ریاض الصالحین — حدیث نمبر 667
باب: غیر معصیت میں حکمرانوں کی اطاعت کا وجوب اور معصیت میں ان کی اطاعت کی حرمت
باب وجوب طاعة ولاة الأمر في غير معصية وتحريم طاعتهم في المعصية
وعن عبدِ اللهِ بن عمرو رضي الله عنهم، قَالَ: كنا مَعَ رسول الله - صلى الله عليه وسلم - في سَفَرٍ، فَنَزَلْنَا مَنْزِلًا، فَمِنَّا مَنْ يُصْلِحُ خِبَاءهُ، وَمِنّا مَنْ يَنْتَضِلُ، وَمِنَّا مَنْ هُوَ فِي جَشَرِهِ، إذْ نَادَى مُنَادِي رسولِ الله - صلى الله عليه وسلم: الصَّلاةَ جَامِعَةً. فَاجْتَمَعْنَا إِلَى رسولِ الله - صلى الله عليه وسلم - فَقَالَ: «إنَّهُ لَمْ يَكُنْ نَبيٌّ قَبْلِي إِلاَّ كَانَ حَقًّا عَلَيْهِ أَنْ يَدُلَّ أُمَّتَهُ عَلَى خَيْرِ مَا يَعْلَمُهُ لَهُمْ، وَيُنْذِرَهُم شَرَّ مَا يَعْلَمُهُ لَهُمْ. وَإنَّ أُمَّتَكُمْ هذِهِ جُعِلَ عَافِيَتُهَا في أوَّلِهَا، وَسَيُصيبُ آخِرَهَا بَلاَءٌ وَأمُورٌ تُنْكِرُونَهَا، وَتَجِيءُ فِتنَةٌ يُرَقِّقُ بَعْضُهَا بَعْضًا، وَتَجِيءُ الفتنَةُ فَيقُولُ المُؤْمِنُ: هذه مُهلكتي، ثُمَّ تنكشفُ، وتجيء الفتنةُ فيقولُ المؤمنُ: هذِهِ هذِهِ. فَمَنْ أحَبَّ أَنْ يُزَحْزَحَ عَنِ النَّارِ، ويُدْخَلَ الجَنَّةَ، فَلْتَأتِهِ منيَّتُهُ وَهُوَ يُؤْمِنَ باللهِ واليَوْمِ الآخِرِ، وَلْيَأتِ إِلَى النَّاسِ الَّذِي يُحِبُّ أَنْ يُؤتَى إِلَيْهِ. وَمَنْ بَايَعَ إمَامًا فَأعْطَاهُ صَفْقَةَ يَدِهِ، وَثَمَرَةَ قَلْبِهِ، فَلْيُطِعْهُ إن استَطَاعَ، فإنْ جَاءَ آخَرُ يُنَازِعُهُ فَاضْرِبُوا عُنْقَ الآخَرِ». رواه مسلم.
قَوْله: «يَنْتَضِلُ» أيْ: يُسَابِقُ بالرَّمْي بالنَّبل والنُّشَّاب. وَ«الجَشَرُ»: بفتح الجيم والشين المعجمة وبالراء، وهي: الدَّوابُّ الَّتي تَرْعَى وَتَبِيتُ مَكَانَهَا. وَقَوْلُه: «يُرَقِّقُ بَعْضُهَا بَعْضًا» أيْ: يُصَيِّرُ بَعْضُهَا بَعْضًا رقيقًا: أيْ خَفِيفًا لِعِظَمِ مَا بَعْدَهُ، فالثَّانِي يُرَقّقُ الأَوَّلَ. وقيل مَعنَاهُ يُشَوِّقُ بَعْضُهَا إِلَى بَعْضٍ بتحسينهَا وَتَسويلِهَا، وقيل: يُشبِهُ بَعْضُها بَعضًا.سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے کہا: ہم ایک سفر میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے، ہم نے ایک جگہ پڑاؤ ڈالا، تو ہم میں سے کوئی اپنا خیمہ درست کر رہا تھا، کوئی تیر اندازی کا مقابلہ کر رہا تھا، اور کوئی اپنے چرنے والے جانوروں میں تھا، کہ اچانک رسول اللہ ﷺ کے منادی نے آواز دی: «الصَّلَاةَ جَامِعَةً» (نماز کے لیے جمع ہو جاؤ)۔ چنانچہ ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس جمع ہو گئے، تو آپ نے فرمایا: ”مجھ سے پہلے کوئی نبی ایسا نہیں گزرا جس پر یہ حق (لازم) نہ ہو کہ وہ اپنی امت کی اس بہترین چیز کی طرف رہنمائی کرے جسے وہ ان کے لیے (بہتر) جانتا ہو، اور انہیں اس بدترین چیز سے ڈرائے جسے وہ ان کے لیے (برا) جانتا ہو۔ اور تمہاری اس امت کی عافیت اس کے ابتدائی حصے میں رکھی گئی ہے، اور اس کے آخری حصے کو آزمائش اور ایسے امور پہنچیں گے جنہیں تم ناپسند کرو گے، اور ایسا فتنہ آئے گا جس کا ایک حصہ دوسرے کو ہلکا کر دے گا، اور فتنہ آئے گا تو مومن کہے گا: یہ میری ہلاکت (کا سبب) ہے، پھر وہ چھٹ جائے گا، اور (پھر) فتنہ آئے گا تو مومن کہے گا: یہ (ہلاکت والا) ہے، یہ (ہلاکت والا) ہے۔ تو جو شخص یہ پسند کرے کہ اسے جہنم سے دور کر دیا جائے اور جنت میں داخل کر دیا جائے، تو اسے اس حال میں موت آنی چاہیے کہ وہ اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو، اور اسے لوگوں کے ساتھ وہ سلوک کرنا چاہیے جو وہ پسند کرتا ہے کہ اس کے ساتھ کیا جائے۔ اور جس نے کسی امام کی بیعت کی، اور اسے اپنے ہاتھ کا سودا (یعنی ہاتھ میں ہاتھ) اور اپنے دل کا پھل (یعنی خلوص) دے دیا، تو وہ استطاعت کے مطابق اس کی اطاعت کرے، پھر اگر کوئی دوسرا آ کر اس سے (امارت میں) جھگڑا کرے تو اس دوسرے کی گردن مار دو۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
آپ کا فرمان «يَنْتَضِلُ»: یعنی تیروں اور نشابوں سے تیر اندازی میں مقابلہ کرتا ہے۔
اور «الجَشَرُ» (جیم اور شین معجمہ کے فتحہ اور را کے ساتھ): وہ جانور جو چرتے ہیں اور اپنی (چراگاہ کی) جگہ ہی رات گزارتے ہیں۔
اور آپ کا فرمان «يُرَقِّقُ بَعْضُهَا بَعْضًا»: یعنی اس کا ایک حصہ دوسرے کو رقیق یعنی ہلکا بنا دے گا، اپنے بعد والے (فتنے) کے بڑا ہونے کی وجہ سے، چنانچہ دوسرا پہلے کو ہلکا کر دے گا۔ اور کہا گیا ہے کہ اس کا معنی یہ ہے: ان میں سے بعض، بعض کی طرف (لوگوں کو) شوق دلائیں گے، انہیں خوشنما اور مزین کر کے پیش کرنے کے ذریعے۔ اور کہا گیا ہے: ان میں سے بعض، بعض کے مشابہ ہوں گے۔
تشریح، فوائد و مسائل
عبدالرحمٰن بن عبد رب الکعبہ کہتے ہیں کہ میں عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کے پاس گیا، وہ کعبہ کے سائے میں بیٹھے ہوئے تھے، لوگ ان کے پاس اکٹھا تھے، میں نے انہیں کہتے ہوئے سنا: اسی دوران جب کہ ہم ایک سفر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے، ہم نے ایک جگہ پڑاؤ ڈالا، تو ہم میں سے بعض لوگ خیمہ لگانے لگے، بعض نے تیر اندازی شروع کی، بعض جانور چرانے لگے، اتنے میں نبی اکرم صلی ا۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب البيعة/حدیث: 4196]
(2) اس حدیث مبارکہ سے انبیاء کے ذمے ان فرائض کی وضاحت بھی ہوتی ہے جو اﷲ تعالیٰ نے ان پر عائد کیے تھے یعنی اخلاص کے ساتھ انھیں خیر وشر کے متعلق خبردار کرنا، انھیں ان کی دنیوی واخروی بھلائیوں کی رہنمائی کرنا اور انھیں ان کے دینی ودنیوی شر اور نقصان سے ڈرانا اور اس پر متنبہ کرنا۔
(3) موت تک ایمان باﷲ اور ایمان بالآخرت پر پکا رہنا، نیز لوگوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنا، آگ سے نجات اور جنت میں داخلے کا سبب ہے۔
(4) امام نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اس حدیث مبارکہ سے یہ بات بھی معلوم ہوتی ہے کہ ہر انسان پر لازم ہے کہ وہ لوگوں کے ساتھ ویسا سلوک اور برتاؤ کرے جیسا وہ اپنے لیے لوگوں سے چاہتا ہے۔ حدیث اس بات پر صریح نص ہے۔ نبی ﷺ کے ان کلمات کو آپ کے جوامع الکلم میں سے شمار کیا گیا ہے۔ یہ شریعت مطہرہ کا اہم قاعدہ ہے۔ ہر مسلمان مرد اور عورت کو اس کا خاص اہتمام کرنا چاہیے۔
(5) "ابتدائی لوگوں میں" معلوم ہوا صحابہ کرام رضی اللہ عنہم افضل امت تھے۔ ان کا دین محفوظ تھا۔ دنیوی فتنوں کا بہت کم شکار ہوئے۔
(6) "ہلکے معلوم ہوں گے" یعنی بعد والا فتنہ پہلے فتنے سے بڑا ہوگا، لہٰذا پہلا فتنہ دوسرے کے مقابلے میں ہلکا محسوس ہوگا، حالانکہ وہ حقیقتاََ بہت بڑا ہوگا جیسا کہ حدیث ہی میں تفصیل مذکور ہے۔
(7) "گردن ماردو" اسلام میں بغاوت بہت بڑا جرم ہے۔ لوگ ایک امیر پر متفق اور مطمئن ہوں تو اس کے خلاف افرا تفری پیدا کرنے والا امن وامان کو درہم برہم کرنے والا بڑا مجرم ہے۔ اس کی سزا قتل ہے۔ گویا بغاوت ارتداد کے جرم کے برابر ہے۔ گزشتہ صفحات میں اس کی تفصیل بیان ہوچکی ہے۔
(1)
يُصْلِحُ خِبَاءَهُ: اپنے خیمہ کو درست کرنے لگا۔
(2)
يَنْتَضِلُ: تیراندازی کرنے لگا۔
(3)
جَشَرِ: ان مویشیوں کو کہتے ہیں، جو چراگاہ میں چرتے ہیں اور وہیں رات گزارتے ہیں۔
(4)
الصَّلَاةَ جَامِعَةً: سلف نے اگر کسی اہم کام کے لیے لوگوں کو جمع کرنا ہوتا، تو وہ ان کلمات کے ذریعہ لوگوں کو بلاتے، لیکن اسے مراد صبح کی اذان اور اقامت کے درمیان تثویب نہیں، دوبارہ حي علي الصلوة، حي الصلوة، کہنے پر استدلال کرنا درست نہیں ہے، کیونکہ نماز کے لیے تثویب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یا صحابہ کرام سے ثابت نہیں ہے، جبکہ دینی امور میں صلاح ومشورہ کرنے کے لیے الصَّلَاةَ جَامِعَةً کے ذریعہ لوگوں کو اکھٹا کرنا ثابت ہے، کیونکہ جن لوگوں نے نماز کے لیے آنا ہے، ان کے لیے آذان کافی ہے، جنہوں نے نہیں آنا، تشہد کے کلمات یا آج کل الصلوة والسلام عليك يا رسول الله کے کلمات، ان کو مسجد میں نہیں لاسکتے، اس لیے یہ کلمات لاحاصل ہیں۔
(5)
جُعِلَ عَافِيَتُهَا فِي أَوَّلِهَا: آپ کی پیش گوئی کے مطابق امت کا ابتدائی طبقہ دین پر قائم رہا اور اس کو کوئی چیز دین پر عمل پیرا ہونے سے نہ روک سکی، یہی معنی ہے کہ امت کی عافیت وسلامتی اس کے پہلے طبقہ میں ہے، اس لیے پہلے تین قرون کو خیر القرون قرار دیا گیا، کیونکہ مجموعی طور پر وہ دین پر قائم رہے۔
(6)
يُرَقِّقُ بَعْضُهَا بَعْضًا: بعد والے فتنہ کے مقابلہ میں پہلا فتنہ ہلکا اور کم نقصان دہ محسوس ہوتا تھا۔
(7)
وَلْيَأْتِ إِلَى النَّاسِ الَّذِي يُحِبُّ أَنْ يُؤْتَى إِلَيْهِ: لوگوں سے وہ یہ رویہ اور طرز عمل اختیار کرے، جو ان سے اپنے لیے پسند کرتا ہے، یعنی جس طرح دوسروں سے ہمدردی اور خیرخواہی اور اچھے طرز عمل کا خواہاں ہے، اس طرح ان کے ساتھ، ہمدردی وخیر خواہی کا رویہ اختیار کرے، اگر آج ہمارا اس جامع نصیحت پر عمل ہوجائے، تو ہمارے بہت سے مسائل خود بخود حل ہوجائیں، اور ہم بے شمار مشکلات ومصائب سے چھٹکارا حاصل کرلیں۔
(8)
فَأَعْطَاهُ صَفْقَةَ يَدِهِ وَثَمَرَةَ قَلْبِهِ: بیعت کے لیے اپنا ہاتھ اس کے ہاتھ پر رکھا ہے اور دل کی گہرائی سے تسلیم کیا ہے۔
(9)
فَاضْرِبُوا عُنُقَ الْآخَرِ: دوسرے خلیفہ کی گردن ماردو، اسے قتل کر دو۔
فوائد ومسائل:
هَذَا ابْنُ عَمِّكَ مُعَاوِيَةُ: کہ تمہارے بقول پہلے خلیفہ کے بعد خلافت کا مدعی قابل قتل ہے، تو پھر جب حضرت علی رضی اللہ عنہ خلیفہ بن چکے ہیں، تو پھر معاویہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے خلاف جنگ کیوں لڑ رہے ہیں، اس طرح اپنے لشکر اور حواریوں پر جو مال خرچ کر رہے ہیں، وہ ناجائز طریقہ سے مال کھانا ہے اور ایک دوسرے کو قتل کرنے کا حکم دیتا ہے، یہ اس سائل کا دعویٰ ہے، حالانکہ حضرت معاویہ نے خلافت کا دعویٰ نہیں کیا، بلکہ قاتلین عثمان کو اپنے حوالہ کرنے کی استدعا کی تھی اور قاتلین عثمان کی سازشوں کے نتیجہ میں اپنا دفاع کرنے کے لیے جنگ لڑنی پڑی تھی، اس لیے وہ اپنے اجتہاد اور اپنی رائے کی روشنی میں اس لڑائی کو صحیح سمجھتے تھے اور اس کے لیے مال خرچ کرنا، وہ ناجائز طریقہ سے مال کھانا قرار نہیں دیا جا سکتا، حضرت علی رضی اللہ عنہ نے ایک خط لکھوا کر، ملک کے اکناف واطراف میں نشر کردیا تھا، جس میں لکھا، ہمارا اور اہل شام کا مقابلہ ہوا اور یہ کھلی حقیقت ہے، ہمارا رب ایک ہے، ہمارا نبی ایک ہے، اسلام کے بارے میں ہماری وحدت یکساں ہے، اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایمان لانے اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تصدیق کرنے میں، ہم ان سے بڑھ کر نہیں ہیں اور نہ وہ ہم پر اس میں فائق ہیں، ہمارا معاملہ یکساں ہے، مگر خون عثمان میں ہمارا اور ان کا اختلاف ہو گیا ہے اور ہم اس سے برئ الذمہ ہیں۔
(نہج البلاغۃج 2، ص114۔
مع حواشی امام عبدہ، بحوالہ رحماء بینھم ج4 ص183۔
یہی بات درۃ نجفیہ شرح نہج البلاغۃ ص 344 میں موجود ہے)
۔
اس لیے جب شاہ روم نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کو ملانے کی خواہش کی، کیونکہ ان کا اقتدار رومی سلطنت کے لیے خطرہ بن چکا تھا اور شامی فوجیں اس کی افواج کو مغلوب کر کے ذلیل کرچکی تھیں، تو وہ ایک بڑی فوج کے ساتھ ایک قریبی علاقہ میں آیا اور حضرت معاویہ کو تعاون کی پیش کش کی، تو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے اسے خط لکھا: اللہ کی قسم! اگر تو نہ رکا اور اے لعین، تو اگر اپنے ملک واپس نہ گیا، تو میں اور میرے چچا زاد دونوں آپس میں مل جائیں گے اور تجھے تیرے تمام قلمرو سے خارج کر دیں گے۔
(البدایۃ والنھایۃ ج 8 ص 119)
۔
اور حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما نے سائل کو حضرت معاویہ کی اطاعت کا حکم اس لیے دیا، کیونکہ 40ھ میں حضرت علی اور حضرت معاویہ رضی اللہ عنہما میں صلح ہو گئی تھی اور دونوں نے فوجیں ایک دوسرے کے مقابلہ میں واپس بلالی تھیں اور حضرت علی رضی اللہ عنہ نے شام کا علاقہ حضرت معاویہ کے حوالہ کردیا تھا، (البدایۃ والنھایۃ، ج7، ص322۔
تاریخ طبری، ج، 6 ص 81، سن40ھ)
عبدالرحمٰن بن عبدرب الکعبہ کہتے ہیں کہ میں عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما کے پاس پہنچا، وہ کعبہ کے سائے میں بیٹھے تھے، اور لوگ ان کے پاس جمع تھے، تو میں نے ان کو کہتے سنا: اس دوران کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سفر میں تھے، آپ نے ایک جگہ قیام کیا، تو ہم میں سے کوئی خیمہ لگا رہا تھا، کوئی تیر چلا رہا تھا، اور کوئی اپنے جانور چرانے لے گیا، اتنے میں ایک منادی نے آواز لگائی کہ لوگو! نماز کے لیے جمع ہو جاؤ، تو ہم نماز کے لیے جمع ہو گئے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہو کر ہمیں خطبہ دیا، اور فرمایا: " مجھ سے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الفتن/حدیث: 3956]
فوائد و مسائل:
(1)
نبیﷺ کی جدو جہد کی بنیاد خلوص اور انسانوں کی خیر خواہی پر ہوتی ہے۔
علماء کو بھی اسی بنیاد پر محنت کرنی چاہیے۔
(2)
صحابہ وتابعین مخلص مومن تھے ان سے اختلاف کرنے والے غلطی پر تھے۔
(3)
مومن فتنوں کو پہچانتا ہے اس لیے انھیں قبول نہیں کرتا اگرچہ بے انتہا مشکلات آجائیں۔
(4)
فتنوں کے دور میں ایمان کی حفاظت کا خاص طور پر خیال رکھنا چاہیے۔
(5)
معاملات میں صحیح اور غلط کا معیار یہ ہے کہ دوسروں سے ایسا سلوک کرو جیسا تم اپنے آپ سے کیا جانا پسند کرتے ہو مثلاً: جس طرح ایک شخص یہ پسند کرتا ہے کہ جب اسے مشورے کی ضرورت پڑے تو صحیح مشورہ دیا جائے اسی طرح اسے چاہیے کہ دوسروں کو صحیح مشورہ دے۔
جس طرح وہ چاہتا ہے کہ اسے کوئی دھوکہ نہ دے اسی طرح اسے چاہیے کہ وہ دوسروں کو دھوکہ نہ دے۔
(6)
اسلامی سلطنت میں ایک خلیفہ کی موجودگی میں دوسرے شخص کا خلا فت کے استحقاق کا دعوی ٰ لے کر کھڑا ہونا مسلمانوں میں انتشار وافتراق کا باعث ہے۔
(7)
پہلے خلیفہ کے بعد مسلمانوں کے اہل حل وعقد دوسرا خلیفہ منتخب کریں گے۔
کسی کو خود بخود خلافت کا دعویٰ لے کر کھڑا نہیں ہونا چاہیے۔
(8)
موجود خلیفہ غلطی کرے تو اسے متنبہ کرنا ضروری ہے، جیسے امام مالک اور امام احمد بے حنبل رحمۃ اللہ علیہما وغیرہ نے حکام کی غلطیوں پر سخت تنقید کی لیکن یہ مطالبہ کبھی نہیں کیا کہ حکومت ہمیں دے دو۔