ریاض الصالحین — حدیث نمبر 450

باب: اللہ تعالیٰ کے ڈر سے اور اس کے شوق میں رونے کی فضیلت

باب فضل البكاء من خشية الله تَعَالَى وشوقًا إِليه

حدیث نمبر: 450
وعن عبد الله بن الشِّخِّير - رضي الله عنه - قَالَ: أتيتُ رسولَ الله - صلى الله عليه وسلم وَهُوَ يُصَلِّي ولِجَوْفِهِ أَزِيزٌ كَأَزِيزِ المِرْجَلِ مِنَ البُكَاءِ.
حديث صحيح رواه أَبو داود والترمذي في الشمائل بإسناد صحيح.
ترجمہ

سیدنا عبداللہ بن شِخِّیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اس حال میں کہ آپ نماز پڑھ رہے تھے اور رونے کی وجہ سے آپ کے سینے سے ایسی آواز آ رہی تھی جیسے ہنڈیا کے ابلنے کی آواز ہوتی ہے۔
(یہ حدیث صحیح ہے، اسے ابوداود نے اور ترمذی نے الشمائل میں صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے)

وضاحت:
«أَزِيزٌ» : یعنی رونے کی آواز، اور وہ یہ کہ رونے سے اس کا سینہ جوش مارے اور ابلنے لگے۔ (النہایہ 1/45)
«المِرْجَلِ» : یعنی وہ برتن جس میں پانی ابالا جاتا ہے۔ (النہایہ 4/315)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 450
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (أبو داود 904) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده صحيح, مشكوة المصابيح (1000), أخرجه النسائي (1215 وسنده صحيح) والترمذي في الشمائل (321 وسنده صحيح)
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (904)، والترمذي في " الشمائل " (322) بتحقيقي، والنسائي في «الكبرى» (545).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 1215 | سنن ابي داود: 904 | بلوغ المرام: 175
أي: صوت البكاء وهو أن يجيش جوفه ويغلي بالبكاء. النهاية ١/ ٤٥.
أي: الإناء الذي يغلى فيه الماء. النهاية ٤/ ٣١٥.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 1215 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´نماز میں رونے کا بیان۔`
عبداللہ بن الشخیر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا، اس وقت آپ نماز پڑھ رہے تھے، اور آپ کے پیٹ سے ایسی آواز آ رہی تھی جیسے ہانڈی ابل رہی ہو یعنی آپ رو رہے تھے ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب السهو/حدیث: 1215]
1215۔ اردو حاشیہ: اللہ تعالیٰ کے خوف سے رونا نماز کا اصل مقصود ہے۔ عبادت چشم پرنم کی ہے۔ اصل نماز ہی یہ ہے کہ دل پر خوف باری تعالیٰ، خشیت الٰہی، ذکر آخرت اور جنت و جہننم کی یاد غالب آ جائے اور آنکھوں سے آنسو چھلکیں۔ ہاں، کسی تکلیف کی بنا پر یاد نبوی نقصان یا کسی کی یاد کی بنا پر روئے تو نماز کے منافی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1215 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 904 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´نماز میں رونے کا بیان۔`
عبداللہ بن شخیر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز پڑھتے ہوئے دیکھا، آپ کے سینے سے رونے کی وجہ سے چکی کی آواز کے مانند آواز آتی تھی۔ [سنن ابي داود/أبواب تفريع استفتاح الصلاة /حدیث: 904]
904۔ اردو حاشیہ:
سنن نسائی کی روایت میں ہے کہ آپ کے اندر سے ہنڈیا کے ابلنے کی سی آواز آ رہی تھی۔ [حديث 1215]
اور مومنین کی خاص صفت یہی ہے کہ "جب ان پر اللہ کی آیات پڑھی جاتی ہیں تو سجدوں میں گر جاتے ہیں اور روتے ہیں۔" [سورة مريم 57]
اور کیفت ایمان اور تدبر فی الآیات ہی سے حاصل ہوتی ہے اور اس سے نماز باطل نہیں ہوتی، خواہ آواز سے روئے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 904 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 175 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´دوران نماز میں خوف الہی سے رونا`
«. . . وعن مطرف بن عبد الله بن الشخير عن ابيه قال: رايت رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم يصلي وفي صدره ازيز كازيز المرجل من البكاء . . .»
". . . سیدنا مطرف اپنے باپ عبداللہ بن شخیر رضی اللہ عنہ سے بیان کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز پڑھتے دیکھا ہے اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سینہ مبارک سے گریہ و زاری کی وجہ سے ایسی آواز آ رہی تھی جیسے جوش کھاتی ہوئی ہنڈیا (سے آواز آتی) ہے . . ." [بلوغ المرام/كتاب الصلاة: 175]
� لغوی تشریح:
«أَزِيزٌ» "ہمزہ" پر فتحہ اور "زا" کے نیچے کسرہ ہے۔ وہ آواز جو جوش مارتے وقت ہنڈیا سے آتی ہے۔
«اَلْمِرْجَلِ» "میم" کے نیچے کسرہ، "را" ساکن اور "جیم" پر فتحہ ہے۔ ہنڈیا کے معنی میں ہے۔
فائدہ:
اس حدیث سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ دوران نماز میں خوف الہی سے رونا نماز کے لیے موجب فساد نہیں ہے۔ اس سے نماز میں کسی قسم کا نقص واقع نہیں ہوتا۔
راویٔ حدیث:
(سیدنا مُطَرِّف رحمہ اللہ) "میم" پر ضمہ اور "را" پر تشدید اور کسرہ ہے۔ سلسلہ نسب یوں ہے: مطرف بن عبداللہ بن شخیر۔ "شین" کے نیچے کسرہ اور "خا" پر تشدید ہے۔ حرشی عامری بصری۔ کبار تابعین میں شمار ہوتے ہیں۔ ثقہ ہیں۔ عبادت گزار اور فاضل آدمی تھے۔ ان کے مناقب بے شمار ہیں۔ 95 ہجری میں فوت ہوئے۔
«عن أَبيه» اس سے مراد عبداللہ بن شخیر بن عوف بن کعب الحرشی رضی اللہ عنہ ہیں۔ شرف صحابیت سے سرفراز ہیں۔ بنو عامر کا جو وفد نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تھا ان میں یہ بھی نمایاں فرد تھے۔ بصریوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 175 سے ماخوذ ہے۔