ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1764

باب: روزے میں وصال کی حرمت، اور وہ یہ ہے کہ آدمی دو یا زیادہ دن (مسلسل) روزہ رکھے اور ان کے درمیان نہ کچھ کھائے نہ پیے

باب تحريم الوصال في الصوم وَهُوَ أَنْ يصوم يَومَينِ أَوْ أكثر وَلاَ يأكل وَلاَ يشرب بينهما

حدیث نمبر: 1764
عن أَبي هريرة وعائشة رضي الله عنهم: أنَّ النبيَّ - صلى الله عليه وسلم - نهى عن الوِصَالِ. متفق عَلَيْهِ.
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ اور سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے وصال (کے روزے) سے منع فرمایا۔
(متفق علیہ)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1764
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 3/ 48 (1964) و(1685)، ومسلم 3/ 133 (1103) (57) و134 (1105) (61).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 1964 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
1964. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے انھوں نے کہاکہ رسول اللہ ﷺ نے مہربانی کرتے ہوئے متواتر روزے رکھنے سے منع فرمایا۔ لوگوں نے عرض کیا کہ آپ تو پے درپے رکھتے ہیں؟آپ نے فرمایا: ’’میں تمہاری مثل نہیں ہوں؟مجھے میرا رب کھلاتا اور پلاتا ہے۔‘‘ ابو عبداللہ(امام بخاری) کہتے ہیں کہ راوی حدیث عثمان بن ابی شیبہ نے’’مہربانی کرتے ہوئے‘‘کے الفاظ ذکر نہیں کیے ہیں۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:1964]
حدیث حاشیہ: اس سے ان لوگوں نے دلیل لی ہے جو طے کا روزہ رکھنا حرام نہیں کہتے بلکہ کہتے ہیں کہ آنحضرت ﷺ نے اپنی امت پر شفقت کے خیال سے اس سے منع فرمایا جیسے قیام اللیل میں آپ چوتھی رات کو برآمد نہ ہوئے اس ڈر سے کہ کہیں یہ فرض نہ ہو جائے اور ابن ابی شبیہ نے بإسناد صحیح عبداللہ بن زبیر ؓ سے نکالا کہ وہ پندرہ پندرہ دن تک طے کے روزے رکھتے۔
اور خود آنحضرت ﷺ نے اپنے اصحاب کے ساتھ طے کے روزے رکھے۔
اگر حرام ہوتے تو آپ ﷺ اپنے اصحاب ؓ کو کبھی نہ رکھنے دیتے۔
(وحیدی)
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1964 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 1964 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
1964. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے انھوں نے کہاکہ رسول اللہ ﷺ نے مہربانی کرتے ہوئے متواتر روزے رکھنے سے منع فرمایا۔ لوگوں نے عرض کیا کہ آپ تو پے درپے رکھتے ہیں؟آپ نے فرمایا: ’’میں تمہاری مثل نہیں ہوں؟مجھے میرا رب کھلاتا اور پلاتا ہے۔‘‘ ابو عبداللہ(امام بخاری) کہتے ہیں کہ راوی حدیث عثمان بن ابی شیبہ نے’’مہربانی کرتے ہوئے‘‘کے الفاظ ذکر نہیں کیے ہیں۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:1964]
حدیث حاشیہ:
(1)
وصال کے روزے رکھنے کے متعلق جمہور محدثین نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ متواتر روزے رکھنا رسول اللہ ﷺ کی خصوصیت تھی کیونکہ آپ نے فرمایا: ’’میں اس سلسلے میں تمہارے جیسا نہیں ہوں۔
‘‘ (2)
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اعیان امت کے لیے وصال حرام ہے، البتہ صبح تک وصال کی رخصت ہے جیسا کہ حدیث میں اس کی صراحت ہے۔
حضرت عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں: رسول اللہ ﷺ عصر کے بعد نماز پڑھنے سے منع کرتے تھے لیکن خود پڑھا کرتے تھے، اسی طرح آپ متواتر روزے رکھنے سے منع کرتے تھے اور خود رکھا کرتے تھے۔
(سنن أبي داود، الصلاة، حدیث: 1280) (3)
رسول اللہ ﷺ کے صحابۂ کرام ؓ بہت تہذیب یافتہ اور مؤدب تھے۔
ان کا یہ کہنا کہ آپ وصال کا روزہ رکھتے ہیں بطور اعتراض نہیں تھا بلکہ ان کا مقصد اس خصوصیت کا سبب معلوم کرنا تھا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’مجھے اللہ تعالیٰ نے ایسی روحانی طاقت عطا فرمائی ہے کہ مجھے بھوک یا پیاس محسوس نہیں ہوتی۔
‘‘ ابن ابی حاتم نے بشیر بن خصاصیہ کی بیوی سے روایت کیا ہے، انہوں نے کہا: میں نے دو دن اور دو رات کا مسلسل روزہ رکھنے کا ارادہ کیا تو میرے خاوند نے اس سے منع کر دیا اور یہ حدیث بیان کی کہ رسول اللہ ﷺ نے اس سے منع فرمایا ہے اور اسے عیسائیوں کا عمل قرار دیا ہے، آپ ﷺ نے فرمایا: ’’تم اس طرح روزہ رکھو جس طرح تمہیں اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ہے۔
رات آنے تک روزہ رکھو، رات ہونے پر فورا افطار کر لو۔
‘‘ (مسندأحمد، وتفسیرابن أبي حاتم: 347/6) (4)
امام بخاری ؒ نے آخر میں فرمایا: میرے شیخ عثمان بن ابی شیبہ نے یہ الفاظ بیان نہیں کیے کہ رسول اللہ ﷺ نے امت پر شفقت کرتے ہوئے وصال کے روزوں سے منع کیا ہے جبکہ روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے یہ الفاظ بیان کیے ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے مذکورہ الفاظ اپنے شیخ سے سنے تھے لیکن کبھی انہیں بیان کرتے اور کبھی ان کے بغیر ہی حدیث ذکر کر دیتے۔
(فتح الباري: 260/4)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1964 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1105 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے امت کے لوگوں پر رحمت و شفقت کی خاطر انہیں وصال سے روکا تو انھوں نے کہا، آپﷺ بھی تو وصال کرتے ہیں! آپﷺ نے فرمایا: ’’میں تمھاری ہیئت و کیفیت میں نہیں ہوں کیونکہ مجھے تو میرا رب کھلاتا پلاتا ہے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:2572]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: 1۔
آپﷺ چونکہ امت کے لیے اسوہ حسنہ ہیں اس لیے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین مشقت و کلفت برداشت کر کے بھی آپﷺ کا رویہ اور طرز عمل جہاں تک ممکن ہوتا تھا اختیار کرنے کی کوشش فرماتے۔
اسی کے مطابق آپﷺ کے وصال کرنے کو معلوم کر کے وصال کرنے لگے لیکن چونکہ وصال میں بغیر افطار اور سحری کے مسلسل روزے رکھے جاتے ہیں دنوں کی طرح راتیں بھی بلا کھائے پئے گزرتی ہیں اس لیے ایسے روزے تکلیف اور مشقت کا باعث ہونے کی بنا پر ضعف اور کمزوری بھی پیدا کرتے ہیں اس لیے یہ خطرہ ہی نہیں عام لوگوں کے اعتبار سے واقعہ ہے کہ انسان اتنا کمزور ہو جاتا ہے کہ دوسرے فرائض اور ذمہ داریوں کو ادا کرنا مشکل ہو جاتا ہے اس لیے آپﷺ نے امت کو اس طرح روزے رکھنے سے منع فرما دیا اور آپﷺ کا معاملہ اس کے برعکس ہے جیسا کہ آگے وضاحت آ رہی ہے۔
2۔
(أيُّكُمْ مِثْلِي)
تم میں سے کون میری مثل ہے: بعض حضرات نے اس حدیث سے کشید کیا ہے کہ کسی وجودی معنی میں کائنات کا کوئی شخص آپﷺ کی مثل نہیں ہےاس لیے: (إِنَّمَآ أَنَاْ بَشَرٌ مِّثْلُكُمْ)
جو وجودی معنی ہے کہ میں بھی تمھاری طرح انسان ہوں کا معنی کیا ہے کہ میں بھی تمھاری طرح معبود نہیں ہوں حالانکہ اس حدیث کا معنی بالکل واضح ہے کہ: (إنَّكم لستُمْ في ذلك مثلي)
کہ تم اس وصال کے معاملہ میں میری مثل نہیں۔
کیونکہ میرا رب مجھے کھلاتا پلاتا ہے اور تمھارے ساتھ اس کا یہ معاملہ نہیں ہے وگرنہ آپﷺ بھی عام انسانوں کی طرح کھاتے پیتے تھے۔
سوتے جاگتے تھے۔
بیوی بچوں والے تھے۔
بول کا شکار ہو جاتے تھے پھر اس سے امتناع نظیر کا مسئلہ نکالا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے لیے آپﷺ کی نظیر پیدا کرنا محال بالذات ہے حالانکہ جو حضرات یہ کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپﷺ جیسے اشخاص پیدا کر سکتا ہے ان کا مقصد صرف اللہ تعالیٰ کی قدرت کی وسعت و کمال کو ثابت کرنا ہے کہ آپﷺ جیسا صاحب کمال و جمال پیدا کرنا اللہ تعالیٰ کے لیے ممکن نہیں ہے۔
اس کا یہ مقصد نہیں ہے کہ اگر وہ پیدا کر سکتا ہے تو وہ اس کو آپﷺ کی طرح خاتم الانبیاء بھی بناتا تو اس طرح خاتم الانبیاء ایک ہوتا، دوسرا خاتم الانبیاء نہ ہوتا، لہٰذا دونوں کا برابر ہونا ممتنع اور محال بالذات ہے لہٰذا آپﷺ کی نظیر ممتنع بالذات ہے آپﷺ جیسا پیدا کرنے کا لازمی نتیجہ خاتم الانبیاء بنانا نہیں ہے مقصد صرف انسانی کمالات و خوبیاں پیدا کرنا ہے وگرنہ تو کوئی ایک انسان دوسرے کی نظیر و مثیل نہیں بن سکتا ہر ایک میں کوئی نہ کوئی وجہ امتیاز موجود ہے تو پھر آپﷺ کی نظیر کے امتناع کی بحث کی کیا ضرورت رہی۔
3۔
(إِنِّي أَبِيتُ يُطْعِمُني رَبِّي ويَسْقِيني)
میں رات اس طرح گزارتا ہوں کہ میرا رب مجھے کھلاتا ہے: (إنّي أَظَلّ- عِنْدَ رَبّي يُطْعِمُنِي وَيَسْقِينِي)
میرا دن اس طرح گزرتا ہے کہ میرا رب مجھے کھلاتا پلاتا ہے اب پہلے فرمان کی روسے یہ اشکال پیدا ہوتا ہے اگر آپﷺ کھاتے پیتے تھے تو پھر آپﷺ کا وصال کیسا ہوا، دوسرے فرمان پر یہ اشکال ہے کہ دن کو تو کھانا پینا جائز نہیں ہے نیز دن کو کھانے پینے والا تو روزہ دار ہی نہیں ہو سکتا۔
تو آپﷺ روزے دار اور وصال کرنے والے کیسے بن گئے اس کا جواب دو طرح دیا جا سکتا ہے۔
آپﷺ کا کھانا پینا وصال یا روزے کے منافی تب ہوتا اگر آپﷺ کا طعام معتاد یعنی دنیوی ہوتا آپﷺ معتاد طریقہ کے مطابق ظاہری طور پر منہ سے کھاتے یا خود کھاتے نہ یہ کھانا معتاد تھا اور نہ طریق اکل معتاد تھا اور نہ آپﷺ نے خود کھایا۔
(ب)
جمہور کے نزدیک کھانا پینا مجازی معنی میں ہے کہ کھائے پیے بغیر بھوک و پپاس کے باوجود آپﷺ کے قلب و جگر اور روح کو وہ طاقت اور توانائی میسر رہتی تھی جس سے آپﷺ کی قوت کار اور صحت متاثر نہیں ہوتی تھی یا بقول بعض صوم وصال کی صورت میں آپﷺ کو کھائے پیے بغیر سیری اور سیرابی حاصل ہو جاتی تھی اور آپﷺ کی بھوک پیاس مٹ جاتی تھی اس طرح جمہورکے نزدیک قوت و توانی بھوک پیاس کی موجودگی میں حاصل ہوتی تھی اور دوسرے قول کے مطابق قوت و توانائی بھوک و پیاس ختم کر کے سیری سیرابی سے حاصل ہوتی تھی لیکن یہ وصال کے ساتھ خاص ہے۔
عام حالات میں آپﷺ کو بھوک و پیاس محسوس ہوتی تھی اور آپﷺ پیٹ پر بھوک کی بنا پر پتھر بھی باندھتے تھے۔
اور بقول امام نووی رحمۃ اللہ علیہ یہ غیر مادی اور روحانی غذا تھی کہ اللہ تعالیٰ کی محبت اور اس کی طرف دھیان و توجہ کی بنا پر کھانے پینے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوتی تھی۔
گویا روزے کی حالت میں آپﷺ پر اس قدر انواروتجلیات الٰہیہ کا فیضان ہوتا جس سے لذت مناجات اور آنکھوں کی ٹھنڈک حاصل ہوتی جوغذائے قلبی بنتی جس کی بنا پر مادی غذا کی ضرورت نہ رہتی ایک شاعرکہتا ہے۔
لها أحاديث من ذكــــراك تشغلهاعن الشــراب وتلهيها عن الزاد ’’اسے تیرے ذکر و یاد کی باتیں مشروب اور زاد سے مشغول اور غافل کر دیتی ہیں۔
‘‘ دوسرا کہتا ہے۔
’’وذكرك للمشتاق خير شراب وكل شراب دونه سراب‘‘ ’’اس کے لیے تیری یاد ہی بہترین مشروب ہے جس کے مقابلہ ہر قسم کا مشروب محض سراب اور بے حقیقت ہے۔
‘‘ 4۔
ممانعت وصال کی روایات کا اصل مقصد اور منشاء یہ ہے کہ بندے مشقت اور تکلیف میں مبتلا نہ ہوں اس لیے آپﷺ نے سحر تک وصال کی اجازت دی اور صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کو دو دن وصال بھی کرایا دو ٹوک انداز میں منع نہیں فرمایا بلکہ اپنے وصال کی علت وسبب کا اظہار فرمایا: اس لیے اگر کوئی عبداللہ بن زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ جیسا باہمت اور حوصلہ مند انسان انفرادی اور شخصی طور پر ایسا موجود ہو جو اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ وصال بھی کر سکتا ہو تو وہ اپنا شوق پورا کر کے دیکھ لے۔
اس لیے امام احمد رحمۃ اللہ علیہ، امام اسحاق رحمۃ اللہ علیہ، بعض شوافع اور موالک اور احناف کے نزدیک وصال حرام نہیں ہے مکروہ تنزیہی ہے اگرچہ اکثر آئمہ امام مالک رحمۃ اللہ علیہ، امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ، امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ، کے نزدیک حرام ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2572 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7242 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
7242. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے وصال کے روزے رکھنے سے منع فرمایا تو کچھ صحابہ کرام‬ ؓ ن‬ے کہا: آپ تو خود وصال کے روزے رکھتے ہیں۔ آپ نے فرمایا: "تم میں سے مجھ جیسا کون ہے؟ میں تو اس حالت میں رات گزارتا ہوں کہ میرا رب مجھے کھلاتا پلاتا ہے۔" لیکن جب لوگ نہ مانے تو آپ نے ایک دن کے ساتھ دوسرا روزہ ملا رکھا، پھر انہوں نے چاند دیکھ لیا تو آپ نے فرمایا: "اگر (چاند) مؤخر ہوتا تو میں مزید وصال کے روزے رکھتا۔" گویا آپ نے انہیں تنبیہ کرنے کے ایسا فرمایا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:7242]
حدیث حاشیہ:
1۔
صوم وِصَال یہ ہے کہ سحری کھائے پئے بغیر روزہ رکھنا اور انھیں مسلسل جاری رکھنا۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصیت تھی کہ اللہ تعالیٰ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو وہ قوت میسر فرماتا تھا جو عام لوگوں کو کھانے پینے سے ہوتی ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عام لوگوں کو وصال کے روزے رکھنے سے منع فرمایا ہے جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نےخود رکھے ہیں۔
2۔
ان احادیث میں لفظ لواستعمال ہوا ہے، اس سے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس کے جواز پر استدلال کیا ہے کیونکہ اس کا استعمال کسی فائدے کے لیے ہے۔
اللہ تعالیٰ کی تقدیر پر اعتراض یا اس سے راہ فرار اختیار کرنے کے لیے نہیں ہے۔
واللہ أعلم۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7242 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7299 کی شرح از محمد حسین میمن ✍️
´ کسی امر میں تشدد اور سختی کرنا`

«. . . عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ: قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: لَا تُوَاصِلُوا، قَالُوا: إِنَّكَ تُوَاصِلُ، قَالَ:" إِنِّي لَسْتُ مِثْلَكُمْ إِنِّي أَبِيتُ يُطْعِمُنِي رَبِّي وَيَسْقِينِي، فَلَمْ يَنْتَهُوا عَنِ الْوِصَالِ، قَالَ: فَوَاصَلَ بِهِمُ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَوْمَيْنِ أَوْ لَيْلَتَيْنِ، ثُمَّ رَأَوْا الْهِلَالَ، فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: لَوْ تَأَخَّرَ الْهِلَالُ لَزِدْتُكُمْ كَالْمُنَكِّلِ لَهُمْ . . .»
". . . ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا "تم صوم وصال (افطار و سحر کے بغیر کئی دن کے روزے) نہ رکھا کرو۔ صحابہ نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تو صوم وصال رکھتے ہیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں تم جیسا نہیں ہوں۔ میں رات گزارتا ہوں اور میرا رب مجھے کھلاتا پلاتا ہے لیکن لوگ صوم وصال سے نہیں رکے۔ بیان کیا کہ پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے ساتھ دو دن یا دو راتوں میں صوم وصال کیا، پھر لوگوں نے چاند دیکھ لیا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اگر چاند نہ نظر آتا تو میں اور وصال کرتا، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا مقصد انہیں سرزنش کرنا تھا" [صحيح البخاري/كِتَاب الِاعْتِصَامِ بِالْكِتَابِ وَالسُّنَّةِ: 7299]

صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 7299 کا باب: «بَابُ مَا يُكْرَهُ مِنَ التَّعَمُّقِ وَالتَّنَازُعِ فِي الْعِلْمِ وَالْغُلُوِّ فِي الدِّينِ وَالْبِدَعِ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے باب قائم فرمایا ہے اس کا حدیث سے مطابقت ہونا مشکل ہے کیونکہ ترجمۃ الباب کسی امر پر سختی اور تشدد کے بیان کو واضح کرتا ہے جبکہ تحت الباب جو حدیث سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے اس میں ایسے کوئی الفاظ نہیں ہیں جس سے باب سے مناسبت ظاہر ہو سکے۔

چنانچہ علامہ عبدالحق الہاشمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «حديث أبى هريرة و ليس الحديث مطابقاً للترجمة فى الظاهر لكن البخاري جرى على عادته فى إيراد ما لا يناسب الترجمة فى الظاهر، تشحيذ الأذهان، فأشار إلى الرواية الأخرى التى أوردها فى التمني و فيها قوله: لو مد بي الشهر، لو اصلت وصالاً يدع المعمقون تعمقهم فحصلت المطابقة.» [لب اللباب فی تراجم والابواب: 231/5]
"سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ والی حدیث کا باب سے مطابقت نہیں ہے ظاہراً لیکن امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنی عادت کے مطابق اس روایت کی طرف اشارہ فرمایا ہے جسے کتاب التمنی میں ذکر فرمایا ہے کہ "اگر اس مہینے کے دن اور بڑھ جاتے تو میں اتنے دن متواتر وصال کرتا کہ ہوس کرنے والے اپنی ہوس بھول جاتے۔" [كتاب التمنيٰ: رقم الحديث 7241] تاکہ اس اشارے کے ذریعے تشحیذ الاذہان پیدا ہو جائے، پس یہیں سے مطابقت حاصل ہوتی ہے (ترجمۃ الباب اور حدیث کی)۔"
علامہ عینی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «قيل لا مطابقة بين الحديث والترجمة هنا أصلاً، ورد بأن عادته جرت بإيراد ما لا يطابق الترجمة ظاهرًا لكن يناسبها طريق من طريق الحديث الذى يورده، و هنا كذالك.» [عمدة القاري للعيني: 59/25]
"کہا گیا ہے کہ ترجمۃ الباب اور حدیث میں یہاں اصلاً مناسبت موجود نہیں ہے، امام بخاری رحمہ اللہ نے دوسری طرق میں ان الفاظ کو وارد کیا ہے جہاں سے بات کی مناسبت قائم ہوتی ہے۔"
علام قسطلانی رحمہ اللہ ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت دیتے ہوئے فرماتے ہیں: "ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت مشکل ہے، دراصل امام بخاری رحمہ اللہ کی عادت یہ ہے کہ مطابقت ظاہراً نہ ہو بلکہ تشحیذ للاذھان کے لیے دوسرے طرق میں مناسبت ہوتی ہے (جس کی طرف آپ اشارہ کر دیتے ہیں) یہ دوسرا طرق کتاب التمنی میں گزر چکا ہے۔" [ارشاد الساري: 59/12]

ان تفصیلات کا حاصل یہ ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنی عادت کے مطابق دوسرے طرق کی طرف اشارہ فرمایا ہے جہاں سے باب اور حدیث میں مناسبت ظاہر ہے۔
درج بالا اقتباس عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم، حدیث/صفحہ نمبر: 298 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7299 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
7299. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: نبی ﷺ نےفرمایا: "تم پے در پے روزے نہ رکھا کرو۔" صحابہ کرام نے کہا: آپ بھی تو پے در پے روزے رکھتے ہیں آپ نےفرمایا: "میں تمہارے جیسا نہیں ہوں۔ میں رات بسر کرتا ہوں میرا رب مجھے کھلا پلا دیتا ہے" لیکن لوگ پے در پے روزے رکھنے سے باز نہ آئے۔ سیدنا ابو ہریرہ ؓ کہتے ہیں کہ نبی ﷺ نے ان کےساتھ پے در پے دو دن روزہ رکھا۔ پھر لوگوں نے چاند دیکھ لیا تو آپ نے فرمایا: "اگر چاند نظر نہ آتا تو میں تمہیں مزید دو روزے رکھاتا۔" آپ ﷺ کا مقصد انہیں سزا دینا تھا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:7299]
حدیث حاشیہ: گو یہ روایت باب کے مطابق نہیں ہے‘ مگر امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنی عادت کے موافق اس کے دوسرے طریق کی طرف اشارہ کیا۔
اس میں صاف یوں مذکور ہے کہ میں اتنے طے کرتا کہ یہ سختی کرنے والے اپنی سختی چھوڑ دیتے۔
اس حدیث سے یہ نکلتا ہے کہ ہر عبادت اور ریاضت اسی طرح دین کے سب کاموں میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد اور آپ کی پیروی کرنا ضروری ہے۔
اس میں زیادہ ثواب ہے باقی کسی بات میں غلو کرنا یا حد سے بڑھ جانا مثلاً ساری رات جاگتے رہنا یا ہمیشہ روزہ رکھنا یہ کچھ افضل نہیں ہے۔
کیا تم نے وہ شعر نہیں سنا بہ زہد وورع کوش وصدق وصفا ولیکن بیفزائے برمصطفی اسی طرح یہ جو بعضے مسلمانوں نے عادت کر لی ہے کہ ذرا سے مکروہ کام کو دیکھا تو اس کو حرام کہہ دیا یا سنت یا مستحب پر فرض واجب کی طرح سختی کی یا حرام یا مکروہ کام کو شرک قرار دے دیا اور مسلمانوں کو مشرک بنا دیا‘ یہ طریقہ اچھا نہیں ہے اور غلو میں داخل ہے۔
ولا تقولو اھذا حلال وھذا حرام لتفترواعلی اللہ الکذب۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7299 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7299 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
7299. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: نبی ﷺ نےفرمایا: "تم پے در پے روزے نہ رکھا کرو۔" صحابہ کرام نے کہا: آپ بھی تو پے در پے روزے رکھتے ہیں آپ نےفرمایا: "میں تمہارے جیسا نہیں ہوں۔ میں رات بسر کرتا ہوں میرا رب مجھے کھلا پلا دیتا ہے" لیکن لوگ پے در پے روزے رکھنے سے باز نہ آئے۔ سیدنا ابو ہریرہ ؓ کہتے ہیں کہ نبی ﷺ نے ان کےساتھ پے در پے دو دن روزہ رکھا۔ پھر لوگوں نے چاند دیکھ لیا تو آپ نے فرمایا: "اگر چاند نظر نہ آتا تو میں تمہیں مزید دو روزے رکھاتا۔" آپ ﷺ کا مقصد انہیں سزا دینا تھا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:7299]
حدیث حاشیہ:
1۔
اللہ تعالیٰ کے کھلانے پلانے کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ صلی اللہ علیہ وسلم میں طاقت پیدا کرتا ہے یا جنت کا کھانا کھلانا اور اس کا مشروب پلاتا ہے۔
جنت کے کھانے اور مشروب سے روزہ افطار نہیں ہوتا اور نہ وصال ہی کے منافی ہے۔
اگرچہ یہ روایت عنوان کے مطابق نہیں لیکن امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے حسب عادت عنوان میں ایسے الفاظ استعمال کیے ہیں جن سے اس روایت کی طرف اشارہ ہوتا ہے جو عنوان کے عین مطابق ہے چنانچہ ایک روایت میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اگر اس مہینے کے دن مزید بڑھ جاتے تو میں اتنے دنوں تک پے درپے روزے رکھتا کہ اپنے آپ پر خود ساختہ سختی کرنے والے اس سختی سے باز آجاتے۔
‘‘ (صحیح البخاري، التیمني، حدیث: 7241)
2۔
معلوم ہوا کہ ہر ریاضت و عبادت اور دین کے سب کاموں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کےارشادات اور معمولات کی پیروی کرنا ضروری ہے۔
ایسا کرنے میں زیادہ ثواب ہے اس کے برعکس کسی بات میں غلو کرنا یا حد سے گزر جانا اور بےجا سختی سے کام لینا۔
مثلاً ساری رات بیدار رہنا یا ہمیشہ روزے رکھنا شریعت میں پسندیدہ عمل نہیں ہے۔
واللہ أعلم۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7299 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 1965 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
1965. حضرت ابوہریرۃ ؓ سے روایت ہے انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے روزوں میں وصال کرنے سے منع فرمایا تو مسلمانوں میں سے کسی شخص نے عرض کیا: اللہ کے رسول ﷺ! آپ تو وصال کرتے ہیں؟آپ نے فرمایا: ’’تم میں سے کون شخص میری طرح ہے! میں رات کو سوتا ہوں تو میرا اللہ مجھے کھلاپلادیتا ہے۔‘‘ لیکن جب وہ لوگ وصال سے باز نہ آئے تو آپ نے ان کے ہمراہ ایک دن کچھ نہ کھایا، دوسرے دن بھی کچھ نہ کھایا، پھر عید کاچاند طلوع ہوگیا۔ آپ نے فرمایا: ’’اگر چاند ظاہر نہ ہوتا تو میں تم سے اور زیادہ وصال کے روزے رکھواتا۔‘‘ گویا آپ نے انھیں سزادینے کے لیے فرمایا جب وہ وصال کے روزوں سے باز نہ آئے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:1965]
حدیث حاشیہ: بعض روایتوں میں یوں ہے میں تو برابر اپنے مالک کے پاس رہتا ہوں وہ مجھ کو کھلاتا اور پلاتا ہے۔
یہ کھلا پلا دینا روزہ نہیں توڑتا کیوں کہ یہ بہشت کا طعام و شراب ہے، اس کا حکم دینا کے طعام اور شراب کا نہیں جیسے ایک حدیث میں ہے سونے کا طشت لایا گیا اور میرا سینہ دھویا گیا۔
حالانکہ دنیا میں سونا چاندی کے برتنوں کا استعمال منع ہے قطع نظر اس کے صحیح روایت یہی ہے کہ میں رات کو اپنے مالک کے پاس رہتا ہوں وہ مجھ کو کھلا پلا دیتا ہے۔
(وحیدی)
حافظ فرماتے ہیں أي علی صفتکم في أن من أکل منکم أو شرب انقطع وصاله بل إنما یطعمني ربي و یسقیني و لا تنقطع بذلك مواصلتي فطعامي و شرابي علی غیر طعامکم و شرابکم صورة و معنی۔
یعنی تم میں سے کوئی روزے میں کھاپی لے تو اس کا وصال روزہ ٹوٹ گیا اور میرا حال یہ ہے کہ میرا رب مجھے کھلاتا اور پلاتا ہے اور اس سے میرا وصال نہیں ٹوٹتا۔
میرا طعام و شراب ظاہر و باطن کے لحاظ سے تمہارے طعام وشراب سے بالکل مختلف ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1965 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 1966 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
1966. حضرت ابو ہریرۃ ؓ سے روایت ہے۔ وہ نبی کریم ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ’’وصال کا روزہ رکھنے سے اجتناب کرو۔‘‘ آپ نے دو مرتبہ ایسا فرمایا۔ آپ سے عرض کیا گیا: آپ تو وصال کے روزے رکھتے ہیں؟ آپ نے فرمایا: ’’جب میں رات گزارتا ہوں تو میرا رب مجھے کھلاتا اور پلاتا ہے لیکن تم اتنا ہی کام اپنے ذمے لو جتنی تم میں طاقت ہے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:1966]
حدیث حاشیہ:
(1)
اللہ تعالیٰ کے کھلانے اور پلانے سے مراد یہ ہے کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے اندر اس قدر قوت پیدا کر دیتا ہے کہ کھانے پینے کی ضرورت ہی نہیں رہتی۔
(2)
رسول اللہ ﷺ نے جب اپنے صحابۂ ؓ کو وصال کے روزے سے منع فرمایا تو انہوں نے اسے ممانعت تنزیہی پر محمول کیا، ان کا مقصد آپ کی مخالفت نہیں تھا، اس پر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں وصال کے روزے رکھتا جاتا ہوں حتی کہ تم اس سے عاجز آ جاؤ گے اور مجبور ہو کر تم تخفیف کا مطالبہ کرو گے جیسا کہ آپ نے طائف کے قلعے کا محاصرہ ختم کر دینے کا حکم دیا لیکن صحابۂ کرام ؓ نے اسے اپنی بزدلی پر محمول کیا، بالآخر انہیں سخت زخم آئے تو مجبور ہو کر انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے محاصرہ ختم کرنے کی درخواست کی۔
(فتح الباري: 263/4)
مسند احمد میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’وصال کے روزے سے اجتناب کرو، وصال کے روزے سے احتراز کرو۔
‘‘ (مسندأحمد: 315/2)
بلکہ ایک روایت کے مطابق آپ نے تین مرتبہ اس بات کو دہرایا۔
(المصنف لابن أبي شیبة: 82/3)
ان روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ امام بخاری ؒ کی روایت میں اختصار ہے۔
(فتح الباري: 263/4)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1966 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: موطا امام مالك رواية ابن القاسم / حدیث: 260 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´وصال کے روزے کی ممانعت ہے`
«. . . 344- وبه: أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: "إياكم والوصال"، قالوا: فإنك تواصل يا رسول الله، قال: "إني لست كهيئتكم، إني أبيت يطعمني ربي ويسقيني." . . .»
". . . اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "وصال کے روزے نہ رکھو۔" لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! آپ تو خود وصال کے روزے رکھتے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "میں تم جیسا نہیں ہوں، مجھے رات کو میرا رب کھلاتا ہے اور پلاتا ہے۔" . . ." [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 260]
تخریج الحدیث:
[وأخرجه أحمد 237/2، والدارمي 1710، من حديث مالك به ورواه مسلم فواد 1103/58، من حديث مالك به]
تفقه:
➊ امتیوں پر شفقت کرتے ہوئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں وصال کے روزے رکھنے سے منع کر دیا ہے۔
➋ وصال کے روزوں کا کیا مطلب ہے؟ اس کے لئے اور مزید فقہی فوائد کے لئے دیکھئے: [الموطأ حديث: 209، البخاري 1962، ومسلم 1102]
درج بالا اقتباس موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 344 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 537 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´(روزے کے متعلق احادیث)`
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وصال سے منع فرمایا مسلمانوں میں سے ایک صاحب نے سوال کیا کہ اللہ کے رسول! آپ خود تو وصال فرماتے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " تم میں سے میرے جیسا کون ہے؟ میں تو اس حال میں رات گزارتا ہوں کہ میرا پروردگار مجھے کھلاتا اور پلاتا ہے۔ " جب لوگوں نے وصال سے باز آنے سے انکار کر دیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے ساتھ ایک دن پھر دوسرے دن کا وصال کیا۔ پھر انہوں نے چاند کو دیکھ لیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ " اگر چاند آج نظر نہ آتا تو میں تمہارے لئے زیادہ دن وصال کرتا۔ " گویا آپ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کو اس سے باز نہ رہنے کی وجہ سے سزا دے رہے تھے۔ (بخاری و مسلم) [بلوغ المرام/حدیث: 537]
لغوی تشریح 537:
أَلوِصَال اس کا مطلب ہے کہ آدمی قصدًا دو دن یا زیادہ دن تک افطار نہ کرے اور مسلسل روزہ رکھے۔ رات کو بھی کچھ نہ کھاے پئیے۔ سحری کے وقت اگر اتفاقًا ایسے ہو جائے، یعنی کسی عذر کی بنا پر آدمی کچھ کھاپی نہ سکے تو وہ وصال شمار نہیں ہو گا۔
وَأَیُّکُم مِثلِی یہ استفہام انکاری ہے، یعنی تم میں سے کوئی میری طرح کا نہیں ہے۔ آپ کا یہ قول اس کا متقاضی ہے کہ وصال آپ کی خصوصیت تھی اور آپ کی علاوہ کسی کے لیے جائز نہیں ہے۔
یُطعِمُنِی رَبِّی وَ یَسقِینِی میرا رب مجھے کھلاتا اور پلاتا ہے۔ پچھلے کلام میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس بات کی نفی کی تھی کہ کوئی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرح کا ہو۔ اس کی وضاحت کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ فرمایا: "مجھے میرا رب کھلاتا ہے اور پلاتا ہے۔ "گویا یہ پچھلے کلام کا بیان ہے۔
حافظ ابنِ قیّم رحمہ اللہ فرماتے ہیں: اس سے مراد یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے معارف کی غذا کھلاتا ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دل پر لذت سرگوشی و مناجات کا فیضان ہوتا ہے۔ اللہ رب العزّت کے قرب سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو آنکھوں کی ٹھندک ملتی ہے۔ محبتِ الٰہی کی نعمت سے آپ کو سرشاری نصیب ہوتی ہے اور اس کی جناب کی طرف شوق میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ ہے وہ غذا جو آپ کواللہ کی جانب سے عطا ہوتی ہے۔ یہ روحانی غذا ایسی ہے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دنیوی غذا سے ایک لمبی مدت تک بے نیاز کر دیتی ہے۔ [تلخيص از زادالمعاد: 155، 154]
کَالمُنَکَّلِ لَھُم أَلمُنَکَّل تَنکِیل سے ماخوذ اسمِ فاعل ہے، یعنی زجر و توبیخ، ڈانٹ ڈپٹ۔ مطلب یہ ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں وصال کرایا اور ان کے ساتھ مل کر خود بھی مسلسل روزے رکھنے لگے۔ یہ جواز کے لیے نہیں تھا بلکہ زجر و توبیخ اور ڈانٹ ڈپٹ کے لیے تھا اور اس سے ممانعت کے عمل کو تاکید کے ساتھ بیان کرنا مقصود تھا، چنانچہ جب انہوں نے براہ راست صومِ وصال رکھا تو ان کے سامنے اس کی ممانعت کی حکمت ظاہر ہوئی۔ یہ چیز اسے (ممانعت وصال کو) قبول کرنے کی زیادہ داعی تھی۔

فوائد و مسائل 537:
➊ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ روزے میں وصال مکروہ ہے۔
➋ اللہ تعالیٰ انسان کو مشقت میں مبتلا نہیں کرتا۔ مسلسل کچھ کھائے پیے بغیر روزہ رکھنا انسانی اعضاء و قوتوں کو کمزور کر دینے کا بھی موجب ہے۔
➌ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کواللہ تعالیٰ کی طرف سے روحانی غذا کی قوت مل جاتی تھی اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم وصال فرمالیتے۔ بعض صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین نے نیکی کے جذبے سے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل کو دیکھ کر وصال کرنا شروع کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں اس سے منع فرمایا مگر جب وہ باز نہ آئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سبق سکھانے کے لیے مسلسل روزے رکھنا شروع کیے تو اتنے میں چاند نظر آگیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں زجروتوبیخ کے طور پر فرمایا: کرو وصال۔ کہاں تک کرو گے۔ اگر چاند نظر نہ آتا تو میں صومِ وصال کو مزید طول دے دیتا تاکہ تمہیں سبق ملتا۔
➍ بخاری میں حضرت ابوسعید رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "وصال نہ کرو۔ ہاں اگر تم میں سے کوئی وصال کرنا ہی چاہے تو سحر تک وصال کرے۔" [صحيح البخاري، الصوم، باب الوصال ألي السحر، حديث: 1967]
جس سے امام احمد رحمہ اللہ وغیرہ کے مؤقف کی تائید ہوتی ہے کہ صبح تک وصال جائز ہے۔
➎ سحری کا کھانا شعائرِ اسلام میں سے ہے، اس لیے سحری کو کھانا چاہیے اور رات دن کا وصال نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصیت ہے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 537 سے ماخوذ ہے۔