ریاض الصالحین — حدیث نمبر 888

باب: ملاقات کے وقت مصافحہ کرنے اور خندہ پیشانی سے ملنے، نیک آدمی کے ہاتھ کو بوسہ دینے، شفقت سے اپنے بچے کو بوسہ دینے، سفر سے آنے والے سے معانقہ کرنے کا استحباب، اور (سلام کے وقت) جھکنے کی کراہت

باب استحباب المصافحة عِنْدَ اللقاء وبشاشة الوجه وتقبيل يد الرجل الصالح وتقبيل ولده شفقة ومعانقة القادم من سفر وكراهية الانحناء

حدیث نمبر: 888
وعن أنس - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رَجُلٌ: يَا رسولَ اللهِ، الرَّجُلُ مِنَّا يَلْقَى أخَاهُ، أَوْ صَدِيقَهُ، أينحَنِي لَهُ؟ قَالَ: «لاَ». قَالَ: أفَيَلْتَزِمُهُ وَيُقَبِّلُهُ؟ قَالَ: «لاَ» قَالَ: فَيَأخُذُ بِيَدِهِ وَيُصَافِحُهُ؟ قَالَ: «نَعَمْ». رواه الترمذي، وقال: «حديث حسن».
ترجمہ

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: ایک آدمی نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! ہم میں سے کوئی آدمی اپنے بھائی یا دوست سے ملتا ہے تو کیا وہ اس کے لیے جھکے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”نہیں۔“ اس نے عرض کیا: تو کیا وہ اس سے چمٹ جائے اور اسے بوسہ دے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”نہیں۔“ اس نے عرض کیا: تو کیا وہ اس کا ہاتھ پکڑے اور اس سے مصافحہ کرے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”ہاں۔“
(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے: یہ حدیث حسن ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب السلام / حدیث: 888
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن، ابن ماجة (3702) (الترمذي 2728) , شیخ زبیر علی زئی: (2728) إسناده ضعيف / جه 3702, حنظلة السدوسي : ضعيف (تق: 1583) ولبعض الحديث شواهد ضعيفة
تخریج حدیث أخرجه: ابن ماجه (3702)، والترمذي (2728).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 2728

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2728 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´مصافحہ کا بیان۔`
انس بن مالک رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ ایک آدمی نے پوچھا: اللہ کے رسول! ہمارا آدمی اپنے بھائی سے یا اپنے دوست سے ملتا ہے تو کیا وہ اس کے سامنے جھکے؟ آپ نے فرمایا: " نہیں "، اس نے پوچھا: کیا وہ اس سے چمٹ جائے اور اس کا بوسہ لے؟ آپ نے فرمایا: " نہیں "، اس نے کہا: پھر تو وہ اس کا ہاتھ پکڑے اور مصافحہ کرے، آپ نے فرمایا: " ہاں " (بس اتنا ہی کافی ہے) ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الاستئذان والآداب/حدیث: 2728]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اس حدیث سے کئی باتیں معلوم ہوئیں
(1)
ملاقات کے وقت کسی کے سامنے جھکنا منع ہے، اس لیے جھک کر کسی کا پاؤں چھونا ناجائز ہے۔

(2)
اس حدیث میں معانقہ اور بوسے سے جو منع کیا گیا ہے، یہ ہر مرتبہ ملاقات کے وقت کرنے سے ہے، البتہ نئے سفر سے آ کر ملے تو معانقہ و بوسہ درست ہے۔

(3)
(أَفَيَأْخُذُ بِيَدِهِ وَيُصَافِحُهُ) سے یہ واضح ہے کہ مصافحہ ایک ہاتھ سے ہوگا، کیوں کہ حدیث میں دونوں ہاتھ کے پکڑنے کے متعلق نہیں پوچھا گیا، بلکہ یہ پوچھا گیا ہے کہ ’’اس کے ہاتھ کو پکڑے اور مصافحہ کرے‘‘ معلوم ہوا کہ مصافحہ کا مسنون طریقہ ایک ہاتھ سے مصافحہ کرنا ہی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2728 سے ماخوذ ہے۔