ریاض الصالحین — حدیث نمبر 642
باب: معاف کرنے اور جاہلوں سے کنارہ کشی کا بیان
باب العفو والإعراض عن الجاهلين
قَالَ الله تَعَالَى: ﴿خُذِ الْعَفْوَ وَأْمُرْ بِالعُرْفِ وَأَعْرِضْ عَنِ الْجَاهِلينَ﴾ [الأعراف: ١٩٩]، وقال تَعَالَى: ﴿فَاصْفَحِ الصَّفْحَ الْجَمِيلَ﴾ [الحجر: ٨٥]، وقال تَعَالَى: ﴿وَلْيَعْفُوا وَلْيَصْفَحُوا ألاَ تُحِبُّونَ أَنْ يَغْفِرَ اللهُ لَكُمْ﴾ [النور: ٢٢]، وقال تَعَالَى: ﴿وَالْعَافِينَ عَنِ النَّاسِ وَاللهُ يُحِبُّ الْمُحْسِنينَ﴾ [آل عمران: ١٣٤]، وقال تَعَالَى: ﴿وَلَمَنْ صَبَرَ وَغَفَرَ إنَّ ذَلِكَ لَمِنْ عَزْمِ الأُمُورِ﴾ [الشورى: ٤٣] والآيات في الباب كثيرة معلومة.اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”درگزر اختیار کرو، نیکی کا حکم دو اور جاہلوں سے کنارہ کش رہو۔“ (سورۃ الاعراف: 199)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”پس آپ اچھے طریقے سے درگزر کیجیے۔“ (سورۃ الحجر: 85)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور انہیں چاہیے کہ معاف کر دیں اور درگزر کریں، کیا تم پسند نہیں کرتے کہ اللہ تمہیں بخش دے؟“ (سورۃ النور: 22)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور لوگوں کو معاف کرنے والے، اور اللہ نیکی کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔“ (سورۃ آل عمران: 134)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور البتہ جو شخص صبر کرے اور معاف کر دے، تو یقیناً یہ ہمت کے کاموں میں سے ہے۔“ (سورۃ الشوریٰ: 43)
اور اس باب میں آیات بہت ہیں اور معلوم ہیں۔
وعن عائشة رضي الله عنها: أنها قالت للنبي - صلى الله عليه وسلم: هَلْ أتَى عَلَيْكَ يَوْمٌ كَانَ أشَدَّ مِنْ يَوْمِ أُحُدٍ؟ قَالَ: «لَقَدْ لَقِيتُ مِنْ قَوْمِكِ، وَكَانَ أشَدُّ مَا لَقيتُ مِنْهُمْ يَوْمَ الْعَقَبَةِ، إذْ عَرَضْتُ نَفْسِي عَلَى ابْنِ عَبْدِ يَالِيْلَ بْنِ عَبْدِ كُلاَلٍ، فَلَمْ يُجِبْني إِلَى مَا أرَدْتُ، فَانْطَلَقْتُ وَأنا مَهْمُومٌ عَلَى وَجْهِي، فَلَمْ أسْتَفِقْ إِلاَّ وأنَا بِقَرْنِ الثَّعَالِبِ، فَرَفَعْتُ رَأْسِي، وَإِذَا أنَا بِسَحَابَةٍ قَدْ أظَلَّتْنِي، فَنَظَرْتُ فَإذَا فِيهَا جِبريلُ - عليه السلام - فَنَادَاني، فَقَالَ: إنَّ الله تَعَالَى قَدْ سَمِعَ قَوْلَ قَوْمِكَ لَكَ، وَمَا رَدُّوا عَلَيْكَ، وَقَد بَعَثَ إلَيْكَ مَلَكَ الجِبَالِ لِتَأْمُرَهُ بمَا شِئْتَ فِيهِمْ. فَنَادَانِي مَلَكُ الجِبَالِ، فَسَلَّمَ عَلَيَّ، ثُمَّ قَالَ: يَا مُحَمَّدُ إنَّ اللهَ قَدْ سَمِع قَوْلَ قَوْمِكَ لَكَ، وَأنا مَلَكُ الجِبال، وَقَدْ بَعَثَنِي رَبِّي إلَيْكَ لِتَأْمُرَنِي بِأَمْرِكَ، فَمَا شِئْتَ، إنْ شئْتَ أطْبَقْتُ عَلَيْهِمُ الأَخْشَبَيْنِ». فَقَالَ النبي - صلى الله عليه وسلم: «بَلْ أرْجُو أَنْ يُخْرِجَ اللهُ مِنْ أصْلاَبِهِمْ مَنْ يَعْبُدُ اللهَ وَحْدَهُ لاَ يُشْرِكُ بِهِ شَيْئًا». متفقٌ عَلَيْهِ.
«الأخْشَبَان»: الجَبَلان المُحيطان بمكَّة. وَالأخشبُ: هُوَ الجبل الغليظ.سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی کریم ﷺ سے عرض کیا: کیا آپ پر کوئی دن ایسا بھی آیا ہے جو احد کے دن سے زیادہ سخت ہو؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”مجھے تمہاری قوم سے (بہت تکلیفیں) پہنچی ہیں، اور ان کی طرف سے سب سے سخت تکلیف جو مجھے پہنچی وہ عقبہ کے دن تھی، جب میں نے اپنے آپ کو ابن عبد یالیل بن عبد کلال پر پیش کیا، تو اس نے میری اس بات کا جواب نہ دیا جو میں چاہتا تھا، چنانچہ میں غمزدہ ہو کر اپنے رخ پر چل پڑا، اور مجھے ہوش تب آیا جب میں قرن الثعالب میں تھا، میں نے اپنا سر اٹھایا تو کیا دیکھتا ہوں کہ ایک بادل نے مجھ پر سایہ کر رکھا ہے، میں نے دیکھا تو اس میں جبریل علیہ السلام تھے، انہوں نے مجھے آواز دی اور کہا: اللہ تعالیٰ نے آپ کی قوم کی وہ بات سن لی ہے جو انہوں نے آپ سے کہی، اور وہ جواب بھی جو انہوں نے آپ کو دیا، اور اللہ نے آپ کی طرف پہاڑوں کا فرشتہ بھیجا ہے تاکہ آپ ان کے بارے میں اسے جو چاہیں حکم دیں۔ پھر پہاڑوں کے فرشتے نے مجھے آواز دی، مجھے سلام کیا، پھر کہا: اے محمد! اللہ نے آپ کی قوم کی وہ بات سن لی ہے جو انہوں نے آپ سے کہی، اور میں پہاڑوں کا فرشتہ ہوں، اور میرے رب نے مجھے آپ کی طرف بھیجا ہے تاکہ آپ مجھے اپنا حکم دیں، تو آپ کیا چاہتے ہیں؟ اگر آپ چاہیں تو میں ان پر دونوں اخشب (پہاڑ) ملا دوں۔“ تو نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”بلکہ مجھے امید ہے کہ اللہ ان کی پشتوں سے ایسے لوگ پیدا فرمائے گا جو صرف ایک اللہ کی عبادت کریں گے اور اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہیں ٹھہرائیں گے۔“
(متفق علیہ)
«الأَخْشَبَانِ»: مکہ کو گھیرے ہوئے دو پہاڑ۔ اور «الأَخْشَبُ»: موٹا (بھاری) پہاڑ۔
تشریح، فوائد و مسائل
1۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے یہ حدیث انتہائی اختصار کے ساتھ بیان کی ہے: اس کی تفصیل کچھ اس طرح سے ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے عرض کی: اللہ کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! کیا احد کے دن سے زیادہ گراں اور تکلیف دہ دن بھی کبھی آپ پر آیا ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا۔
’’ہاں تمھاری قوم سے مجھے جن مصائب کا سامنا کرنا پڑا ان میں سب سے سنگین مصیبت اور شدید تکلیف دہ تھی جو مجھے عقبہ کے دن پہنچی۔
جب میں نےاپنے آپ کو عبد یالیل بن عبد کلال کے صاحبزادے پر پیش کیا مگر اس نے میری بات قبول نہ کی اس غم والم سے نڈھال اپنے رخ پر چل پڑا۔
مجھے قرن ثعالب پہنچ کر کچھ افاقہ ہوا۔
وہاں میں نے اپنا سر آسمان کی طرف اٹھایا تو کیا دیکھتا ہوں کہ بادل کا ایک ٹکڑا مجھ پر سایہ کیے ہوئے ہے۔
میں نے بغور دیکھا تو اس میں حضرت جبرئیل علیہ السلام تھے انھوں نے مجھے آواز دیتے ہوئے کہا: اللہ تعالیٰ نے آپ کی قوم کا کلام اور ان کا جواب سن لیا ہے۔
اب اس نے آپ کے پاس پہاڑوں کا فرشتہ بھیجا ہے تاکہ آپ ان کے متعلق اسے جو حکم دیں اس کی تعمیل ہو گی۔
اس کے بعد پہاڑوں کےفرشتے نے آواز دی اور سلام کرنے کے بعد کہا: اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم! بات یہی ہے۔
اب آپ جو چاہیں میں کرنے کے لیے حاضر ہوں۔
اگر آپ چاہیں تو میں انھیں دو پہاڑوں کے درمیان کچل دوں؟ یہ سن کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’نہیں! مجھے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی پشت سے ایسی نسل پیدا کرے گا جو صرف ایک اللہ کی عبادت کرے گی اور اس کے ساتھ کسی کوشریک نہیں ٹھہرائے گی۔
‘‘ (صحیح البخاري، بدء الخلق: حدیث: 3231)
2۔
اس حدیث میں واضح طور پر اس اس بات کا ثبوت ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی باتیں سنتا ہے اور انھیں دیکھتا ہے۔
اس پر کوئی چیز مخفی نہیں سمع اور بصر اللہ تعالیٰ کی ذاتی صفات ہیں جس کے متعلق ہم ابھی بیان کر آئے ہیں۔
جو شخص ان صفات کا انکار کرتا ہے ا سے ان سے آگاہ کیا جائے۔
اور دلائل و براہین سے اسے قائل کیا جائے اگر وہ اپنے انکار پر جما رہے اور حق کی وضاحت کے باوجود اسے قبول نہ کرے تو اس کے کفر میں کوئی شبہ نہیں کیونکہ اس نے ایک ایسی چیز کا انکار کیا ہے جو تمام انبیاء علیہم السلام کے اجماع سے ثابت ہے۔
(شرح کتاب التوحید للغنیمان: 199/1)
حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے کرمانی کے حوالے سے لکھا ہے کہ ان احادیث سے اللہ تعالیٰ کی دو ذاتی صفات سمع اور بصر کا ثبوت ملتا ہے۔
جب کوئی سنائی اور دیکھائی دینے والی چیز وجود میں آتی ہے تو اللہ تعالیٰ کی ذاتی قدیم صفات کا تعلق ان سے قائم ہو جاتا ہے جبکہ معتزلہ ان صفات کو حادث کہتے ہیں قرآنی آیات اور احادیث ان کے موقف کی تردید کرتی ہیں۔
بہر حال اس سلسلے میں اسلاف کا موقف ہی صحیح اوردرست ہے۔
واللہ المستعان۔
(فتح الباري: 459/13)
حضرت امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو لاکر اس سے بھی فرشتوں کا وجود ثابت فرمایا۔
اخشبین سے مراد مکہ کے دو مشہور پہاڑ جبل ابوتبیس اور جبل قعیقعان مراد ہیں۔
لفظ عقبہ جو روایت میں آیاہے یہ طائف کی طرف ایک گھاٹی کا نام ہے۔
طائف کی طرف آپ ﷺ شوال10نبوی میں تشریف لے گئے تھے۔
پہلے وہاں کے لوگوں نے خود آپ کو بلا بھیجا تھا بعد میں وہ مخالف ہوگئے اور انہوں نے آپ ﷺ پر پتھر مارے، ایک پتھر آپ کی ایڑی میں لگا اور آپ زخمی ہوگئے۔
اس قدر ستانے کے باوجود آپ ﷺ نے ان کے لیے دعائے خیر فرمائی۔
صلی اللہ علیه وسلم
1۔
یہ واقعہ نبوت کے دسویں سال پیش آیا جب حضرت خدیجہ الکبریٰ ؓ اور جناب ابوطالب فوت ہوچکے تھے اور کفار کی ایذا رسانی میں شدت آگئی تھی۔
آپ اس امید پر طائف تشریف لے گئے کہ وہاں کچھ سہارا ملے گا۔
آپ وہاں قبیلہ ثقیف کے تین سرداروں کے پاس گئے اور اپنی قوم کے مظالم کی ان سے شکایت کی تو انھوں نے آپ کی مدد کرنے کی بجائے آپ سے سخت رویہ اختیار کیا جس سے آپ کو شدید دھچکا لگا۔
آپ وہاں دس روز ٹھہرے۔
2۔
عقبہ، منی کے میدان میں ایک وادی کا نام ہے۔
اسی طرح قرن ثعالب بھی مکہ سے دوسراحل پر واقع ہے۔
طائف میں سرداروں نے آپ سے بدتمیزی کی اور اوباش لڑکوں کو آپ کے پیچھے لگادیا۔
انھوں نے آپ کو پتھر مارے۔
ایک پتھر آپ کی ایڑی پر لگا جس سے آپ زخمی ہوگئے۔
اس قدر ستائے جانے کے باوجود آپ نے ان کے لیے دعائے خیر کی جو اللہ تعالیٰ کے ہوں قبول ہوئی۔
3۔
امام بخاری ؒ نے اس حدیث سے فرشتوں کا وجود اور ان کی کارکردگی ثابت کی ہے۔
(1)
يوم العقبة: اس سے مراد عقبۂ طائف ہے، کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا اور ابو طالب کی وفات کے بعد دس (10)
نبوت، شوال میں، بنو ثقیف کے سرداروں کو اسلام کی دعوت دینے طائف گئے، لیکن انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بدترین سلوک کیا، اوباش لوگ آپ کے پیچھے لگا دئیے۔
(2)
فلم استفق: میں اپنے آپ میں نہیں آیا، مجھے افاقہ نہیں ہوا۔
(3)
قَرنِ الثَّعَالِب: یہی قرن منازل ہے، جو اہل نجد کا میقات ہے اور مکہ سے ایک دن رات کے فاصلہ پر ہے۔
(4)
أُطْبِقُ عَلَيْهِم الأَخْشَبَين: اخشبان سے مراد شارحین نے مکہ کے دو پہاڑ ابوقبيس، قعيقحان لیے ہیں، جو مکہ کے شمال و جنوب میں واقع ہیں اور اس وقت مکہ کی آبادی ان دونوں کے درمیان واقع تھی، لیکن سوال یہ ہے کہ سنگین ترین سلوک جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے اہل طائف نے کیا اور انہیں کے اس بدترین سلوک کے بعد پہاڑوں کا فرشتہ آپ کی خدمت میں حاضر ہوا کہ اگر آپ یہ چاہیں کہ میں ان کو دو پہاڑوں میں پیس کر رکھ دوں تو میں آپ کی خواہش کے مطابق ان کو پیس کر رکھ دوں گا تو پھر اہل مکہ کو مراد لینا کیوں کر درست ہو سکتا ہے، اس لیے صحیح بات یہی ہے کہ اخشبان مکہ کے دو پہاڑوں کو ان کی مضبوطی اور صلابت کی وجہ سے کہا گیا ہے، اس لیے مراد یہ ہے کہ مکہ کے ان مضبوط و مستحکم پہاڑوں جیسے پہاڑوں میں، اہل طائف کو پیس کر رکھ دوں یا مکہ کے ان دو پہاڑوں کو وہاں لے جا کر ان میں پیس دوں، کیونکہ پہاڑوں کے فرشتہ کے لیے ان پہاڑوں کا وہاں لے جانا مشکل نہ تھا یا پھر یہ مراد لیا جائے کہ بنو ثقیف نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ بدسلوکی صرف اس لیے کیا کہ آپ کی قوم اہل مکہ نے آپ کی دعوت کو قبول نہیں کیا تھا، اگر وہ قبول کرتے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ان مصائب سے دوچار نہ ہونا پڑتا، اس لیے اس کا اصل سبب وہ تھے، اس لیے فرشتہ نے کہا کہ ’’آپ صلی اللہ علیہ وسلم حکم دیں تو میں اہل مکہ کو دو پہاڑوں کے درمیان پیس ڈالوں۔
‘‘