ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1838

باب: دجال، قیامت کی نشانیوں اور دیگر (امور) کے بارے میں احادیث

باب أحاديث الدّجال وأشراط الساعة وغيرها

حدیث نمبر: 1838
وعنه: أنَّ رسُولَ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - قال: «يُصَلُّونَ لَكُمْ، فَإنْ أَصَابُوا فَلَكُمْ، وإنْ أَخْطَئُوا فَلَكُمْ وَعَلَيْهِمْ». رواه البخاري.
ترجمہ

انہی (سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”وہ (ائمہ) تمہیں نماز پڑھاتے ہیں، اگر وہ درست کریں تو تمہارے لیے (بھی اجر) ہے، اور اگر وہ غلطی کریں تو تمہارے لیے (اجر) ہے اور ان پر (وبال) ہے۔“
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)

وضاحت:
(شیخ ابن عثیمین رحمہ اللہ فرماتے ہیں:) یہ (حدیث) اگرچہ امراء کے بارے میں ہے لیکن مساجد کے ائمہ کو بھی شامل ہے۔ «يُصَلُّونَ لَكُمْ» : اگر وہ نماز اچھی طرح پڑھائیں اور اسے جیسا چاہیے ویسے ادا کریں تو یہ تمہارے لیے بھی ہے اور ان کے لیے بھی، اور اگر وہ برا کریں تو تمہارے لیے (اجر) ہے اور ان پر (وبال)، یعنی ان کی برائی میں سے تم پر کچھ نہیں۔ اس میں اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ حکمرانوں پر صبر کرنا واجب ہے -اگرچہ وہ نماز میں کوتاہی کریں، اور اگرچہ وہ اسے اس کے وقت پر نہ پڑھیں- کیونکہ واجب یہ ہے کہ ہم ان سے الگ نہ ہوں، اور جیسے وہ نماز کو مؤخر کریں ہم بھی مؤخر کریں، اور اس صورت میں ہمارا نماز کو اس کے اول وقت سے مؤخر کرنا عذر کی بنا پر مؤخر کرنا ہوگا؛ یعنی جماعت کی موافقت اور الگ نہ ہونے کی خاطر، اور ہمارے حق میں یہ ایسا ہوگا گویا ہم نے اول وقت میں نماز پڑھی۔ (شرح ریاض الصالحین لابن عثیمین 4/404)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب المنثورات والملح / حدیث: 1838
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 1/ 178 (694).
قال الألباني في تحقيق رياض الصالحين: قلت: ليس عند البخاري قوله: " ولهم " وإنما هو في (مسند أحمد) (2 / 355 و537) وغيره
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 694
وهذا وإن كان في الأمراء يشمل أيضًا أئمة المساجد. (يصلون لكم) فإن أحسنوا في الصلاة وأتوا بها على ما ينبغي فذلك لكم ولهم، وإن أساءوا فلكم وعليهم. يعني ليس عليكم أنتم من إساءتهم من شيء، وفي هذا إشارة إلى أنَّه يجب الصبر على ولاة الأمر - وإن أساءوا في الصلاة، وإن لم يصلوها على وقتها - فإنَّ الواجب أن لا نشذ عنهم، وأنْ نؤخر الصلاة كما يؤخرون وحينئذ يكون تأخيرنا للصلاة عن أول وقتها يكون تأخيرًا بعذر؛ لأجل موافقة الجماعة وعدم الشذوذ، ويكون بالنسبة لنا كأننا صلينا في أول الوقت. شرح رياض الصالحين ٤/ ٤٠٤.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 694 کی شرح از الشیخ غلام مصطفےٰ ظہیر امن پوری ✍️
´کیا امام کی نماز فاسد ہونے سے مقتدی کی نماز فاسد ہو جائے گی`
«. . . أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:" يُصَلُّونَ لَكُمْ، فَإِنْ أَصَابُوا فَلَكُمْ، وَإِنْ أَخْطَئُوا فَلَكُمْ وَعَلَيْهِمْ . . .»
". . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ امام لوگوں کو نماز پڑھاتے ہیں۔ پس اگر امام نے ٹھیک نماز پڑھائی تو اس کا ثواب تمہیں ملے گا اور اگر غلطی کی تو بھی (تمہاری نماز کا) ثواب تم کو ملے گا اور غلطی کا وبال ان پر رہے گا . . ." [صحيح البخاري/كِتَاب الْأَذَانِ: 694]
فوائد و مسائل:
اگر امام بےوضو یا جنبی ہو یا اس کے کپڑوں پر نجاست لگی ہو اور اس طرح وہ نماز پڑھا دے تو مقتدیوں کی نماز بالکل صحیح اور بالکل درست ہے، البتہ امام کے لیے نماز دوہرانا ضروری ہے، جیسا کہ: دلیل نمبر ➊
❀ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا: «يصلّون لكم، فان ا صابوا فلكم ولهم، وان أخطؤوافلكم وعليهم»
وہ (حکمران) تمہیں نمازیں پڑھائیں گے، اگر وہ درست پڑھیں گے تو تمہارے لیے بھی ذریعہ نجات اور ان کے لئے بھی، لیکن اگر وہ غلطی کریں تو تمہارے لئے ذریعہ نجات اور ان کے خلاف وبال بن جائے گی۔ [مسند الامام احمد: 355/2، واللفظ له، صحيح بخاري: 96/1، ح: 694]
◈ حافظ بغوی رحمہ اللہ لکھتے ہیں: «فيه دليل على أنه اذا صلى بقوم، و كان جنبا او محدثا ان صلاة القوم صحيحة، وعلي الامام اعادة، سواءكانالامام عالما بحدثه متعمّد الامامة أوكان جاهلا۔۔۔»
"اس حدیث میں اس بات پر دلیل ہے کہ امام جب لوگوں کو نماز پڑھائے اور وہ جنبی یا بےوضو ہو تو لوگوں کی نماز صحیح ہو گی، امام پر نماز دہرانا ضروری ہو گا، خواہ اسے اپنے بےوضو ہونے کا علم ہو اور جانتے بوجھتے امامت کروا رہا ہو یا وہ لاعلم ہو۔" [شرح السنة: 405/3]
❀ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے ہی روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «سياتي اقوام او يكون اقوام يصلّون الصلاة، فان اتموا فلكم ولهم، وان نقصوا فعليهم ولكم۔»
"عنقریب کچھ لوگ (حکمران) آئیں گے، وہ نمازیں پڑھائیں گے، اگر وہ پوری نماز ادا کریں تو تمہارے لیے بھی کافی اور ان کے لیے بھی، لیکن اگر وہ کوتاہی کریں گے تو ان کے لیے وبال اور تمہارے لیے کافی ہوں گی۔" [صحيح ابن حبان: 2228، وسنده حسن]
↰ اس کا راوی عبداللہ بن علی الافریقی «حسن الحديث» ہے۔
◈ عباس لدوری کہتے ہیں کہ میں نے امام یحییٰ بن معین سے پوچھا: کیا یہ ثقہ ہے تو آپ نے فرمایا: «نعم! ليس به بأس۔»
"ہاں! اس میں کوئی خرابی نہیں۔" [تاريخ يحيي بن معين: 5331]
◈ امام ابن حبان رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «من ثقات اهل لكوفة۔»
"یہ ثقہ کوفیوں میں سے ہے۔" [صحيح ابن حبان، تحت حديث 22228]
◈ امام ابوزرعہ الرازی رحمہ اللہ کہتے ہیں: «ليس بالمتين، فى حديثه انكار، هوليّن۔»
"یہ مضبوط راوی نہیں، اس کی حدیث میں نکارت ہے، یہ کمزور ہے۔" [الجرح و التعديل: 116/5]
↰ یہ قول جمہور کے خلاف ہونے کی وجہ سے ناقابل قبول ہے۔
◈ امام ابن المنذر رحمہ اللہ لکھتے ہیں: «هذا الحديث يدّل على اغفال من زعم انّ صلاة الامام اذا فسدت فسدت صلاة من خلفه۔»
"یہ حدیث بتاتی ہے کہ وہ شخص غلطی پر ہے، جو یہ دعوی کرتا ہے کہ جب امام کی نماز فاسد ہو جائے تو اس کے مقتدیوں کی نماز بھی فاسد ہو جائے گی۔" [الاوسط فى السنن والاجماع و الاختاف لابن المنذر: 164/4]
درج بالا اقتباس ماہنامہ السنہ جہلم ، شمارہ نمبر 16، حدیث/صفحہ نمبر: 29 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 694 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
694. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جو لوگ تمہیں نماز پڑھاتے ہیں اگر ٹھیک ٹھیک پڑھائیں گے تو تمہارے لیے اور ان کے لیے بھی ثواب ہے اور اگر وہ غلطی کریں گے تو تمہارے لیے تو ثواب ہے لیکن ان پر گناہ ہو گا۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:694]
حدیث حاشیہ: یعنی امام کی نمازمیں نقص رہ جانے سے مقتدیوں کی نماز میں کوئی خلل نہ ہوگا۔
جب انہوں نے تمام شرائط اور ارکان کو پورا کیا۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 694 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 694 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
694. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جو لوگ تمہیں نماز پڑھاتے ہیں اگر ٹھیک ٹھیک پڑھائیں گے تو تمہارے لیے اور ان کے لیے بھی ثواب ہے اور اگر وہ غلطی کریں گے تو تمہارے لیے تو ثواب ہے لیکن ان پر گناہ ہو گا۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:694]
حدیث حاشیہ:
بعض حضرات نے ٹھیک ٹھیک نماز پڑھانے سے بروقت نماز ادا کرنا مراد لیا ہے اور کوتاہی سے مراد ان کا وقت کراہت میں نماز ادا کرنا ہے۔
انھوں نے درج ذیل روایت کو بطور دلیل پیش کیا ہے۔
حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’شاید تمھارا واسطہ ایسے لوگوں سے پڑے جو نماز کو وقت گزرنے کے بعد پڑھیں گے۔
ایسے حالات میں تم اپنے گھر میں بروقت نماز ادا کر لو اور پھر ان کے ساتھ بھی پڑھ لو۔
ان کے ساتھ پڑھی ہوئی نماز کو نفل شمار کرلو۔
‘‘ (سنن النسائي، الإمامة، حدیث: 780)
لیکن ان کی نماز کو صرف وقتِ کراہت میں ادا کرنے پر منحصر کرنا صحیح نہیں، کیونکہ مذکورہ بالا روایت اس کی تردید کرتی ہے کہ امام کی کوتاہی سے مراد وقتِ کراہت میں کرنے کے علاوہ نماز میں کمی کوتاہی کرنا بھی ہے۔
امام احمد کی ایک روایت میں مزید وضاحت ہے کہ اگر وہ نماز بروقت ادا کریں گے تو اس کے رکوع و سجدہ کو بھی پورا کریں گے تو اس کا ثواب تمھیں اور انھیں ہو گا۔
(مسند أحمد: 147/4)
اس روایت سے بھی پتا چلتا ہے کہ امام کی کوتاہی سے مراد صرف وقت کی کراہت ہی میں ادا کرنا نہیں بلکہ اس کے علاوہ نماز میں کوتاہی کرنا اور خشوع خضوع میں کمی کرنا بھی اس میں شامل ہے۔
امام ابن منذر ؒ فرماتے ہیں کہ اس حدیث سے ان لوگوں کی تردید ہوتی ہے جن کا موقف ہے کہ جب امام کی نماز فاسد ہے تو مقتدی حضرات کی نماز خود بخود فاسد ہوجائے گی۔
(فتح الباري: 243/2)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 694 سے ماخوذ ہے۔