ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1804

باب: انسان کا اپنے باپ کے سوا کسی اور کی طرف نسبت کرنے اور اپنے آزاد کرنے والوں کے سوا کسی اور کو اپنا مولیٰ بنانے کی حرمت

باب تحريم انتساب الإنسان إِلَى غير أَبيه وَتَولِّيه إِلَى غير مَواليه

حدیث نمبر: 1804
وعن يزيد بن شريكِ بن طارِقٍ، قَالَ: رَأيتُ عَلِيًّا - رضي الله عنه - عَلَى المِنْبَرِ يَخْطُبُ، فَسَمِعْتُهُ يقُولُ: لاَ واللهِ مَا عِنْدَنَا مِنْ كِتَابٍ نَقْرؤُهُ إِلاَّ كِتَابَ اللهِ، وَمَا في هذِهِ الصَّحِيفَةِ، فَنَشَرَهَا فَإذَا فِيهَا أَسْنَانُ الإبِلِ، وَأشْيَاءُ مِنَ الجَرَاحَاتِ، وَفِيهَا: قَالَ رسُولُ اللهِ - صلى الله عليه وسلم: «المَدينَةُ حَرَمٌ مَا بَيْنَ عَيْرٍ إِلَى ثَوْرٍ، فَمَنْ أحْدَثَ فِيهَا حَدَثًا، أَوْ آوَى مُحْدِثًا، فَعَلَيْهِ لَعْنَةُ اللهِ وَالمَلاَئِكَةِ وَالنَّاسِ أجْمَعِينَ، لاَ يَقْبَلُ اللهُ مِنْهُ يَومَ القِيَامَةِ صَرْفًا وَلاَ عَدْلًا. ذِمَّةُ المُسْلِمينَ وَاحِدَةٌ، يَسْعَى بِهَا أَدْنَاهُمْ، فَمَنْ أَخْفَرَ مُسْلِمًا، فَعَلَيْهِ لَعْنَةُ اللهِ وَالمَلائِكَةِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ، لاَ يَقْبَلُ اللهُ مِنْهُ يَومَ القِيَامَةِ صَرْفًا وَلاَ عَدْلًا. وَمَن ادَّعَى إِلَى غَيرِ أَبيهِ، أَوْ انْتَمَى إِلَى غَيرِ مَوَاليهِ، فَعَلَيْهِ لَعْنَةُ اللهِ وَالمَلاَئِكَةِ وَالنَّاسِ أَجْمَعينَ؛ لاَ يَقْبَلُ اللهُ مِنْهُ يَومَ القِيَامَةِ صَرْفًا وَلاَ عَدْلًا». متفق عَلَيْهِ.
«ذِمَّةُ المُسْلِمِينَ» أيْ: عَهْدُهُمْ وأمَانَتُهُمْ. «وأخْفَرَهُ»: نَقَضَ عَهْدَهُ.
«وَالصَّرْفُ»: التَّوْبَةُ، وَقِيلَ الحِيلَةُ. «وَالعَدْلُ»: الفِدَاءُ.
ترجمہ

یزید بن شریک بن طارق رحمہ اللہ کہتے ہیں: میں نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو منبر پر خطبہ دیتے دیکھا، تو میں نے انہیں فرماتے ہوئے سنا: نہیں، اللہ کی قسم! ہمارے پاس کوئی کتاب نہیں جسے ہم پڑھتے ہوں سوائے اللہ کی کتاب کے اور جو اس صحیفے میں ہے۔ پھر آپ نے اسے کھولا تو اس میں (دیت کے) اونٹوں کی عمروں (کا بیان) اور زخموں کے کچھ احکام تھے، اور اس میں یہ (بھی) تھا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”مدینہ عیر سے ثور تک حرم ہے، پس جس نے اس میں کوئی نئی بات (بدعت یا جرم) نکالی یا کسی نئی بات نکالنے والے کو پناہ دی، تو اس پر اللہ، فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہے، اللہ قیامت کے دن اس سے نہ کوئی توبہ قبول کرے گا اور نہ کوئی فدیہ۔ مسلمانوں کا ذمہ (عہد و امان) ایک ہے، ان کا ادنیٰ آدمی بھی اس کی کوشش کر سکتا ہے (یعنی امان دے سکتا ہے)، پس جس نے کسی مسلمان کا عہد توڑا، اس پر اللہ، فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہے، اللہ قیامت کے دن اس سے نہ کوئی توبہ قبول کرے گا اور نہ کوئی فدیہ۔ اور جس نے اپنے باپ کے سوا کسی اور کی طرف نسبت کی، یا اپنے آزاد کرنے والوں کے سوا کسی اور کی طرف خود کو منسوب کیا، تو اس پر اللہ، فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہے، اللہ قیامت کے دن اس سے نہ کوئی توبہ قبول کرے گا اور نہ کوئی فدیہ۔“
(متفق علیہ)
«ذِمَّةُ المُسْلِمِينَ»: یعنی ان کا عہد اور ان کی امان۔
«وأخْفَرَهُ»: اس کا عہد توڑ دیا۔
«وَالصَّرْفُ»: توبہ، اور کہا گیا ہے: حیلہ (تدبیر)۔
«وَالعَدْلُ»: فدیہ۔

وضاحت:
«الصَّحِيفَةِ» : مصنف (امام نووی) رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "یہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی طرف سے اس بات کے باطل ہونے کی صراحت ہے جس کا رافضہ اور شیعہ دعویٰ کرتے ہیں اور جو وہ گھڑتے ہیں، یعنی ان کا یہ کہنا کہ نبی کریم ﷺ نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو علم کے رازوں، دین کے قواعد اور شریعت کے خزانوں میں سے بہت سے امور کی وصیت فرمائی تھی، اور یہ کہ آپ ﷺ نے اہل بیت کو ایسی چیزوں کے ساتھ خاص فرمایا تھا جن سے دوسروں کو آگاہ نہیں کیا۔ یہ باطل دعوے اور فاسد من گھڑت باتیں ہیں جن کی کوئی اصل نہیں، اور ان کے باطل ہونے کے لیے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کا یہ قول ہی کافی ہے۔" (شرح صحیح مسلم للنووی 5/121)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1804
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 3/ 26 (1870)، ومسلم 4/ 115 (1370) (467).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 1870 | صحيح البخاري: 3179 | صحيح مسلم: 1370 | سنن ترمذي: 2127 | سنن ابي داود: 2034 | بلوغ المرام: 606
قال المصنف رحمه الله تعالى في شرح صحيح مسلم ٥/ ١٢١: «هذا تصريح من علي رضي الله تعالى عنه بإبطال ما تزعمه الرافضة والشيعة، ويخترعونه من قولهم: إن عليًا رضي الله تعالى عنه أوصى إليه النبي - صلى الله عليه وسلم - بأمور كثيرة من أسرار العلم وقواعد الدين وكنوز الشريعة، وأنه - صلى الله عليه وسلم - خص أهل البيت بما لم يطلع عليه غيرهم، وهذه دعاوى باطلة واختراعات فاسدة، لا أصل لها ويكفي في إبطالها قول علي - رضي الله عنه - هذا» .

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 1870 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
1870. حضرت علی ؓ سے روایت ہے انھوں نےفرمایا: ہمارے پاس اللہ کی کتاب کے سوا کچھ بھی نہیں۔ یا پھر یہ صحیفہ جو نبی کریم ﷺ سے منقول ہے۔ (اس میں ہے کہ) ’’مدینہ عائر پہاڑ سے فلاں جگہ تک قابل احترام ہے۔ لہذا جو شخص اس میں کوئی نئی بات (بدعت یا دست درازی) کرے گا یا بدعتی کو جگہ دے گا اس پر اللہ کی فرشتوں کی اور سب لوگوں کی لعنت ہے۔ اس کی نہ کوئی نفل عبادت قبول ہوگی اور نہ کوئی فرض عبادت۔‘‘ نیز فرمایا: ’’مسلمانوں میں پاس عہد کی ذمہ داری مشترکہ ہے۔ اب جو کوئی مسلمان کے عہد کو توڑے اس پر اللہ کی، فرشتوں کی اور سب انسانوں کی لعنت ہے۔ اس کاکوئی نفل قبول ہوگا نہ فرض۔ اور جو شخص اپنے آقاؤں کی اجازت کے بغیر کسی قوم سے معاہدہ موالات کرے گا اس پر بھی اللہ کی، فرشتوں کی اور سب انسانوں کی لعنت ہے۔ اس کی نہ نفل عبادت قبول ہوگی۔ اور نہ فرض عبادت۔‘‘ امام بخاری ؒ نے فرمایا: عدل کے معنی فدیہ کے ہیں۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:1870]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث سے بھی امام بخاری ؒ نے مدینہ طیبہ کے حرم ہونے پر استدلال کیا ہے۔
اس کے درخت نہ کاٹے جائیں اور اس کا شکار بھی نہ پکڑا جائے لیکن ائمۂ ثلاثہ اس کے ارتکاب پر کوئی فدیہ واجب نہیں کرتے جبکہ امام ابو حنیفہ ؒ مدینہ طیبہ کو حرم تسلیم نہیں کرتے بلکہ وہ مدینہ کے درخت کاٹنے اور اس کا شکار کرنے کو جائز کہتے ہیں۔
ان کے ہاں احادیث مذکورہ کا مطلب مدینہ کی زینت کو باقی رکھنا ہے تاکہ لوگ مدینہ طیبہ سے مانوس ہوں اور اس سے وحشت محسوس نہ کریں، لیکن احادیث سے اس موقف کی تردید ہوتی ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے خود فرمایا: ’’حضرت ابراہیم ؑ نے مکہ کو حرم قرار دیا تھا، میں مدینہ طیبہ قابل احترام ٹھہراتا ہوں‘‘ (2)
اس حدیث سے ان روافض و شیعہ حضرات کی بھی تردید ہوتی ہے جو دعویٰ کرتے ہیں کہ حضرت علی ؓ کے پاس رسول اللہ ﷺ کا وصیت نامہ تھا جس میں رسول اللہ ﷺ نے راز کے طور پر حضرت علی ؓ کو کچھ باتیں تلقین کی تھیں اور وہ اسرار دین پر مشتمل ہے۔
(3)
امام بخاری ؒ نے عدل کے معنی فدیہ بتائے ہیں۔
یہ معنی بھی قابل اعتبار ہیں
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1870 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1370 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
ابراہیم تیمی اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں کہ حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ تعالی عنہ نے ہمیں خطاب فرمایا جس میں کہا، جس شخص کا گمان یہ ہے کہ ہمارے پاس اللہ کی کتاب اور اس نوشتہ (صحیفہ) کے سوا کوئی اور پڑھنے کی چیز ہے، تو وہ جھوٹ بولتا ہے اور نوشتہ ان کی تلوار کے میان کے ساتھ لٹک رہا تھا، اس میں اونٹوں کی عمروں کا ذکر ہے، اور زخموں کے بارے میں کچھ چیزیں ہیں، اور اس میں یہ بھی ہے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’مدینہ، عیر سے لے... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:3794]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث کی توضیح حدیث نمبر1370کے تحت کتاب الحج میں گزر چکی ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 3794 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1370 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
ابراہیم تیمی اپنے باپ سے بیان کرتے ہیں کہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ہمیں خطاب فرمایا اور کہا، جس کا یہ گمان ہے کہ ہمارے پاس پڑھنے کے لیے اللہ کی کتاب اور اس صحیفہ (ان کی تلوار کی نیام کے ساتھ ایک صحیفہ لٹکا ہوا تھا) کے سوا کچھ ہے وہ جھوٹ بولتا ہے، اس صحیفہ میں اونٹوں کی عمروں اور کچھ زخموں (کی دیت) کا ذکر ہے، اور اس میں یہ ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’مدینہ، عَیر سے لے کر ثَور تک حرم ہے، تو جس نے اس میں... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:3327]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: 1۔
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زندگی میں ہی بعض لوگوں نے یہ بات پھیلا رکھی تھی کہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس موجودہ قرآن کے علاوہ کچھ اور علوم بھی ہیں جو صرف آپ کو ہی بتائے گئے ہیں، اس لیے آپ سے اس کے بارے میں مختلف مواقع پر سوال کیا گیا اور آپ نے بھی مختلف مواقع اور مختلف مناسبتوں سے اس کی تردید اور تکذیب فرمائی، لیکن اس تصریح کے باوجود بھی بعض لوگوں کا اب بھی یہی دعویٰ ہے کہ نعوذ باللہ قرآن میں بھی کمی کر دی گئی ہے، جبکہ وہ فرما رہے ہیں ہم بھی وہ کتاب اللہ پڑھتے ہیں جو سب کے پاس ہے، ہمارے پاس اس سے زائد نہیں ہے اور ان کے صحیفہ کی اشیاء بھی دوسرے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین سے مروی ہیں۔
2۔
حدیث سے مراد، جرم یا بدعت ہے اور محدث سے مراد مجرم یا بدعتی ہے۔
جس طرح جرم اور بدعت پرسخت وعید ہے، اسی طرح بدعتی اور مجرم کو تحفظ اور پناہ دینا بھی شدید جرم ہے، جس کی بنا پر انسان، اللہ، فرشتوں اور تمام انسانوں کی لعنت کا حقدار ٹھہرتا ہے۔
اور جمہور کے نزدیک صرف سے مراد فرض ہے اور عدل سے نفل، اللہ کی لعنت سے مراد، اس کی رحمت سے محرومی ہے اور فرشتوں کی لعنت سےمراد، اس دعا اور استغفار سے محرومی ہے جو وہ مومنوں کے لیے کرتے ہیں۔
جس کی تفصیل سورہ مومن کی آیات 7تا9 میں ہے۔
اور لوگوں کی لعنت سے مراد، اس کے لیے رحمت سے محرومی کی بد دعا کرنا ہے۔
3۔
مسلمانوں کا امان اور پناہ دینا یکساں اور برابر حیثیت رکھتا ہے کوئی بھی مسلمان کسی بھی کافر کو اگر امان اور تحفظ دے دے تو سب مسلمان اس کے پابند ہوں گے، جمہور کا یہی قول ہے۔
4۔
کسی مسلمان کا اپنے نسب کو چھوڑ کر کسی اورخاندان کی طرف نسبت کرنا یا غلام کا اپنے آزاد کرنے والوں کو چھوڑ کر کسی اور کی طرف نسبت کرنا بھی انتہائی شدید جرم ہے۔
5۔
عَیر اور ثَور جنوب شمال مدینہ میں دو پہاڑ ہیں۔
تفصیل کے لیے (دیکھئے فواد عبدالباق کا حاشیہ مسلم ج2 ص 995تا997)
۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 3327 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2127 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´آزاد کرنے والے کے علاوہ دوسرے کو مالک بنانے اور دوسرے کے باپ کی طرف نسبت کرنے والے کا بیان​۔`
یزید بن شریک تیمی کہتے ہیں کہ علی رضی الله عنہ نے ہمارے درمیان خطبہ دیا اور کہا: جو کہتا ہے کہ ہمارے پاس اللہ کی کتاب اور اس صحیفہ - جس کے اندر اونٹوں کی عمر اور جراحات (زخموں) کے احکام ہیں - کے علاوہ کوئی اور چیز ہے جسے ہم پڑھتے ہیں تو وہ جھوٹ کہتا ہے ۱؎ علی رضی الله عنہ نے کہا: اس صحیفہ میں یہ بھی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " عیر سے لے کر ثور تک مدینہ حرم ہے ۲؎ جو شخص اس کے اندر کوئی بدعت ایجاد کرے یا بدعت ایجاد کرنے والے کو پناہ دے، اس پر اللہ، اس کے فرشتے اور تمام لو۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الولاء والهبة/حدیث: 2127]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
علی رضی اللہ عنہ کی اس تصریح سے روافض اور شیعہ کے اس قول کی واضح طورپر تردید ہورہی ہے جو کہتے ہیں کہ اللہ کے رسول نے علی رضی اللہ عنہ کو کچھ ایسی خاص باتوں کی وصیت کی تھی جن کا تعلق دین وشریعت کے اسرار و رموز سے ہے، کیوں کہ صحیح حدیث میں یہ صراحت ہے کہ علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا: (ما عندنا شئ إلا كتاب الله وهذه الصحيفة عن النبي ﷺ)

2؎:
عیر اور ثور دوپہاڑہیں: ثور جبل احد کے پیچھے ایک چھوٹا پہاڑ ہے۔
جب کہ عیرذوالحلیفہ (ابیارعلی) کے پاس ہے، اور یہ دونوں پہاڑمدینہ کے شمالاً جنوباً ہیں، اورمدینہ کے شرقاً غرباً کالے پتھروں والے دومیدان ہیں، مملکت سعودیہ نے پوری نشان دہی کرکے مدینہ منورہ کے حرم کی حد بندی محراب نما بُرجیوں کے ذریعے کردی ہے،  جزاهم الله خيراً۔

3؎:
یعنی اس کی دی ہوئی پناہ بھی قابل احترام ہوگی۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2127 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 2034 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´مدینہ کے حرم ہونے کا بیان۔`
علی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوائے قرآن کے اور اس کے جو اس صحیفے ۱؎ میں ہے کچھ نہیں لکھا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " مدینہ حرام ہے عائر سے ثور تک (عائر اور ثور دو پہاڑ ہیں)، جو شخص مدینہ میں کوئی بدعت (نئی بات) نکالے، یا نئی بات نکالنے والے کو پناہ اور ٹھکانا دے تو اس پر اللہ، ملائکہ اور تمام لوگوں کی لعنت ہے، نہ اس کا فرض قبول ہو گا اور نہ کوئی نفل، مسلمانوں کا ذمہ (عہد) ایک ہے (مسلمان سب ایک ہیں اگر کوئی کسی کو امان دیدے تو وہ سب کی طرف سے ہو گی) اس (کو نبھانے) کی ادنی سے ادنی شخص بھی کوشش ک۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب المناسك /حدیث: 2034]
فوائد ومسائل:
1- حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس کوئی خاص باطنی علم یا وصیت نہ تھی۔
جو دیگر لوگوں سے مخفی آپ کو دی گئی ہو آپ کے پاس جو کچھ تھا آپ نے اس کا اظہار فرما دیا۔

2۔
مدینہ منورہ مذکورہ حدود میں اسی طرح حرم اور محترم ہے۔
جیسے کہ مکہ مکرمہ ہے۔
اور بدعت ہر اعتبار سے ضلالت ہے۔
اور بدعتی انسان کا اکرام بہت بڑا شرعی ظلم ہے۔
مدینہ منورہ میں اس عمل کی شناخت از حد زیادہ ہے۔
کیونکہ یہ دین اسلام کا منبع اور مرکز ہے۔

3۔
کفار کے مقابلے میں مسلمان ایک ہیں۔
ان کےادنیٰ فرد کی بھی وہی حیثیت ہے۔
جو ان کے اعلیٰ کی ہے۔

4۔
آذاد شدہ غلام (مولیٰ) اجازت لے کر بھی اپنی نسبت ولاء فروخت یا تبدیل نہیں کرسکتا۔
یہ عمل حرام ہے۔
حدیث میںز(بغير إذن مواليه) کا ذکر قید اتفاقی ہے۔
احترازی نہیں۔

درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2034 سے ماخوذ ہے۔