ریاض الصالحین — حدیث نمبر 206

باب: ظلم کی حرمت اور (لوگوں کے) حقوق واپس کرنے کا حکم

باب تحريم الظلم والأمر بردِّ المظالم

حدیث نمبر: 206
وعن عائشة رضي الله عنها: أن رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «مَنْ ظَلَمَ قيدَ شِبْرٍ مِنَ الأرْضِ، طُوِّقَهُ مِنْ سبْعِ أرَضينَ». مُتَّفَقٌ عَلَيهِ.
ترجمہ

سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جس نے ایک بالشت بھر زمین بھی ظلم سے لی، اسے سات زمینوں کا طوق پہنایا جائے گا۔“
(متفق علیہ)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 206
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 3/ 170 (2453)، ومسلم 5/ 59 (1612). قال المصنف في شرح صحيح مسلم: «فيه تحريم الظلم، وتحريم الغصب وتغليظ عقوبته».
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 2453 | صحيح البخاري: 3195 | صحيح مسلم: 1612 | معجم صغير للطبراني: 932

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 2453 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
2453. حضرت ابو سلمہ سے روایت ہے کہ ان کے اور کچھ لوگوں کے درمیان ایک جھگڑا تھا۔ حضرت ام المومنین عائشہ ؓ سے اس کا ذکر کیا گیاتو انھوں نے فرمایا: ابو سلمہ!زمین کے معاملے میں اجتناب کرو کیونکہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’اگر کسی نے ایک بالشت کے برابر بھی کسی کی زمین ہڑپ کی تو اسے سات زمینوں کا طوق پہنایا جائےگا۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:2453]
حدیث حاشیہ: چوں کہ زمینوں کے سات طبق ہیں۔
اس لیے ظلم سے حاصل کی ہوئی زمین سات طبقوں تک طوق بنا کر اس کے گلے میں ڈالی جائے گی۔
زمین کے سات طبق کتاب و سنت سے ثابت ہیں۔
ان کا انکار کرنے والا قرآن و حدیث کا منکر ہے۔
تفصیلات کا علم اللہ کوہے۔
﴿وَمَا يَعْلَمُ جُنُودَ رَبِّكَ إِلَّا هُوَ﴾ (المدثر: 31)
امام شوکانی ؒفرماتے ہیں: و فیه أن الأرضین السبع أطباق کالسموات و هو ظاهر قوله تعالیٰ و من الأرض مثلهن خلافا لمن قال إن المراد بقوله سبع أرضین سبعة أقالیم۔
(نیل)
یعنی اس سے ثابت ہوا کہ آسمانوں کی طرح زمینوں کے بھی سات طبق ہیں جیسا کہ آیت قرآنی و منَ الأَرضِ مثلهُن میں مذکور ہے یعنی زمینیں بھی ان آسمانوں ہی کے مانند ہیں۔
اس میں ان کی بھی تردید ہے جو سات زمینوں سے ہفت اقلیم مراد لیتے ہیں جو صحیح نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2453 سے ماخوذ ہے۔