ریاض الصالحین — حدیث نمبر 521
باب: قناعت، پاک دامنی، گزران اور خرچ میں میانہ روی، اور بلا ضرورت مانگنے کی مذمت
باب القناعة والعَفاف والاقتصاد في المعيشة والإنفاق وذم السؤال من غير ضرورة
قَالَ الله تَعَالَى: ﴿وَمَا مِنْ دَابَّةٍ في الأرْضِ إِلاَّ عَلَى اللهِ رِزْقُهَا﴾ [هود: ٦]، وقال تَعَالَى: ﴿لِلْفُقَرَاءِ الَّذِينَ أُحْصِرُوا في سَبِيلِ اللهِ لاَ يَسْتَطِيعُونَ ضَرْبًا فِي الأَرْضِ يَحْسَبُهُمُ الْجَاهِلُ أَغْنِيَاءَ مِنَ التَّعَفُّفِ تَعْرِفُهُمْ بِسِيمَاهُمْ لاَ يَسْأَلُونَ النَّاسَ إلْحَافًا﴾ [البقرة: ٢٧٣]، وقال تَعَالَى: ﴿وَالَّذِينَ إِذَا أَنْفَقُوا لَمْ يُسْرِفُوا وَلَمْ يَقْتُرُوا وَكَانَ بَيْنَ ذَلِكَ قَوَامًا﴾ [الفرقان: ٦٧]، وقال تَعَالَى: ﴿وَمَا خَلَقْتُ الجِنَّ وَالإِنْسَ إِلاَّ لِيَعْبُدُونِ مَا أُرِيدُ مِنْهُمْ مِنْ رِزْقٍ وَمَا أُرِيدُ أَنْ يُطْعِمُونِ﴾ [الذاريات: ٥٦ - ٥٧].
وَأَمَّا الأحاديث، فتقدم معظمها في البابينِ السابقينِ، ومما لَمْ يتقدم:اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور زمین میں چلنے والا کوئی جاندار ایسا نہیں جس کا رزق اللہ کے ذمے نہ ہو۔“ (سورۃ ہود: 6)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”(صدقات) ان فقراء کے لیے ہیں جو اللہ کی راہ میں (ایسے) گھر گئے ہیں کہ زمین میں (روزی کے لیے) چل پھر نہیں سکتے، ناواقف آدمی ان کے (سوال سے) بچنے کی وجہ سے انہیں مال دار سمجھتا ہے، تم انہیں ان کی نشانی سے پہچان لو گے، وہ لوگوں سے لپٹ کر سوال نہیں کرتے۔“ (سورۃ البقرہ: 273)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور وہ لوگ کہ جب خرچ کرتے ہیں تو نہ فضول خرچی کرتے ہیں اور نہ تنگی کرتے ہیں، اور (ان کا خرچ) ان دونوں کے درمیان اعتدال پر ہوتا ہے۔“ (سورۃ الفرقان: 67)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اس لیے پیدا کیا ہے کہ وہ میری عبادت کریں، میں ان سے کوئی رزق نہیں چاہتا اور نہ یہ چاہتا ہوں کہ وہ مجھے کھلائیں۔“ (سورۃ الذاریات: 56-57)
رہیں احادیث، تو ان میں سے زیادہ تر پچھلے دو بابوں میں گزر چکی ہیں، اور جو نہیں گزریں ان میں سے (یہ ہیں):
عن أَبي هريرة - رضي الله عنه - عن النبي - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «لَيْسَ الغِنَى عَن كَثرَةِ العَرَض، وَلكِنَّ الغِنَى غِنَى النَّفْسِ». متفقٌ عَلَيْهِ.
«العَرَضُ» بفتح العين والراءِ: هُوَ المَالُ.سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”مال داری سازوسامان کی کثرت سے نہیں، بلکہ (اصل) مال داری دل کی بے نیازی ہے۔“
(متفق علیہ)
«العَرَضُ» عین اور راء کے فتحہ کے ساتھ: اس سے مراد مال ہے۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ کثرتِ مال سے تونگری نہیں آتی کیونکہ بے شمار لوگ جن کے پاس مال و دولت کی کثرت ہوتی ہے وہ صبر اور قناعت سے خالی ہوتے ہیں اور مال کو زیادہ کرنے کی فکر میں رہتے ہیں، خواہ اس کے لیے انہیں ناجائز ذرائع ہی کیوں نہ اختیار کرنے پڑیں، گویا حرص اور لالچ کی وجہ سے تنگدست اور حقیر ہیں۔
اگر انسان کا دل غنی ہے اور اللہ تعالیٰ کے دیے ہوئے پر صبر اور قناعت کرتا ہے اور کثرتِ مال کی خواہش نہیں کرتا تو حقیقت کے اعتبار سے ایسا انسان غنی ہے۔
اس بات کی مزید وضاحت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمائی ہے، آپ نے حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے فرمایا: ’’اے ابوذر! کیا تو خیال کرتا ہے کہ مال کی کثرت تونگری ہے۔
‘‘ میں نے کہا: ہاں۔
آپ نے فرمایا: ’’کیا تو سمجھتا ہے کہ مال کی قلت ناداری ہے؟‘‘ میں نے عرض کی: جی ہاں۔
آپ نے فرمایا: ’’تونگری تو دل کی مال داری ہے اور فقیری تو دل کی ناداری ہے۔
‘‘ (الإحسان بترتیب صحیح ابن حبان: 396/2) (2)
قرآن کریم نے ایسے بے نیاز حضرات کی مال داری کو ان الفاظ میں بیان کیا ہے: ’’ان کے سوال نہ کرنے کی وجہ سے ناواقف لوگ انہیں خوشحال سمجھتے ہیں۔
آپ ان کے چہروں سے ان کی کیفیت پہچان سکتے ہیں۔
وہ لوگوں سے لپٹ کر سوال نہیں کرتے۔
‘‘ (البقرة: 273) (3)
﴿وَوَجَدَكَ عَائِلًا فَأَغْنَىٰ ﴿٨﴾ کے متعلق حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ اس غنا سے مراد بھی دل کی تونگری ہے۔
(فتح الباري: 329/11)
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " مالداری ساز و سامان کی کثرت کا نام نہیں ہے، بلکہ اصل مالداری نفس کی مالداری ہے " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الزهد/حدیث: 2373]
وضاحت:
1؎:
انسان کے پاس جوکچھ ہے اسی پرصابروقانع رہ کردوسروں سے بے نیازرہنا اور ان سے کچھ نہ طلب کرنادرحقیقت یہی نفس کی مالداری ہے، گویا بندہ اللہ کی تقسیم پر راضی رہے، دوسرں کے مال ودولت کوللچائی ہوئی نظرسے نہ دیکھے اور زیادتی کی حرص نہ رکھے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " مالداری دنیاوی ساز و سامان کی زیادتی سے نہیں ہوتی، بلکہ اصل مالداری تو دل کی بے نیازی اور آسودگی ہے۔" [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4137]
فوائد و مسائل:
(1)
انسان دولت اس لیے حاصل کرتا ہے کہ اس کے کام چلتے رہیں لیکن جب دولت خود مقصود بن جائے تو پھر مال ودولت کی کثرت کے باوجود سکون واطمینان حاصل نہیں ہوتا جس کے لیے کوشش کی جاتی ہے۔
(2)
قناعت کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنے پاس موجودہ رزق کو کافی سمجھےاور اپنی ضروریات کو اس حد تک محدود کرلے کہ حلال روزی میں گزارا ہوجائے۔
(3)
دولت مند وہ ہے جس کا دل دولت مند ہے۔
اور دولت مند تب ہوتا ہے جب اس میں حرص وبخل نہ ہو۔
ایسا آدمی تھوڑے سے مال سے اتنی خوشی حاصل کرلیتا ہے جو حریص کو بہت زیادہ مال سے بھی حاصل نہیں ہوتی۔
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ مال و دولت کی کوئی حقیقت نہیں ہے، مومن انسان مال و دولت کی ذرا بھی پروا نہیں کرتا، آج لوگوں نے زندگی کا مقصد مال و دولت جمع کرنے کو ہی سمجھ لیا ہے، جبکہ مومن انسان جس کے پاس مال و دولت حقیقت میں نہیں ہوتا لیکن وہ دل کے لحاظ سے اس طرح ہوتا ہے جیسے اس کے پاس کروڑوں روپے ہیں، اس کی باتوں اور اس کے کردار سے وسعت محسوس ہوتی ہے، اور وہ ہر موقع پر فراخ دلی کا مظاہرہ کرتا ہے، لہٰذا انسان کو مال و دولت کی بجائے قرآن و سنت کے فہم اور اس پر عمل کرنے پر توجہ کرنی چاہیے، اور زندگی کا مقصد دین کی نشر و اشاعت، دین کی تبلیغ اور اس پر عمل کو بنانا چاہیے، انسانی ضروریات اللہ تعالیٰ خود بخود پوری فرما دیتے ہیں، ان شاءاللہ۔