ریاض الصالحین — حدیث نمبر 944
باب: میت کی طرف سے جلد قرض ادا کرنا اور اس کی تجہیز (و تکفین) میں جلدی کرنا، سوائے اس کے کہ وہ اچانک فوت ہو جائے تو اسے (کچھ دیر) چھوڑ دیا جائے یہاں تک کہ اس کی موت کا یقین ہو جائے
باب تعجيل قضاء الدَّين عن الميت والمبادرة إِلَى تجهيزه إلا أن يموت فجأة فيترك حَتَّى يُتَيَقَّنَ مَوْتُه
وعن حُصَيْنِ بن وَحْوَحٍ - رضي الله عنه: أنَّ طَلْحَةَ بْنَ البَرَاءِ بن عَازِبٍ رضي الله عنهم مَرِضَ، فَأتَاهُ النَّبيُّ - صلى الله عليه وسلم - يَعُودُهُ، فَقَالَ: «إنِّي لاَ أرى طَلْحَةَ إِلاَّ قَدْ حَدَثَ فِيهِ المَوْتُ، فآذِنُوني بِهِ وَعَجِّلُوا بِهِ، فَإنَّهُ لاَ يَنْبَغِي لجِيفَةِ مُسْلِمٍ أَنْ تُحْبَسَ بَيْنَ ظَهْرَانِيْ أهْلِهِ». رواه أَبُو داود.سیدنا حصین بن وحوح رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سیدنا طلحہ بن براء بن عازب رضی اللہ عنہما بیمار ہوئے تو نبی کریم ﷺ ان کی عیادت کے لیے تشریف لائے، پھر فرمایا: ”میں سمجھتا ہوں کہ طلحہ میں موت (کے آثار) ظاہر ہو چکے ہیں، لہٰذا (جب وہ فوت ہو جائیں تو) مجھے ان کی اطلاع دینا اور ان (کی تجہیز و تدفین) میں جلدی کرنا، کیونکہ کسی مسلمان کی لاش کے لائق نہیں کہ اسے اس کے گھر والوں کے درمیان روکے رکھا جائے۔“
(اسے ابوداود نے روایت کیا ہے)
تشریح، فوائد و مسائل
حصین بن وحوح رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ طلحہ بن براء رضی اللہ عنہ بیمار ہوئے تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ان کی عیادت کے لیے آئے، اور فرمایا: " میں یہی سمجھتا ہوں کہ اب طلحہ مرنے ہی والے ہیں، تو تم لوگ مجھے ان کے انتقال کی خبر دینا اور تجہیز و تکفین میں جلدی کرنا، کیونکہ کسی مسلمان کی لاش اس کے گھر والوں میں روکے رکھنا مناسب نہیں ہے۔" [سنن ابي داود/كتاب الجنائز /حدیث: 3159]
روایت ضعیف ہے۔
مگر دوسری صحیح احادیث سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ جنازے کی تجہیزوتکفین میں جلدی کرنی چاہیے۔