(صحیح البخاري، المغازي، حدیث: 4419)
اس روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے وہاں قیام نہیں فرمایا اور نہ نماز ہی پڑھی۔
جیسا کہ حضرت علی ؓ نے بابل کے خسف شدہ مقام سے گزرتے ہوئے کیا تھا، اس لیے معلوم ہوا کہ عذاب والے علاقوں اور خسف شدہ مقامات میں قیامت کرنا اور وہاں نماز ادا کرنا شارع علیہ السلام کو پسند نہیں۔
اور یہی امام بخاری ؒ کا مقصود ہے۔
یہ شبہ نہیں ہونا چاہیے کہ گریہ وبکاتو کمال خشوع کی علامت ہے اور نماز میں یہ کیفیت مطلوب ہے، اس لیے نماز سے روکنا کیسے ثابت ہوا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ نماز کے اندر جو خشوع خضوع مطلوب ہے، وہ نماز ہی کے سلسلے میں ہے اور صورت مذکورہ میں جو گریہ طاری ہو گا وہ عذاب یافتہ اقوام کے احوال میں غور وفکر سے متعلق ہے جو نماز میں مطلوب حضور قلب کے منافی ہے۔
واللہ أعلم۔
2۔
اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ انسان کوخود اپنی خبر گیری کرتے رہنا چاہیے، نیز عذاب شدہ اقوام کے مقامات پر رہائش رکھنے کی ممانعت ہے، اگر وہاں سے بامر مجبوری کبھی گزرنا پڑے تو جلدی جلدی گزرناچاہیے۔
جیسا کہ درج ذیل آیت کریمہ سے بھی اس کا اشارہ ملتا ہے: ﴿ وَسَكَنتُمْ فِي مَسَاكِنِ الَّذِينَ ظَلَمُوا أَنفُسَهُمْ وَتَبَيَّنَ لَكُمْ كَيْفَ فَعَلْنَا بِهِمْ وَضَرَبْنَا لَكُمُ الْأَمْثَالَ﴾ ’’اور تم ایسے لوگوں کی بستیوں میں آباد ہوئے تھے جنھوں نے اپنے آپ پر ظلم ڈھایا تھا اور تم پر واضح ہو چکا تھا کہ ان سے ہم نے کیا سلوک کیا تھا اور ہم نے تمھیں ان کے حالات بھی بتا دیے تھے۔
‘‘ (إبراهیم: 14۔
45)
یہ احادیث تمام بد کرداروں کو شامل ہیں اگرچہ آپ نے یہ حکم اس وقت دیا جب آپ مقام حجر سے گزرے تھے جو قوم ثمود کا مسکن تھا بہر حال اللہ کے عذاب سے ڈرتے رہنا چاہیے اور شریعت کی مخالفت کرنے والوں کی صحبت سے بچ کر رہنا چاہیے کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے اپنے صحابہ کرام ؓ کو ایسے ظلم پیشہ لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے سے روکا بلکہ آپ نے وہاں کے کنوؤں کا پانی استعمال کرنے سے بھی منع فرما دیا اور اس پانی سے جو آٹا گوندھا گیا تھا اسے بھی جانوروں کو ڈال دینے کا حکم دیا۔
واللہ المستعان۔
تنبیہ: صحیح بخاری کے درسی نسخے میں مذکورہ عنوان اور اس کے تحت ذکر کردہ احادیث حضرت لوط ؑ کے تذکرے کے بعد ہیں وہ مقام اس عنوان اور احادیث کے لیے بالکل غیر موزوں اور نامناسب تھا۔
چونکہ قرآن کریم میں سیدنا نوح ؑ کے بعد حضرت ہود ؑ اور ان کے بعد حضرت صالح ؑ کا ذکر ہے اسی ترتیب کے مطابق ہم نے حضرت صالح ؑ کے ذکر کو درج کیا ہے۔
حافظ ابن حجر ؒ نے بھی اسی ترتیب کو ملحوظ رکھا ہے اور اس پر ایک نوٹ لکھا ہے۔
(فتح الباري: 460/6)
ان احادیث پر امام بخاری ؒ نے یہ عنوان قائم کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے مقام حجر میں پڑاؤ کیا، حالانکہ ان میں پڑاؤ کرنے کا ذکر نہیں بلکہ وہاں سے گزرنے کا بیان ہے؟ دراصل امام بخاری ؒ نے اس عنوان سے ایک حدیث کی طرف اشارہ کیا ہے جس میں پڑاؤ کرنے کی صراحت ہے کہ جب رسول اللہ ﷺ نے مقام حجر میں پڑاؤ کیا تو آپ نے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کو حکم دیا: اس کنویں کا پانی نہ خود پیو اور نہ جانوروں ہی کو پلاؤ بلکہ اگر اس پانی سے آٹا گوندھاہے تو وہ بھی حیوانات کو کھلا دیا جائے۔
(صحیح البخاري، أحادیث الأنبیاء، حدیث: 3378)
چونکہ یہ واقعہ غزوہ تبوک سے واپسی پر پیش آیا تھا، اس حوالے سے امام بخاری ؒ نےاسے ذکر کیا ہے۔
واللہ اعلم۔
اللھم احفظنا۔
یہ وہی قوم ہے جس پر اللہ تعالیٰ کا عذاب زلزلہ شدید دھماکوں اور بجلی کی کڑک کی صورت میں نازل ہوتھا۔
جب آنحضرت ﷺ غزوئہ تبوک کے لیے تشریف لے جارہے تھے تو یہ مقام راستے میں پڑا تھا۔
حجر، شام اور مدینہ کے درمیان ایک بستی ہے۔
1۔
ایک دوسری حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ؓ سفر تبوک میں جب حجر کے مقام پر پہنچے تو آپ نے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کو حکم دیا کہ ان کے کنوؤں سے پانی نہ پئیں اور نہ ڈول بھریں صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین نے عرض کی: ہم نے تو آٹا گوندھ لیا ہے اور پانی بھر لیا ہے آپ نے فرمایا: ’’آٹا پھینک دو اور پانی بہادو۔
‘‘ (صحیح البخاري، أحادیث الأنبیاء، حدیث: 3378)
ایک دوسری روایت کے مطابق آپ نے وہ آٹا اونٹوں کو کھلانے کی اجازت دے دی اور آپ نے حکم دیا کہ اس کنویں سے پانی پلاؤ جس سے اونٹنی پانی پیتی تھی، (صحیح البخاري، أحادیث الأنبیاء، حدیث: 3379)
پھر آپ نےچادر سے اپنا سر ڈھانپ لیا اور تیزی سے اپنی سواری کو چلاتے ہوئے وہاں سے نکل گئے۔
(صحیح البخاري، أحادیث الأنبیاء، حدیث: 3380)
2۔
ان واقعات سے یہ بتانا مقصود تھا کہ اگر مشرکین مکہ بھی قوم ثمود کی ڈگر پر چل رہے ہیں تو ان کا انجام بھی وہی ہونے والا ہے، لہٰذا ان سے الجھنے کی ضرورت نہیں مناسب وقت آنے پر اللہ تعالیٰ ان سے نمٹ لے گا۔
واللہ المستعان۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی جگہ پر پڑاؤ نہیں کیا بلکہ اپنا سر جھکا لیا اور جلدی جلدی چلنے لگے تا آنکہ اس وادی کو عبور کر لیا۔ [صحيح البخاري: 4419]
نیز عذاب والی جگہوں پر نماز پڑھانا بھی درست نہیں۔