ریاض الصالحین — حدیث نمبر 259
باب: کمزور مسلمانوں، فقراء اور گمنام لوگوں کی فضیلت
باب فضل ضعفة المسلمين والفقراء والخاملين
وعن أَبي هريرة - رضي الله عنه - عن النَّبيّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «لَمْ يَتَكَلَّمْ في المَهْدِ إلاَّ ثَلاثَةٌ: عِيسَى ابْنُ مَرْيَمَ، وَصَاحِبُ جُرَيْجٍ، وَكَانَ جُرَيْجٌ رَجُلًا عَابِدًا، فَاتَّخَذَ صَوْمَعَةً فَكَانَ فِيهَا، فَأَتَتْهُ أُمُّهُ وَهُوَ يُصَلِّي، فَقَالَتْ: يَا جُرَيْجُ، فَقَالَ: يَا رَبِّ أُمِّي وَصَلاتِي فَأَقْبَلَ عَلَى صَلاتِهِ فَانْصَرَفَتْ. فَلَمَّا كَانَ مِنَ الغَدِ أتَتْهُ وَهُوَ يُصَلِّي، فَقَالَتْ: يَا جُرَيْجُ، فَقَالَ: أيْ رَبِّ أمِّي وَصَلاتِي، فَأقْبَلَ عَلَى صَلاتِهِ، فَلَمَّا كَانَ مِنْ الغَدِ أتَتْهُ وَهُوَ يُصَلِّي، فَقَالَتْ: يَا جُرَيْجُ، فَقَالَ: أيْ رَبِّ أمِّي وَصَلاتِي، فَأقْبَلَ عَلَى صَلاَتِهِ، فَقَالَتْ: اللَّهُمَّ لاَ تُمِتْهُ حَتَّى يَنْظُرَ إِلَى وُجُوهِ المُومِسَاتِ. فَتَذَاكَرَ بَنُو إسْرائِيل جُرَيْجًا وَعِبَادَتَهُ، وَكَانَتِ امْرَأةٌ بَغِيٌّ يُتَمَثَّلُ بحُسْنِهَا، فَقَالَتْ: إنْ شِئْتُمْ لأَفْتِنَنَّهُ، فَتَعَرَّضَتْ لَهُ، فَلَمْ يَلْتَفِتْ إِلَيْهَا، فَأتَتْ رَاعِيًا كَانَ يَأوِي إِلَى صَوْمَعَتِهِ، فَأَمْكَنَتْهُ مِنْ نَفْسِهَا فَوقَعَ عَلَيْهَا، فَحَمَلَتْ، فَلَمَّا وَلَدَتْ، قَالَتْ: هُوَ مِنْ جُريج، فَأتَوْهُ فَاسْتَنْزَلُوهُ وَهَدَمُوا صَوْمَعَتَهُ، وَجَعَلُوا يَضْرِبُونَهُ، فَقَالَ: مَا شَأنُكُمْ؟ قَالُوا: زَنَيْتَ بهذِهِ البَغِيِّ فَوَلَدَتْ مِنْكَ. قَالَ: أيْنَ الصَّبيُّ؟ فَجَاؤُوا بِهِ فَقَالَ: دَعُوني حَتَّى أصَلِّي، فَصَلَّى فَلَمَّا انْصَرفَ أتَى الصَّبيَّ فَطَعنَ في بَطْنِهِ، وَقالَ: يَا غُلامُ مَنْ أبُوكَ؟ قَالَ: فُلانٌ الرَّاعِي، فَأَقْبَلُوا عَلَى جُرَيْجٍ يُقَبِّلُونَهُ وَيَتَمَسَّحُونَ بِهِ، وَقَالُوا: نَبْنِي لَكَ صَوْمَعَتَكَ مِنْ ذَهَب. قَالَ: لاَ، أعِيدُوهَا مِنْ طِينٍ كَمَا كَانَتْ، فَفَعلُوا. وبَينَا صَبِيٌّ يَرْضَعُ منْ أُمِّهِ فَمَرَّ رَجُلٌ رَاكِبٌ عَلَى دَابَّةٍ فَارِهَةٍ وَشَارَةٍ حَسَنَةٍ، فَقَالَتْ أُمُّهُ: اللَّهُمَّ اجْعَل ابْنِي مِثْلَ هَذَا، فَتَرَكَ الثَّدْيَ وَأقْبَلَ إِلَيْهِ فَنَظَرَ إِلَيْهِ، فَقَالَ: اللَّهُمَّ لاَ تَجْعَلْنِي مِثْلَهُ، ثُمَّ أقْبَلَ عَلَى ثَدْيه فَجَعَلَ يَرتَضِعُ»، فَكَأنِّي أنْظُرُ إِلَى رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم - وَهُوَ يَحْكِي ارْتضَاعَهُ بِأصْبَعِهِ السَّبَّابَةِ في فِيه، فَجَعَلَ يَمُصُّهَا، قَالَ: «وَمَرُّوا بِجَارِيَةٍ وَهُم يَضْرِبُونَهَا، ويَقُولُونَ: زَنَيْتِ سَرَقْتِ، وَهِيَ تَقُولُ: حَسْبِيَ اللهُ ونِعْمَ الوَكِيلُ. فَقَالَتْ أمُّهُ: اللَّهُمَّ لاَ تَجْعَل ابْنِي مِثْلَهَا، فَتَركَ الرَّضَاعَ ونَظَرَ إِلَيْهَا، فَقَالَ: اللَّهُمَّ اجْعَلْنِي مثْلَهَا، فَهُنَالِكَ تَرَاجَعَا الحَديثَ، فَقَالَتْ: مَرَّ رَجُلٌ حَسَنُ الهَيْئَةِ، فَقُلْتُ: اللَّهُمَّ اجْعَلْ ابْنِي مِثْلَهُ، فَقُلْتَ: اللَّهُمَّ لاَ تَجْعَلْنِي مِثْلَهُ، وَمَرُّوا بهذِهِ الأمَةِ وَهُمْ يَضْرِبُونَهَا وَيَقُولُونَ: زَنَيْتِ سَرَقْتِ، فقلتُ: اللَّهُمَّ لاَ تَجْعَلِ ابْنِي مِثْلَهَا، فَقُلْتَ: اللَّهُمَّ اجْعَلْنِي مِثْلَهَا؟! قَالَ: إنَّ ذلك الرَّجُل كَانَ جَبَّارًا، فَقُلْتُ: اللَّهُمَّ لا تَجْعَلْنِي مِثْلَهُ، وَإنَّ هذِهِ يَقُولُونَ: زَنَيْتِ، وَلَمْ تَزْنِ وَسَرقْتِ، وَلَمْ تَسْرِقْ، فَقُلْتُ: اللَّهُمَّ اجْعَلْنِي مِثْلَهَا» مُتَّفَقٌ عَلَيهِ. «المُومسَاتُ» بِضَمِّ الميمِ الأُولَى، وَإسكان الواو وكسر الميم الثانية وبالسين المهملة؛ وهُنَّ الزَّواني. وَالمُومِسَةُ: الزَّانِيَةُ. وقوله: «دَابَّةٌ فَارِهَةٌ» بِالفَاءِ: أي حَاذِقَةٌ نَفيسةٌ. «وَالشَّارَةُ» بالشين المعجمة وتخفيف الرَّاءِ: وَهيَ الجَمَالُ الظَّاهِرُ في الهَيْئَةِ والمَلبَسِ. ومعنى «تَراجَعَا الحَديث» أي: حَدَّثت الصبي وحَدَّثها، والله أعلم.سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”گہوارے (بچپن) میں صرف تین (بچوں) نے کلام کیا: عیسیٰ ابن مریم (علیہما السلام) نے، اور جریج والے (بچے) نے۔ جریج ایک عبادت گزار آدمی تھا، اس نے ایک عبادت خانہ بنا لیا اور اسی میں رہتا تھا۔ اس کی ماں اس کے پاس آئی جبکہ وہ نماز پڑھ رہا تھا، اس نے کہا: اے جریج! اس نے (دل میں) کہا: اے میرے رب! (ایک طرف) میری ماں ہے اور (دوسری طرف) میری نماز، چنانچہ وہ اپنی نماز ہی کی طرف متوجہ رہا تو وہ واپس چلی گئی۔ جب اگلا دن ہوا تو وہ پھر اس کے پاس آئی جبکہ وہ نماز پڑھ رہا تھا، اس نے کہا: اے جریج! اس نے کہا: اے میرے رب! میری ماں اور میری نماز، اور وہ اپنی نماز ہی کی طرف متوجہ رہا۔ پھر جب اگلا دن ہوا تو وہ (پھر) اس کے پاس آئی جبکہ وہ نماز پڑھ رہا تھا، اس نے کہا: اے جریج! اس نے کہا: اے میرے رب! میری ماں اور میری نماز، اور وہ اپنی نماز ہی کی طرف متوجہ رہا۔ تو اس (کی ماں) نے کہا: اے اللہ! اسے اس وقت تک موت نہ دینا جب تک یہ بدکار عورتوں کے چہرے نہ دیکھ لے۔ پھر بنی اسرائیل نے آپس میں جریج اور اس کی عبادت کا تذکرہ کیا، اور (وہاں) ایک بدکار عورت تھی جس کے حسن کی مثال دی جاتی تھی، اس نے کہا: اگر تم چاہو تو میں اسے فتنے میں ڈال دوں۔ چنانچہ اس نے اپنے آپ کو اس کے سامنے پیش کیا، لیکن اس نے اس کی طرف کوئی توجہ نہ دی۔ پھر وہ ایک چرواہے کے پاس آئی جو اس کے عبادت خانے کے پاس ٹھکانا کرتا تھا، اور اسے اپنے اوپر قدرت دے دی، تو اس نے اس سے بدکاری کی اور وہ حاملہ ہو گئی۔ جب اس نے بچہ جنا تو کہا: یہ جریج سے ہے۔ چنانچہ لوگ اس کے پاس آئے، اسے (عبادت خانے سے) نیچے اتارا، اس کا عبادت خانہ گرا دیا اور اسے مارنے لگے۔ اس نے کہا: تمہیں کیا ہوا ہے؟ انہوں نے کہا: تو نے اس بدکار عورت سے زنا کیا ہے اور اس نے تجھ سے بچہ جنا ہے۔ اس نے کہا: بچہ کہاں ہے؟ وہ اسے لے آئے، تو اس نے کہا: مجھے چھوڑو تاکہ میں نماز پڑھ لوں۔ چنانچہ اس نے نماز پڑھی، پھر جب فارغ ہوا تو بچے کے پاس آیا اور (انگلی سے) اس کے پیٹ میں کچوکا دیا اور کہا: اے لڑکے! تیرا باپ کون ہے؟ اس نے کہا: فلاں چرواہا۔ تو لوگ جریج کی طرف متوجہ ہو کر اسے چومنے لگے اور (برکت کے لیے) اسے چھونے لگے، اور کہنے لگے: ہم تیرا عبادت خانہ سونے کا بنا دیتے ہیں۔ اس نے کہا: نہیں، اسے مٹی ہی کا دوبارہ بنا دو جیسا کہ وہ تھا، تو انہوں نے (ایسا ہی) کیا۔ اور (تیسرا یہ کہ) ایک بچہ اپنی ماں کا دودھ پی رہا تھا کہ ایک آدمی ایک عمدہ سواری پر سوار، اچھی وضع قطع کے ساتھ گزرا، تو اس کی ماں نے کہا: اے اللہ! میرے بیٹے کو اس جیسا بنا دے۔ اس (بچے) نے پستان چھوڑ دیا اور اس (آدمی) کی طرف متوجہ ہو کر اسے دیکھا، پھر کہا: اے اللہ! مجھے اس جیسا نہ بنانا، پھر اپنے پستان کی طرف متوجہ ہوا اور دودھ پینے لگا۔“ (سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں:) گویا میں (اب بھی) رسول اللہ ﷺ کو دیکھ رہا ہوں کہ آپ اپنی شہادت کی انگلی منہ میں رکھ کر اس (بچے) کے دودھ پینے کی نقل کر رہے تھے اور اسے چوس رہے تھے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”اور (پھر) لوگ ایک لونڈی کے پاس سے گزرے جسے وہ مار رہے تھے اور کہہ رہے تھے: تو نے زنا کیا، تو نے چوری کی، اور وہ کہہ رہی تھی: مجھے اللہ کافی ہے اور وہ بہترین کارساز ہے۔ تو اس (بچے) کی ماں نے کہا: اے اللہ! میرے بیٹے کو اس جیسا نہ بنانا۔ اس نے دودھ پینا چھوڑ دیا اور اس (لونڈی) کی طرف دیکھ کر کہا: اے اللہ! مجھے اس جیسا بنا دے۔ اس وقت دونوں (ماں بیٹے) میں باہم گفتگو ہوئی، ماں نے کہا: ایک اچھی شکل و صورت والا آدمی گزرا تو میں نے کہا: اے اللہ! میرے بیٹے کو اس جیسا بنا دے، تو تو نے کہا: اے اللہ! مجھے اس جیسا نہ بنانا۔ اور لوگ اس لونڈی کے پاس سے گزرے جسے وہ مار رہے تھے اور کہہ رہے تھے: تو نے زنا کیا، تو نے چوری کی، تو میں نے کہا: اے اللہ! میرے بیٹے کو اس جیسا نہ بنانا، تو تو نے کہا: اے اللہ! مجھے اس جیسا بنا دے؟! اس (بچے) نے کہا: وہ آدمی بڑا ظالم و جابر تھا، اس لیے میں نے کہا: اے اللہ! مجھے اس جیسا نہ بنانا، اور اس (لونڈی) کے بارے میں لوگ کہتے ہیں: تو نے زنا کیا، حالانکہ اس نے زنا نہیں کیا، اور (کہتے ہیں:) تو نے چوری کی، حالانکہ اس نے چوری نہیں کی، اس لیے میں نے کہا: اے اللہ! مجھے اس جیسا بنا دے۔“
(متفق علیہ)
«المُومِسَاتُ»: پہلے میم پر پیش، واؤ ساکن، دوسرے میم کے زیر اور بغیر نقطے والے سین کے ساتھ؛ اس سے مراد زانیہ عورتیں ہیں، اور «المُومِسَةُ» زانیہ عورت کو کہتے ہیں۔
اور آپ ﷺ کا فرمان: «دَابَّةٌ فَارِهَةٌ» فاء کے ساتھ: یعنی تیز رفتار اور نفیس (عمدہ) سواری۔
«وَالشَّارَةُ»: نقطے والے شین اور راء کی تخفیف کے ساتھ: اس سے مراد شکل و صورت اور لباس میں ظاہری خوبصورتی ہے۔
اور «تَرَاجَعَا الحَدِيثَ» کا معنی ہے: ماں نے بچے سے بات کی اور بچے نے ماں سے بات کی۔ واللہ اعلم۔
تشریح، فوائد و مسائل
ان تینوں بچوں کےکلام کرنے کا تعلق صرف بنی اسرائیل سےہے۔
ان کےعلاوہ بعض دوسرے بچوں نےبھی بچپن میں کلام کیا ہے۔
1۔
حدیث جریج سے معلوم ہوتا ہے کہ ماں کی خدمت میں عظمت ہے اور بچوں کے حق میں اس کی دعا قبول ہوتی ہے اس کی دل آزاری سے پرہیز کرنا چاہیے،نیز وہ لونڈی جسے بلاوجہ ماراپیٹا جارہاتھا وہ اللہ تعالیٰ کی نیک بندی تھی۔
2۔
ان تین بچوں کے علاوہ بھی مختلف احادیث میں بچوں کی گفتگو کاذکر ہے، مثلاً: صحیح مسلم کی ایک روایت میں ہے کہ گہوارے میں اس بچے نے بھی گفتگو کی تھی جس کی ماں کو "اصحاب الاخدود" آگ کے آلاؤ میں ڈالنے لگے تو وہ کچھ سہم گئی۔
اس وقت شیر خوار بچے نے کہا: اے میری ماں! صبر کر تو حق پر ہے۔
"(صحیح مسلم، الذھد والرقائق، حدیث: 7511(3005)
3۔
ممکن ہے کہ گہوارے میں صرف تین بچوں نے گفتگو کی ہو اور باقی بچوں نے گہوارے کے علاوہ باتیں کی ہوں۔
یہ بھی ممکن ہے کہ اس حدیث میں مذکورہ تین بچوں کے کلام کرنے کاتعلق صرف بنی اسرائیل سے ہو اور باقی بچے غیر بنی اسرائیل سے ہوں۔
امام بخاری ؒ نے حضرت عیسیٰ ؑ کے حالات سے آگاہی کے لیے اسے بیان کیا ہے۔
قرآن کریم میں بھی اس کی صراحت ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’پھر وہ(مریم)
بچے کو اٹھائے اپنی قوم میں لے آئیں تو وہ کہنے لگے: اے مریم ؑ! یقیناً تو نے بہت بُرا کام کیا ہے۔
اےہارون کی بہن! نہ تو تیرا باپ کوئی بُرا آدمی تھا اور نہ تیری ماں ہی بدکار تھی۔
مریم نے اس بچے کی طرف اشارہ کردیا۔
وہ کہنے لگے: ہم اس سے کیسے کلام کریں جو ابھی گود میں بچہ ہے۔
وہ(بچہ)
بول اٹھا: بے شک میں اللہ کابندہ ہوں۔
اس نے مجھے کتاب دی اور مجھے نبی بنایا ہے۔
‘‘ (مریم: 27-
30)
اور اس سے مختلف مسائل کا استنباط فرمایا ہے۔
یہاں آپ یہ ثابت فرمانے کے لیے یہ حدیث لائے کہ جب کوئی شخص یا اشخاص کسی کی دیوار ناحق گراد یں تو ان کو وہ دیوار پہلی ہی دیوار کے مثل بنانی لازم ہوگی۔
جریج کا واقعہ مشہور ہے۔
ان کے دین میں ماں کی بات کا جواب دینا بحالت نماز بھی ضروری تھا۔
مگر حضرت جریج نماز میں مشغول رہے، حتی کہ ان کی والدہ نے خفا ہو کر ان کے حق میں بددعا کر دی، آخر ان کی پاک دامنی ثابت کرنے کے لیے اللہ پاک نے اسی ولد الزنا بچے کو گویائی دے۔
حالانکہ اس کے بولنے کی عمر نہ تھی۔
مگر اللہ نے حضرت جریج کی دعا قبول کی اور اس بچے کو بولنے کی طاقت بخشی۔
قسطلانی نے کہا کہ اللہ نے چھ بچوں کو کم سنی میں بولنے کی قوت عطا فرمائی۔
ان میں حضرت یوسف ؑ کی پاکدامنی کی گواہی دینے والا بچہ اور فرعون کی بیٹی کی مغلانی کا لڑکا اور حضرت عیسیٰ ؑ اور صاحب جریج اور صاحب اخدود اور بنی اسرائیل کی ایک عورت کا بیٹا جس کو وہ دوھ پلا رہی تھی۔
اچانک ایک شخص جاہ وحشم کے ساتھ گزرا اور عور ت نے بچے کے لیے دعا کی کہ اللہ میرے بچے کو بھی ایسی قسمت والا بنائیو۔
اس شیر خوار بچے نے فوراً کہا کہ الٰہی! مجھے ایسا نہ بناؤ۔
کہتے ہیں کہ حضرت یحییٰ علیہ السلام ؑ نے بھی کم سنی میں باتیں کی ہیں۔
تو کل سات بچے ہوں گے۔
ترجمہ باب اس سے نکلتا ہے کہ حضرت جریج نے اپنا گھر مٹی ہی کی پہلی حالت کے مطابق بنوانے کا حکم دیا۔
حدیث سے یہ بھی نکلا کہ ماں کی دعا اپنی اولاد کے لیے ضرور قبول ہوتی ہے۔
ماں کا حق باپ سے تین حصے زیادہ ہے۔
جو لڑکے لڑکی ماں کو راضی رکھتے ہیں وہ دنیا میں بھی خوب پھلتے پھولتے ہیں اور آخرت میں بھی نجات پاتے ہیں اور ماں کو ناراض کرنے والے ہمیشہ دکھ اٹھاتے ہیں۔
تجربہ اور مشاہدہ سے اس کا بہت کچھ ثبوت موجود ہے۔
جس میں شک و شبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ماں کے بعد باپ کا درجہ بھی کچھ کم نہیں ہے۔
اسی لیے قرآن مجید میں عبادت الٰہی کے لیے حکم صادر فرمانے کے بعد ﴿وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا﴾ (البقرة: 83)
کے لفظ استعمال کئے گئے ہیں۔
کہ اللہ کی عبادت کرو اور ماں باپ کے ساتھ نیک سلوک کرو، یہاں تک کہ ﴿فَلَا تَقُلْ لَهُمَا أُفٍّ وَلَا تَنْهَرْهُمَا وَقُلْ لَهُمَا قَوْلًا كَرِيمًا (23)
وَاخْفِضْ لَهُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَةِ وَقُلْ رَبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا﴾ (بني إسرائیل: 24)
یعنی ماں باپ زندہ موجود ہوں تو ان کے سامنے اف بھی نہ کرو اور نہ انہیں ڈانٹو ڈپٹو بلکہ ان سے نرم نرم میٹھی میٹھی باتیں جو رحم و کرم سے بھر پور ہوں کیا کرو اور ان کے لیے رحم و کرم والے بازو بچھا دیا کرو وہ بازو جو ان کے احترام کے لیے عاجزی انکساری کے لیے ہوئے ہوں اوران کے حق میں یوں دعا کیا کرو کہ پروردگار! ان پر اسی طرح رحم فرمائیو جیسا کہ بچپن میں انہوں نے مجھ کو اپنے رحم و کرم سے پروان چڑھایا۔
ماں باپ کی خدمت، اطاعت، فرمانبردرای کے بارے میں بہت سی احادیث مروی ہیں جن کا نقل کرنا طوالت ہے۔
خلاصہ یہی ہے کہ اولاد کا فرض ہے کہ والدین کی نیک دعائیں ہمیشہ حاصل کرے۔
حضرت جریج کے واقعہ میں اور بھی بہت سی عبرتیں ہیں۔
سمجھنے کے لیے نور بصیرت درکار ہے، اللہ والے دنیا کے جھمیلوں سے دور رہ کر شب و روز عبادت الٰہی میں مشغول رہنے والے بھی ہوتے ہیں اور وہ دنیا کے جھمیلوں میں رہ کربھی یاد خدا سے غافل نہیں ہوتے۔
نیز جب بھی کوئی حادثہ سامنے آئے صبر و استقلال کے ساتھ اسے برداشت کرتے اور اس کا نتیجہ اللہ کے حوالے کرتے ہیں۔
ہماری شریعت کا بھی یہی حکم ہے کہ اگر کوئی شخص نفل نماز کی نیت باندھے ہوئے ہو اور حضرت رسول کریم ﷺ اسے پکار دیں تو وہ نماز توڑ کر خدمت میں حاضری دے۔
آج کل اولاد کے لیے یہی حکم ہے نیز بیوی کے لیے بھی کہ وہ خاوند کی اطاعت کو نفل نمازوں پر مقدم جانے۔
و باللہ التوفیق
(1)
امام بخاری ؒ نے اس حدیث سے یہ ثابت کیا ہے کہ جب کوئی شخص کسی کی ناحق دیوار گرا دے تو اسے پہلی دیوار کی طرح بنا کر دینی چاہیے جبکہ کچھ حضرات کہتے ہیں کہ دیوار گرانے والے کو قیمت ادا کرنا ہو گی۔
استدلال کی بنیاد اس بات پر ہے کہ پہلی امتوں کے احکام ہمارے لیے مشروع ہیں بشرطیکہ ہماری شریعت میں ان کے خلاف کوئی حکم نہ ہو۔
چونکہ لوگوں نے حضرت جریج سے کہا تھا کہ ہم تمہارا عبادت خانہ ایسا بنا دیتے ہیں۔
اس سے امام بخاری ؒ نے یہ مسئلہ اخذ کیا ہے کہ اگر گرانے والا اس کے اعادے کا التزام کرے اور اس کا مالک راضی ہو جائے تو بالاتفاق ایسا کرنا جائز ہے۔
اکثر محدثین کا یہی موقف ہے کہ جس نے کسی کی دیوار گرائی تو اس جیسی دوبارہ بنا دے۔
اگر اس جیسی بنانا ممکن نہ ہو تو پھر قیمت ادا کر دی جائے۔
(2)
اس حدیث سے والدہ کے حقوق کا پتہ چلتا ہے۔
ماں کا حقِ خدمت باپ سے تین حصے زیادہ ہے۔
(صحیح البخاري، الأدب، حدیث: 5971)
جو لوگ اپنی ماں کو راضی رکھتے ہیں وہ دنیا میں خوب پھلتے پھولتے ہیں اور آخرت میں بھی سرخرو ہوں گے۔
ماں کو ناراض کرنے والے دنیا و آخرت میں ذلیل و خوار ہوتے ہیں۔
مشاہدے سے بھی اس حقیقت کو ثابت کیا جا سکتا ہے جس میں کسی قسم کے شک و شبہ کی گنجائش نہیں ہے۔
واللہ أعلم
(1)
يتمثل بحسنها: اس کا حسن و جمال ضرب المثل تھا۔
(2)
دابة فارهة: چاک و چوبند اور تیز رفتار جانور۔
(3)
شارة: اچھی شکل و صورت اور عمدہ لباس والا۔
(4)
لاتجعلني مثله: مجھے اس جیسا نہ بنانا، بچہ کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے اس حقیقت کو نمایاں کیا کہ محض کسی کے ظاہر سے متاثر نہیں ہونا چاہیے، اس کے باطن اور اصلیت کو بھی جاننے کی کوشش کرنا چاہیے، گھوڑ سوار انسان بظاہر اچھی شکل و صورت والا اور مالدار تھا، اس لیے ماں نے، بیٹے کے لیے اس جیسا بنانے کی دعا کی، حالانکہ وہ درحقیقت بہت خود پسند اور جابر و سرکش تھا اور لونڈی جس کو لوگ لعن طعن کر کے مار پیٹ رہے تھے اور ماں نے اسی وجہ سے اس جیسا نہ بنانے کی دعا کی تھی، درحقیقت ایک نیک اور پارسا عورت تھی، اس لیے بچے نے، اس کی نیکی اور پارسائی کی خواہش کی، کیونکہ تشبیہ میں کسی ایک صفت میں تشبیہ مقصود ہوتی ہے، ہر حیثیت میں مشابہت نہیں ہوتی کہ یہ کہا جا سکے، بچے نے یہ خواہش کی، مجھے بھی مار پیٹ سے دوچار ہونا پڑے اور مجھ پر بھی الزامات لگیں۔