ریاض الصالحین — حدیث نمبر 421
باب: (اللہ تعالیٰ کی رحمت کی) امید کا بیان
باب الرجاء
وعنه، عن النَّبيّ - صلى الله عليه وسلم - فيما يحكِي عن ربهِ تبارك وتعالى، قَالَ: «أذْنَبَ عَبْدٌ ذَنْبًا، فَقَالَ: اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي ذَنْبِي، فَقَالَ الله تبارك وتعالى: أذنَبَ عبدي ذَنبًا، فَعَلِمَ أنَّ لَهُ رَبًّا يَغْفِرُ الذَّنْبَ، وَيَأْخُذُ بالذَّنْبِ، ثُمَّ عَادَ فَأذْنَبَ، فَقَالَ: أيْ رَبِّ اغْفِرْ لِي ذَنْبي، فَقَالَ تبارك وتعالى: أذنَبَ عَبدِي ذَنبًا، فَعَلِمَ أنَّ لَهُ رَبًّا، يَغْفِرُ الذَّنْبَ، وَيَأْخُذُ بالذَّنْبِ، قَدْ غَفَرْتُ لِعَبْدِي فَلْيَفْعَلْ مَا شَاءَ». مُتَّفَقٌ عَلَيهِ.
وقوله تَعَالَى: «فَلْيَفْعَلْ مَا شَاءَ» أيْ: مَا دَامَ يَفْعَلُ هكذا، يُذْنِبُ وَيَتُوبُ أغفِرُ لَهُ، فَإنَّ التَّوْبَةَ تَهْدِمُ مَا قَبْلَهَا.انہی (سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے، وہ نبی کریم ﷺ سے، اس (حدیث) میں روایت کرتے ہیں جو آپ اپنے رب تبارک و تعالیٰ سے بیان فرماتے ہیں، آپ ﷺ نے فرمایا: ”ایک بندے نے کوئی گناہ کیا، پھر کہا: اے اللہ! میرا گناہ بخش دے۔ تو اللہ تبارک و تعالیٰ نے فرمایا: میرے بندے نے گناہ کیا، پھر اس نے جان لیا کہ اس کا ایک رب ہے جو گناہ بخشتا ہے اور گناہ پر پکڑ بھی کرتا ہے۔ پھر اس نے دوبارہ گناہ کیا اور کہا: اے میرے رب! میرا گناہ بخش دے۔ تو اللہ تبارک و تعالیٰ نے فرمایا: میرے بندے نے گناہ کیا، پھر اس نے جان لیا کہ اس کا ایک رب ہے جو گناہ بخشتا ہے اور گناہ پر پکڑ بھی کرتا ہے، میں نے اپنے بندے کو بخش دیا، پس وہ جو چاہے کرے۔“
(متفق علیہ)
اور اللہ تعالیٰ کا فرمان: «فَلْيَفْعَلْ مَا شَاءَ» (پس وہ جو چاہے کرے) یعنی جب تک وہ اسی طرح کرتا رہے کہ گناہ کرے اور توبہ کرے تو میں اسے بخشتا رہوں گا، کیونکہ توبہ اپنے سے پہلے (کے گناہوں) کو مٹا دیتی ہے۔
تشریح، فوائد و مسائل
اس حدیث میں بھی اللہ کا کلام ایک گہنگار کے متعلق مذکور ہے اور یہ بتلانا بھی مقصد ہے کہ قرآن مجید اللہ کا کلام ہے مگر قرآن مجید کےعلاوہ بھی اللہ کلام کرتا ہے۔
رسول اللہ ﷺصادق المصدوق ہیں۔
آپ نے یہ کلام نقل فرمایا ہے جو لوگ اللہ کے کلام کا انکار کرتےہیں، ان کے نزدیک رسول اللہ ﷺ صادق المصدوق نہیں ہیں۔
اس حدیث سے استغفار کی بھی بڑی فضیلت ثابت ہوئی بشرطیکہ گناہوں سے تائب ہوتا جائے اور استغفار کرتا رہے تو اس کو ضررنہ ہوگا۔
استغفار کی تین شرطیں ہیں۔
گناہ سے الگ ہو جانا، نادم ہونا، آگے کے لیے یہ نیت کرنا کہ اب نہ کروں گا۔
اس نیت کے ساتھ اگر پھر گناہ ہو جائے تو پھر استغفار کرے۔
دوسری حدیث میں ہے اگر ایک دن میں ستر وہی گناہ کرے لیکن استغفار کرتا رہے تو اس نے اصرار نہیں کیا۔
اصرار کے یہ معنی ہیں کہ گناہ پر نادم نہ ہو اس کے پھر کرنے کی نیت رکھے۔
صرف زبان سےاستغفار کرتا رہے کہ ایسا استغفار خود استغفار کے قابل ہے۔
اللهم إنانستغفرك ونتوب إليك فاغفرلنا ياخيرالغافرين آمين-
1۔
مذکورہ حدیث پیش کرنے سےامام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مقصد یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کا کلام کرنا مبنی برحقیقت ہے، چنانچہ اس حدیث میں اللہ تعالیٰ کا ایک گناہ گار کے متعلق گفتگو کرنا مذکور ہے، نیز یہ بتانا بھی مقصود ہے کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا کلام ہے مگر قرآن کے علاوہ بھی اللہ تعالیٰ کلام کرتا ہے جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کلام الٰہی کو ذکرکیا ہے۔
جو لوگ اللہ تعالیٰ کے کلام کا انکار کرتے ہیں وہ گویا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کے منکر ہیں۔
2۔
اس حدیث سے استغفار کی فضیلت بھی ثابت ہوتی ہے اور استغفار کی تین شرطیں ہیں: گناہ چھوڑنا، اس پر شرمسار ہونا، پھر اس کے نہ کرنے کا عزم بالجزم (پختہ ارادہ)
کرنا، اگر اس نیت کے ساتھ، پھر گناہ ہو جائے تو استغفار کرنے سے وہ گناہ ختم ہو جائے گا بشرط یہ کہ گناہ پر اصرار نہ کرے۔
اصرار کے معنی ہیں: گناہ پر نادم ہونے کی بجائے اس کے ارتکاب کی نیت رکھے۔
صرف زبانی استغفار پر اکتفا نہ کرے۔
ایسا زبانی استغفار جو دل کی گہرائی سے نہ ہو بجائے خود استغفار کے قابل ہے۔