ریاض الصالحین — حدیث نمبر 19
باب: توبہ کا بیان
باب التوبة
وعن زِرِّ بن حُبَيْشٍ، قَالَ: أَتَيْتُ صَفْوَانَ بْنَ عَسَّالٍ - رضي الله عنه - أسْألُهُ عَن الْمَسْحِ عَلَى الخُفَّيْنِ، فَقالَ: ما جاءَ بكَ يَا زِرُّ؟ فقُلْتُ: ابتِغَاء العِلْمِ، فقالَ: إنَّ المَلائكَةَ تَضَعُ أجْنِحَتَهَا لطَالبِ العِلْمِ رِضىً بِمَا يطْلُبُ. فقلتُ: إنَّهُ قَدْ حَكَّ في صَدْري المَسْحُ عَلَى الخُفَّينِ بَعْدَ الغَائِطِ والبَولِ، وكُنْتَ امْرَءًا مِنْ أَصْحَابِ النَّبيِّ - صلى الله عليه وسلم - فَجئتُ أَسْأَلُكَ هَلْ سَمِعْتَهُ يَذكُرُ في ذلِكَ شَيئًا؟ قَالَ: نَعَمْ، كَانَ يَأْمُرُنا إِذَا كُنَّا سَفرًا - أَوْ مُسَافِرينَ - أَنْ لا نَنْزعَ خِفَافَنَا ثَلاثَةَ أَيَّامٍ وَلَيالِيهنَّ إلاَّ مِنْ جَنَابَةٍ، لكنْ مِنْ غَائطٍ وَبَولٍ ونَوْمٍ. فقُلْتُ: هَلْ سَمِعْتَهُ يَذْكرُ في الهَوَى شَيئًا؟ قَالَ: نَعَمْ، كُنّا مَعَ رسولِ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - في سَفَرٍ، فبَيْنَا نَحْنُ عِندَهُ إِذْ نَادَاه أَعرابيٌّ بصَوْتٍ لَهُ جَهْوَرِيٍّ: يَا مُحَمَّدُ، فأجابهُ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - نَحْوًا مِنْ صَوْتِه: «هَاؤُمْ» فقُلْتُ لَهُ: وَيْحَكَ! اغْضُضْ مِنْ صَوتِكَ فَإِنَّكَ عِنْدَ النَّبي - صلى الله عليه وسلم - وَقَدْ نُهِيتَ عَنْ هذَا! فقالَ: والله لاَ أغْضُضُ. قَالَ الأعرَابيُّ: المَرْءُ يُحِبُّ القَوْمَ وَلَمَّا يلْحَقْ بِهِمْ؟ قَالَ النَّبيُّ - صلى الله عليه وسلم: «المَرْءُ مَعَ مَنْ أَحَبَّ يَومَ القِيَامَةِ». فَمَا زَالَ يُحَدِّثُنَا حَتَّى ذَكَرَ بَابًا مِنَ المَغْرِبِ مَسيرَةُ عَرْضِهِ أَوْ يَسِيرُ الرَّاكبُ في عَرْضِهِ أرْبَعينَ أَوْ سَبعينَ عامًا - قَالَ سُفْيانُ أَحدُ الرُّواةِ: قِبَلَ الشَّامِ - خَلَقَهُ الله تَعَالَى يَوْمَ خَلَقَ السَّمَاواتِ والأَرْضَ مَفْتوحًا للتَّوْبَةِ لا يُغْلَقُ حَتَّى تَطْلُعَ الشَّمْسُ مِنْهُ. رواه الترمذي وغيره، وَقالَ: «حديث حسن صحيح».زر بن حبیش رحمہ اللہ کہتے ہیں: میں سیدنا صفوان بن عسال رضی اللہ عنہ کے پاس موزوں پر مسح کے بارے میں پوچھنے آیا، تو انہوں نے کہا: اے زر! تمہیں کیا چیز (یہاں) لائی ہے؟ میں نے کہا: علم کی طلب، تو انہوں نے کہا: بے شک فرشتے طالب علم کے لیے، اس چیز سے خوش ہو کر جسے وہ طلب کرتا ہے، اپنے پر بچھا دیتے ہیں۔ میں نے کہا: پاخانہ اور پیشاب کے بعد موزوں پر مسح کے بارے میں میرے دل میں کھٹک ہے، اور آپ نبی کریم ﷺ کے صحابہ میں سے ایک آدمی ہیں، تو میں آپ سے یہ پوچھنے آیا ہوں کہ کیا آپ نے آپ ﷺ کو اس بارے میں کچھ ذکر کرتے سنا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں، جب ہم سفر میں ہوتے — یا (کہا:) مسافر ہوتے — تو آپ ﷺ ہمیں حکم دیتے تھے کہ ہم تین دن اور ان کی راتیں اپنے موزے نہ اتاریں، سوائے جنابت کے، لیکن پاخانہ، پیشاب اور نیند کی وجہ سے (نہ اتاریں)۔ میں نے کہا: کیا آپ نے آپ ﷺ کو محبت کے بارے میں کچھ ذکر کرتے سنا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں، ہم ایک سفر میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے، ہم آپ ﷺ کے پاس (بیٹھے) تھے کہ اچانک ایک دیہاتی نے آپ کو اپنی بلند آواز سے پکارا: اے محمد! تو رسول اللہ ﷺ نے اسے اسی کی آواز جیسی (بلند) آواز میں جواب دیا: ”ہاؤم (آؤ)۔“ میں نے اس سے کہا: تیرا بھلا ہو! اپنی آواز پست کر، کیونکہ تو نبی کریم ﷺ کے پاس ہے اور تجھے اس سے منع کیا گیا ہے! تو اس نے کہا: اللہ کی قسم! میں (اپنی آواز) پست نہیں کروں گا۔ دیہاتی نے کہا: آدمی کچھ لوگوں سے محبت کرتا ہے لیکن ابھی ان سے ملا نہیں (یعنی ان جیسے عمل نہیں کیے)؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”آدمی قیامت کے دن اسی کے ساتھ ہوگا جس سے وہ محبت کرتا ہے۔“ پھر آپ ﷺ ہم سے مسلسل باتیں کرتے رہے یہاں تک کہ آپ نے مغرب کی جانب ایک دروازے کا ذکر فرمایا جس کی چوڑائی کی مسافت — یا (فرمایا:) جس کی چوڑائی میں سوار — چالیس یا ستر سال تک چلتا رہے — راویوں میں سے ایک سفیان نے کہا: (وہ) شام کی جانب ہے — اللہ تعالیٰ نے اسے اسی دن پیدا فرمایا جس دن آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا، وہ توبہ کے لیے کھلا ہے، بند نہیں کیا جائے گا یہاں تک کہ سورج اس (کی جانب) سے طلوع ہو۔
(اسے ترمذی وغیرہ نے روایت کیا ہے، اور ترمذی نے کہا ہے: یہ حدیث حسن صحیح ہے)
«هَاؤُمْ» : اس کا معنی "آؤ" بھی ہے اور "لو" بھی، اور یہ جماعت کے لیے (بھی) بولا جاتا ہے۔ اور آپ ﷺ نے اپنی آواز اس پر شفقت کی وجہ سے بلند فرمائی تاکہ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کی رو سے اس کا عمل ضائع نہ ہو جائے: "اپنی آوازیں نبی کی آواز سے بلند نہ کرو۔" (سورۃ الحجرات: 2) چنانچہ آپ ﷺ نے اس کی ناواقفیت کی وجہ سے اسے معذور سمجھا، اور اس پر انتہائی شفقت کی بنا پر نبی کریم ﷺ نے اپنی آواز اتنی بلند کی کہ وہ اس کی آواز جیسی یا اس سے بھی بلند ہو گئی۔ (النہایہ 5/284)
«وَيْحَكَ» : «ويح» رحم اور ہمدردی کا کلمہ ہے، یہ اس شخص کے لیے کہا جاتا ہے جو کسی ایسی ہلاکت میں پڑ جائے جس کا وہ مستحق نہ ہو، اور کبھی تعریف اور تعجب کے معنی میں بھی بولا جاتا ہے۔ (النہایہ 5/235)
بمعنى تعال وبمعنى خذ، ويقال للجماعة. وإنما رفع صوته عليه الصلاة والسلام من طريق الشفقة عليه، لئلا يحبط عمله من قوله تعالى: ﴿لا تَرْفَعُوا أَصْوَاتَكُمْ فَوْقَ صَوْتِ النَّبِيّ﴾ [الحجرات: ٢] فعذره لجهله، ورفع النبي - صلى الله عليه وسلم - صوته حتى كان مثل صوته أو فوقه، لفرط رأفته به. النهاية ٥/ ٢٨٤.
ويح: كلمة ترحم وتوجع، تقال لمن وقع في هلكة لا يستحقها، وقد يقال بمعنى المدح والتعجب. النهاية ٥/ ٢٣٥.
تشریح، فوائد و مسائل
زر کہتے ہیں کہ میں نے صفوان بن عسال رضی اللہ عنہ سے موزوں پر مسح کے بارے میں پوچھا؟ تو انہوں نے کہا: جب ہم مسافر ہوتے تو ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حکم دیتے کہ ہم اپنے موزوں پر مسح کریں، اور اسے تین دن تک پیشاب، پاخانہ اور نیند کی وجہ سے نہ اتاریں سوائے جنابت کے۔ [سنن نسائي/صفة الوضوء/حدیث: 127]
➋ چونکہ مسافر کو سفر میں کافی مصروفیت ہوتی ہے، اس لیے اس کی مجبوری کا لحاظ رکھتے ہوئے اس کے لیے مدت مسح زیادہ رکھی گئی۔ عام حالات میں مسافر کے لیے تین دن اور تین راتیں مسح کرنے کی اجازت ہے۔ اگر سفری مشقت زیادہ ہو، قافلے سے پیچھے رہ جانے کا اندیشہ ہو یا اگر انہیں روکا جائے تو اس وجہ سے وہ اذیت محسوس کریں، یا کوئی ایسی صورت لاحق ہو جائے کہ واقعتاً جرابوں یا موزوں کو اتارنے اور پھر وضو کرنے میں وقت یقینی ہو تو عمومی معینہ مدت سے زیادہ مدت تک بھی مسح کیا جا سکتا ہے، یہ حالتِ مجبوری میں ایک رخصت ہے۔ اس رخصت کی دلیل سنن ابن ماجہ کی صحیح حدیث ہے۔ حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ وہ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے پاس مصر سے آئے، انہوں نے پوچھا: تو نے کب سے یہ موزے نہیں اتارے، انہوں نے جواب دیا: جمعے سے جمعے تک، حضرت عمر رضی اللہ عنہما نے فرمایا: تو نے سنت طریقے کو پا لیا ہے۔ دیکھیے: [سنن ابن ماجه، الطھارة، حدیث: 558]
بعض روایات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ فتح دمشق کی خوشخبری لے کر آئے تھے۔ رہا یہ اعتراض کہ مسافر کے لیے تو تین دن رات مسح کرنے کی رخصت ہے جبکہ اس حدیث سے تو ایک ہفتے تک مسح کا جواز بلکہ ضروریات کے تحت مزید ایام کی رخصت ہے، البتہ مذکورہ عذر کی صورت میں زیادہ دیر تک بھی مسح کیا جا سکتا ہے۔ مزید تفصیل کے لیے دیکھیے: [تيسير الفقه الجامع للاختيارات الفقهية: 159/1، والصحيحة للألباني: 239/6]
➍ مدت مسح وضو ٹوٹنے کے بعد پہلے مسح سے شمار ہو گی جیسے کہ مسح کی احادیث کے عموم سے ظاہر ہوتا ہے۔
➎ مسح وضو میں ہو گا نہ کہ غسل میں۔ اگر غسل فرض ہو جائے تو موزے اتارنے ہوں گے۔
زر بن حبیش بیان کرتے ہیں کہ میں ایک آدمی کے پاس آیا جسے صفوان بن عسال رضی اللہ عنہ کہا جاتا تھا، میں ان کے دروازہ پر بیٹھ گیا، تو وہ نکلے، تو انہوں نے پوچھا کیا بات ہے؟ میں نے کہا: علم حاصل کرنے آیا ہوں، انہوں نے کہا: طالب علم کے لیے فرشتے اس چیز سے خوش ہو کر جسے وہ حاصل کر رہا ہو اپنے بازو بچھا دیتے ہیں، پھر پوچھا: کس چیز کے متعلق پوچھنا چاہتے ہو؟ میں نے کہا: دونوں موزوں کے متعلق کہا: جب ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کسی سفر میں ہوتے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں حکم دیتے کہ ہم انہیں تین دن تک نہ اتاریں، الاّ یہ کہ جنابت لاحق ہو جائے، لیکن پاخانہ، پیشاب اور نیند (تو ان کی وجہ سے نہ اتاریں)۔ [سنن نسائي/صفة الوضوء/حدیث: 158]
➋ بعض کا کہنا ہے کہ فرشتوں کے پر جھکانے سے مراد تعظیم و احترام ہے، جیسے قرآن مجید میں ہے: ﴿واخفض لھما جناح الذل من الرحمة﴾ [بنی اسرآءیل 24: 17]
’’اور ان دونوں (والدین) کے لیے نیاز مندی سے عاجزی کا بازو جھکائے رکھ۔" واللہ أعلم۔
➌ اس حدیث میں طالب علم کا شرف و مرتبہ بھی بیان ہوا ہے کہ فرشتے اس کے لیے پر بچھاتے ہیں۔
➍ اس حدیث مبارکہ سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ اہل علم سے سوال پوچھنے کے لیے ان کا ادب و احترام ملحوظ رکھنا ضروری ہے، اس لیے کہ علماء انبیاء کے وارث ہیں۔
زر بن حبیش کہتے ہیں کہ میں صفوان بن عسال مرادی رضی الله عنہ کے پاس موزوں پر مسح کا مسئلہ پوچھنے آیا، انہوں نے (مجھ سے) پوچھا اے زر کون سا جذبہ تمہیں لے کر یہاں آیا ہے، میں نے کہا: علم کی تلاش و طلب مجھے یہاں لے کر آئی ہے، انہوں نے کہا: فرشتے علم کی طلب و تلاش سے خوش ہو کر طالب علم کے لیے اپنے پر بچھاتے ہیں، میں نے ان سے کہا: پیشاب پاخانے سے فراغت کے بعد موزوں پر مسح کی بات میرے دل میں کھٹکی (کہ مسح کریں یا نہ کریں) میں خود بھی صحابی رسول ہوں، میں آپ سے یہ پوچھنے آیا ہوں کہ کیا آپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ک۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الدعوات/حدیث: 3535]
وضاحت:
1؎:
آدمی کچھ لوگوں سے محبت کرتا ہے لیکن وہ ان کے درجے تک نہیں پہنچ پاتا۔
صفوان بن عسال رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ جب ہم مسافر ہوتے تو رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم ہمیں حکم دیتے کہ ہم اپنے موزے تین دن اور تین رات تک، پیشاب، پاخانہ یا نیند کی وجہ سے نہ اتاریں، الا یہ کہ جنابت لاحق ہو جائے ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الطهارة/حدیث: 96]
1؎:
یہ حدیث موزوں پر مسح کی مدّت کی تحدید پر دلالت کرتی ہے: مسافر کے لیے تین دن تین رات ہے اور مقیم کے لیے ایک دن اور ایک رات، یہ مدت وضو کے ٹوٹنے کے وقت سے شمار ہوگی نہ کہ موزہ پہننے کے وقت سے، حدث لاحق ہونے کی صورت میں اگر موزہ اتار لیا جائے تو مسح ٹوٹ جاتا ہے، نیز مدّت ختم ہو جانے کے بعد بھی ٹوٹ جاتا ہے۔
زر بن حبیش کہتے ہیں کہ میں صفوان بن عسال مرادی رضی الله عنہ کے پاس آیا، انہوں نے پوچھا: تمہیں کیا چیز یہاں لے کر آئی ہے؟ میں نے کہا: علم حاصل کرنے آیا ہوں، انہوں نے کہا: مجھے یہ حدیث پہنچی ہے کہ " فرشتے طالب علم کے کام (و مقصد) سے خوش ہو کر طالب علم کے لیے اپنے پر بچھا دیتے ہیں "، وہ کہتے ہیں: میں نے کہا: میرے جی میں یہ خیال گزرا یا میرے دل میں موزوں پر مسح کے بارے میں کچھ بات کھٹکی، تو کیا اس بارے میں آپ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کوئی بات یاد ہے؟ انہوں نے کہا: جی ہاں، ہم جب سفر میں ہوں (یا سفر کرنے و۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الدعوات/حدیث: 3536]
وضاحت:
1؎:
(الأنعام:158)
صفوان بن عسال رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں حکم دیتے تھے کہ ہم اپنے موزوں کو تین دنوں تک جنابت کے سوا پاخانے، پیشاب اور نیند کے سبب نہ اتاریں ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الطهارة وسننها/حدیث: 478]
اس سے معلوم ہوا کہ جس طرح پیشاب یا پاخانے کے بعد وضو کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح نیند کے بعد بھی وضو کی ضرورت ہوتی ہے۔
(2)
وضو میں پاؤں دھونا ضروری ہیں لیکن اگر موزے پہنے ہوئے ہوں توان پر مسح کرلینا کافی ہے بشرطیکہ پہننے سے پہلے پورا وضو کیا ہو، اور اس میں پاؤں بھی دھوئے ہوئے ہوں۔ ((صحيح مسلم، الطهارة، باب المسح علي الخفين، حديث: 272)
(3)
تین دن کی یہ مدت مسافر کے لیے ہے۔
مقیم صرف ایک دن رات تک مسح کرسکتا ہے۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا: رسول اللہ ﷺ نے (موزوں پر مسح کے لیے)
مسافر کے لیے تین دن رات کی مدت مقرر فرمائی ہے اور مقیم کے لیے ایک دن رات کی۔ (صحیح مسلم، الطھارۃ، باب التوقیت فی المسح علی الخفین، حدیث: 276)
➊ اس حدیث میں وضو توڑنے والی تین چیزوں پاخانہ، پیشاب اور نیند کا بیان ہے۔ اول الذکر دو چیزوں کے بارے میں تمام علماء کا اتفاق ہے کہ پاخانہ اور پیشاب ناقض وضو ہیں البتہ نیند کے ناقض وضو ہونے کے بارے علماء کا اختلاف ہے اور امام نووی رحمہ اللہ نے اس مسئلہ کے متعلق علماء کے آٹھ مختلف مذاہب بیان کیے ہیں، جن میں سے راجح مذہب یہ ہے کہ نیند (جس سے شعور زائل ہو جائے اور ہوش و حواس قائم نہ رہیں، تقلیل و کثیر ہر صورت میں ناقض وضو ہے۔ یہ حسن بصری، مزنی، ابو عبید قاسم بن سلام اور الحق بن راہویہ رحمہ اللہ کا موقف ہے اور ابن منذر رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میں بھی اسی مسلک کا قائل ہوں۔ [نيل الاوطار: 208/1]
➋ جس چیز سے غسل واجب ہو جائے، اس سے لامحالہ وضو ٹوٹ جاتا ہے۔
➌ وضو ٹوٹنے سے موزوں اور جرابوں کا مسح قائم رہتا ہے، لیکن غسل واجب ہونے سے مسح زائل ہو جاتا ہے اور غسل واجب ہونے کی صورت میں تمام بدن کا غسل لازم آتا ہے۔
«. . . وعن صفوان بن عسال رضي الله عنه قال: كان النبي صلى الله عليه وآله وسلم يامرنا إذا كنا سفرا ؛ ان لا ننزع خفافنا ثلاثة ايام ولياليهن إلا من جنابة، ولكن من غائط وبول ونوم . . .»
". . . سیدنا صفوان بن عسال رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ جب ہم مسافر ہوتے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں حکم دیتے کہ "ہم تین دن اور تین راتیں موزے نہ اتاریں، الایہ کہ حالت جنابت لاحق ہو جائے۔ البتہ بیت الخلاء جانے کی صورت میں، پیشاب اور نیند کی وجہ سے اتارنے کی ضرورت نہیں . . ." [بلوغ المرام/كتاب الطهارة: 56]
«سَفْرًا» "سین" کے فتحہ اور "فا" کے سکون کے ساتھ ہے۔ «مُسَافِرِين» کے معنی میں ہے، «سَافِرٌ» کی جمع ہے جیسے «رَكْبٌ» اور «تَجْرٌ» ، «رَاكِبٌ» اور «تَاجِرٌ» کی جمع ہیں۔
«خِفَافٌ» «خُفٌّ» کی جمع ہے۔
«إِلَّا مِنْ جَنَابَةٍ» یہ «أَنْ لَّا نَنْزِعَ» کی نفی سے استثنا ہے۔ جنابت کی حالت لاحق ہونے کی صورت میں موزے اتارنے ضروری ہیں، خواہ ابھی تین دن اور تین راتیں مدت پوری نہ ہوئی ہو، البتہ بول و براز اور نیند کی وجہ سے موزے اتارنے کی ضرورت نہیں۔ ہاں، تین دن اور تین راتیں مدت پوری ہونے پر اتارنا پڑیں گے۔
فوائد و مسائل:
➊ موزوں پر مسح بلا اختلاف جائز ہے۔
➋ موزوں پر مسح کی روایات بیان کرنے والے صحابہ رضی اللہ عنہم کی تعداد اسّی (80) کے لگ بھگ ہے جن میں عشرہ مبشرہ بھی شامل ہیں۔
➌ علامہ ابن عبدالبر رحمہ اللہ نے اس کے ثبوت پر اجماع نقل کیا ہے۔
➍ امام کرخی کی رائے ہے کہ مسح خفین کی احادیث تواتر کی حد تک پہنچتی ہیں۔ انکار کرنے والے کے بارے میں ان کا قول ہے کہ مجھے اس کے کفر کا اندیشہ ہے۔
➎ مقیم اور مسافر کی مدت مختلف ہے۔ مسافر کے لیے تین دن اور تین راتیں اور مقیم کے لیے ایک دن رات شرعی حد ہے۔ مدت کا آغاز وضو ٹوٹنے کے بعد وضو کرتے وقت پہلے مسح سے شروع ہو گا، موزے پہننے کے وقت سے نہیں، مثلاً: ایک شخص نماز ظہر کے وقت وضو کر کے موزے پہنتا ہے اور اس کا وضو شام کو جا کر ٹوٹتا ہے تو اس کے لیے آغاز مدت وضو کرتے وقت پہلے مسح سے ہو گا نہ کہ وضو ٹوٹنے کے وقت سے۔
➏ مسح کا طریقہ اس طرح ہے کہ ہاتھ کی پانچوں انگلیوں کو پانی سے تر کر کے ان کے پوروں کو پاؤں کی انگلیوں سے پنڈلی کے آغاز تک کھینچ لیا جائے۔
➐ حدث لاحق ہونے (بےوضو ہونے) کی صورت میں اگر موزہ اتار لیا جائے تو مسح ٹوٹ جاتا ہے اور اختتام مدت کے بعد بھی مسح ٹوٹ جاتا ہے۔ اور بعینہ یہ سارے احکام جرابوں پر مسح کے بھی ہیں۔ اور ہر قسم کی جراب، خواہ موٹی ہو یا باریک، اس پر مسح جائز ہے۔
راوی حدیث:
سیدنا صفوان بن عسال رضی اللہ عنہ صفوان "صاد" کے فتحہ اور "فا" کے سکون کے ساتھ ہے۔ «عَسَّال» "عین" کے فتحہ اور "سین" کی تشدید کے ساتھ ہے۔ صفوان بن عسال مرادی جملی، مشہور ومعروف صحابی ہیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی قیادت میں لڑے جانے والے 12 غزوات میں شریک ہوئے۔ کوفہ میں سکونت اختیار کی۔ کہا جاتا ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سے سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے ان سے روایت کی ہے۔
اس حدیث میں طالب علم کی فضیلت بیان ہوئی ہے کہ فرشتے اس کے لیے پر بچھاتے ہیں۔، نیز موزوں پر مسح کرنا ثابت ہے، مسافر تین دن اور تین راتوں تک موزوں پر مسح کر سکتا ہے، اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوا کہ ہر اس نیند سے وضوٹوٹ جا تا ہے جس کو نیند کہا جا سکتا ہے، خواہ وہ تھوڑی ہو یا زیادہ، کیونکہ اس حدیث میں نیند کا ذکر پیشاب اور پاخانے کے ساتھ کیا گیا ہے، جس طرح پیشاب اور پاخانہ تھوڑا خارج ہو یا زیادہ، اس سے وضو ٹوٹ جاتا ہے، اسی طرح نیند تھوڑی ہو یا زیادہ اس سے بھی وضو ٹوٹ جاتا ہے۔ نیز جس بھی حالت میں نیند آ جائے، وضو ٹوٹ جاتا ہے، جس طرح پیشاب اور پاخانہ جس حالت میں بھی نکل جائے، وضو ٹوٹ جا تا ہے۔