ریاض الصالحین — حدیث نمبر 510
باب: بھوک، سادہ اور سخت زندگی، کھانے پینے، پہننے اور دیگر نفسانی لذتوں میں تھوڑے پر اکتفا کرنے اور خواہشات کو ترک کرنے کی فضیلت
باب فضل الجوع وخشونة العيش والاقتصار عَلَى القليل من المأكول والمشروب والملبوس وغيرها من حظوظ النفس وترك الشهوات
وعن عُبيْدِ الله بنِ محْصن الأَنصَارِيِّ الخطميِّ - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رسول الله - صلى الله عليه وسلم: «مَنْ أصْبَحَ مِنْكُمْ آمِنًا في سربِهِ، مُعَافَىً في جَسَدِهِ، عِنْدَهُ قُوتُ يَوْمِهِ، فَكَأنَّمَا حِيزَتْ لَهُ الدُّنْيَا بِحَذَافِيرِهَا». رواه الترمذي، وقال: «حديث حسن».
«سِربه»: بكسر السين المهملة: أي نَفْسه، وَقِيلَ: قَومه.سیدنا عبیداللہ بن محصن انصاری خطمی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”تم میں سے جو شخص اس حال میں صبح کرے کہ وہ اپنے آپ میں امن سے ہو، اپنے جسم میں عافیت سے ہو، اس کے پاس اس دن کی خوراک ہو، تو گویا اس کے لیے پوری کی پوری دنیا جمع کر دی گئی۔“
(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے: یہ حدیث حسن ہے)
«سِربه»: سین مہملہ کے کسرہ کے ساتھ: یعنی اس کی جان، اور کہا گیا ہے: اس کی قوم (اور گھر والے)۔
تشریح، فوائد و مسائل
عبیداللہ بن محصن خطمی رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تم میں سے جس نے بھی صبح کی اس حال میں کہ وہ اپنے گھر یا قوم میں امن سے ہو اور جسمانی لحاظ سے بالکل تندرست ہو اور دن بھر کی روزی اس کے پاس موجود ہو تو گویا اس کے لیے پوری دنیا سمیٹ دی گئی " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الزهد/حدیث: 2346]
وضاحت:
1؎:
مفہوم یہ ہے کہ امن وصحت کے ساتھ ایک دن کی روزی والی زندگی دولت کے انبار والی اس زندگی سے کہیں بہترہے جو امن وصحت والی نہ ہو، گویا انسان کو مال ودولت کے پیچھے زیادہ نہیں بھاگناچاہئے بلکہ صبروقناعت کا راستہ اختیارکرنا چاہئے کیونکہ امن وسکون اور راحت وآسائش اسی میں ہے۔
عبیداللہ بن محصن انصاری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تم میں سے جس نے اس حال میں صبح کی کہ اس کا جسم صحیح سلامت ہو، اس کی جان امن و امان میں ہو اور اس دن کا کھانا بھی اس کے پاس ہو تو گویا اس کے لیے دنیا اکٹھی ہو گئی۔" [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4141]
فوائد و مسائل:
(1)
جسے کوئی بیماری اور خوف نہ ہو اور دن بھر کی ضرورت کا سامان موجود ہو تو یہ بہت بڑی نعمت ہے۔
(2)
ہم زیادہ کی خواہش میں ان نعمتوں کی طرف توجہ نہیں کرتے جو ہمارے پاس موجود ہوتی ہیں جس کی وجہ سے دل میں شکر کا جذبہ پیدا نہیں ہوتا۔
(3)
جس شخص کے پاس ایک دن کی ضروریات موجود ہیں اسے اس دن کا شکر ادا کرنا چاہیے اور یہ امید رکھنی چاہیے کہ جب کل کا دن آئے گا تو اللہ تعالی اس کی ضروریات بھی مہیا فرما دے گا۔
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ صحت و عافیت اور ایک دن کے کھانے کے سامان کا گھر میں ہونا ایسے ہی ہے جیسے پوری دنیا اس کے پاس ہے، سبحان اللہ۔ حدیث میں قناعت کا زبردست بیان ہے، اور ناشکری کرنے والوں کے لیے اس میں بہت بڑی نصیحت ہے۔