ریاض الصالحین — حدیث نمبر 821

باب: گدی کے بل (چت) لیٹنے اور ایک پاؤں دوسرے پر رکھنے کا جواز جبکہ ستر کھلنے کا اندیشہ نہ ہو، اور چار زانو اور گوٹ مار کر (احتباء کی صورت میں) بیٹھنے کا جواز

باب جواز الاستلقاء عَلَى القفا، ووضع إحدى الرِّجلين عَلَى الأخرى إِذَا لم يخف انكشاف العورة، وجواز القعود متربعًا ومحتبيًا

حدیث نمبر: 821
وعن ابن عمر رضي الله عنهم، قَالَ: رأيتُ رسول الله - صلى الله عليه وسلم - بفناءِ الكَعْبَةِ مُحْتَبِيًا بِيَدَيْهِ هكَذا، وَوَصَفَ بِيَدَيْهِ الاحْتِبَاءَ، وَهُوَ القُرْفُصَاءُ. رواه البخاري.
ترجمہ

سیدنا (عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو کعبہ کے صحن میں اپنے دونوں ہاتھوں سے اس طرح گوٹ مار کر بیٹھے ہوئے دیکھا — اور انہوں نے اپنے ہاتھوں سے احتباء (کی صورت) بیان کی — اور یہی قرفصاء ہے۔
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)

وضاحت:
«القُرْفُصَاءُ» : یہ احتباء کرنے والے کی وہ بیٹھک ہے جو ہاتھوں کے ساتھ ہو (یعنی سرین کے بل بیٹھ کر گھٹنے کھڑے کر لے اور دونوں ہاتھوں سے پنڈلیوں کو گھیر لے)۔ (النہایہ 4/47)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب آداب النوم والاضطجاع والقعود والمجلس والجليس والرؤيا / حدیث: 821
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 8/ 76 (6272).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 6272
القرفصاء: هي جلسة المحتبي بيديه. النهاية ٤/ ٤٧.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6272 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6272. حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو کعبہ کے صحن میں دیکھا کہ آپ اپنے سرین پر بیٹھے ہوئے دونوں رانوں کو شکم مبارک سے ملائے ہوئے پھر اپنے ہاتھوں سے پنڈلیاں پکڑ کر بیٹھے ہوئے تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6272]
حدیث حاشیہ:
(1)
احتباء اور قرفصاء دونوں کا مفہوم ایک ہی ہے۔
یہ بیٹھنے کا ایک انداز ہے۔
اس میں تواضع وانکسار اور خشوع وعاجزی کا اظہار ہوتا ہے۔
حضرت قیلہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے کہ جب میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خشوع اور انکسار کی اس کیفیت میں دیکھا تو خوف سے کانپ اٹھی۔
(سنن أبي داود، الأدب، حدیث: 4847)
ان کی یہ کیفیت اس وجہ سے تھی کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جیسی عظیم ہستی کا ظاہری بیٹھنا اس قدر خشوع اور انکسار کا مظہر ہے تو باطنی طور پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کیا کیفیت ہوگی لیکن ہم لوگ اس نعمت سے کس قدر محروم ہیں۔
(2)
لیکن خطبۂ جمعہ میں اس طرح بیٹھنا ممنوع ہے۔
(سنن أبي داود، الصلاة، حدیث: 1110)
کیونکہ اس طرح بیٹھنا بے پروائی اور عدم توجہ کی علامت خیال کی جاتی ہے، نیز اس سے نیند بھی آنا شروع ہوجاتی ہے۔
واللہ أعلم
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6272 سے ماخوذ ہے۔