ریاض الصالحین — حدیث نمبر 330

باب: والدین کے ساتھ حسنِ سلوک اور صلہ رحمی

باب بر الوالدين وصلة الأرحام

حدیث نمبر: 330
وعن أَبي عبد الله عمرو بن العاص رضي الله عنهم، قَالَ: سمعت رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم - جِهَارًا غَيْرَ سِرٍّ، يَقُولُ: «إنَّ آل بَني فُلاَن لَيْسُوا بِأولِيَائِي، إِنَّمَا وَلِيِّيَ اللهُ وَصَالِحُ المُؤْمِنينَ، وَلَكِنْ لَهُمْ رَحِمٌ أبُلُّهَا بِبلاَلِهَا». مُتَّفَقٌ عَلَيهِ، واللفظ للبخاري.
ترجمہ

سیدنا ابو عبداللہ عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو علانیہ، نہ کہ چپکے سے، یہ فرماتے سنا: ”بے شک فلاں کی اولاد میرے دوست نہیں، میرا دوست تو اللہ اور نیک مومن ہیں، لیکن ان کے ساتھ (میری) رشتہ داری ہے جسے میں اس کی تری سے تر رکھوں گا (یعنی ان سے صلہ رحمی کروں گا)۔“
(متفق علیہ، اور یہ الفاظ بخاری کے ہیں)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 330
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 8/ 7 (5990)، ومسلم 1/ 136 (215) (366).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 215

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 215 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عمرو بن عاص ؓ سے روایت ہے، کہ میں نے رسول اللہﷺ سے سنا، آپ نے چھپائے بغیر بلند آواز سے فرمایا: ’’فلاں کی اولاد! میری عزیز و دوست نہیں، میرا ساتھی اور دوست اللہ تعالیٰ اور نیک مسلمان ہیں۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:519]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل:
"وَلِيٌّ" کا معنی: ہمدم، رفیق، دوست، حمایتی اور معاو ن وناصر ہوتا ہے۔
اس حدیث سے معلوم ہوا، کہ نبی اکرم ﷺ کا عزیز، رفیق اور معاون وناصر اور رشتہ دار وہی ہے، جو ایمان ہونے کے ساتھ آپ کے دین پر عمل پیرا ہے اور نیک ہے، اگرچہ اس کا آپ سے نسبی تعلق نہیں ہے۔
اور جو ایماندار اور نیک نہیں ہے، وہ آپ کا عزیز، رفیق یا رشتہ دار نہیں ہے، اگر چہ نسب کے اعتبار سے آپ کاقریبی ہی کیوں نہ ہو۔
حضرت نوحؑ کے بیٹے کے بارے میں جو کافر تھا، اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿إِنَّهُ لَيْسَ مِنْ أَهْلِكَ ۖ إِنَّهُ عَمَلٌ غَيْرُ صَالِحٍ﴾ (ھود: 46)
’’وہ تیرے خاندان کا فرد نہیں ہے، اس کی سفارش ایسا عمل ہے جو اچھا نہیں ہے۔
‘‘ اور ایسے شخص سے آپ نے کھلم کھلا بیزاری کا اظہار فرمایا ہے، اور ایک مسلمان کے لیے بھی یہی طرز عمل زیبا ہے، کہ وہ کافروں اور فاسقوں سے محبت ومودت کا تعلق نہ رکھے، اگرچہ وہ اس کے قریبی ہی کیوں نہ ہو۔
اسی عموم کے لحاظ سے راوی نے اس شخص کا نام نہیں لیا، تاکہ اس کی مسلمان اورنیک اولاد کو اس سے اذیت نہ پہنچے، یا اس سے غلط مطلب نہ اخذ کر لیا جائے، اس لیے اس کو خواہ مخواہ متعین نہیں کرنا چاہیے۔
لیکن اس حدیث سے اپنے غلط مفروضہ پر بد مذہب اور گمراہ فرقہ کی آڑ میں مسلمانوں کے جلسہ اور مجالس میں حاضری سے روکنا، اپنی بھیڑوں کو قابو رکھنے کا ایک حیلہ تو ہو سکتا ہے، حدیث کا تقاضا اور مطلب نہیں۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 519 سے ماخوذ ہے۔