ریاض الصالحین — حدیث نمبر 487

باب: دنیا سے بے رغبتی (زہد) کی فضیلت، دنیا کم سے کم لینے کی ترغیب اور فقر کی فضیلت

باب فضل الزهد في الدنيا والحث عَلَى التقلل منها وفضل الفقر

حدیث نمبر: 487
وعن ابن عباس وعِمْرَانَ بن الحُصَيْنِ - رضي الله عنهما - عن النبي - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «اطَّلَعْتُ في الجَنَّةِ فَرَأيْتُ أكْثَرَ أهْلِهَا الفُقَرَاءَ، وَاطَّلَعْتُ في النَّارِ فَرَأيْتُ أكْثَرَ أهْلِهَا النِّسَاءَ». متفقٌ عَلَيْهِ من رواية ابن عباس، ورواه البخاري أيضًا من رواية عِمْرَان بن الحُصَيْن.
ترجمہ

سیدنا ابن عباس اور سیدنا عمران بن حصین رضی اللہ عنہم سے روایت ہے، وہ نبی کریم ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”میں نے جنت میں جھانکا تو اس کے اکثر رہنے والے فقراء دیکھے، اور جہنم میں جھانکا تو اس کی اکثر رہنے والی عورتیں دیکھیں۔“
(یہ ابن عباس کی روایت سے متفق علیہ ہے، اور بخاری نے اسے عمران بن حصین کی روایت سے بھی روایت کیا ہے)

وضاحت:
اسے مسلم نے (8/88، حدیث 2737) ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کیا ہے، اور بخاری نے (8/119، حدیث 6449 کے بعد) ابن عباس رضی اللہ عنہما سے معلقاً روایت کیا ہے۔
حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 487
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 4/ 142 (3241) عن عمران بن حصين.
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 3241 | صحيح البخاري: 5198 | صحيح البخاري: 6546 | سنن ترمذي: 2603
وأخرجه: مسلم ٨/ ٨٨ (٢٧٣٧) (٩٤) عن ابن عباس. ورواه البخاري ٨/ ١١٩ عقيب (٦٤٤٩) عن ابن عباس معلقًا.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3241 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3241. حضرت عمران بن حصین ؓسے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ’’میں نے جنت میں جھانک کردیکھا تو وہاں اکثریت فقراء کی تھی اور جہنم میں جھانکا تو وہاں عورتیں زیادہ تھیں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3241]
حدیث حاشیہ: جنت میں غریبوں سے موحد، متبع سنت غریب لوگ مراد ہیں جو دیندار اغنیاء سے کتنے ہی برس پہلے جنت میں داخل کردئیے جائیں گے اور دوزخ میں زیادہ عورتیں نظر آئیں، جو ناشکری اور لعن طعن کرنے والی آپس میں حسد اور بغض رکھنے والی ہوتی ہیں۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3241 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3241 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3241. حضرت عمران بن حصین ؓسے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ’’میں نے جنت میں جھانک کردیکھا تو وہاں اکثریت فقراء کی تھی اور جہنم میں جھانکا تو وہاں عورتیں زیادہ تھیں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3241]
حدیث حاشیہ:
1۔
حدیث میں فقراء سے مراد موحد اورمتبع سنت غریب ہیں جو دیندار اغنیاء سے کتنے ہی برس پہلے جنت میں داخل کردیے جائیں گے۔
اس کی وجہ یہ ہوگی کہ دنیا میں انھیں اتنا مال میسر نہیں آیا جس کے سبب وہ بد اعمالیوں کی طرف مائل ہوتے کیونکہ کثرت مال گناہوں کا ذریعہ بنتے ہیں، نیز مال کی بہتات سے انسان کا دل سخت ہوجاتا ہے جو اسے ظلم وستم پر آمادہ کرتا ہے۔
اس بنا پر نادار لوگ ان آلائشوں سے محفوظ رہیں گے۔
اور جہنم میں عورتوں کی اکثریت اس لیے ہوگی کہ وہ عام طور پر لعن طعن کرنے والی اور ناشکرگزار ہوتی ہیں نیز آپس میں حسد و بغض رکھنا ان کی عادت ہے جو جہنم میں جانے کا باعث ہوگا۔
اس کے علاوہ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ عورتیں جلدی بے دین لوگوں کے جھانسے میں آجاتی ہیں کیونکہ زیب و زینت کی طرف ان کا میلان زیادہ ہوتا ہے۔
اگرانھیں آخرت کی طرف توجہ دلائی جائے تو کان نہیں دھرتیں۔
2۔
امام بخاری ؒ کا مقصد یہ ہے کہ جنت موجود ہے تبھی تو رسول اللہ ﷺ نے اسے دیکھا۔
ممکن ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے معراج کی رات یہ مشاہدہ کیا ہو۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3241 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5198 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5198. سیدنا عمران بن حصین ؓ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: "میں نے جنت میں جھانک کر دیکھا تو اس میں اکثریت نادار لوگوں کی تھی۔ پھر میں نے ایک نظر سے دوزخ کو دیکھا تو اس کے اندر رہنے والی اکثر عورتیں تھیں۔" اس روایت کو ابو رجاء سے بیان کرنے میں ایوب اور سلم بن زریر نے عوف کی متابعت کی ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5198]
حدیث حاشیہ:
عورتوں کی اکثریت کا دوزخ میں ہونا ان کے داخل ہونے کے وقت ہے اور اس کا سبب خاوند کی ناشکری اور احسان فراموشی ہے۔
آخر کار مختلف سفارشوں سے انھیں دوزخ سے نکال لیا جائے گا۔
عورتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے رویے پر نظر ثانی کریں اور اپنے خاوندوں کے حقوق کی ادائیگی میں کوتاہی نہ بلکہ ان کی خدمت گزاری اور اطاعت شعاری کو اپنا نصب العین بنائیں۔
والله المستعان
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5198 سے ماخوذ ہے۔