حدیث نمبر: 58
الخامس: عن أبي هريرةَ - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رَسُولُ الله - صلى الله عليه وسلم: «غَزَا نبيٌّ مِنَ الأنْبِياءِ - صَلَوَاتُ اللهِ وَسَلاَمُهُ عَلَيْهمْ - فَقَالَ لِقَومهِ: لا يَتْبَعَنِّي رَجُلٌ مَلَكَ بُضْعَ امْرَأةٍ وَهُوَ يُريدُ أَنْ يَبْنِي بِهَا وَلَمَّا يَبْنِ بِهَا، وَلا أحَدٌ بَنَى بُيُوتًا لَمْ يَرْفَعْ سُقُوفَهَا، وَلا أحَدٌ اشْتَرَى غَنَمًا أَوْ خَلِفَاتٍ وَهُوَ يَنْتَظِرُ أَوْلادَها. فَغَزا فَدَنَا مِنَ القَرْيَةِ صَلاةَ العَصْرِ أَوْ قَريبًا مِنْ ذلِكَ، فَقَالَ لِلشَّمْسِ: إِنَّكِ مَأمُورَةٌ وَأنَا مَأمُورٌ، اللَّهُمَّ احْبِسْهَا عَلَيْنَا، فَحُبِسَتْ حَتَّى فَتَحَ اللهُ عَلَيهِ، فَجَمَعَ الغَنَائِمَ فَجَاءتْ - يعني النَّارَ - لِتَأكُلَهَا فَلَمْ تَطعَمْها، فَقَالَ: إنَّ فِيكُمْ غُلُولًا، فَلْيُبايعْنِي مِنْ كُلِّ قَبِيلَةٍ رَجُلٌ، فَلَزِقَتْ يَدَ رَجُلٍ بِيَدِهِ فَقَالَ: فِيكُمُ الغُلُولُ فَلتُبَايِعْنِي قَبِيلتَكَ، فَلَزقَت يَدُ رَجُلَين أو ثَلاَثة بيده، فقال: فيكم الغُلُولَ، فَجَاؤُوا بِرَأْس مثلِ رَأسِ بَقَرَةٍ مِنَ الذَّهَبِ، فَوَضَعَهَا فَجَاءَت النَّارُ فَأكَلَتْها. فَلَمْ تَحلَّ الغَنَائِمُ لأحَدٍ قَبْلَنَا، ثُمَّ أحَلَّ الله لَنَا الغَنَائِمَ لَمَّا رَأَى ضَعْفَنا وَعَجْزَنَا فَأحَلَّهَا لَنَا». مُتَّفَقٌ عَلَيهِ.
«الخَلِفَاتُ» بفتحِ الخَاءِ المعجمة وكسر اللامِ: جمع خِلفة وهي الناقة الحامِل.
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”انبیاء میں سے ایک نبی (صلوات اللہ وسلامہ علیہم) نے جہاد کیا تو اپنی قوم سے فرمایا: میرے ساتھ کوئی ایسا آدمی نہ چلے جس نے کسی عورت سے نکاح کیا ہو اور وہ اس سے شب باشی کا ارادہ رکھتا ہو اور ابھی تک اس سے شب باشی نہ کی ہو، اور نہ کوئی ایسا شخص جس نے گھر بنائے ہوں اور ابھی ان کی چھتیں نہ ڈالی ہوں، اور نہ کوئی ایسا شخص جس نے بکریاں یا گابھن اونٹنیاں خریدی ہوں اور وہ ان کے بچے جننے کا منتظر ہو۔ پھر انہوں نے جہاد کیا اور عصر کی نماز کے وقت یا اس کے قریب اس بستی کے نزدیک پہنچے، تو سورج سے فرمایا: تو بھی (اللہ کے) حکم کا پابند ہے اور میں بھی حکم کا پابند ہوں، اے اللہ! اسے ہمارے لیے روک دے۔ چنانچہ وہ روک دیا گیا یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں فتح عطا فرمائی۔ پھر انہوں نے مالِ غنیمت جمع کیا تو وہ، یعنی آگ، اسے کھانے کے لیے آئی مگر اس نے اسے نہ کھایا۔ تو انہوں نے فرمایا: تم میں (مالِ غنیمت کی) خیانت ہے، لہٰذا ہر قبیلے سے ایک آدمی مجھ سے بیعت کرے۔ چنانچہ ایک آدمی کا ہاتھ ان کے ہاتھ سے چپک گیا، تو انہوں نے فرمایا: تم (لوگوں) میں خیانت ہے، لہٰذا تیرا قبیلہ مجھ سے بیعت کرے۔ پس دو یا تین آدمیوں کے ہاتھ ان کے ہاتھ سے چپک گئے، تو انہوں نے فرمایا: تم میں خیانت ہے۔ چنانچہ وہ گائے کے سر جیسا سونے کا ایک سر لے آئے، انہوں نے اسے (مالِ غنیمت میں) رکھ دیا تو آگ آئی اور اسے کھا گئی۔ پس ہم سے پہلے کسی کے لیے غنیمتیں حلال نہیں تھیں، پھر اللہ تعالیٰ نے ہمارے لیے غنیمتیں حلال کر دیں، جب اس نے ہماری کمزوری اور عاجزی دیکھی تو انہیں ہمارے لیے حلال کر دیا۔“
(متفق علیہ)
«الخَلِفَاتُ»: خاء معجمہ کے فتحہ اور لام کے کسرہ کے ساتھ، یہ «خِلفة» کی جمع ہے، اور اس سے مراد حاملہ اونٹنی ہے۔

وضاحت:
«بُضْعَ» : عورت کی شرمگاہ (یعنی جو کسی عورت سے نکاح کا مالک ہوا)۔
«أَوْلادَها» : نبی نے اپنی قوم کو ان حالتوں میں سے کسی حالت میں اپنے ساتھ چلنے سے اس لیے منع فرمایا کہ ایسے لوگوں کے دل ان اسباب کے ساتھ اٹکے رہتے ہیں، تو ان کے عزائم کمزور اور جہاد و شہادت میں ان کی رغبت سست پڑ جاتی ہے، اور بسا اوقات یہ تعلق حد سے بڑھ کر جہاد اور نیکی کے کاموں کو ناپسند کرنے تک پہنچا دیتا ہے۔
«فَحُبِسَتْ» : (سورج کا روکا جانا) نبوت کے معجزات میں سے ہے۔
«لِتَأكُلَهَا» : مالِ غنیمت کے بارے میں انبیاء علیہم الصلاۃ والسلام کا طریقہ یہ تھا کہ وہ اسے جمع کرتے، پھر آسمان سے ایک آگ آ کر اسے کھا جاتی، اور یہی اس کی قبولیت اور اس میں خیانت نہ ہونے کی علامت ہوتی۔ چنانچہ جب یہ آگ آئی اور اس نے اسے نہ کھایا تو معلوم ہو گیا کہ اس میں خیانت ہوئی ہے۔
«غُلُولًا» : مالِ غنیمت میں خیانت۔
«فَلَزِقَتْ» : ان کے ہاں خیانت کی علامت یہ تھی کہ خیانت کرنے والے کا ہاتھ نبی کے ہاتھ سے چپک جاتا تھا۔ ان تمام باتوں کے لیے دیکھیے: (دلیل الفالحین 1/259-260)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 58
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 4/ 104 (3124)، ومسلم 5/ 145 (1747).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 3124 | صحيح البخاري: 5157 | صحيح مسلم: 1747 | صحيفه همام بن منبه: 124
فرج المرأة.
نهى النبيُّ قومه عن اتباعه على أحد هذه الأحوال لأن أصحابها يكونون متعلقي النفوس بهذه الأسباب فتضعف عزائمهم وتفتر رغباتهم في الجهاد والشهادة وربما يفرط ذلك التعلق فيفضي إلى كراهة الجهاد وأعمال الخير.
هذا من معجزات النبوة.
كانت عادة الأنبياء صلى الله عليهم وسلم في الغنائم أن يجمعوها فتجئ نار من السماء فتأكلها، فيكون ذلك علامة قبولها وعدم الغلول فيها، فلما جاءت هذه النار فلم تأكلها علم أن فيها غلولًا.
الخيانة في المغنم.
كانت علامة الغلول عندهم التصاق يد الغال بيد النبي. انظر في هذا كله دليل الفالحين ١/ ٢٥٩ - ٢٦٠.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3124 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3124. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’پہلے انبیاء ؑ میں سے ایک نبی نے جہاد کیا، تو انھوں نے اپنی قوم سے فرمایا کہ میرے ساتھ وہ شخص نہ جائے جس نے کسی عورت سے نکاح تو کیا ہولیکن ابھی تک رخصتی نہ ہوئی ہو جبکہ وہ رخصتی کا خواہاں ہو۔ اور نہ وہ شخص جائے جس نے گھر کی چار دیواری تو کی ہو لیکن ابھی تک چھت نہ ڈالی ہو۔ اور نہ وہ شخص ہی جائے جس نے حاملہ بکریاں اور اونٹنیاں خریدی ہوں اور وہ ان کے بچے جننے کا منتظر ہو۔ (یہ کہہ کر) پھر وہ جہاد کے لیے روانہ ہوئے اور ایک گاؤں کے قریب اس وقت پہنچے کہ عصر کا وقت قریب تھا یا ہوچکا تھا۔ انھوں نے آفتاب سے کہا: تو بھی اللہ کا محکوم ہے اور میں بھی اللہ کا تابع فرمان ہوں، پھر یوں دعا کی: اے اللہ! اسے ہمارے لیے غروب ہونے سے روک دے، چنانچہ اسے روک لیا گیا حتیٰ کہ اللہ نے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:3124]
حدیث حاشیہ: حدیث میں اسرائیل نبی یوشع ؑ کا ذکر ہے جو جہاد کو نکلے تھے کہ نماز عصر کا وقت ہوگیا۔
انہوں نے دعا کی‘ اللہ نے ان کی دعا کو قبول ک، یہی وہ چیز ہے جسے معجزہ کہا جاتا ہے۔
جس کا ہونا حق ہے پہلے زمانے میں اموال غنیمت مجاہدین کے لئے حلال نہ تھا بلکہ آسمان سے آگ آتی اوراسے جلادیتی جو عند اللہ قبولیت کی دلیل ہوتی تھی۔
اموال غنیمت میں خیانت کرنا پہلے بھی گناہ عظیم تھا اور اب بھی یہی حکم ہے۔
مگر امت مسلمہ کے لئے اللہ نے اموال غنیمت کو حلال کردیا ہے۔
وہ شریعت کے حکم کے مطابق تقسیم ہوں گے۔
کم طاقتی اور عاجزی سے یہ مراد ہے کہ مسلمان مفلس اور نادار تھے اور خدا کی بارگاہ میں عاجزی اور فروتنی سے حاضر ہوتے تھے پروردگار کو ان کی عاجزی پسند آئی اور یہ سرفرازی ہوئی کہ غنیمت کے مال ان کے لئے حلال کردیئے گئے۔
ہم ان بے وقوف پادریوں سے پوچھتے ہیں جو غنیمت کا مال لینا بڑا عیب جانتے ہیں کہ تمہارے مذہب والے نصاریٰ تو دوسروں کے ملک کے ملک اور خزانے ہضم کرجاتے ہیں۔
ڈکار تک نہیں لیتے۔
جس ملک کو فتح کرتے ہیں وہاں سب معزز کاموں پر اپنی قوم والوں کو مامور کرتے ہیں‘ اہل ملک کا ذرا لحاظ نہیں رکھتے پھر یہ لوٹ نہیں تو کیا ہے۔
لوٹ سے بھی بدتر ہے۔
لوٹ تو گھڑی بھر ہوتی ہے۔
اور ظلمی انتظام تو صدہا برس تک ہوتا رہتا ہے۔
معاذ اللہ! انجیل شریف کی وہی مثال ہے کہ اپنی آنکھ کا تو شہتیر نہیں دیکھتے اور دوسرے کی آنکھ کا تنکا دیکھتے ہیں۔
(وحیدی)
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3124 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3124 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3124. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’پہلے انبیاء ؑ میں سے ایک نبی نے جہاد کیا، تو انھوں نے اپنی قوم سے فرمایا کہ میرے ساتھ وہ شخص نہ جائے جس نے کسی عورت سے نکاح تو کیا ہولیکن ابھی تک رخصتی نہ ہوئی ہو جبکہ وہ رخصتی کا خواہاں ہو۔ اور نہ وہ شخص جائے جس نے گھر کی چار دیواری تو کی ہو لیکن ابھی تک چھت نہ ڈالی ہو۔ اور نہ وہ شخص ہی جائے جس نے حاملہ بکریاں اور اونٹنیاں خریدی ہوں اور وہ ان کے بچے جننے کا منتظر ہو۔ (یہ کہہ کر) پھر وہ جہاد کے لیے روانہ ہوئے اور ایک گاؤں کے قریب اس وقت پہنچے کہ عصر کا وقت قریب تھا یا ہوچکا تھا۔ انھوں نے آفتاب سے کہا: تو بھی اللہ کا محکوم ہے اور میں بھی اللہ کا تابع فرمان ہوں، پھر یوں دعا کی: اے اللہ! اسے ہمارے لیے غروب ہونے سے روک دے، چنانچہ اسے روک لیا گیا حتیٰ کہ اللہ نے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:3124]
حدیث حاشیہ:
1۔
یہ نبی حضرت یوشع بن نون ؑ تھے۔
انھوں نے اللہ کے حضور درخواست کی کہ وہ سورج کو چلنے سے روک دے تاکہ وہ بستی کو فتح کرلیں، چنانچہ وہ رکارہاحتی کہ وہ بستی فتح ہوگئی۔
(فتح الباري: 268/6)
اس کی وجہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ وہ جمعے کا دن تھا۔
اگرسورج نہ رکتا اور غروب ہوجاتا تو ہفتے کا دن شروع ہوجاتا۔
اس دن میں اس کی عظمت کے پیش نظر جنگ کرنا حرام تھا۔
ممکن تھا کہ دشمن کو فوجی مدد پہنچ جاتی اور اسے فتح کرنے میں مشکل پیش آتی۔
2۔
پہلے انبیاء ؑ کے لیے مال غنیمت سے متعلق یہ ضابطہ تھا کہ وہ مال غنیمت میدان جنگ میں ایک جگہ جمع کردیتے تھے۔
آسمان سے آگ آتی اور اسے کھا جاتی تھی۔
اگر اس میں کسی نے خیانت کی ہوتی تو اس کو آگ نہ کھاتی تھی، نیز قربانیوں کی قبولیت معلوم کرنے کے لیے بھی یہی قاعدہ تھا۔
اللہ تعالیٰ نے اس امت پر بہت فضل وکرم فرمایا کہ اس کے لے غنیمتوں کو حلال قراردیا، البتہ مال غنیمت میں خیانت کی سنگینی کو برقراررکھا۔
اس امت کے مسلمانوں کی اللہ کے حضور عاجزی اور مسکینی اس قدر رنگ لائی کہ مال غنیمت ان کے لیے حلال کردیاگیا۔
یہ اس امت کا خاصا ہے جو دوسری امتوں کو نہیں ملا۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3124 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5157 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5157. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: سابقہ انبیاء علیہم السلام اجمعین میں سے ایک نبی نے جنگ کا ارادہ کیا تو اپنی قوم سے کہا: "جس شخص نے نکاح کیا ہے اور ابھی تک بیوی سے صحبت نہیں کی وہ میرے ساتھ جنگ کے لیے نہ جائے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5157]
حدیث حاشیہ:
(1)
جہاد میں شرکت کے لیے اس کا دل ہر قسم کی آلائش سے پاک ہونا چاہیے، اس بنا پر اگر کسی نے نکاح کیا اور بیوی کی رخصتی نہیں ہوئی اور میاں بیوی دونوں اکٹھے نہیں ہوئے تو اسے چاہیے کہ جنگ میں جانے سے پہلے پہلے اپنی بیوی کو گھر لے آئے اور اس سے مباشرت کرے تاکہ ہر قسم کے خیالات سے اس کا دل جہاد کے لیے فارغ ہو جائے۔
(2)
علامہ ابن منیر رحمہ اللہ نے لکھا ہے: اس سے عام لوگوں کی تردید ہوتی ہے جو یہ ذہن رکھتے ہیں کہ نکاح سے پہلے حج کرنا چاہیے تاکہ عفت و عصمت کی حفاظت یقینی ہو جائے، حالانکہ اسے حج کرنے سے پہلے نکاح کرنا چاہیے تاکہ اس کا دل برے خیالات سے پاک ہو جائے، پھر حج کرنے سے اس کی روحانیت میں اضافہ ہو۔
(فتح الباري: 279/9)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5157 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1747 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
ھمام بن منبہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ نے ہمیں بہت سی روایات سنائیں، ان میں سے ایک حدیث یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’انبیاء میں سے ایک نبی نے غزوہ (جنگ) کا ارادہ کیا تو اپنی قوم سے فرمایا: کوئی ایسا آدمی میرے ساتھ نہ جائے، جس نے کسی عورت سے شادی کی ہے اور اب وہ اس کی رخصتی چاہتا ہے اور ابھی تک رخصتی نہیں ہوئی اور نہ وہ انسان جائے، جس نے ایک عمارت بنوائی ہے، اور ابھی تک اس پر چھتیں نہیں ڈالیں... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:4555]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
(1)
مَلَكَ بُضعَ إمراة: ایک عورت سے شادی کی اور اس سے تعلقات کا جواز پیدا ہوا ہے۔
(2)
وَلَمَّا يَبن: تعلقات کے قیام کا جواز پیدا ہوا ہے، لیکن ابھی تک اس سے فائدہ نہیں اٹھایا۔
(3)
سُقْفٌ: سَقْفٌ کی جمع ہے، چھت، خلفات، خلفة کی جمع ہے، گابھن، حاملہ۔
فوائد ومسائل: یہ نبی حضرت یوشع بن نون علیہ السلام تھے، جو جمعہ کے دن، عصر کے وقت جبکہ سورج کے غروب میں تھوڑا سا وقت باقی تھا، لشکر لے کر اریحا نامی بستی کے قریب پہنچے اور انہوں نے سورج کو مخاطب کیا اور اللہ تعالیٰ سے درخواست کی کہ اس کی رفتار سست کر دی جائے یا اس کو روک لیا جائے، تاکہ میں سورج کے غروب سے پہلے پہلے اس بستی کو فتح کر لوں تو اللہ تعالیٰ نے بطور معجزہ ان کے لیے سورج کی رفتار سست کر دی یا رفتار کو روک لیا، پہلی امتوں کے لیے غنیمت کو اپنے استعمال میں لانا جائز نہیں تھا، اس کو یکجا کر دیا جاتا، آسمان سے آگ اترتی تھی اور اسے کھا جاتی تھی۔
اور اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہے کہ ذمہ داری اس کے سپرد کرنی چاہیے، جو اس کو فارغ البال ہو کر ادا کر سکے، اس کا دل کسی اور کام میں اٹکا ہوا نہ ہو، کیونکہ وہ اس صورت میں پوری توجہ اور ہمت کام میں نہیں لا سکے گا، اس لیے کام صحیح طور پر انجام نہیں پا سکے گا۔
نوٹ:۔
۔
۔
سورج کو روکنے کا واقعہ، حضرت علی رضی اللہ عنہ کے لیے بھی بیان کیا جاتا ہے کہ ان کی نماز کا وقت نکل رہا تھا، کیونکہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ان کے ران پر سر رکھ کر سو گئے تھے تو سورج کو واپس لایا گیا، جب حضرت علی رضی اللہ عنہ نے نماز پڑھ لی تو غروب ہو گیا، سوال یہ ہے کہ کیا انہوں نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز نہیں پڑھی تھی، اگر کسی وجہ سے رہ گئی تھی تو جب حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ان کی ران پر سر رکھ کر سونا چاہتے تھے تو انہوں نے آپﷺ کو یہ نہ بتایا کہ میں نے ابھی نماز پڑھنی ہے، پھر اگر مجبوری کی وجہ سے تاخیر ہو جائے تو ایک رکعت کا وقت بھی باقی ہو تو نماز پڑھی جا سکتی ہے، غروب کے بعد بھی پڑھی جا سکتی ہے، جیسا کہ غزوہ خندق میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے دستہ اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے سورج کے غروب ہونے کے بعد نماز پڑھی، آپﷺ کے لیے سورج کو واپس کیوں نہیں لایا گیا اور حضور کا فرمان ہے کہ سورج صرف حضرت یوشع بن نون کے لیے روکا گیا، کسی اور انسان کے لیے نہیں روکا گیا، اس لیے اس حدیث کی صحت میں اختلاف ہے، کچھ ائمہ اس کو موضوع قرار دیتے ہیں اور کچھ صحیح، لیکن اگر صحیح سند سے ثابت ہو جائے تو یہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی دعاء کے نتیجہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا معجزہ ہو گا اور معجزہ اللہ کا فعل ہے، اس میں کوئی اشکال نہیں ہے، سوال صرف صحت سند کا ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4555 سے ماخوذ ہے۔