حدیث نمبر: 410
وعن أَبي هريرة - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم: «مَنْ خَافَ أَدْلَجَ، وَمَنْ أَدْلَجَ بَلَغَ المَنْزِلَ. ألاَ إنَّ سِلْعَةَ اللهِ غَالِيَةٌ، أَلاَ إِنَّ سِلْعَةَ الله الجَنَّةُ». رواه الترمذي، وَقالَ: «حديث حسن».
وَ«أدْلَجَ»: بإسكان الدال ومعناه سَار من أول الليلِ. والمراد التشمير في الطاعة، والله أعلم.
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جو ڈرتا ہے وہ رات کے شروع ہی میں چل پڑتا ہے، اور جو رات کے شروع میں چل پڑتا ہے وہ منزل پر پہنچ جاتا ہے۔ خبردار! اللہ کا سودا مہنگا ہے، خبردار! اللہ کا سودا جنت ہے۔“
(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے: یہ حدیث حسن ہے)
«أَدْلَجَ»: (دال ساکن کے ساتھ) اس کا معنی ہے: رات کے شروع میں سفر کیا۔ اور مراد اطاعت میں کمر کس لینا (اور مستعدی دکھانا) ہے۔ واللہ اعلم۔

حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 410
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح، الصحيحة (954 و 2335) ، المشكاة (5348 / التحقيق الثانى) (الترمذي 2450) , شیخ زبیر علی زئی: (2450) إسناده ضعيف, يزيد بن سنان : ضعيف (تقدم:1077)
تخریج حدیث أخرجه: الترمذي (2450) وقال: «حديث حسن غريب».
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 2450

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2450 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´باب:۔۔۔`
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جو دشمن کے حملہ سے ڈرا اور شروع رات ہی میں سفر میں نکل پڑا وہ منزل کو پہنچ گیا ۱؎، آگاہ رہو! اللہ تعالیٰ کا سامان بڑی قیمت والا ہے، آگاہ رہو! اللہ تعالیٰ کا سامان جنت ہے۔‏‏‏‏" [سنن ترمذي/كتاب صفة القيامة والرقائق والورع/حدیث: 2450]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یہ ایک مثل ہے جو ان لوگوں کے لیے بیان کی گئی ہے جنہوں نے آخرت کے راستہ کو اپنا رکھا ہے، اور اس پر گامزن ہیں، کیوں کہ شیطان ایسے لوگوں کے بہکانے کے لیے اپنے تمام ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے، اس لیے اس راہ پر چلنے والے اگر شروع ہی سے بیدار رہے اور پورے اخلاص کے ساتھ عمل پر قائم رہے تو ایسے لوگ شیطان کے مکر اور اس کی چال سے محفوظ رہیں گے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2450 سے ماخوذ ہے۔