ریاض الصالحین — حدیث نمبر 677

باب: سلطان، قاضی اور دیگر حکمرانوں کو نیک وزیر بنانے کی ترغیب، اور انہیں برے ہم نشینوں اور ان کی بات قبول کرنے سے ڈرانا

باب حث السلطان والقاضي وغيرهما من ولاة الأمور عَلَى اتخاذ وزير صالح وتحذيرهم من قرناء السوء والقبول منهم

باب کی ابتدا میں امام نووی رحمہ اللہ نے یہ آیات / کلام ذکر کیا ہے:
قَالَ الله تَعَالَى: ﴿الأَخِلاَّءُ يَوْمَئذٍ بَعْضُهُمْ لِبَعْضٍ عَدُوٌّ إِلاَّ المُتَّقِينَ﴾ [الزخرف: ٦٧].

اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اس دن دوست ایک دوسرے کے دشمن ہوں گے سوائے پرہیزگاروں کے۔“ (سورۃ الزخرف: 67)

حدیث نمبر: 677
وعن أَبي سعيدٍ وأبي هريرة رضي الله عنهم: أنَّ رسولَ الله - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «مَا بَعَثَ اللهُ مِنْ نَبِيٍّ، وَلاَ اسْتَخْلَفَ مِنْ خَليفَةٍ إِلاَّ كَانَتْ لَهُ بِطَانَتَانِ: بِطَانَةٌ تَأمُرُهُ بالمَعْرُوفِ وتَحُضُّهُ عَلَيْهِ، وَبِطَانَةٌ تَأمُرُهُ بالشَّرِّ وَتَحُضُّهُ عَلَيْهِ، وَالمَعْصُومُ مَنْ عَصَمَ اللهُ». رواه البخاري.
ترجمہ

سیدنا ابو سعید اور سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ نے جو بھی نبی بھیجا اور جو بھی خلیفہ بنایا، اس کے دو رازدار (مشیر) ضرور ہوتے ہیں: ایک رازدار اسے نیکی کا حکم دیتا اور اس پر ابھارتا ہے، اور ایک رازدار اسے برائی کا حکم دیتا اور اس پر ابھارتا ہے، اور معصوم (محفوظ) وہی ہے جسے اللہ بچا لے۔“
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 677
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 9/ 95 (7198).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 7198

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7198 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
7198. سیدنا ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں آپ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے کوئی نبی ﷺ نہیں بھیجا اور نہ کسی کو خلیفہ بنایا مگر اس کے دو رازداں ہوتے ہیں: ایک اسے نیکی کے لیے کہتا اوراس پر ابھارتا ہے اور دوسرا اسے برائی کے لیے کہتا اور اس کی ترغیب دیتا ہے اور معصوم وہ ہے جسے اللہ تعالیٰ محفوظ رکھے۔ سلیمان نے یحیٰی سے روایت کرتے ہوئے کہا: مجھے ابن شہاب نے یہ حدیث سنائی۔ ابن ابو عتیق اور موسیٰ بن عقبہ نے بھی ابن شہاب سے اسی طرح بیان کیا ہے۔ شعیب نے زہری سے انہوں نے ابو سلمہ سے انہوں نے سیدنا ابو سعید ؓ سے ان کا قول بیان کیا۔۔ امام اوزاعی اور معاویہ بن سلام نے کہا: انہیں زہری نے ابو سلمہ سے انہوں نے ابو ہریرہ ؓ سے انہوں نے نبی ﷺ سے یہ حدیث بیان کی۔ ابن ابو حسین اور سعید بن زیاد نے کہا: انہوں نے ابو سلمہ سے، انہوں نے ابو سیعد سے ان کا قول نقل کیا ہے۔ عبیداللہ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:7198]
حدیث حاشیہ: اس کو امام نسائی نے وصل کیا۔
حدیث مذکور کا مطلب یہ ہے کہ پیغمبروں کو بھی شیطان بہکانا چاہتا ہے مگر وہ اس کے دام میں نہیں آتے کیوںنکہ اللہ تعالیٰ ان کو معصوم رکھنا چاہتا ہے۔
باقی دوسرے خلیفے اور بادشاہ کبھی بد کار مشیر کے دام میں پھنس جاتے ہیں اور برے کام کرنے لگتے ہیں۔
بعضوں نے کہا نیک رفیق سے فرشتہ اور برے رفیق سے شیطان مراد ہے۔
بعضوں نے کہا نفس امارہ اور نفس مطمنہ مراد ہیں۔
اوزاعی کی روایت کو امام احمد نے اور معاویہ رضی اللہ عنہ کی روایت کو امام نسائی نے وصل کیا۔
ان دونوں نے راوی حدیث ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کو قرار دیا اور اوپر کی روایتوں میں ابوسعید تھے اور عبد اللہ بن ابی حسین اور سعید کی روایتوں کو معلوم نہیں کس نے وصل کیا۔
سند میں تفصیل کا حاصل یہ ہے کہ اس حدیث میں ابو سلمہ پر راویوں کا اختلاف ہے۔
کوئی کہتا ہے ابو سلمہ رضی اللہ عنہ نے ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔
کوئی کہتا ہے ابو سعید سے، کوئی کہتا ہے ابو ایوب سے‘ کوئی ابو سعید سے موقوفاً نقل کرتا ہے کوئی مرفوعاً۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7198 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7198 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
7198. سیدنا ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں آپ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے کوئی نبی ﷺ نہیں بھیجا اور نہ کسی کو خلیفہ بنایا مگر اس کے دو رازداں ہوتے ہیں: ایک اسے نیکی کے لیے کہتا اوراس پر ابھارتا ہے اور دوسرا اسے برائی کے لیے کہتا اور اس کی ترغیب دیتا ہے اور معصوم وہ ہے جسے اللہ تعالیٰ محفوظ رکھے۔ سلیمان نے یحیٰی سے روایت کرتے ہوئے کہا: مجھے ابن شہاب نے یہ حدیث سنائی۔ ابن ابو عتیق اور موسیٰ بن عقبہ نے بھی ابن شہاب سے اسی طرح بیان کیا ہے۔ شعیب نے زہری سے انہوں نے ابو سلمہ سے انہوں نے سیدنا ابو سعید ؓ سے ان کا قول بیان کیا۔۔ امام اوزاعی اور معاویہ بن سلام نے کہا: انہیں زہری نے ابو سلمہ سے انہوں نے ابو ہریرہ ؓ سے انہوں نے نبی ﷺ سے یہ حدیث بیان کی۔ ابن ابو حسین اور سعید بن زیاد نے کہا: انہوں نے ابو سلمہ سے، انہوں نے ابو سیعد سے ان کا قول نقل کیا ہے۔ عبیداللہ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:7198]
حدیث حاشیہ:
1۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ حضرات انبیاء علیہم السلام کو بھی شیاطین راہ راست سے دور رکھنے کی کوشش کرتے تھےمگر یہ حضرات ان کے دھوکے اور فریب میں نہیں آتے تھے اللہ تعالیٰ انھیں اس کی چالوں سے محفوظ رکھتا ہے البتہ انبیاء علیہم السلام کے علاوہ دوسرے ملوک و سلاطین کو شیطان گمراہ کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے اور وہ اس کے بہکاوے میں آکر برے کاموں میں دلچسپی لینا شروع کر دیتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے۔
’’میرے ساتھ بھی شیطان لگا ہوا ہے میرا شیطان مسلمان ہو چکا ہے اور مجھے اچھے کام کا مشورہ دیتا ہے۔
‘‘ (صحیح مسلم، صفات المنافقین، حدیث: 7108(2814)
2۔
حاکم وقت کو چاہیے کہ باوثوق قابل اعتبار، سمجھ دار، ذہین اور زیرک مشیر رکھے تاکہ امور مملکت چلانے میں دشواری اور مشکل نہ ہو۔
حکومت کے حالات اس وقت خراب ہوتے ہیں جب اس کے معاملات برے مشیروں کے حوالے ہو جاتے ہیں جو حاکم وقت کو غلط مشورے دیتے ہیں۔
(فتح الباري: 235/13)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7198 سے ماخوذ ہے۔