ریاض الصالحین — حدیث نمبر 819

باب: گدی کے بل (چت) لیٹنے اور ایک پاؤں دوسرے پر رکھنے کا جواز جبکہ ستر کھلنے کا اندیشہ نہ ہو، اور چار زانو اور گوٹ مار کر (احتباء کی صورت میں) بیٹھنے کا جواز

باب جواز الاستلقاء عَلَى القفا، ووضع إحدى الرِّجلين عَلَى الأخرى إِذَا لم يخف انكشاف العورة، وجواز القعود متربعًا ومحتبيًا

حدیث نمبر: 819
عن عبدِ اللهِ بن زيد رضي الله عنهم: أنَّه رأى رسولَ الله - صلى الله عليه وسلم - مُسْتَلْقِيًا في الْمَسْجِدِ، وَاضِعًا إحْدَى رِجْلَيْهِ عَلَى الأُخْرَى. متفقٌ عَلَيْهِ.
ترجمہ

سیدنا عبداللہ بن زید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو مسجد میں چت لیٹے ہوئے دیکھا، آپ اپنا ایک پاؤں دوسرے پر رکھے ہوئے تھے۔
(متفق علیہ)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب آداب النوم والاضطجاع والقعود والمجلس والجليس والرؤيا / حدیث: 819
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 1/ 128 (475)، ومسلم 6/ 154 (2100) (75).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 475 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
475. حضرت عبداللہ بن زید انصاری ؓ سے روایت ہے کہ انھوں نے رسول اللہ ﷺ کو مسجد میں چت لیٹے اور پاؤں پر پاؤں رکھے ہوئے دیکھا تھا۔ ابن شہاب زہری حضرت سعید بن مسیب سے نقل کرتے ہیں کہ حضرت عمر ؓ اور حضرت عثمان ؓ بھی ایسے کیا کرتے تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:475]
حدیث حاشیہ:
1۔
صحیح بخاری ؒ کے بعض نسخوں میں عنوان کے ساتھ "مدالرجل" کے الفاظ ہیں بعض میں نہیں۔
ہمارے نسخے میں یہ الفاظ موجود ہیں، لہٰذا اس عنوان سے امام بخاری ؒ کا مقصود یہ مسئلہ بیان کرنا ہے کہ مسجد میں چت لیٹنا اور پاؤں پھیلانا شرعاً کیا حکم رکھتا ہے؟ ظاہر ہے کہ مسجد میں عبادت کی جگہ ہے سونے اور لیٹنے کی جگہ نہیں، نیز بعض احادیث میں اس کی ممانعت بھی ہے۔
جیسا کہ صحیح مسلم میں ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’تم میں سے کوئی چت نہ لیٹے پھر یہ بھی نہ کرے۔
کہ اپنا ایک پاؤں دوسرے پاؤں پر رکھ لے۔
‘‘ (صحیح مسلم، اللباس، حدیث: 5503 (2099)
تو اس ممانعت کے متعلق کہا جائے گا کہ اس کا محمل اور محل اور ہے۔
یہ اس صورت میں ہوگا جب ستر عورت کا پوری طرح اہتمام نہ ہو سکے، مثلاً: کپڑا چھوٹا ہو اور اس طرح لیٹنے سے ستر کھل جانے کا اندیشہ ہو۔
یہ بھی واضح رہے کہ اس وقت عرب معاشرے میں تہبند استعمال کرنے کا رواج تھا شلواروغیرہ نہیں پہنی جاتی تھی، تاہم اگر کپڑا گنجائش دار ہے اور ستر کھلنے کا کوئی اندیشہ نہیں، بلکہ ستر عورت کا پورا اہتمام کیا ہے تو اس طرح چت لیٹنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔
اس کے علاوہ یہ بھی قابل غور ہے کہ رسول اللہ ﷺ عام لوگوں کی موجودگی میں اس طرح نہیں لیٹتے تھے، بلکہ خاص استراحت کے وقت کبھی ایسا کیا ہو گا جبکہ عام لوگ وہاں موجود نہ ہوں گے، کیونکہ رسول اللہ ﷺ تمام لوگوں کے سامنے جس وقار اور سنجیدگی کے ساتھ تشریف فرما ہوتے تھے، اس کی تفصیلات بھی احادیث میں موجود ہیں رہا۔
یہ احتمال کہ اس طرح لیٹنا رسول اللہ ﷺ کی خصوصیت نہ ہو تو اس کے لیے امام بخاری ؒ نے خلفائے راشدین میں سے حضرت عمر ؓ اور حضرت عثمان ؓ کا عمل بھی پیش کردیا۔
معلوم ہوا کہ اس طرح مسجد میں لیٹنا رسول اللہ ﷺ کے علاوہ دوسروں کے لیے بھی جائز ہے۔
(فتح الباري: 729/1)
امام حمیدی ؒ نے حضرت ابو بکرصدیق ؓ کا نام بھی اس فہرست میں شامل کیا ہے کہ ان کا عمل بھی ایسا تھا۔
(عمدة القاري: 540/3)
2۔
شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ شرح تراجم بخاری میں لکھتے ہیں کہ اس عنوان میں دوباتوں کا جواز پیش کیا جا رہا ہے، چت لیٹنا اور ایک پاؤں کو دوسرے پاؤں پر رکھ کر لیٹنا۔
دوسری احادیث میں اس کی ممانعت بھی آئی ہے، اس لیے تطبیق کے طور پر کہا جائے گا کہ ممانعت والی حدیث منسوخ ہیں یا ممانعت اس وقت ہے جب تہبند چھوٹا ہو اور اس سے ستر کھلنے کا اندیشہ ہو۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 475 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6287 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6287. حضرت عباد بن تمیم رحمہ اللہ سے روایت ہے وہ اپنے چچا سے بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو مسجد میں چت لیٹے دیکھا تھا آپ نے اپنی ٹانگ دوری پر رکھی ہوئی تھی۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6287]
حدیث حاشیہ:
حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع فرمایا ہے کہ انسان چت لیٹ کر ایک پاؤں دوسرےپاؤں پررکھے۔
(صحیح مسلم، اللباس والزینة، حدیث: 5499(2099)
یہ حدیث مذکورہ حدیث کے مخالف ہے لیکن ان دونوں حدیثوں میں تطبیق اس طرح ہے کہ جب چت لیٹے اور شرمگاہ ننگی ہو تو منع ہے جیسا کہ صحیح مسلم کی حدیث میں ہے اور اگر ننگی نہ ہو تو جائز ہے جیسا کہ صحیح بخاری کی مذکورہ حدیث میں ہے، لہٰذا ان حدیثوں میں کوئی تعارض نہیں ہے۔
واللہ أعلم
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6287 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2100 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عباد بن تمیم اپنے چچا (عبداللہ بن زید بن عاصم مازنی) سے بیان کرتے ہیں کہ اس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مسجد میں چت لیٹے دیکھا، ایک پاؤں دوسرے پاؤں پر رکھا ہوا تھا۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:5504]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس کی صورت کی وضاحت ہم پچھلے باب میں کر چکے ہیں یعنی پاؤں پر پاؤں رکھنا جائز ہے، گھٹنا کھڑا کر کے اس پر پاؤں رکھنا درست نہیں۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5504 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 722 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´مسجد میں چت لیٹنے کا بیان۔`
عبداللہ بن زید بن عاصم رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مسجد میں اپنے ایک پیر کو دوسرے پیر پر رکھ کر چت لیٹے ہوئے دیکھا ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب المساجد/حدیث: 722]
722۔ اردو حاشیہ: ایک روایت میں پاؤں پر پاؤں رکھ کر چت لیٹنے کی ممانعت بھی وارد ہے۔ دیکھیے: [صحیح مسلم، اللباس، حدیث: (72) – 2099]
بعض علماء کے بقول دونوں روایات میں تطبیق یوں ہے کہ ٹانگیں بچھی ہوئی ہوں تو پاؤں پر پاؤں رکھ کر لیٹنا جائز ہے کیونکہ اس طرح پردہ صحیح ہو جاتا ہے اور اگر گھٹنے کھڑے ہوں اور ٹانگ پر ٹانگ رکھی ہو تو یہ منع ہے کیونکہ یہ شکل دیکھنے میں قبیح لگتی ہے۔ امام خطابی رحمہ اللہ کے بقول ممانعت والی حدیث منسوخ ہے، لیکن اس کی دلیل ہونی چاہیے۔ راجح یہ ہے کہ اگر پردہ برقرار رہے تو چت لیٹ کر کسی بھی طرح ٹانگوں پر ٹانگیں رکھی جا سکتی ہیں، اس میں کوئی حرج نہیں، یہ جائز ہے اور نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 722 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: موطا امام مالك رواية ابن القاسم / حدیث: 585 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´مسجد میں لیٹنا اور سونا جائز ہے`
«. . . عن عباد بن تميم عن عمه انه راى رسول الله صلى الله عليه وسلم مستلقيا فى المسجد واضعا إحدى رجليه على الاخرى . . .»
". . . عباد بن تمیم رحمه الله کے چچا سیدنا عبداﷲ بن زید بن عاصم المازنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کو مسجد میں لیٹے ہوئے دیکھا اور آپ ایک ٹانگ دوسری ٹانگ پر رکھے ہوئے تھے . . ." [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 585]
تخریج الحدیث:
[وأخرجه البخاري 475، ومسلم 210، من حديث مالك به]
تفقه
➊ مسجد میں لیٹنا اور سونا جائز ہے۔
➋ سیدنا عمر بن الخطاب رضی اللہ اور سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہما دونوں مسجد میں ایک ٹانگ دوسری ٹانگ پر رکھ کر لیٹ جاتے تھے۔ [صحيح بخاري: 475 والموطأ 1/173 ح418]
➌ ایک صحیح حدیث میں سیدنا جابر بن عبداللہ الانصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ٹانگ کو دوسری ٹانگ پر رکھ کر لیٹنے سے منع فرمایا ہے۔ ديكهئے: [صحيح مسلم: 72/2099 [5501]]
یہ ممانعت اس حالت میں ہے جب لیٹنے والے نے چادر کا ازار بنا رکھا ہو اور شرمگاہ کے ننگا ہونے کا ڈر ہو۔ اگر آدمی نے شلوار پہن رکھی ہو یا شرمگاہ کے ننگا ہونے کا ڈر نہ ہو تو پھر یہ ممانعت نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 71 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 418 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
418- سیدنا عبداللہ بن زید رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو مسجد میں چت لیٹے ہوئے دیکھا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا ایک پاؤں دوسرے پاؤں پر رکھا ہوا تھا۔ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:418]
فائدہ:
مسجد میں لیٹنا یا سونا درست ہے لیکن لیٹنے کی کیفیت اس طرح کی ہونی چاہیے کہ شرم گاہ وغیرہ اچھی طرح پردے میں رہے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 418 سے ماخوذ ہے۔