ریاض الصالحین — حدیث نمبر 294

باب: اہل و عیال پر خرچ کرنے کا بیان

باب النفقة عَلَى العيال

حدیث نمبر: 294
وعن عبد الله بن عمرو بن العاص رضي الله عنهم، قَالَ: قَالَ رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم: «كَفَى بِالمَرْءِ إثْمًا أَنْ يُضَيِّعَ مَنْ يَقُوتُ» حديث صحيح رواه أَبُو داود وغيره.
ورواه مسلم في صحيحه بمعناه، قَالَ: «كَفَى بِالمَرْءِ إثْمًا أَنْ يحْبِسَ عَمَّنْ يَمْلِكُ قُوتَهُ».
ترجمہ

سیدنا عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”آدمی کے گناہ گار ہونے کے لیے یہی کافی ہے کہ وہ ان لوگوں کو ضائع کر دے جن کی روزی اس کے ذمے ہے۔“
(یہ حدیث صحیح ہے، اسے ابوداود وغیرہ نے روایت کیا ہے)
اور مسلم نے اپنی صحیح میں اسے اسی معنی میں روایت کیا ہے، آپ ﷺ نے فرمایا: ”آدمی کے گناہ گار ہونے کے لیے یہی کافی ہے کہ وہ جس (غلام وغیرہ) کا مالک ہے اس سے اس کی خوراک روک لے۔“

حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 294
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن (أبو داود 1692) , شیخ زبیر علی زئی: صحيح, ابو اسحاق السبيعي صرح بالسماع عند الطيالسي (2281) وله طريق آخر عند مسلم (996)
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (1692)، والنسائي في «الكبرى» (9176)، وأخرج مسلم الحديث الثاني 3/ 78 (996) (40).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 996 | سنن ابي داود: 1692 | بلوغ المرام: 980 | مسند الحميدي: 610

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1692 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´رشتے داروں سے صلہ رحمی (اچھے برتاؤ) کا بیان۔`
عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " آدمی کے گنہگار ہونے کے لیے یہ کافی ہے کہ وہ ان لوگوں کو جن کے اخراجات کی ذمہ داری اس کے اوپر ہے ضائع کر دے ۱؎۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الزكاة /حدیث: 1692]
1692. اردو حاشیہ: یعنی اپنے بیوی بچے جن کے اخراجات اس کے زمے ہیں یا وہ افراد جو اس کے زیر کفالت ہوں۔مثلاً والدین یادیگر عزیز یا نوکر خادم اور اس کے زیر انتظام ادارے کے ملازمین جنھیں یہ تنخواہ دیتا ہو۔اس قسم کے متعلقین کو ان کے مالی حقوق نہ دینا یا کم دینا یا بلاوجہ تاخیر کر کے دینایا ان کو چھوڑ کر دوسروں پر صدقہ کرتے پھرنا اور ان کا خیال نہ رکھنا انہیں ضائع کرنے کے مترادف ہے۔اور گناہ ہے۔انسانوں کے علاوہ زیر ملکیت جانوروں اور پرندوں کے حقوق مارنے پر بھی یہی وعید ہے۔اس معنی ومفہوم کے ساتھ ساتھ اس سے مراد یہ بھی ہوسکتا ہے۔کہ انسان جس کی طرف سے اس کو رزق وخرچ مل رہا ہو اس کو ضائع کردے۔۔۔یعنی اگر وہ خدمت کا حقداار ہے۔تو اس کی خدمت نہ کرے۔مثلا ً بیوی کے لئے شوہر اور اولاد کےلئے باپ۔۔۔یا اس کا احسان مند نہ ہو۔ مثلا بھائی کے لئے بھائی یا خوامخواہ اس میں عیب جوئی کرتے رہنا۔کوئی تقصیر ہوجائے تو درگزر نہ کرنا وغیرہ کہ ان اسباب سے انسان کا وسیلہ رزق ختم ہوجائے یا الفت ومودت اور صلہ رحمی کےروابط ختم ہوجایئں۔ اور اسے ضائع کر بیٹھے تو یہ گناہ کی بات ہے۔رسول اللہ ﷺفدا امی وابی کے اس قسم کے ارشادات آپ کے صاحب جوامع الکلم ہونے کی دلیل ہیں۔ (اللهم صل وبارك وسلم عليه ]
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1692 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 610 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
610- سیدنا عبداللہ بن عمروبن العاص رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: "آدمی کے گنہگار ہونے کے لیے اتنا ہی کافی ہے، جن لوگوں کو خوراک فراہم کرنا اس کی ذمہ داری ہے، وہ انہیں ضائع کردے (یعنی ان کی ضرو ریات کا بند و بست نہ کرے) " [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:610]
فائدہ:
اس حدیث میں نان و نفقہ کی ذمہ داری ادا کرنے کا ذکر ہے کہ جو شخص اہل و عیال پر خرچ نہیں کرتا وہ مجرم ہے، اور یہ معلوم شے ہے کہ صدقہ کی افضل ترین صورت اپنے اہل و عیال پر خرچ کرنا ہے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 610 سے ماخوذ ہے۔