ریاض الصالحین — حدیث نمبر 582
باب: مردوں کے لیے قبروں کی زیارت کا مستحب ہونا اور زیارت کرنے والا کیا کہے
باب استحباب زيارة القبور للرجال وما يقوله الزائر
وعن بريدة - رضي الله عنه - قَالَ: كَانَ النبيُّ - صلى الله عليه وسلم - يُعَلِّمُهُمْ إِذَا خَرَجُوا إِلَى المَقَابِرِ أَنْ يَقُولَ قَائِلُهُمْ: «السَّلاَمُ عَلَيْكُمْ أهلَ الدِّيَارِ مِنَ المُؤْمِنينَ وَالمُسلمينَ، وَإنَّا إنْ شَاءَ اللهُ بِكُمْ للاَحِقونَ، أَسْأَلُ اللهَ لَنَا وَلَكُمُ العَافِيَةَ». رواه مسلم.سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: جب صحابہ قبرستان کی طرف نکلتے تو نبی کریم ﷺ انہیں سکھاتے تھے کہ ان میں سے کہنے والا یہ کہے: «السَّلَامُ عَلَيْكُمْ أَهْلَ الدِّيَارِ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ وَالْمُسْلِمِينَ، وَإِنَّا إِنْ شَاءَ اللهُ بِكُمْ لَلَاحِقُونَ، أَسْأَلُ اللهَ لَنَا وَلَكُمُ الْعَافِيَةَ» (اے ان گھروں (قبروں) میں رہنے والے مومنو اور مسلمانو! تم پر سلامتی ہو، اور ہم بھی ان شاء اللہ ضرور تم سے ملنے والے ہیں، میں اللہ سے اپنے لیے اور تمہارے لیے عافیت کا سوال کرتا ہوں)۔
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
تشریح، فوائد و مسائل
بریدہ رضی الله عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب قبرستان آتے تو فرماتے: «السلام عليكم أهل الديار من المؤمنين والمسلمين وإنا إن شاء اللہ بكم لاحقون أنتم لنا فرط ونحن لكم تبع أسأل اللہ العافية لنا ولكم» " اے مومن اور مسلمان گھر والو! تم پر سلامتی ہو، اور اگر اللہ تعالیٰ نے چاہا تو ہم (عنقریب) تم سے ملنے والے ہیں، تم ہمارے پیش رو ہو، اور ہم تمہارے بعد آنے والے ہیں۔ میں اللہ سے اپنے اور تمہارے لیے عافیت کی درخواست کرتا [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 2042]
بریدہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو تعلیم دیتے تھے کہ جب وہ قبرستان جائیں تو یہ کہیں: «السلام عليكم أهل الديار من المؤمنين والمسلمين وإنا إن شاء الله بكم لاحقون نسأل الله لنا ولكم العافية» " اے مومن اور مسلمان گھر والو! تم پر سلام ہو، ہم تم سے ان شاءاللہ ملنے والے ہیں، اور ہم اللہ سے اپنے لیے اور تمہارے لیے عافیت کا سوال کرتے ہیں۔" [سنن ابن ماجه/كتاب الجنائز/حدیث: 1547]
فوائد و مسائل:
(1)
اگر ہم اپنے کسی عزیز یا بزرگ کی قبر کی زیارت کےلئے جایئں یا مسلمانوں کے قبرستان میں جائیں تو ہمیں چاہیے کہ ان مسنون الفاظ کے ساتھ ان کے حق میں دعائے خیر کریں
(2)
فاتحہ پڑھ کرثواب پہنچانا سنت سے ثابت نہیں۔
لہٰذا ایسے اعمال سے اجتناب بہتر ہے۔
"سیدنا سلیمان بن بریدہ رحمہ اللہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین جب قبرستان جاتے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان کو سکھلاتے کہ یوں کہو "اہل دیار مومنوں اور مسلمانوں پر سلام ہو! یقیناً، انشاء اللہ ہم بھی آپ کے ساتھ ملنے والے ہیں اور ہم اپنے لیے اور آپ کے لیے اللہ سے عافیت مانگتے ہیں۔" [بلوغ المرام /كتاب الجنائز/حدیث: 480]
«اَهَلَ الدِّيَارِ» ان سے مراد قبروں میں پڑے ہوئے لوگ ہیں۔ «ديار» ، «دار» کی جمع ہے۔ قبر کو گھر سے تشبیہ دی گئی ہے، اس لیے کہ قبر میت کے لیے گھر کی مانند ہے کہ وہ اس میں رہائش پذیر ہے۔
فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث سے قبرستان میں جانا اور پھر فوت شدگان کے لیے اور اپنے لیے مغفرت و بخشش کی دعا کرنا ثابت ہوتا ہے۔
➋ «مِنَ الْمُؤمِنِينَ وَلْمُسٰلِمِين» سے معلوم ہوتا ہے کہ مشرک، کافر اور ملحد کے لیے دعا کرنا اور ان کے لیے بخشش مانگنا جائز نہیں۔
➌ اس حدیث سے یہ مسئلہ بھی معلوم ہوا کہ جو لوگ اہل قبور کو فریاد رس، مشکل کشا سمجھ کر ان سے فریادیں کرتے ہیں اور ان سے مرادیں مانگتے ہیں، یہ سب کام خلاف شرع اور شرکیہ افعال ہیں۔ مسلمانوں کو ان سے ہر ممکن طریقے سے بچنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
راوی حدیث:
حضرت سلیمان بن بریدہ بن حصیب اسلمی مروزی رحمہ اللہ، مشہور تابعی ہیں۔ امام ابن معین اور ابوحاتم رحمہ اللہ نے انہیں ثقہ قرار دیا ہے۔ امام حاکم رحمہ اللہ کی رائے کہ ان کا اپنے والد سے سماع کہیں مذکور نہیں، مگر خرزجی نے کہا کہ ان کی اپنے والد سے متعدد احادیث صحیح مسلم میں منقول ہیں۔