ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1796

باب: کھانے پینے، طہارت اور استعمال کی تمام صورتوں میں سونے اور چاندی کے برتن استعمال کرنے کی حرمت

باب تحريم استعمال إناء الذهب وإناء الفضة في الأكل والشرب والطهارة وسائر وجوه الاستعمال

حدیث نمبر: 1796
وعن حُذَيفَةَ - رضي الله عنه - قَالَ: إنَّ النبيَّ - صلى الله عليه وسلم - نهانا عنِ الحَريِرِ، وَالدِّيبَاجِ، وَالشُّرْبِ في آنِيَةِ الذَّهَبِ وَالفِضَّةِ، وقالَ: «هُنَّ لَهُمْ في الدُّنْيَا، وَهِيَ لَكُمْ فِي الآخِرَةِ». متفق عَلَيْهِ.
وفي رواية في الصحيحين عن حُذيْفَةَ - رضي الله عنه: سَمِعْتُ رسولَ الله - صلى الله عليه وسلم - يقولُ: «لاَ تَلْبسُوا الحَرِيرَ وَلاَ الدِّيبَاجَ، وَلاَ تَشْرَبُوا فِي آنِيَةِ الذَّهَبِ وَالفِضَّةِ وَلاَ تَأكُلُوا في صِحَافِهَا».
ترجمہ

سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: نبی کریم ﷺ نے ہمیں ریشم، دیباج اور سونے چاندی کے برتنوں میں پینے سے منع فرمایا، اور فرمایا: ”یہ چیزیں دنیا میں ان (کافروں) کے لیے ہیں اور آخرت میں تمہارے لیے ہیں۔“
(متفق علیہ)
اور صحیحین کی ایک روایت میں سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ سے ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ”ریشم اور دیباج نہ پہنو، اور سونے اور چاندی کے برتنوں میں نہ پیو، اور نہ ان کی پلیٹوں میں کھاؤ۔“

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1796
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 7/ 99 - 146 (5426) و(5632)، ومسلم 6/ 136 (2067) (4) و(5)، وانظر الحديث (776).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5837 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5837. حضرتحذیفہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے ہمیں سونے چاندی کے برتنوں میں کھانے پینے سے منع فرمایا یے، نیز ریشم اور دیبا پہننے اور ان پر بیٹھنے سے بھی منع کیا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5837]
حدیث حاشیہ: معلوم ہوا کہ ریشمی فرش و فروش کا استعمال بھی مردوں کے لیے ناجائز ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5837 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5837 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5837. حضرتحذیفہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے ہمیں سونے چاندی کے برتنوں میں کھانے پینے سے منع فرمایا یے، نیز ریشم اور دیبا پہننے اور ان پر بیٹھنے سے بھی منع کیا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5837]
حدیث حاشیہ:
(1)
ریشم پر بیٹھنے کا مطلب ہے کہ ان کا تکیہ، گدی یا بستر بنایا جائے، پھر اسے استعمال کیا جائے۔
اگرچہ بعض اہل علم اس کے متعلق نرم گوشہ رکھتے ہیں لیکن ہمارے رجحان کے مطابق ان چیزوں کا استعمال بھی درست نہیں۔
(2)
عورت چونکہ مرد کے لیے فراش اور لباس ہے، اگر عورت کا ریشمی بستر ہو یا اس نے ریشمی لباس پہن رکھا ہو تو ایسے بستر پر اس سے ہم بستر ہونا جائز ہے اگرچہ بہتر ہے کہ اس سے بچا جائے کیونکہ زہدوتقویٰ کا یہی تقاضا ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5837 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5632 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5632. حضرت ابی لیلیٰ سے روایت ہے انہوں نے کہا: کہ حضرت حذیفہ ؓ مدائن میں تھے انہوں نے پانی مانگا تو ایک دیہاتی نے ان کو چاندی کے برتن میں پانی لا کر دیا، انہوں نے برتن اس پر پھینک مارا اور فرمایا کہ میں نے برتن صرف اس لیے پھینکا ہے کہ میں اس شخص کو منع کر چکا تھا لیکن یہ باز نہیں آیا۔ بلاشبہ نبی ﷺ نے ہمیں ریسشم اور دیبا پہننے سے اور سونے چاندی کے برتنوں میں کھانے پینے سے منع فرمایا ہے۔ آپ نے فرمایا تھا: "یہ چیزیں ان (کفار) کے لیے دنیا میں ہیں اور تمہیں آخرت میں ملیں گی۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5632]
حدیث حاشیہ: چاندی سونے کے برتنوں میں مسلمانوں کو کھانا پینا قطعاً حرام ہے مگر اکثر ہوا پر دوڑ نے لگے جو ایسے محرمات کا فخریہ استعمال کرتے ہیں اور اللہ سے نہیں ڈرتے کہ ایسے کاموں کا انجام برا ہوتا ہے کہ مرنے کے بعد آخرت میں یہ دولت دوزخ کا انگارا بن کر سامنے آئے گی۔
لہٰذا فی الفور ایسے سرمایہ داروں کو ایسی حرکتوں سے باز رہنا ضروری ہے۔
روایت میں شہر مدائن کا ذکر ہے جو دجلہ کے کنارے بغداد سے سات فرسخ کی دوری پر آباد تھا۔
ایران کے بادشاہوں کی راجدھانی کا شہر تھا اور اس جگہ ایوان کسریٰ کی مشہور عمارت تھی اسے خلافت حضرت عمر رضی اللہ عنہ میں حضرت سعدبن ابی وقاص رضی اللہ عنہ نے فتح کیا۔
لفظ دھقان دال کے کسرہ اور ضمہ دونوں طرح سے ہے۔
ایران میں یہ لفظ سردار قریہ کے لیے مستعمل ہوتا تھا۔
بعد بطور محاورہ دیہاتوں پر بولا جانے لگا۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5632 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5632 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5632. حضرت ابی لیلیٰ سے روایت ہے انہوں نے کہا: کہ حضرت حذیفہ ؓ مدائن میں تھے انہوں نے پانی مانگا تو ایک دیہاتی نے ان کو چاندی کے برتن میں پانی لا کر دیا، انہوں نے برتن اس پر پھینک مارا اور فرمایا کہ میں نے برتن صرف اس لیے پھینکا ہے کہ میں اس شخص کو منع کر چکا تھا لیکن یہ باز نہیں آیا۔ بلاشبہ نبی ﷺ نے ہمیں ریسشم اور دیبا پہننے سے اور سونے چاندی کے برتنوں میں کھانے پینے سے منع فرمایا ہے۔ آپ نے فرمایا تھا: "یہ چیزیں ان (کفار) کے لیے دنیا میں ہیں اور تمہیں آخرت میں ملیں گی۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5632]
حدیث حاشیہ:
(1)
شہر مدائن، دریائے دجلہ کے کنارے بغداد سے سات فرسنگ (فرسخ)
کی مسافت پر آباد تھا۔
اس جگہ ایوانِ کسریٰ کی عمارت تھی۔
اسے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ نے فتح کیا۔
(2)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ سونے چاندی کے برتنوں میں کھانا پینا کافروں کی عادت ہے۔
کفار کی عادت اختیار کرنے سے مسلمانوں کو منع کیا گیا ہے، البتہ سونے کے زیورات عورتوں کے لیے مباح ہیں۔
مردوں کے لیے صرف چاندی جائز ہے، لیکن سونے چاندی کے برتن مرد عورت دونوں کے لیے حرام ہیں۔
جو شخص دنیا میں اللہ تعالیٰ کی منع کی ہوئی چیزوں سے پرہیز کرے گا جنت میں اسے خاص نعمتیں حاصل ہوں گی۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5632 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5633 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5633. حضرت ابی لیلیٰ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ ہم حضرت ابو حذیفہ ؓ کے ساتھ باہر نکلے انہوں نے نبی ﷺ کا ذکر کیا کہ آپ نے فرمایا تھا: "سونے چاندی کے برتنوں میں نہ کھاؤ پیو نیز ریشم اور دیبا بھی نہ پہنو کیونکہ یہ چیزیں ان (کفار) کے لیے دنیا میں ہیں اور تمہارے لیے آخرت میں ہوں گی۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5633]
حدیث حاشیہ: معلوم ہوا کہ دنیا میں کفار سونے اور چاندی کے برتنون کو بڑے فخر اور تکبر کے انداز میں مالداروں کے سامنے اس میں کھانے پینے کی چیزیں پیش کرتے ہیں اس لیے مسلمانوں کو بچنے کا حکم دیا گیا۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5633 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5633 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5633. حضرت ابی لیلیٰ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ ہم حضرت ابو حذیفہ ؓ کے ساتھ باہر نکلے انہوں نے نبی ﷺ کا ذکر کیا کہ آپ نے فرمایا تھا: "سونے چاندی کے برتنوں میں نہ کھاؤ پیو نیز ریشم اور دیبا بھی نہ پہنو کیونکہ یہ چیزیں ان (کفار) کے لیے دنیا میں ہیں اور تمہارے لیے آخرت میں ہوں گی۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5633]
حدیث حاشیہ:
(1)
چاندی اور سونے کے برتنوں میں مسلمانوں کے لیے کھانا پینا قطعاً حرام ہے، البتہ کافر لوگ اس دنیا میں سونے اور چاندی کے برتن بڑے فخر و غرور سے استعمال کرتے ہیں اور مال داروں کے سامنے ان میں کھانے پینے کی چیزیں پیش کرتے ہیں۔
مسلمانوں کو ان میں کھانے پینے سے منع کیا گیا ہے۔
(2)
اس کے حرام ہونے کی صرف یہ وجہ نہیں کہ اسے کفار استعمال کرتے ہیں بلکہ اس کے استعمال سے فقراء اور محتاج لوگوں کی دل شکنی ہوتی ہے، نیز یہ تکبر و غرور کی علامت ہے، اس کے علاوہ ان کے استعمال میں اسراف بھی ہے۔
واللہ أعلم
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5633 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1878 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´سونے اور چاندی کے برتن میں پینے کی کراہت کا بیان۔`
ابن ابی لیلیٰ بیان کرتے ہیں کہ حذیفہ رضی الله عنہ نے ایک آدمی سے پانی طلب کیا تو اس نے انہیں چاندی کے برتن میں پانی دیا، انہوں نے پانی کو اس کے منہ پر پھینک دیا، اور کہا: میں اس سے منع کر چکا تھا، پھر بھی اس نے باز رہنے سے انکار کیا ۱؎، بیشک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سونے اور چاندی کے برتن میں پانی پینے سے منع فرمایا ہے، اور ریشم پہننے سے اور دیباج سے اور فرمایا: " یہ ان (کافروں) کے لیے دنیا میں ہے اور تمہارے لیے آخرت میں ہے۔‏‏‏‏" [سنن ترمذي/كتاب الأشربة/حدیث: 1878]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یعنی میں نے اسے پہلے ہی ان برتنوں کے استعمال سے منع کردیاتھا، لیکن منع کرنے کے باوجود جب یہ باز نہ آیا تبھی میں نے اس کے چہرہ پر یہ پانی پھینکا تاکہ آئندہ اس کا خیال رکھے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1878 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 3723 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´سونے اور چاندی کے برتن میں کھانا پینا منع ہے۔`
ابن ابی لیلیٰ کہتے ہیں کہ حذیفہ رضی اللہ عنہ مدائن میں تھے، آپ نے پانی طلب کیا تو ایک زمیندار چاندی کے برتن میں پانی لے کر آیا تو آپ نے اسے اسی پر پھینک دیا، اور کہا: میں نے اسے اس پر صرف اس لیے پھینکا ہے کہ میں اسے منع کر چکا ہوں لیکن یہ اس سے باز نہیں آیا، حالانکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ریشم اور دیبا پہننے سے اور سونے، چاندی کے برتن میں پینے سے منع کیا ہے، اور فرمایا ہے: " یہ ان (کافروں) کے لیے دنیا میں ہیں اور تمہارے لیے آخرت میں ہیں۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الأشربة /حدیث: 3723]
فوائد ومسائل:
فائدہ: ریشم اور سونا بطور زیور اور لباس عورتوں کےلئے حلال ہیں۔
مردوں کےلئے صرف چاندی مباح ہے۔
جبکہ سونا اور ریشم حرام ہیں۔
سونے چاندی کے برتن سبھی کےلئے حرام ہیں۔
اسی طرح ریشمی بچھونا بھی مردوں کےلئے بالاتفاق حرام ہے۔
اور عورتوں کےلئے بعض لوگ حلال سمجھتے ہیں۔
بعض حرام۔
(فتح الباري، اللباس، باب افتراش الحریر) لیکن احتیاط ہی بہتر ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3723 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 3590 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´ریشمی کپڑے پہننے کی حرمت کا بیان۔`
حذیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے (مردوں کے لیے) ریشم اور سونا پہننے سے منع کیا، اور فرمایا: " یہ ان (کافروں) کے لیے دنیا میں ہے اور ہمارے لیے آخرت میں ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب اللباس/حدیث: 3590]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
خالص ریشم کے کپڑے پہننا، رومال بنانا اور بستر وغیرہ بنا کر اس پر بیٹھنا اور لیٹنا یہ سب مردوں پر حرام ہے۔

(2)
سونے کا زیور بھی مردوں پر حرام ہے خواہ وہ ہار ہو، انگوٹھی کا چین ہو، لباس کے بٹن ہوں یا کوئی اور زیور سب کا ایک ہی حکم ہے البتہ سونے کا مرد کی ملکیت میں ہونا گناہ نہیں جب کہ وہ پہنا نہ جائے۔ (3)
دنیا میں اللہ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئےممنوعہ اشیاء سے پرہیز کرنا بہت بڑی نیکی ہے جس کا ثواب یہ ہے کہ جنت میں ویسی ہی نعمتیں حاصل ہوں گی جو دنیا کی نعمتوں سے بدرجہا بہتر ہوں گی۔

(4)
رہن سہن کے طریقوں اور لباس وغیرہ کی بناوٹ میں غیر مسلموں سے امتیاز قائم رکھنا ضروری ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3590 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 3414 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´چاندی کے برتن میں پینے کا بیان۔`
حذیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سونے چاندی کے برتن میں پینے سے منع فرمایا ہے، آپ کا ارشاد ہے: " یہ ان (کافروں) کے لیے دنیا میں ہیں اور تمہارے لیے آخرت میں ہیں۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الأشربة/حدیث: 3414]
اردو حاشہ:
فوائد ومسائل: (1)
سونے چاندی کے برتنوں کا استعمال کافروں کی عادت ہے۔

(2)
کافروں کی عادت اختیار کرنا مسلمانوں کے لئے منع ہے۔

(3)
جو شخص دنیا میں اللہ کی منع کردہ اشیاء سے پرہیز کرتا ہے جنت میں اسے خاص نعمتیں حاصل ہوں گی۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3414 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5426 کی شرح از محمد حسین میمن ✍️
´چاندی کے برتن میں کھانا کیسا ہے؟`
«. . . حَدَّثَنِي عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ أَبِي لَيْلَى، أَنَّهُمْ كَانُوا عِنْدَ حُذَيْفَةَ فَاسْتَسْقَى، فَسَقَاهُ مَجُوسِيٌّ فَلَمَّا وَضَعَ الْقَدَحَ فِي يَدِهِ رَمَاهُ بِهِ، وَقَالَ: لَوْلَا أَنِّي نَهَيْتُهُ غَيْرَ مَرَّةٍ وَلَا مَرَّتَيْنِ، كَأَنَّهُ يَقُولُ: لَمْ أَفْعَلْ هَذَا وَلَكِنِّي سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَقُولُ:" لَا تَلْبَسُوا الْحَرِيرَ وَلَا الدِّيبَاجَ، وَلَا تَشْرَبُوا فِي آنِيَةِ الذَّهَبِ وَالْفِضَّةِ، وَلَا تَأْكُلُوا فِي صِحَافِهَا، فَإِنَّهَا لَهُمْ فِي الدُّنْيَا وَلَنَا فِي الْآخِرَةِ. . .»
". . . عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ نے بیان کیا کہ یہ لوگ حذیفہ بن الیمان رضی اللہ عنہ کی خدمت میں موجود تھے۔ انہوں نے پانی مانگا تو ایک مجوسی نے ان کو پانی (چاندی کے پیالے میں) لا کر دیا۔ جب اس نے پیالہ ان کے ہاتھ میں دیا تو انہوں نے پیالہ کو اس پر پھینک کر مارا اور کہا اگر میں نے اسے بارہا اس سے منع نہ کیا ہوتا (کہ چاندی سونے کے برتن میں مجھے کچھ نہ دیا کرو) آگے وہ یہ فرمانا چاہتے تھے کہ تو میں اس سے یہ معاملہ نہ کرتا لیکن میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے کہ ریشم و دیبا نہ پہنو اور نہ سونے چاندی کے برتن میں کچھ پیو اور نہ ان کی پلیٹوں میں کچھ کھاؤ کیونکہ یہ چیزیں ان (کفار کے لیے) دنیا میں ہیں اور ہمارے لیے آخرت میں ہیں۔" [صحيح البخاري/كِتَاب الْأَطْعِمَةِ: 5426]

صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 5426 کا باب: «بَابُ الأَكْلِ فِي إِنَاءٍ مُفَضَّضٍ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے ترجمۃ الباب «أكل» کے متعلق قائم فرمایا ہے جبکہ حدیث تحت الباب «شرب» کے متعلق پیش فرمائی ہے، لہٰذا ان میں مطابقت کس طرح سے ہو گی؟
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ رقمطراز ہیں کہ: «وحديث حذيفة الذى ساقه فى الباب، فيه النهي عن الشرب فى آنية الذهب والفضة، ويؤخر منه فى الأكل بطريق الإلحاق وهذا بالنسبة لحديث حذيفة.» [فتح الباري لابن حجر: 473/10]
"یعنی حدیث حذیفہ میں سونے اور چاندی سے بنے برتنوں میں پینے سے نہی وارد ہے، «اكل» کا منع ہونا بھی بطریق الحاق اسی سے ماخوذ ہے، حذیفہ رضی اللہ عنہ کی حدیث کی نسبت سے۔" (کیونکہ جب پینا منع ہے بطریق اولٰی کھانا بھی منع ہو گا۔)
عبدالحق الہاشمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "امام بخاری رحمہ اللہ نے ترجمۃ الباب کے تحت سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ کی حدیث کا ذکر فرمایا جو کہ سونے اور چاندی کے برتنوں میں پینے کی نہی پر مبنی ہے اور اسی حکم سے «أكل» کی ممانعت بھی اخذ کی جائے گی واسطے اس کی علت جامعہ کے، پس یہیں سے باب اور حدیث میں مناسبت ہو گی۔" [لب اللباب: 279/4]
لہٰذا ان گفتگو کا حاصل یہ ہے کہ باب میں «اكل» کے الفاظ ہیں، بطریق اولیٰ جس میں «شرب» کا مفہوم بھی موجود ہے اور سونے اور چاندی کے برتنوں میں بالاتفاق «اكل» اور «شرب» دونوں ہی ممنوع ہیں۔
علامہ عینی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «وهذا الحديث يدل على تحريم استعمال الحرير والديباج وعلى حرمة الشرب والأكل من إناء الذهب والفضة.» [عمدة القاري للعيني: 93/21]
"یہ حدیث سونے اور چاندی کے برتنوں کو استعمال کرنے پر ممانعت سے اور یہ حرام ہے کہ ان برتنوں سے پیا جائے یا کھایا جائے۔"
پس یہی مقصود ہے باب اور حدیث میں۔
ایک اشکال اور اس کا جواب:
«قال مغلطائي: لا يطابق الحديث الترجمة الا ان كان الإناء الذى سقي فيه حذيفة كان مضبياً فان الضبة موضع الشقة عند الشرب.» [فتح الباري لابن حجر: 473/10]
"حدیث باب ترجمۃ کے مطابق نہیں ہے، الا یہ کہ برتن جو سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ کو پیش کیا گیا مضب ہو کہ ضبہ وہ حصہ ہوتا ہے جہاں ہونٹ لگا کر پیتے ہیں۔ علامہ کرمانی رحمہ اللہ اس اشکال کا جواب دیتے ہوئے فرماتے ہیں: «وأجاب الكرماني بأن لفظ مفضض وإن كان ظاهراً فيما فيه فضة لكنه يشمل ما اذا كان متخذاً كله من قضة والنهي عن الشرب فى اٰنية الفضة يلحق به الأكل للعلة الجامعة فيطابق الحديث، الترجمة.»
"لہٰذا باب اور حدیث میں مناسبت اس جہت کے ساتھ ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے ترجمۃ الباب میں صحیح مسلم کی حدیث کی طرف اشارہ فرمایا ہے جس میں واضح رومال کے استعال کا جواز موجود ہے۔
انگلیوں کو چاٹنا، جدید تحقیقات کی روشنی میں:
مختلف شروحات میں انگلیاں چاٹنے کی مختلف حکمتیں بیان کی گئی ہیں، مثلاً: ◈ انگلیاں چاٹنے کے بعد رومال وغیرہ سے ہاتھ پونچھنے میں زیادہ آلودگی اور تلویث نہیں ہو گی۔ [فتح الباري لابن حجر: 492/90]
◈ دوسرا یہ کہ ہو سکتا ہے انگلیوں پر لگا ہوا جو حصہ ہو اس میں برکت ہو۔ [صحيح مسلم، كتاب الاشربة والاطعمة: رقم: 2033]
◈ انگلیوں پر لگی غذا کو اس لیے چاٹا جائے کہ اسے قلیل اور حقیر نہ سمجھا جائے۔ [فتح الباري لابن حجر: 492/10]
بعض حضرات نے اس عمل کو پسند بھی نہیں کیا اور وہ مختلف اشکالات کا شکار ہوئے، چنانچہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ ان کا جواب دیتے ہوئے لکھتے ہیں کہ: «عاب قوم أفسد عقلهم الترفة، فزعموا أن لعق الأصابع مستقبح كأنهم لم يعلموا ان الطعام الذى علق بالاصابع أو الصحفة جزء من أجزاء ما أكلوه، وإذا لم يكن سائر أجزائه مستقزرا، لم يكن الجزء اليسير منه مستفزراء، وليس فى ذالك اكبر من مصه أصابعه بباطن شفتيه.» [فتح الباري لابن حجر: 493/10]
"کچھ لوگوں کا ترخہ نے دماغ خراب کر دیا ہے، چنانچہ وہ اسے مستقزر خیال کرتے ہیں، گویا نہیں جانتے کہ انگلیوں پر لگا ہوا کھانا وہی ہے جو کھایا ہے تو اگر یہ سارا طعام مستفزر نہیں تو تھوڑی سی مقدار جو انگلیوں پر لگی ہے کیوں کر مستفزر ہو سکتی ہے؟ اس میں تو بس اتنا ہی کرنا پڑے گا کہ ہونٹوں کے اندرون کے ساتھ انگلیاں چاٹنا ہوں گی اور کوئی عقلمند اس میں حرج محسوس نہ کرے گا، کئی دفعہ کلی کرتے ہوئے بھی تو انسان انگلی منہ میں ڈال کر دانت ملتا ہے اور منہ کا اندرونی حصہ صاف کرتا ہے۔"
یہ گزارشات مختلف شروحات میں موجود ہیں، لہٰذا جدید طبی اعتبار سے انگلیوں کا کھانے کے بعد اسے چاٹنا انتہائی مفید ہے، چنانچہ جرمنی کے ماہرین طب نے یہ تحقیق کے بعد انکشاف کیا ہے کہ انسان کی انگلیوں کی پوروں پر موجود خاص قسم کی پروٹین اسے دست، قے اور ہیضے جیسی بیماریوں سے بچاتی ہے، ماہرین کے مطابق وہ بیکٹیریا جنہیں "ای کو لائی" کہا جاتا ہے، جب انگلیوں کی پوروں پر آتے ہیں تو پوروں پر موجود پروٹین ان مضر صحت بیکٹیریا کو ختم کر دیتی ہے، اس طرح یہ جراثیم انسانی جسم پر رہ کر مضر اثرات پیدا نہیں کرتے خاص طور پر انسان کو جب پسینہ آتا ہے تو جراثیم کش پروٹین متحرک ہو جاتی ہے، ماہرین کا خیال ہے کہ اگر یہ پروٹین نہ ہوتی تو بچوں میں ہیضے، دست اور قے کی بیماریاں بہت زیادہ ہوتیں۔
ریسرچ اسکالر محسن فاران صاحب انگلیوں میں موجود پروٹین پر گفتگو کرتے ہوئے لکھتے ہیں: "اہل مغرب کھانے کے بعد انگلیاں چاٹنے کو غیر صحت مند قرار دے کر اس پر حرف گیری کرتے رہے ہیں، لیکن اب سائنس اس کی تصدیق کر رہی ہے کہ یہ عمل تو نہایت صحت مند ہے، کیوں کہ انگلیاں منہ کے اندر نہیں جاتیں اور یوں منہ کے لعاب سے آلودہ نہیں ہوتیں، نیز انگلیوں کی پوروں پر موجود پروٹین سے مضر بیکٹیریا بھی ہلاک ہو جاتے ہیں، اس کے برعکس چمچے یا کانٹے سے کھانا کھائیں تو وہ بار بار منہ کے لعاب سے آلودہ ہوتا رہتا ہے اور یہ بےحد غیر صحت مند عمل ہے۔"
مزید تفصیل کے لیے راقم کا عنوان "حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور جدید سائنس) جو کہ مجلہ دفاع اسلام میں لگاتار پیش کیا جا رہا ہے شائقین حدیث نئی طبی تحقیقات کے لیے مطالعہ کر سکتے ہیں۔
درج بالا اقتباس عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم، حدیث/صفحہ نمبر: 131 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5426 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5426. سیدنا عبدالرحمن بن ابی لیلی سے روایت ہے کہ لوگ حضرت حذیفہ ؓ کی خدمت میں موجود تھے، انہوں نے پانی مانگا تو ایک مجوسی نے ان کو پانی لا کر دیا۔ جب اسنے پیالہ انکےہاتھ میں دیا تو سیدنا حذیفہ ؓ نے پیالہ اس پر پھینک مارا اور فرمایا: اگر میں نے اسے ایک یا دوبارہ منع نہ کیا ہوتا تو میں اس سے یہ معاملہ نہ کرتا لیکن میں نے نبی ﷺ سے سنا ہے آپ نے فرمایا: "ریشم اور دیباج نہ پہنو اور نہ سونے چاندی کے برتنوں ہی میں کچھ پیو اور نہ ان کی پلیٹوں میں کچھ کھاؤ کیونکہ یہ چیزیں دنیا میں ان (کافروں) کے لیے اور ہمارے لیے آخرت میں ہیں۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5426]
حدیث حاشیہ: چاندی سونے کے برتنوں میں کھانا پینا مسلمانوں کے لیے قطعاً حرام ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5426 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5426 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5426. سیدنا عبدالرحمن بن ابی لیلی سے روایت ہے کہ لوگ حضرت حذیفہ ؓ کی خدمت میں موجود تھے، انہوں نے پانی مانگا تو ایک مجوسی نے ان کو پانی لا کر دیا۔ جب اسنے پیالہ انکےہاتھ میں دیا تو سیدنا حذیفہ ؓ نے پیالہ اس پر پھینک مارا اور فرمایا: اگر میں نے اسے ایک یا دوبارہ منع نہ کیا ہوتا تو میں اس سے یہ معاملہ نہ کرتا لیکن میں نے نبی ﷺ سے سنا ہے آپ نے فرمایا: "ریشم اور دیباج نہ پہنو اور نہ سونے چاندی کے برتنوں ہی میں کچھ پیو اور نہ ان کی پلیٹوں میں کچھ کھاؤ کیونکہ یہ چیزیں دنیا میں ان (کافروں) کے لیے اور ہمارے لیے آخرت میں ہیں۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5426]
حدیث حاشیہ:
(1)
حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ نے اس لیے برتن پھینک دیا تھا کہ زبانی طور پر بار بار منع کرنے کے باوجود وہ اس سے باز نہ آیا بالآخر زجر و توبیخ کے طور پر اس پر دے مارا۔
(2)
حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ مجوسی نے جو پیالہ حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ کو پیش کیا تھا وہ چاندی کا تھا یا چاندی کے پانی سے ملمع شدہ تھا کیونکہ چاندی کے برتن اور چاندی سے ملمع برتن میں کوئی فرق نہیں ہے۔
اور ایسے برتنوں کی ممانعت مرد و عورت دونوں کے لیے یکساں ہے۔
(3)
حدیث میں اگرچہ پینے کا ذکر ہے لیکن یہ حکم کھانے کو بھی شامل ہے۔
بہرحال کھانے پینے کے لیے ہر قسم کے برتن استعمال کیے جا سکتے ہیں لیکن سونے چاندی یا ان سے ملمع کیے ہوئے برتن کو استعمال کرنے کی شرعاً اجازت نہیں ہے۔
(فتح الباري: 686/9)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5426 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2067 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ بیان کرتے ہیں، حذیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے پانی طلب کیا تو ایک مجوسی نے انہیں چاندی کے برتن میں پیش کیا تو انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے سنا ہے: ’’نہ ریشم پہنو اور نہ دیباج اور نہ سونے اور چاندی کے برتن میں پیو اور نہ ان کی پلیٹوں میں کھاؤ، کیونکہ یہ برتن دنیا میں ان کے لیے (کافروں کے لیے) ہیں۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:5400]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
صحاف: صحفة کی جمع ہے، پلیٹ، رکابی۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5400 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 5303 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´دیبا نامی ریشمی کپڑا پہننا منع ہے۔`
عبداللہ بن عکیم سے روایت ہے کہ حذیفہ بن الیمان رضی اللہ عنہ نے پانی مانگا تو ایک اعرابی (دیہاتی) چاندی کے برتن میں پانی لے آیا، حذیفہ رضی اللہ عنہ نے اسے پھینک دیا، پھر جو کیا اس کے لیے لوگوں سے معذرت کی اور کہا: مجھے اس سے روکا گیا ہے۔ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے: " سونے اور چاندی کے برتن میں نہ پیو اور دیبا نامی ریشم نہ پہنو اور نہ ہی حریر نامی ریشم، کیونکہ یہ ان (کفار و مشرکین) کے لیے دنیا میں ہے اور ہمارے لیے آخرت میں [سنن نسائي/كتاب الزاينة (من المجتبى)/حدیث: 5303]
اردو حاشہ: (1) دیباج بھی ریشم کی ایک قسم ہے۔ مقصد یہ ہے کہ ہر قسم کا ریشم مردوں کے لیے حرام ہے۔ باریک ہو یا موٹا نرم ہویا سخت۔
(2) "سونے چاندی کے برتن" یہ حکم مردوں اور عورتوں سب کے لیے برابر ہے، البتہ عورت کے لیے سونا پہننا جائز ہے۔
(3) "استعمال کرتے ہیں" کیونکہ ان کے نزدیک آخرت اور جزا و سزا کا کوئی تصور نہیں، لہٰذا وہ ہر قسم کی آسائش دنیا ہی میں حاصل کرنا چاہتے ہیں جب کہ مومن دنیا میں صرف ضروریات استعمال کرتے ہیں۔ آسائشیں آخرت میں طلب کرتے ہیں۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5303 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 14 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´سونے چاندی کے برتنوں میں کھانا پینا حرام ہے`
«. . . قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: لا تشربوا في آنية الذهب والفضة ولا تاكلوا في صحافهما،‏‏‏‏ فإنها لهم في الدنيا ولكم في الآخرة . . .»
". . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا "سونے اور چاندی کے برتنوں میں نہ پیا کرو اور ان کے پیالوں میں کھایا بھی نہ کرو۔ دنیا میں یہ کافروں کیلئے ہیں اور آخرت میں فقط تمہارے لئے . . ." [بلوغ المرام/كتاب الطهارة: 14]
� لغوی تشریح:
«بَابُ الْآنِيَةِ» «آنية» ، «إِنَاءٌ» کی جمع ہے جس کے معنی برتن کے ہیں۔ (بلوغ المرام کے) ابواب الطھارۃ کے درمیان میں برتنوں کے احکام بیان کرنے سے یہ بتانا مقصود ہے کہ شریعت اسلامیہ میں بعض برتن ایسے ہیں جنہیں استعمال کرنا جائز ہے اور کچھ ایسے ہیں جن کا استعمال ممنوع ہے۔ اس طرح ایک پاک باز انسان کو جائز اور ممنوع برتنوں میں امتیاز ہو جاتا ہے۔
«صِحَافِهَا» یہ «صَحْفَة» کی جمع ہے جس کے معنی پیالے کے ہیں۔
«لَهُمْ» سے مشرکین مراد ہیں۔
«فِي الدُّنْيَا» یعنی دنیا میں یہ برتن ان کے لیے ہیں۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ سونے اور چاندی کے برتن مشرکین کے لیے حلال ہیں بلکہ ان کا عمل بیان کرنا مقصد ہے۔
فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث سے یہ معلوم ہوا کہ سونے چاندی کے برتنوں میں کھانا پینا حرام ہے اور اس پر نص آ چکی ہے، نیز ان برتنوں کے پانی سے وضو اور غسل کرنا ناجائز ہے۔ یہ بات اس حدیث کے عموم میں شامل ہے کہ ان کا استعمال درست نہیں۔
➋ اس حدیث کو اس مقام پر پیش کرنے کا مقصد بھی یہی ثابت کرنا ہے ورنہ اس حدیث کا اصل مقام کھانے پینے کا باب تھا۔ ضمناً یہ بھی معلوم ہوا کہ جواہرات اور یاقوت وغیرہ کے برتنوں میں کھانا پینا اور وضو و غسل کرنا جائز ہے، البتہ جن برتنوں پر سونے چاندی کا پانی ملمع کیا گیا ہو ان کے بارے میں اختلاف ہے۔ اجتناب کرنا بہرحال بہتر اور اولیٰ ہے۔
راویٔ حدیث:
سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ: حذیفہ تصغیر ہے۔ ان کی کنیت ابوعبداللہ ہے۔ مشہور صحابی ہیں اور صحابی رسول سیدنا یمان رضی اللہ عنہ ("میم" کی تخفیف کے ساتھ) کے بیٹے ہیں۔ رازدان رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کے لقب سے مشہور و معروف ہیں۔ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ (ذوالنورین) کی شہادت کے چالیس روز بعد 35 یا 36 ہجری میں مدائن میں فوت ہوئے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 14 سے ماخوذ ہے۔