ریاض الصالحین — حدیث نمبر 461
باب: دنیا سے بے رغبتی (زہد) کی فضیلت، دنیا کم سے کم لینے کی ترغیب اور فقر کی فضیلت
باب فضل الزهد في الدنيا والحث عَلَى التقلل منها وفضل الفقر
وعنه، قَالَ: قَالَ رسول الله - صلى الله عليه وسلم: «يُؤْتَى بِأَنْعَمِ أَهْلِ الدُّنْيَا مِنْ أَهْلِ النَّارِ يَوْمَ القِيَامَةِ، فَيُصْبَغُ في النَّارِ صَبْغَةً، ثُمَّ يُقَالُ: يَا ابْنَ آدَمَ، هَلْ رَأيْتَ خَيْرًا قَطُّ؟ هَلْ مَرَّ بِكَ نَعِيمٌ قَطُّ؟ فَيَقُولُ: لاَ وَاللهِ يَا رَبِّ، وَيُؤْتَى بِأشَدِّ النَّاسِ بُؤسًا في الدُّنْيَا مِنْ أهْلِ الجَنَّةِ، فَيُصْبَغُ صَبْغَةً في الجَنَّةِ، فَيُقَالُ لَهُ: يَا ابْنَ آدَمَ، هَلْ رَأيْتَ بُؤسًا قَطُّ؟ هَلْ مَرَّ بِكَ شِدَّةٌ قَطُّ؟ فيَقُولُ: لاَ وَاللهِ، مَا مَرَّ بِي بُؤْسٌ قَطُّ، وَلاَ رَأيْتُ شِدَّةً قَطُّ». رواه مسلم.انہی (سیدنا انس رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”قیامت کے دن اہلِ جہنم میں سے اس شخص کو لایا جائے گا جو دنیا والوں میں سب سے زیادہ نعمتوں والا تھا، پھر اسے جہنم میں ایک غوطہ دیا جائے گا، پھر کہا جائے گا: اے ابن آدم! کیا تو نے کبھی کوئی بھلائی دیکھی تھی؟ کیا کبھی تجھ پر کوئی نعمت گزری تھی؟ تو وہ کہے گا: نہیں، اللہ کی قسم! اے میرے رب۔ اور اہلِ جنت میں سے اس شخص کو لایا جائے گا جو دنیا میں سب لوگوں سے زیادہ سختی اور تنگی میں تھا، پھر اسے جنت میں ایک غوطہ دیا جائے گا، پھر اس سے کہا جائے گا: اے ابن آدم! کیا تو نے کبھی کوئی تکلیف دیکھی تھی؟ کیا کبھی تجھ پر کوئی سختی گزری تھی؟ تو وہ کہے گا: نہیں، اللہ کی قسم! مجھ پر کبھی کوئی تکلیف نہیں گزری اور نہ میں نے کبھی کوئی سختی دیکھی۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
تشریح، فوائد و مسائل
انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " قیامت کے دن کافروں میں سے وہ شخص لایا جائے گا، جس نے دنیا میں بہت عیش کیا ہو گا، اور کہا جائے گا: اس کو جہنم میں ایک غوطہٰ دو، اس کو ایک غوطہٰ جہنم میں دیا جائے گا، پھر اس سے پوچھا جائے گا کہ اے فلاں! کیا تم نے کبھی راحت بھی دیکھی ہے؟ وہ کہے گا: نہیں، میں نے کبھی کوئی راحت نہیں دیکھی اور مومنوں میں سے ایک ایسے مومن کو لایا جائے گا، جو سخت تکلیف اور مصیبت میں رہا ہو گا، اس کو جنت کا ایک غوطہٰ دیا جائے گا، پھر اس سے پوچھا جائے گا: کیا تم نے کبھی کوئی تکلیف یا پریشانی دی۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4321]
فوائد ومسائل: (1)
دنیا کی زندگی انتہائی مختصر زندگی ہے۔
اس کے مقابلے میں محشر کی مدت انتہائی طویل ہے اور محشر کے بعد جنت و جہنم کی زندگی کبھی نہ ختم ہونے والی دائمی زندگی ہے۔
(2)
جنت کی نعمتوں کے مقابلے میں دنیا کی نعمتیں سمندر کے مقابلے میں ایک قطرے کے برابر بھی نہیں۔
اسی طرح دنیا کی تکلیفوں اور جہنم کے عذابوں کی کیفیت ہے۔
(3)
دنیا کی ان نعمتوں کے لیے اللہ تعالی کو ناراض کر لینا بہت بڑی حماقت ہے۔
جو آخرت کے مقابلے میں انتہائی حقیر بھی ہیں، ناقص بھی اور عارضی بھی۔