ریاض الصالحین — حدیث نمبر 323

باب: والدین کے ساتھ حسنِ سلوک اور صلہ رحمی

باب بر الوالدين وصلة الأرحام

حدیث نمبر: 323
وعن عائشة، قَالَتْ: قَالَ رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم: «الرَّحِمُ مُعَلَّقَةٌ بِالعَرْشِ تَقُولُ: مَنْ وَصَلَنِي، وَصَلَهُ اللهُ، وَمَنْ قَطَعَنِي، قَطَعَهُ اللهُ». مُتَّفَقٌ عَلَيهِ.
ترجمہ

سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”رحم (رشتہ داری) عرش سے لٹکی ہوئی ہے، کہتی ہے: جو مجھے جوڑے اللہ اسے جوڑے، اور جو مجھے کاٹے اللہ اسے کاٹ دے۔“
(متفق علیہ)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 323
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 8/ 7 (5989)، ومسلم 8/ 7 (2555) (17).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 5989 | صحيح مسلم: 2555

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5989 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5989. نبی ﷺ کی زوجہ محترم ام المومنین سیدہ عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتی ہیں کہ آپ نے فرمایا: "رحم (رحمن سے ملی ہوئی) ایک شاخ ہے، جو شخص اس سے ملے میں اس سے ملتا ہوں اور جو اس سے قطع تعلق کرے اس سے قطع تعلق کرتا ہوں۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5989]
حدیث حاشیہ: اس باب سے صاف ظاہر ہو اکہ رحم کو قطع کرنے والا اللہ تعالیٰ سے تعلق توڑنے والا مانا گیا ہے۔
بہت سے امام نام نہاد دیندار اپنے گنہگار بھائیوں سے بالکل غیر متعلق ہو جاتے ہیں اور اسے تقویٰ جانتے ہیں۔
جو بالکل خیال باطل ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5989 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5989 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5989. نبی ﷺ کی زوجہ محترم ام المومنین سیدہ عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتی ہیں کہ آپ نے فرمایا: "رحم (رحمن سے ملی ہوئی) ایک شاخ ہے، جو شخص اس سے ملے میں اس سے ملتا ہوں اور جو اس سے قطع تعلق کرے اس سے قطع تعلق کرتا ہوں۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5989]
حدیث حاشیہ:
(1)
ان احادیث سے صلہ رحمی کی اہمیت کا پتا چلتا ہے کہ رشتے داری قائم رکھنے والے سے اللہ تعالیٰ اپنا تعلق قائم رکھتا ہے اور اسے ختم کرنے والے سے اللہ تعالیٰ اپنا تعلق ختم کرلیتا ہے۔
دور حاضر میں بہت سے دیندار اپنے دنیادار بھائیوں سے بالکل قطع تعلق ہوجاتے ہیں اور اسے تقویٰ کا اعلی معیار شمار کیا جاتا ہے۔
یہ بالکل غلط خیال ہے۔
ایسے لوگوں کو اپنے کردار پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
قرآن مجید میں قطع رحمی کی مذمت ان الفاظ میں کی گئی ہے: ’’اور جن تعلقات کو اللہ تعالیٰ نے جوڑنے کا حکم دیا ہے وہ انھیں توڑتے ہیں۔
‘‘ (الرعد13: 25)
در حقیقت رشتے داری کے کئی مراتب ہیں: پہلا یہ کہ آپس میں ایسی رشتے داری ہو جس سے باہمی نکاح حرام ہوتا ہے، دوسرے یہ کہ وہ ایک دوسرے کے وارث بنتے ہیں، تیسرے یہ کہ ان دونوں کے علاوہ کسی بھی وجہ سے قرابت ہو۔
ان میں سب سے زیادہ حق ماں کا ہے، پھر باپ کا، پھر حسب مراتب دوسرے عزیزواقارب کا ہے۔
(2)
اگرچہ صلہ رحمی تمام عزیزو اقارب کا حق ہے مگر درجہ بدرجہ یہ حق بڑھتا چلا جاتا ہے۔
صلہ رحمی کا کم از کم درجہ یہ ہے کہ آپس میں سلام وکلام کا سلسلہ قائم رہے۔
اگر یہ بھی باقی نہ رہا تو صلہ رحمی کیسی؟ اس کے بعد عزیزواقارب کے احوال کی خبرگیری، مال وجان سے ان کا تعاون، ان کی غلطیوں سے درگزر اور ان کی عزت وآبرو کی حفاظت کرنا یہ صلہ رحمی کی مختلف صورتیں ہیں۔
والله أعلم
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5989 سے ماخوذ ہے۔