حدیث نمبر: 898
وعن ثوبان - رضي الله عنه - عن النبي - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «إنَّ المُسْلِمَ إِذَا عَادَ أخَاهُ المُسْلِمَ، لَمْ يَزَلْ في خُرْفَةِ الْجَنَّةِ حَتَّى يَرْجِعَ» قِيلَ: يَا رَسولَ الله، وَمَا خُرْفَةُ الجَنَّةِ؟ قَالَ: «جَنَاهَا». رواه مسلم.
ترجمہ

سیدنا ثوبان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”بے شک مسلمان جب اپنے مسلمان بھائی کی عیادت کرتا ہے تو واپس لوٹنے تک وہ جنت کے ”خُرفہ“ میں رہتا ہے۔“ عرض کیا گیا: اے اللہ کے رسول! جنت کا خُرفہ کیا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”اس کے چُنے ہوئے پھل۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب عيادة المريض وتشييع الميت والصلاة عليه وحضور دفنه والمكث عند قبره بعد دفنه / حدیث: 898
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 8/ 13 (2568) (42).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 2568 | سنن ترمذي: 967

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2568 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے آزاد کردہ غلام حضرت ثوبان رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"جو بیمار کی عیادت کے لیے گیا وہ واپس لوٹنے تک جنت کے پھل میں رہتاہے۔" [صحيح مسلم، حديث نمبر:6552]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
مخرفة: باغ، یا اس کی روش، یا اس تک پہنچانے کا راستہ۔
خرفة: پھل۔
فوائد ومسائل: اس حدیث سے معلوم ہوا بیمار کی عیادت کے لیے آنا جانا، اس قدر پسندیدہ اور اعلیٰ عمل ہے کہ وہ جنت میں جانے اور اس کے پھل کے حصول کا ذریعہ اور سبب ہے، کیونکہ یہ عمل بیمار کی تسلی اور مسرت کا باعث بنتا ہے۔
اس لیے اس عمل کو اس کی راحت و آسائش میں خلل کا باعث نہیں ہونا چاہیے یا اس کے پاس اتنا زیادہ وقت بیٹھنا کہ اس کے لیے اذیت اور تکلیف کا سبب بنے درست نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6552 سے ماخوذ ہے۔