ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1737

باب: گفتگو میں حلق سے بناوٹی آواز نکالنے، باچھیں کھول کر بولنے، تکلف سے فصاحت بگھارنے اور نامانوس (غریب) الفاظ استعمال کرنے کی کراہت اور عام لوگوں وغیرہ سے بات کرتے وقت اعراب کی باریکیاں (استعمال کرنے کی کراہت)۔

باب كراهة التقعير في الكلام والتشدُّق فيه وتكلف الفصاحة واستعمال وحشي اللُّغة ودقائق الإعراب في مخاطبة العوام ونحوهم

حدیث نمبر: 1737
وعن عبد الله بن عمرو بن العاص رضي الله عنهم: أنَّ رسُولَ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - قال: «إنَّ اللهَ يُبْغِضُ البَلِيغَ مِنَ الرِّجَالِ الَّذي يَتَخَلَّلُ بِلِسَانِهِ كَمَا تَتَخَلَّلُ البَقَرَةُ». رواه أبو داود والترمذي، وقال: «حديث حسن».
ترجمہ

سیدنا عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بے شک اللہ تعالیٰ مردوں میں سے اس (بناوٹی) فصیح شخص سے بغض رکھتا ہے جو اپنی زبان کو اس طرح پھیرتا ہے جیسے گائے (گھاس کھاتے ہوئے) اپنی زبان پھیرتی ہے۔“
(اسے ابوداود اور ترمذی نے روایت کیا ہے اور (ترمذی نے) کہا ہے: یہ حدیث حسن ہے)

وضاحت:
«تَتَخَلَّلُ البَقَرَةُ» : یعنی وہ گفتگو میں باچھیں کھول کر بولتا ہے اور اپنی زبان سے (الفاظ کو) بھاری بنا کر ادا کرتا ہے، اور اسے اس طرح لپیٹتا ہے جیسے گائے گھاس کو اپنی زبان سے لپیٹتی ہے۔ (النہایہ 2/73)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1737
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (أبو داود 5005) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن, مشكوة المصابيح (4800), أخرجه الترمذي (2853 وسنده حسن)
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (5005)، والترمذي (2853)، وقال: «حديث حسن غريب».
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 2853 | سنن ابي داود: 5005
أي: يتشدق في الكلام ويفخم به لسانه ويلفه كما تلف البقرة الكلأ بلسانها لفًا. النهاية ٢/ ٧٣.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2853 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´فصاحت و بیان کا بیان۔`
عبداللہ بن عمرو رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ ایسے مبالغہ کرنے والے شخص کو ناپسند کرتا ہے جو اپنی زبان ایسے چلاتا ہے جیسے گائے چلاتی ہے " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الأدب/حدیث: 2853]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
جیسے گائے چارے کو اپنی زبان سے لپیٹ لپیٹ کر اپنی خوراک بناتی ہے اسی طرح چرب زبان آدمی بات کو لپیٹ لپیٹ کر بیان کرتا چلا جاتا ہے، یہ صورت خاص کر غلط باتوں کے سلسلے ہی میں ہو تی ہے، ایسی فصاحت وبلاغت ناپسندیدہ ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2853 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 5005 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´ٹر ٹر باتیں کرنے والے کا بیان۔`
عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ دشمنی رکھتا ہے تڑتڑ بولنے والے ایسے لوگوں سے جو اپنی زبان کو ایسے پھراتے ہیں جیسے گائے (گھاس کھانے میں) چپڑ چپڑ کرتی ہے، یعنی بے سوچے سمجھے جو جی میں آتا ہے بکے جاتا ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 5005]
فوائد ومسائل:
فصاحت وبلاغت اصحاب علم وفضل میں ایک عمدہ صفت ہے، مگر اس میں تصنع بناوٹ اور دھاڑنےکی کیفیت کسی طرح بھی اخلاقا یا شرعا پسندیدہ نہیں بالخصوص جب خلاف حقیقت باتیں بنائی جائیں۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 5005 سے ماخوذ ہے۔