ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1705

باب: جمعہ کے دن امام کے خطبہ دیتے وقت گوٹ مار کر (گھٹنے پیٹ سے ملا کر) بیٹھنے کی کراہت، کیونکہ اس سے نیند آتی ہے اور خطبہ سننا رہ جاتا ہے، اور وضو ٹوٹ جانے کا اندیشہ ہوتا ہے

باب كراهة الاحتباء يوم الجمعة والإمام يخطب لأنَّه يجلب النوم فيفوت استماع الخطبة ويخاف انتقاض الوضوء

حدیث نمبر: 1705
عن مُعاذِ بن أنس الجُهَنِيِّ - رضي الله عنه: أنَّ النبيَّ - صلى الله عليه وسلم - نَهَى عَنِ الحِبْوَةِ يَومَ الجُمعَةِ وَالإمَامُ يَخْطُبُ. رواه أَبُو داود والترمذي، وقالا: «حديث حسن».
ترجمہ

سیدنا معاذ بن انس جہنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے جمعہ کے دن، جبکہ امام خطبہ دے رہا ہو، حبوہ (گوٹ مار کر بیٹھنے) سے منع فرمایا۔
(اسے ابوداود اور ترمذی نے روایت کیا ہے اور دونوں نے کہا ہے: یہ حدیث حسن ہے)

وضاحت:
«الحِبْوَةِ» : احتباء یہ ہے کہ انسان اپنی دونوں ٹانگوں کو اپنے پیٹ کے ساتھ ملا لے اور ایک کپڑے سے انہیں اپنی پیٹھ کے ساتھ اکٹھا کر کے باندھ لے۔ اس سے اس لیے منع فرمایا کہ احتباء نیند لاتا ہے جس کی وجہ سے آدمی خطبہ نہیں سن پاتا، اور اس کی طہارت ٹوٹنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ (النہایہ 1/335-336)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1705
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن (أبو داود 1110) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن, مشكوة المصابيح (1393), أخرجه الترمزي (514 وسنده حسن)
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (1110)، والترمذي (514).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 514 | سنن ابي داود: 1110
الاحتباء هو أَنْ يضم الإنسان رجليه إلى بطنه بثوب يجمعهما به مع ظهره، ويشده عليها، ونهى عنها لأنَّ الاحتباء يجلب النوم فلا يسمع الخطبة، ويعرض طهارته للانتقاض. النهاية ١/ ٣٣٥ - ٣٣٦.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 514 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´امام کے خطبہ دینے کی حالت میں احتباء کرنے کی کراہت کا بیان۔`
معاذ بن انس جہنی رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جمعہ کے دن جب کہ امام خطبہ دے رہا ہو گھٹنوں کو پیٹ کے ساتھ ملا کر بیٹھنے سے منع فرمایا ہے۔ [سنن ترمذي/كتاب الجمعة/حدیث: 514]
اردو حاشہ:
1؎:
’’حِبوہ‘‘ ایک مخصوص بیٹھک کا نام ہے، اس کی صورت یہ ہے کہ سرین پر بیٹھا جائے اور دونوں گھٹنوں کو کھڑا رکھا جائے اور انہیں دونوں ہاتھوں سے باندھ لیا جائے، اس سے ممانعت کی وجہ یہ ہے کہ اس طرح بیٹھنے سے نیند آتی ہے اور ہوا خارج ہونے کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 514 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1110 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´امام خطبہ دے رہا ہو تو لوگ گوٹ مار کر نہ بیٹھیں۔`
معاذ بن انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جمعہ کے دن امام کے خطبہ دینے کی حالت میں حبوہ ۱؎ (گوٹ مار کر بیٹھنے سے) منع فرمایا ہے ۲؎۔ [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /حدیث: 1110]
1110. اردو حاشیہ:
«احتباه» یا «حبوة» اس انداز کے بیٹھنے کو کہتے ہیں کہ انسان اپنے گھٹنے اکھٹے کر کے سینے سے لگا لے اور پھر ہاتھوں سے ان پر حلقہ بنا لے یا کمر اور گھٹنوں کے گرد کپڑا لپیٹ لے۔ اسی کو «احتباه» یا «حبوة» سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ یہ نشست بےپروائی اور عدم توجہ کی علامت سمجھی جاتی ہے نیز اونگھ بھی آنے لگتی ہے۔ تہبند پہنے ہو تو ستر کھلنے کا بھی اندیشہ رہتا ہے۔ اور بعض اوقات انسان بےوضو بھی ہو جاتا ہے۔ اور اسے پتہ بھی نہیں چلتا، الغرض جمعہ میں بالخصوص اس طرح بیٹھنا ممنوع ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1110 سے ماخوذ ہے۔