ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1876
باب: استغفار کا حکم اور اس کی فضیلت
باب الأمر بالاستغفار وفضله
وعن ثوبان - رضي الله عنه - قال: كانَ رَسُولُ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - إذَا انْصَرَفَ مِنْ صَلاَتِهِ، اسْتَغْفَرَ اللهَ ثَلاَثًا وَقَالَ: «اللَّهُمَّ أَنْتَ السَّلاَمُ، وَمِنْكَ السَّلاَمُ، تَبَارَكْتَ يَا ذَا الجَلاَلِ وَالإكْرَامِ». قيلَ لِلأوْزَاعِيِّ - وَهُوَ أَحَدُ رُوَاتِهِ: كَيفَ الاسْتِغْفَارُ؟ قال: يقُولُ: أسْتَغْفِرُ اللهَ، أسْتَغْفِرُ اللهَ. رواه مسلم.سیدنا ثوبان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ جب اپنی نماز سے فارغ ہوتے تو تین مرتبہ اللہ سے استغفار کرتے اور کہتے: «اللَّهُمَّ أَنْتَ السَّلَامُ، وَمِنْكَ السَّلَامُ، تَبَارَكْتَ يَا ذَا الْجَلَالِ وَالْإِكْرَامِ» (اے اللہ! تو ہی سلامتی والا ہے، اور تیری ہی طرف سے سلامتی ہے، تو بہت بابرکت ہے، اے جلال اور عزت والے)۔ امام اوزاعی رحمہ اللہ سے - جو اس (حدیث) کے راویوں میں سے ایک ہیں - پوچھا گیا: استغفار کیسے (کیا جائے)؟ انہوں نے کہا: (یوں) کہے: «أَسْتَغْفِرُ اللهَ، أَسْتَغْفِرُ اللهَ» (میں اللہ سے بخشش مانگتا ہوں، میں اللہ سے بخشش مانگتا ہوں)۔
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
تشریح، فوائد و مسائل
ثوبان رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز سے فارغ ہو کر پلٹتے تو تین بار «استغفر اللہ» کہتے، پھر کہتے: «اللهم أنت السلام ومنك السلام تباركت يا ذا الجلال والإكرام» " اے اللہ! تو سلام ہے، اور تجھ سے ہی تمام کی سلامتی ہے، تیری ذات بڑی بابرکت ہے، اے بزرگی اور عزت والے۔" [سنن نسائي/كتاب السهو/حدیث: 1338]
➋ اس حدیث مبارکہ سے نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اپنے رب کے سامنے کمال عاجزی اور اظہار بندگی کا اثبات ہوتا ہے باوجود اس کے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کی تمام لغزشیں معاف کر دی تھیں۔
➌ بندے کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ میں اطاعت میں کامل ہوں بلکہ اسے یہی سمجھنا چاہیے کہ میرے اطاعت کرنے میں نقص ہے، میں نے عبادت کا حق ادا نہیں کیا، اسے استغفار کے ساتھ اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کرتے رہنا چاہیے۔
➍ "بابرکت ہے" یعنی تیرے پاس کسی چیز کی کمی نہیں، کثرت ہی کثرت ہے۔ یا جہاں تیرا ذکر ہو، وہاں برکت ہوتی ہے۔
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ معمول تھا کہ آپﷺ سلام پھیرنے کے بعد مُتَّصِلاً (اَللہُ اَکْبَر کہنے کے بعد)
تین دفعہ اَسْتَغْفِرُا للہَ کہتے تھے۔
کیونکہ یہ عبدیت اور بندگی کی انتہا ہے کہ نماز جیسی عبادت کے بعد بھی اپنے آپ کو قصور وار اور حق عبادت کی ادائیگی سے کوتاہ اور عاجز سمجھتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے معافی اور بخشش مانگی جائے اور حق تو یہ ہے کہ حق ادا نہ ہوا کا اعتراف کیا جائے۔
2۔
حضرت ثوبان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اس مختصر دعا جو انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کی ہے آج کل عام طور پر کچھ کلمات: (وَإِلَيْكَ يَرْجِعُ السَّلاَمْ فَحَيِّنَا رَبَّنَا بِالسَّلاَمِ وَأَدْخِلْنَا دَارَكَ دَارَ السَّلامِ)
کا اپنے طور پر اضافہ کر لیا جاتا ہے۔
علامہ سعیدی لکھتے ہیں: ’’حدیث شریف میں دعا اور ذکر کے جو الفاظ وارد ہوں، ان میں اپنی طرف سے کمی بیشی یا تغیر وتبدل کرنا صحیح نہیں ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو ایک دعا سکھائی، جس میں یہ الفاظ تھے۔
(وَنَبِيِّكَ الَّذي أرْسَلتَ)
حضرت براء رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جب یہ کلمات دہرا کر آپﷺ کو سنائے تو یوں پڑھا: (وَبِرَسُوْلِكَ الَّذِيْ أَرْسَلْتَ)
آپﷺ نےفرمایا: لا، نہیں۔
(وَنَبِيِّكَ الَّذِيْ أرْسَلتَ)
وہی الفاظ پڑھو جو میں نے سکھائے ہیں۔
(ج: 2 ص: 192)
آگے حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ اور علامہ عینی رحمۃ اللہ علیہ کی عبارت نقل کی ہے جس کا معنی یہ ہے: ’’الفاظِ ذکر‘‘ لفظ کے تعین اور ثواب کی مقدار میں توفیقی ہوتے ہیں، (ان میں منقول کی پابندی کی جاتی ہے)
کیونکہ بسا اوقات ایک لفظ میں ایسا راز ہوتا ہے جو اس کے ہم معنی دوسرے لفظ میں نہیں ہوتا۔