ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1848

باب: دجال، قیامت کی نشانیوں اور دیگر (امور) کے بارے میں احادیث

باب أحاديث الدّجال وأشراط الساعة وغيرها

حدیث نمبر: 1848
وعنها، قالت: قال رسُولُ اللهِ - صلى الله عليه وسلم: «مَنْ أحَبَّ لِقَاءَ اللهِ أَحَبَّ اللهُ لِقَاءهُ، وَمَنْ كَرِهَ لِقَاءَ اللهِ كَرِهَ اللهُ لِقَاءهُ» فقلتُ: يا رسولَ اللهِ، أكَراهِيَةُ المَوتِ، فَكُلُّنَا نَكْرَهُ المَوتَ؟ قال: «لَيْسَ كَذَلِكَ، ولكِنَّ المُؤْمِنَ إذَا بُشِّرَ بِرَحْمَةِ اللهِ وَرِضْوَانِهِ وَجَنَّتِهِ أَحَبَّ لِقَاءَ اللهِ فَأَحَبَّ اللهُ لِقَاءهُ، وإنَّ الكَافِرَ إذَا بُشِّرَ بِعَذابِ اللهِ وَسَخَطهِ كَرِهَ لِقَاءَ اللهِ وكَرِهَ اللهُ لِقَاءهُ». رواه مسلم.
ترجمہ

انہی (سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا) سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جو اللہ سے ملاقات کو پسند کرتا ہے اللہ اس سے ملاقات کو پسند کرتا ہے، اور جو اللہ سے ملاقات کو ناپسند کرتا ہے اللہ اس سے ملاقات کو ناپسند کرتا ہے۔“ میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! کیا (اس سے مراد) موت کو ناپسند کرنا ہے؟ ہم سب تو موت کو ناپسند کرتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”بات یہ نہیں، بلکہ مومن کو جب اللہ کی رحمت، اس کی رضا اور اس کی جنت کی خوشخبری دی جاتی ہے تو وہ اللہ سے ملاقات کو پسند کرتا ہے، تو اللہ بھی اس سے ملاقات کو پسند کرتا ہے، اور کافر کو جب اللہ کے عذاب اور اس کی ناراضی کی خبر دی جاتی ہے تو وہ اللہ سے ملاقات کو ناپسند کرتا ہے اور اللہ بھی اس سے ملاقات کو ناپسند کرتا ہے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب المنثورات والملح / حدیث: 1848
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 8/ 65 (2684) (15).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 1837 | سنن نسائي: 1838 | صحيح مسلم: 2684 | سنن ترمذي: 1066 | سنن ترمذي: 2309

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 1838 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´اللہ تعالیٰ کی ملاقات سے محبت کرنے والے کا بیان۔`
عبادہ بن صامت رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جو اللہ تعالیٰ سے ملنا چاہتا ہے اللہ تعالیٰ (بھی) اس سے ملنا چاہتا ہے، اور جو اللہ تعالیٰ سے ملنا ناپسند کرتا ہے اللہ تعالیٰ (بھی) اس سے ملنا ناپسند کرتا ہے۔‏‏‏‏" [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 1838]
1838۔ اردو حاشیہ: موت اگرچہ اذیت ناک چیز ہے مگر مومن کے لی اللہ تعالیٰ کے دیدار اور ملاقات کا شوق اور بخشش و رحمت کی بشارت موت کی سختی پر غالب آ جاتی ہے اور کافر کے لیے موت کی اذیت کے علاوہ عذاب و سزا کا تصور بڑا دہشت ناک بن جاتا ہے، لہٰذا وہ موت کے وقت بھی مرنا نہیں چاہتا۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1838 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2309 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´جس نے اللہ تعالیٰ سے ملاقات کو پسند کیا اللہ تعالیٰ نے بھی اس سے ملاقات کو پسند کیا۔`
عبادہ بن صامت رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جو شخص اللہ تعالیٰ سے ملنا چاہے گا تو اللہ تعالیٰ بھی اس سے ملنا چاہے گا، اور جو اللہ تعالیٰ سے ملنا ناپسند کرے تو اللہ تعالیٰ بھی اس سے ملنا ناپسند کرے گا " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الزهد/حدیث: 2309]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
نسائی کتاب الجنائز باب رقم 10، حدیث رقم 1838 میں ہے: ام المومنین عائشہ رضی اللہ عنہا نے اس حدیث کا یہ مطلب بیان کیا ہے کہ یہ موت کے وقت کا معاملہ ہے جب بینائی چھن جائے، جاں کنی کا عالم ہو اور رونگٹے کھڑے ہوجائیں تو جس کو اللہ کی رحمت اور مغفرت کی بشارت دی جائے اس وقت جو اللہ سے ملنا چاہے اللہ بھی اس سے ملنا چاہے گا اور جس کو اللہ کے عذاب کی وارننگ دی جائے وہ اللہ سے ملنا ناپسند کرے تو اللہ بھی اس سے ملنا ناپسندکرے گا، یعنی مومن کو اللہ سے ملنے میں خوشی اورکافرکوگھبراہٹ اورڈرلاحق ہوتا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2309 سے ماخوذ ہے۔