ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1791

باب: جس شہر میں وبا پھیل جائے اس سے بھاگنے کی نیت سے نکلنا، اور اس میں آنا مکروہ ہے

باب كراهة الخروج من بلد وقع فيها الوباء فرارًا منه وكراهة القدوم عليه

باب کی ابتدا میں امام نووی رحمہ اللہ نے یہ آیات / کلام ذکر کیا ہے:
قال الله تعالى: ﴿أَيْنَمَا تَكُونُوا يُدْرِكْكُمُ المَوْتُ وَلَوْ كُنْتُمْ فِي بُرُوجٍ مُشَيَّدَةٍ﴾ [النساء: ٧٨]. وقال تعالى: ﴿وَلاَ تُلْقُوا بِأيْدِيكُمْ إلَى التَّهْلُكَةِ﴾ [البقرة: ١٩٥].

اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”تم جہاں کہیں بھی ہو گے موت تمہیں آ پکڑے گی، اگرچہ تم مضبوط قلعوں میں ہی (کیوں نہ) ہو۔“ (سورۃ النساء: 78)
اور (اللہ) تعالیٰ نے فرمایا: ”اور اپنے ہاتھوں (اپنے آپ کو) ہلاکت میں نہ ڈالو۔“ (سورۃ البقرہ: 195)

حدیث نمبر: 1791
وعن ابن عباس رضي الله عنهم: أنَّ عمرَ بن الخطاب - رضي الله عنه - خرج إلى الشَّامِ حَتَّى إذا كَانَ بسَرْغَ لَقِيَهُ أُمَرَاءُ الأَجْنَادِ - أَبُو عُبَيْدَةَ بنُ الجَرَّاحِ وأصْحَابُهُ - فَأخْبَرُوهُ أنَّ الوَبَاءَ قَدْ وَقَعَ بِالشَّامِ. قَال ابن عباس: فقال لي عمر: ادْعُ لِي المُهَاجِرِينَ الأَوَّلِينَ، فَدَعَوْتُهُمْ فَاسْتَشَارَهُمْ وَأخْبَرَهُمْ أنَّ الوَبَاءَ قَدْ وَقَعَ بالشَّامِ، فَاخْتَلَفُوا، فَقَالَ بَعْضُهُمْ: خَرَجْتَ لأَمْرٍ، وَلاَ نَرَى أَنْ تَرْجِعَ عَنْهُ. وَقَالَ بَعضهم: مَعَكَ بَقِيَّةُ النَّاسِ وأصْحَابُ رسُولِ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - وَلاَ نَرَى أَنْ تُقْدِمَهُمْ عَلَى هَذَا الوَبَاء. فقال: ارْتَفِعُوا عَنِّي. ثُمَّ قَالَ: ادْعُ لِي الأَنْصَارَ، فَدَعَوْتُهُمْ، فَاسْتَشَارَهُمْ، فَسَلَكُوا سَبيلَ المُهَاجِرينَ، وَاخْتَلَفُوا كاخْتِلاَفِهِمْ، فقال: ارْتَفِعُوا عَنِّي. ثُمَّ قَالَ: ادْعُ لِي مَنْ كَانَ هاهُنَا مِنْ مَشْيَخَةِ قُريشٍ مِنْ مُهَاجِرَةِ الفَتْحِ، فَدَعَوْتُهُمْ، فَلَمْ يَخْتَلِفْ عَلَيْهِ مِنْهُمْ رَجُلاَنِ، فَقَالُوا: نَرَى أَنْ تَرْجِعَ بِالنَّاسِ، وَلاَ تُقْدِمَهُمْ عَلَى هَذَا الوَبَاءِ، فَنَادَى عُمَرُ - رضي الله عنه - في النَّاسِ: إنِّي مُصَبحٌ عَلَى ظَهْرٍ، فَأَصْبِحُوا عليْهِ، فقال أبو عبيدة بن الجراح - رضي الله عنه: أفِرارًا مِنْ قَدَرِ الله؟ فقالَ عُمرُ - رضي الله عنه: لو غَيْرُكَ قَالَهَا يا أبا عبيدَةَ! - وَكَانَ عُمَرُ يَكْرَهُ خِلاَفَهُ - نَعَمْ، نَفِرُّ مِنْ قَدَرِ اللهِ إلى قَدَرِ اللهِ، أرَأيْتَ لَو كَانَ لَكَ إبِلٌ، فَهَبَطَتْ وَادِيًا لَهُ عُدْوَتَانِ، إحْدَاهُمَا خَصْبَةٌ، وَالأُخْرَى جَدْبَةٌ، أَلَيسَ إنْ رَعَيْتَ الخصْبَةَ رَعَيْتَهَا بِقَدَرِ اللهِ، وَإنْ رَعَيْتَ الجَدْبَةَ رَعَيْتَهَا بِقَدَرِ اللهِ؟ قَالَ: فَجَاءَ عَبدُ الرَّحمانِ بنُ عَوفٍ - رضي الله عنه - وَكَانَ مُتَغَيِّبًا في بَعْضِ حاجَتِهِ، فقالَ: إنَّ عِنْدِي من هَذَا علمًا، سَمِعْتُ رسولَ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - يقولُ: «إِذَا سَمِعْتُمْ بِهِ بأرْضٍ فَلاَ تَقْدِمُوا عَلَيْهِ، وَإِذَا وَقَعَ بِأرْضٍ وَأنْتُمْ بِهَا فَلاَ تَخْرُجُوا فِرارًا مِنْهُ» فحمِدَ اللهَ تَعَالَى عمرُ - رضي الله عنه - وانصَرَفَ. متفق عَلَيْهِ.
و«العُدْوَة»: جانِب الوادِي.
ترجمہ

سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ شام کی طرف نکلے، یہاں تک کہ جب (مقام) سرغ پر پہنچے تو لشکروں کے امراء — سیدنا ابوعبیدہ بن جراح رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھی — آپ سے ملے اور انہوں نے آپ کو خبر دی کہ شام میں وبا پھوٹ پڑی ہے۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں: تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے مجھ سے فرمایا: میرے پاس اولین مہاجرین کو بلاؤ۔ میں نے انہیں بلایا تو آپ نے ان سے مشورہ کیا اور انہیں بتایا کہ شام میں وبا پھوٹ پڑی ہے، تو ان میں اختلاف ہو گیا۔ بعض نے کہا: آپ ایک کام کے لیے نکلے ہیں، ہم مناسب نہیں سمجھتے کہ آپ اس سے واپس لوٹیں۔ اور بعض نے کہا: آپ کے ساتھ باقی ماندہ لوگ اور رسول اللہ ﷺ کے صحابہ ہیں، ہم مناسب نہیں سمجھتے کہ آپ انہیں اس وبا پر لے جائیں۔ آپ نے فرمایا: میرے پاس سے اٹھ جاؤ۔ پھر فرمایا: میرے پاس انصار کو بلاؤ۔ میں نے انہیں بلایا تو آپ نے ان سے مشورہ کیا، وہ بھی مہاجرین کی راہ چلے اور انہی کی طرح اختلاف کیا۔ آپ نے فرمایا: میرے پاس سے اٹھ جاؤ۔ پھر فرمایا: قریش کے جو بزرگ فتح (مکہ) کے موقع پر ہجرت کرنے والوں میں سے یہاں موجود ہیں انہیں میرے پاس بلاؤ۔ میں نے انہیں بلایا تو ان میں سے دو آدمیوں نے بھی آپ سے اختلاف نہ کیا، انہوں نے کہا: ہماری رائے یہ ہے کہ آپ لوگوں کو لے کر واپس لوٹ جائیں اور انہیں اس وبا پر نہ لے جائیں۔ چنانچہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے لوگوں میں اعلان کیا: میں صبح سواری پر (واپس) روانہ ہونے والا ہوں، تم بھی صبح (روانگی کے لیے) تیار ہو جاؤ۔ تو سیدنا ابوعبیدہ بن جراح رضی اللہ عنہ نے کہا: کیا اللہ کی تقدیر سے بھاگتے ہوئے؟ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: اے ابوعبیدہ! کاش یہ بات تمہارے سوا کسی اور نے کہی ہوتی! — اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہ ان کی مخالفت کو ناپسند کرتے تھے — ہاں، ہم اللہ کی تقدیر سے اللہ کی تقدیر کی طرف بھاگ رہے ہیں۔ بتاؤ اگر تمہارے اونٹ ہوں اور وہ کسی ایسی وادی میں اتریں جس کے دو کنارے ہوں، ان میں سے ایک سرسبز ہو اور دوسرا خشک، تو کیا ایسا نہیں کہ اگر تم سرسبز کنارے میں چراؤ گے تو اللہ کی تقدیر سے چراؤ گے، اور اگر خشک میں چراؤ گے تو (بھی) اللہ کی تقدیر سے چراؤ گے؟ (راوی نے) کہا: پھر سیدنا عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ آئے، جو اپنی کسی ضرورت کی وجہ سے غیر حاضر تھے، تو انہوں نے کہا: میرے پاس اس بارے میں ایک علم ہے، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ”جب تم کسی سرزمین میں اس (وبا) کے بارے میں سنو تو وہاں نہ جاؤ، اور جب وہ کسی سرزمین میں پھیل جائے اور تم وہاں موجود ہو تو اس سے بھاگنے کے لیے وہاں سے نہ نکلو۔“ تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے اللہ تعالیٰ کی حمد کی اور واپس لوٹ گئے۔
(متفق علیہ)
«العُدْوَة»: وادی کا کنارہ۔

وضاحت:
«سَرْغ» : پہلے حرف کے فتحہ اور دوسرے کے سکون کے ساتھ، پھر غین معجمہ (نقطے والی) کے ساتھ، اور ایک روایت میں عین مہملہ (بغیر نقطے والی) کے ساتھ ہے۔ یہ حجاز کی ابتدا اور شام کی انتہا پر، مغیثہ اور تبوک کے درمیان (ایک مقام) ہے۔ (معجم البلدان 5/39)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1791
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 7/ 168 (5729)، ومسلم 7/ 29 (2219) (98).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 5729 | صحيح البخاري: 6973 | صحيح مسلم: 2219 | سنن ابي داود: 3103 | موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 434
بفتح أوله وسكون ثانيه ثم غين معجمة وفي رواية مهملة، وهي أول الحجاز وآخر الشام بين المغيثة وتبوك. انظر: معجم البلدان ٥/ ٣٩.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6973 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
6973. حضرت عبداللہ بن عامر بن ربیعہ سے روایت ہے کہ حضرت عمر ؓ شام (کا علاقہ فتح کرنے کے لیے) روانہ ہوئے۔ جب مقام سرغ پر پہنچے تو انہیں اطلاع ملی شام وبائی بیماری کی لپیٹ میں ہے۔ اس دوران میں حضرت عبدالرحمن بن عوف ؓ نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "جب تمہیں پتہ چلے کہ کسی سرزمین میں وبا پھیلی ہوئی ہے تو وہاں مت جاؤ۔ اور اگر کسی مقام پر وبا پھوٹ پڑے اور تم وہاں موجود ہوتو راہ فرار اختیار کرتے ہوئے وہاں سے نقل مکانی نہ کرو۔" چنانچہ حضرت عمر ؓ مقام سرغ سے واپس آگئے۔ ابن شہاب سالم بن عبداللہ سے بیان کرتے ہیں کہ حضرت عمر ؓ حضرت عبدالرحمن بن عوف ؓ کی حدیث سن کر واپس ہوئے تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6973]
حدیث حاشیہ: یہ طاعون عمواس کا ذکر ہے باب اور حدیث میں مطابقت ظاہر ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6973 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6973 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6973. حضرت عبداللہ بن عامر بن ربیعہ سے روایت ہے کہ حضرت عمر ؓ شام (کا علاقہ فتح کرنے کے لیے) روانہ ہوئے۔ جب مقام سرغ پر پہنچے تو انہیں اطلاع ملی شام وبائی بیماری کی لپیٹ میں ہے۔ اس دوران میں حضرت عبدالرحمن بن عوف ؓ نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "جب تمہیں پتہ چلے کہ کسی سرزمین میں وبا پھیلی ہوئی ہے تو وہاں مت جاؤ۔ اور اگر کسی مقام پر وبا پھوٹ پڑے اور تم وہاں موجود ہوتو راہ فرار اختیار کرتے ہوئے وہاں سے نقل مکانی نہ کرو۔" چنانچہ حضرت عمر ؓ مقام سرغ سے واپس آگئے۔ ابن شہاب سالم بن عبداللہ سے بیان کرتے ہیں کہ حضرت عمر ؓ حضرت عبدالرحمن بن عوف ؓ کی حدیث سن کر واپس ہوئے تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6973]
حدیث حاشیہ:
1۔
حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اٹھارہ ہجری کو ربیع الثانی کے مہینے میں علاقہ شام فتح کرنے کے لیے مدینہ طیبہ نکلے تھے۔
سرغ شام کا ایک علاقہ ہے جو حجاز کی جانب ہے اسے بعد میں حضرت ابو عبیدہ بن جراح رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فتح کیا تھا۔
(عمدة القاري: 253/16)
2۔
اگر کوئی شخص وبائی شہر میں ہو تو وہاں سے تجارت یا عزیز و اقارب کی ملاقات کے بہانے سے نکلنا بھی جائز نہیں کیونکہ اعمال کا دارو مدار نیتوں پر ہےرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وبائی شہر چھوڑنے سے اس لیے منع فرمایا ہے کہ اس میں اللہ تعالیٰ کی تقدیر سے فرار اختیار کرنا ہے حالانکہ یہ کسی کے لیے جائز نہیں کیونکہ انسان جتنی بھی کوشش کرے وہ قضا و قدر پر غالب نہیں آ سکتا۔
(فتح الباري: 431/12)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6973 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2219 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عبداللہ بن عامر ربیعہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ شام کی طرف روانہ ہوئے تو جب سرغ مقام پر پہنچے، انہیں اطلاع ملی کہ شام میں وبا پھیل چکی ہے تو انہیں حضرت عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ تعالی عنہ نے بتایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے ’’جب تم کسی علاقہ میں اس کا ہونا سنو تو وہاں نہ جاؤ اور جب تمہارے علاقہ میں پڑ جائے تو اس سے بھاگتے ہوئے وہاں نہ نکلو۔‘‘ اس وجہ سے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ تعالی... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:5787]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: حضرت سالم رضی اللہ عنہ کے قول سے معلوم ہوتا ہے، حضرت عمر کے عزم میں پختگی حدیث سننے سے ہی پیدا ہوئی، بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے، حضرت عمر نے واپسی پر ندامت کا اظہار کیا تو ممکن ہے جب جلدی وباء ختم ہو گئی تو انہیں خیال پیدا ہوا ہو گا، اگر میں سرغ میں ٹھہرتا اور وباء کے خاتمہ کے بعد شام چلا جاتا تو میں نے جس مقصد کے لیے سفر کیا تھا، وہ بھی پورا ہو جاتا اور حدیث پر بھی عمل ہو جاتا ہے، یہ نہیں ہے کہ ان کی رائے بدل گئی تھی اور وہ وبائی علاقہ میں جانا درست سمجھنے لگے تھے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5787 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2219 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے کہ عمر بن خطاب شام جانے کے لیے نکلے، جب سرغ نامی جگہ پر پہنچے، انہیں لشکروں کے کمانڈر، ابو عبیدہ بن الجراح رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھی ملے اور انہیں بتایا، شام میں وباء پھیل چکی ہے، ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما بیان کرتے ہیں، حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ نے کہا، میرے پاس مہاجرین اولین کو بلا کر لاؤ تو میں نے ان کو بلایا، سو انہوں نے ان سے مشورہ طلب کیا اور انہیں بتایا، شام میں وباء پھیل چکی ہے،... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:5784]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
(1)
وباء: اس سے مراد، طاعون عمواس ہے، جو 17ھ یا18ھ میں شام میں پڑا، صفر کے آخر میں ختم ہوگیا، عمواس پھر پڑ گیا حضرت عمر رضی اللہ عنہ ربیع الاول میں نکلے، جب شام کے قریب حجاز کے آخری علاقہ سرغ میں پہنچے تو حضرت ابو عبیدۃ، خالد بن ولید، یزید بن ابی سفیان، شرحبیل بن حسنہ اور حضرت عمرو بن عاص، جو الگ الگ ایک علاقہ کے لشکر کے کمانڈر تھے اور کمانڈر ان چیف، حضرت ابو عبیدہ تھے، نے بتایا، طاعون تو شدت اختیار کرچکا ہے۔
(2)
مشيخة قريش من مهاجرة الفتح: وہ عمر رسیدہ لوگ جو فتح مکہ کے بعد، مدینہ چلے گئے تھے، اگرچہ شرعی روسے یہ ہجرت نہ تھی، لیکن اپنا علاقہ چھوڑنے کی بنا پر اس کو ہجرت سے تعبیر کیا، مقصد یہ ہے صرف ان قریشی سرداروں کو بلایا، جو فتح مکہ کے بعد مدینہ چلے گئے تھے، جو مکہ میں رہ گئے تھے، ان کو نہیں بلایا۔
(3)
افرارا من قدر الله: کیا اللہ کی تقدیر سے بھاگتے ہیں، اللہ کی مشیت اور اجازت کے بغیر کچھ نہیں ہوسکتا، اس لیے ہمیں وباء میں گرفتارہونے سے نہیں ڈرنا چاہیے۔
(4)
لو غيرك قالها، يا ابا عبيدة: اے ابو عبیدہ! اے کاش، کسی اور نے یہ بات کہی ہوتی، آپ جیسے جلیل القدر صحابی، جو علم وذہانت سے متصف ہے، کا یہ کہنا، انتہائی تعجب انگیز اور باعث حیرت ہے، یا جس مسئلہ میں اہل حل وعقد اور تجربہ کار لوگوں کی اکثریت متفق ہوچکی ہے، کوئی اور اس کی مخالفت کرتا تومیں اس کو سزا دیتا، لیکن آپ جیسے صاحب علم وفضل اور اپنے متعمد کو کیا کہوں؟ (5)
وكان عمر يكسرہ خلافة: حضرت عمر رضی اللہ عنہ ان کی ذہانت وفطانت اور اہلیت کی بنا پر، ان کی رائے کو نظر انداز کرنا پسند نہیں کرتے، یا مشورہ کے بعد ایک رائے قائم ہوجانے کےبعد، ان کی مخالفت ان کو پسند نہ آئی، کیونکہ انہوں نے یہ رائے مشورہ کرنے کے بعد، پوری سوچ وبچار سے قائم کی تھی، ان کی انفرادی رائے نہ تھی۔
(6)
نفر من قدر الله الي قدر الله: حزم واحتیاط یا حفاظتی تدابیراختیار کرنا بھی اللہ کی تقدیر یا حصہ ہے، یہ تقدیر کا توکل کے منافی نہیں ہے، اسباب ووسائل اپنانے کی تلقین شریعت کا حکم ہے۔
(7)
عدوتان: عدوة: وادی کا بلند کنارہ، حصبة: سرسبزوشاداب، جدبة، بنجر، بے آب وگیاہ۔
فوائد ومسائل: اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے، ضرورت کے تحت سربراہ حکومت، اپنے مستقر سے، کسی دوسرے علاقہ کے حالات کا مشاہدہ کرنے، مظلوم کی فریاد رسی، اہل ضرورت کی ضرورت پوری کرنے اور اہل فساد کا استیصال کرنے کے لیے جا سکتا ہے اور اسے پیش آمدہ مسائل میں اہل حل و عقد یا اصحاب رائے سے مشورہ کرنا چاہیے اور اس کی روشنی میں کسی حتمی رائے پر پہنچ کر اس کو عملی جامہ پہنانا چاہیے اور اہل علم و فضل کی قدر کرنی چاہیے اور ان سے ان کے مقام و مرتبہ کے مطابق سلوک کرنا چاہیے اور اپنی رائے کے دفاع میں دلیل و برہان سے کام لینا چاہیے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا توکل یا تقدیر کے منافی نہیں ہے، کیونکہ تدابیر کا اہتمام بھی مشیت الٰہی پر موقوف ہے، اس کے بغیر انسان حزم و احتیاط کا راستہ اختیار نہیں کر سکتا، اگر انسان سرسبز و شاداب علاقہ میں اپنے مویشی چراتا ہے تو یہ بھی اللہ کی مشیت اور اجازت سے ہے اور اگر خشک یا بنجر علاقہ میں چرائے گا تو یہ بھی اللہ کی منشا اور اجازت سے ہو گا، اللہ کی منشا یا اجازت کے بغیر انسان کچھ نہیں کر سکتا، اس لیے تمام امور میں جائز اسباب و وسائل یا ذرائع اختیار کر کے نتائج اللہ کے سپرد کرنا چاہیے، یہ نہیں ہے کہ طاعون زدہ علاقہ میں جانے والا ضرور مر جائے گا اور وہاں سے بھاگنے والا ضرور بچ جائے گا اور بھاگنا ہی اس کی موت کا باعث نہیں بنے گا، انسان کو صحیح رائے قائم کرنے کی توفیق اللہ ہی کی طرف سے ملتی ہے، اس لیے اس کا شکر گزار ہونا چاہیے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5784 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 3103 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´طاعون سے نکل بھاگنا۔`
عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جب تم کسی زمین کے بارے میں سنو کہ وہاں طاعون ۱؎ پھیلا ہوا ہے تو تم وہاں نہ جاؤ ۲؎، اور جس سر زمین میں وہ پھیل جائے اور تم وہاں ہو تو طاعون سے بچنے کے خیال سے وہاں سے بھاگ کر (کہیں اور) نہ جاؤ ۳؎۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الجنائز /حدیث: 3103]
فوائد ومسائل:
کسی کا بیمار ہوجانا پھر علاج معالجہ کرنے کے بعد اس کا شفا یاب ہونا یا نہ ہونا یہ سب اللہ عزوجل کی تقدیر سے ہوتا ہے۔
تو وبا کی پھیلنے کی صورت میں ہمیں یہ ادب سکھایا گیا ہے کہ وبازدہ علاقے میں جایا نہ جائےاور وہاں کے مقیم لوگ وہاں سے (وبا کے ڈر سے) فرار اختیار نہ کریں۔
بلکہ وہیں رہتے ہوئے علاج معالجہ اور حفاظتی تدابیر اخیتار کریں۔
تاہم کسی کو کوئی اہم شرعی ضرورت لاحق ہو تو بات اور ہے۔
اس صورت میں اس کا جانا فرار میں نہیں آئے گا۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3103 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5729 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5729. حضرت عبداللہ بن عباس ؓ سے روایت ہے کہ حضرت عمر بن خطاب ؓ ملک شام تشریف لے جارہے تھے، جب سرغ مقام پر پہنچے تو آپ کی ملاقات امراء افواج حضرت ابو عبیدہ بن جراح اور ان کے ساتھیوں سے ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ شام میں طاعون کی وبا پھوٹ پڑی ہے۔ یہ سن کر حضرت عمر بن خطاب ؓ نے فرمایا: مہاجرین اولین کو میرے پاس بلاؤ۔ ان کو بلایا تو ان سے مشورہ طلب کیا اور ان سے کہا کہ شام مین طاعون کی وباء پھوٹ پڑی ہے مہاجرین اولین نے باہم اختلاف رائے کیا: بعض نے کہا: آپ ایک عظیم مقصد (جہاد) کے لیے نکلے ہیں، لہذا ہم آپ کا واپس چلے جانا مناسب نہیں سمجھتے جبکہ کچھ دوسرے حضرات نے کہا کہ آپ کےساتھ رسول اللہ ﷺ کے باقی ماندہ صحابہ کرام‬ ؓ ہ‬یں ہم یہ مناسب نہیں سمجھتےکہ آپ ان کو لے کروبائی علاقے میں جائیں۔ حضرت عمر بن خطاب ؓ نے فرمایا: آپ حضرات تشریف لے جائیں۔ پھر فرمایا: انصار کو بلاؤ۔ حضرت عباس کہتے ہیں کہ انصا کو بلالایا۔ آپ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:5729]
حدیث حاشیہ: حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے ایسا جواب دیا جو بہت ہی لاجواب تھایعنی بھاگنا بھی بتقدیر الٰہی ہے کیونکہ کوئی کام دنیا میں جب تک تقدیر میں نہ ہو واقع نہیں پڑتا۔
اس حدیث سے یہ نکلا کہ اگر کسی ملک یا قصبہ میں وبا واقع ہو تو وہاں نہ جانا بلکہ وہاں سے لوٹ آنا درست ہے اور یہی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا بھی ارشاد تھا لیکن حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو اس کی خبر نہ تھی ان کی رائے ہمیشہ حکم الٰہی کے موافق ہوا کرتی تھی۔
اس مسئلہ میں بھی موافق ہوئی۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ مع ساتھیوں کے مدینہ کی طرف لوٹ کرچلے۔
حضرت ابو عبیدہ ابن جراح رضی اللہ عنہ کہنے لگے کیا اللہ کی تقدیر سے بھاگتے ہو؟ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہااگر یہ کلمہ کوئی اور کہتا تو اس کو سزا دیتا۔
یہ قصہ طاعون عمواس سے تعلق رکھتا ہے یہ سنہ 18ھ کا واقعہ ہے۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ شام کے ملک کا سرکاری دورہ کرنے نکلے تھے کہ طاعون عمواس کا ذکر آپ کے سامنے کیا گیا اس وقت ملک شام آپنے کئی مواضعات میں تقسیم کر رکھا تھا ہر جگہ فوج کا ایک ایک سردار تھا۔
خالد بن ولید رضی اللہ عنہ اور زید بن ابی سفیان رضی اللہ عنہ اور شرحبیل بن حسنہ رضی اللہ عنہ اور عمر و بن عاص رضی اللہ عنہ یہ سب گورنر تھے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5729 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5729 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5729. حضرت عبداللہ بن عباس ؓ سے روایت ہے کہ حضرت عمر بن خطاب ؓ ملک شام تشریف لے جارہے تھے، جب سرغ مقام پر پہنچے تو آپ کی ملاقات امراء افواج حضرت ابو عبیدہ بن جراح اور ان کے ساتھیوں سے ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ شام میں طاعون کی وبا پھوٹ پڑی ہے۔ یہ سن کر حضرت عمر بن خطاب ؓ نے فرمایا: مہاجرین اولین کو میرے پاس بلاؤ۔ ان کو بلایا تو ان سے مشورہ طلب کیا اور ان سے کہا کہ شام مین طاعون کی وباء پھوٹ پڑی ہے مہاجرین اولین نے باہم اختلاف رائے کیا: بعض نے کہا: آپ ایک عظیم مقصد (جہاد) کے لیے نکلے ہیں، لہذا ہم آپ کا واپس چلے جانا مناسب نہیں سمجھتے جبکہ کچھ دوسرے حضرات نے کہا کہ آپ کےساتھ رسول اللہ ﷺ کے باقی ماندہ صحابہ کرام‬ ؓ ہ‬یں ہم یہ مناسب نہیں سمجھتےکہ آپ ان کو لے کروبائی علاقے میں جائیں۔ حضرت عمر بن خطاب ؓ نے فرمایا: آپ حضرات تشریف لے جائیں۔ پھر فرمایا: انصار کو بلاؤ۔ حضرت عباس کہتے ہیں کہ انصا کو بلالایا۔ آپ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:5729]
حدیث حاشیہ:
(1)
یہ اٹھارہ ہجری کا واقعہ ہے۔
شام کے علاقہ عمواس میں طاعون کی وبا پھیلی۔
عمواس، رملہ اور بیت المقدس کے درمیان ایک قصبے کا نام ہے۔
اس وبا سے تقریباً تیس ہزار افراد لقمۂ اجل بنے۔
یہ وہ طاعون تھا جو اسلام میں سب سے پہلے واقعہ ہوا۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ وہاں کے حالات معلوم کرنے کے لیے شام جانا چاہتے تھے، لیکن راستے میں طاعون کے پھوٹ پڑنے کی اطلاع ملی تو انہوں نے واپسی کا پروگرام بنایا۔
اگرچہ انہیں اس کے متعلق کوئی حدیث معلوم نہ تھی لیکن اکثر ان کی رائے حکم الٰہی کے موافق ہوا کرتی تھی، بعد میں جب پتا چلا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا بھی یہی ارشاد ہے تو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
(2)
بہرحال اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اگر کسی ملک یا قصبے میں طاعون کی وبا پھوٹ پڑے تو وہاں نہیں جانا چاہیے اور وہاں کے لوگوں کو اس مقام سے نہیں نکلنا چاہیے اور ایسا کرنا اللہ تعالیٰ کی تقدیر سے راہ فرار اختیار کرنا نہیں بلکہ تقدیر ہی کا ایک حصہ ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5729 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: موطا امام مالك رواية ابن القاسم / حدیث: 434 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´طاعون والی جگہ جانا اور وہاں سے فرار جائز نہیں`
«. . . سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: "إذا سمعتم به بارض فلا تقدموا عليه وإذا وقع بارض وانتم بها فلا تخرجوا فرارا منه. . .»
". . . میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا کہ جب تم اس وبا کے بارے میں سنو کہ کسی علاقے میں پھیلی ہوئی ہے تو وہاں نہ جاؤ اور اگر کسی ایسے علاقے میں وبا پھیل جائے جہاں تم موجود ہو تو وہاں سے راہ فرار اختیار کرتے ہوئے نہ نکلو . . ." [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 434]
تخریج الحدیث:
[و اخرجه البخاري 5729، ومسلم 2219، من حديث مالك به]
تفقہ:
➊ طاعون اور وبا والے علاقے سے لوگوں کو نہ بھاگنے اور باہر والوں کے وہاں نہ جانے میں کئی حکمتیں ہیں مثلاً: اول: اگر یہ بیماری اس علاقے کے باہر والے کسی شخص کو لگ گئی تو اس کا عقیدہ خراب ہو سکتا ہے کہ اس بیماری میں بذات خود چھوت پن اور متعدی مرض لگنے کی صلاحیت ہے۔ یہی معاملہ باہر سے آنے والے شخص کا ہے جسے یہ بیماری لگ جائے لہٰذا اس غلط عقیدے کا سدباب کیا گیا ہے۔
دوم: افراتفری اور خوف و ہراس نہ پھیلے۔
➋ صحیح حدیث اگرچہ خبر واحد ہو، حجت ہے کیونکہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے ایک صحابی سیدنا عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ کی بیان کردہ حدیث پر عمل کیا تھا۔ دیکھئے: حدیث [موطا امام مالك: 9]
➌ اصحاب اقتدار کو چاہئے کہ وہ اجتہادی امور میں اصحاب حل و عقد کے مشورے سے عمل کریں۔
➍ عام مسلمانوں کو بھی اہم امور میں اپنے قابل اعتماد بھائیوں سے مشورہ کرنا چاہئے۔
➎ جس مسئلے کے بارے میں کتاب و سنت واجماع میں صریح دلیل نہ ہو تو عموم ادلہ (عام دلیل) سے استدلال یا اجتہاد کیا جا سکتا ہے۔
➏ حقیقی علم قرآن و حدیث ہے۔
➐ یہ عین ممکن ہے کہ چھوٹے عالم کو وہ دلیل معلوم ہو جو بڑے عالم کو معلوم نہیں ہے۔
➑ اس صحیح حدیث کے خلاف مرزا غلام احمد قادیانی (متنبی کذاب) لکھتا ہے اور مجھے معلوم ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جب کسی شہر میں وبا نازل ہو تو اس شہر کے لوگوں کو چاہئے کہ بلا توقف اس شہر کو چھوڑ دیں ورنہ وہ خدا تعالیٰ سے لڑائی کرنے والے ٹھہریں گے۔" [مجموعه اشتهارات ج2 ص 713] مرزا کا یہ بیان سراسر جھوٹ ہے۔
➒ حدیث رسول کا علم ہو جانے کے بعد قیل و قال کے بجائے فوراً سر تسلیم خم کرنا چاہئے۔
➓ صحابہ کرام کے مبارک دور میں تقلید نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔
درج بالا اقتباس موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 63 سے ماخوذ ہے۔