ریاض الصالحین — حدیث نمبر 479
باب: دنیا سے بے رغبتی (زہد) کی فضیلت، دنیا کم سے کم لینے کی ترغیب اور فقر کی فضیلت
باب فضل الزهد في الدنيا والحث عَلَى التقلل منها وفضل الفقر
وعن عبدِ الله بن عمرو بن العاص رضي الله عنهم، قَالَ: مَرَّ عَلَيْنَا رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - وَنَحْنُ نعالِجُ خُصًّا لَنَا، فَقَالَ: «مَا هَذَا؟» فَقُلْنَا: قَدْ وَهَى، فَنَحَنُ نُصْلِحُهُ، فَقَالَ: «مَا أرَى الأَمْرَ إِلاَّ أعْجَلَ مِنْ ذَلِكَ». رواه أَبو داود والترمذي بإسناد البخاري ومسلم، وقال الترمذي: «حديثٌ حسنٌ صحيحٌ».سیدنا عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ ہمارے پاس سے گزرے جبکہ ہم اپنی ایک جھونپڑی کی مرمت کر رہے تھے، تو آپ نے فرمایا: ”یہ کیا ہے؟“ ہم نے عرض کیا: یہ کمزور ہو گئی تھی، تو ہم اسے ٹھیک کر رہے ہیں، آپ نے فرمایا: ”میں تو معاملے (موت) کو اس سے بھی زیادہ جلدی آنے والا دیکھتا ہوں۔“
(اسے ابوداود اور ترمذی نے بخاری و مسلم کی سند کے ساتھ روایت کیا ہے، اور ترمذی نے کہا ہے: یہ حدیث حسن صحیح ہے)
تشریح، فوائد و مسائل
عبداللہ بن عمرو رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے پاس سے گزرے، ہم اپنا چھپر کا مکان درست کر رہے تھے، آپ نے پوچھا: یہ کیا ہے؟ ہم نے عرض کیا کہ یہ گھر بوسیدہ ہو چکا ہے، لہٰذا ہم اس کو ٹھیک کر رہے ہیں، آپ نے فرمایا: " میں تو معاملے (موت) کو اس سے بھی زیادہ قریب دیکھ رہا ہوں " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الزهد/حدیث: 2335]
وضاحت:
1؎:
آپﷺ کے ارشاد کا مطلب یہ نہیں ہے کہ مکان کی لیپا پوتی اور اس کی اصلاح ومرمت نہ کی جائے بلکہ مراد اس سے موت کی یاد دہانی ہے، تاکہ موت ہروقت انسان کے سامنے رہے اورکسی وقت بھی اس سے غفلت نہ برتے۔
عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے پاس سے گزرے اس وقت ہم اپنی ایک جھونپڑی درست کر رہے تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سوال کیا: " یہ کیا ہے "؟ میں نے کہا: یہ ہماری جھونپڑی ہے، ہم اس کو درست کر رہے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " میرے خیال میں موت اس سے بھی جلد آ سکتی ہے۔" [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4160]
فوائد و مسائل:
(1)
معاملے کی جلدی سے مراد یہ ہے کہ معلوم نہیں موت کب آجائے۔
شاید مرمت کیے ہوئے گھر میں رہنا نصیب ہو یا نہ ہو۔
(2)
نصیحت میں موقع محل کی مناسبت کا خيال رکھنا چاہیے۔
(3)
سر چھپانے کے لیے مکان کی ضرورت تو ہے لیکن موت کو نہیں بھولنا چاہیے۔
جس طرح دنیا کی ضرورت کے لیے کوشش کرتے ہیں اس سے زیادہ آخرت کے گھر کی فکر ضروری ہے۔
(4)
بے جا تکلفات سے ہر ممکن حد تک بچنا چاہیے۔