ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1693
باب: مسجد میں تھوکنے کی ممانعت، اور اگر مسجد میں (تھوک) پایا جائے تو اسے دور کرنے کا حکم، اور مسجد کو گندگیوں سے پاک رکھنے کا حکم
باب النهي عن البصاق في المسجد والأمر بإزالته منه إذا وجد فيه، والأمر بتنزيه المسجد عن الأقذار
عن أنس - رضي الله عنه: أنَّ رسولَ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - قال: «البُصاقُ في المَسْجِدِ خَطِيئَةٌ، وَكَفَّارَتُهَا دَفْنُهَا». متفق عليه. والمرادُ بِدَفْنِهَا إذَا كَانَ المَسْجِدُ تُرَابًا أوْ رَمْلًا ونَحْوَهُ، فَيُوَارِيهَا تَحْتَ تُرَابِهِ.
قالَ أبُو المحاسِنِ الرُّويَانِي مِنْ أصحابِنا في كِتَابِهِ «البحر» وقِيلَ: المُرَادُ بِدَفْنِهَا إخْراجُهَا مِنَ المَسْجِدِ، أمَّا إِذَا كَانَ المَسْجِدُ مُبَلَّطًا أَوْ مُجَصَّصًا، فَدَلَكَهَا عَلَيْهِ بِمَدَاسِهِ أَوْ بِغَيْرِهِ كَمَا يَفْعَلُهُ كَثيرٌ مِنَ الجُهَّالِ، فَلَيْسَ ذَلِكَ بِدَفْنٍ، بَلْ زِيَادَةٌ فِي الخَطِيئَةِ وَتَكْثِيرٌ لِلقَذَرِ في المَسْجِدِ، وَعَلَى مَنْ فَعَلَ ذَلِكَ أَنْ يَمْسَحَهُ بَعْدَ ذَلِكَ بِثَوْبِهِ أَوْ بِيَدِهِ أَوْ غَيرِهِ أَوْ يَغْسِلَهُ.سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”مسجد میں تھوکنا گناہ ہے، اور اس کا کفارہ اسے دفن کر دینا ہے۔“
(متفق علیہ)
اسے دفن کرنے سے مراد یہ ہے کہ جب مسجد (کا فرش) مٹی یا ریت وغیرہ کا ہو تو وہ اسے اس کی مٹی کے نیچے چھپا دے۔
ہمارے (شافعی) اصحاب میں سے ابوالمحاسن رویانی نے اپنی کتاب «البحر» میں کہا ہے: اور کہا گیا ہے کہ اسے دفن کرنے سے مراد اسے مسجد سے باہر نکال دینا ہے۔ رہی یہ صورت کہ مسجد کا فرش پختہ (اینٹوں یا پتھروں کا) ہو یا چونے سے پلستر کیا ہوا ہو، اور وہ اسے اپنے جوتے وغیرہ سے اس پر مل دے، جیسا کہ بہت سے جاہل لوگ کرتے ہیں، تو یہ دفن کرنا نہیں ہے، بلکہ گناہ میں اضافہ اور مسجد میں گندگی کو بڑھانا ہے، اور جس نے ایسا کیا اس پر لازم ہے کہ اس کے بعد اسے اپنے کپڑے یا ہاتھ وغیرہ سے صاف کرے یا اسے دھو دے۔
تشریح، فوائد و مسائل
1۔
مسجد میں تھوکنا اس کے تقدس اور احترام کے خلاف ہے، لیکن اگر کسی مجبوری کے پیش نظر اس کی نوبت آجائے تو اس کا تدارک اور کفارہ یہ ہے کہ اسے دفن کردیا جائے۔
یہ اس صورت میں ہے کہ فرش پر ریت یا مٹی ہو۔
اور اگر مسجد کا فرش پختہ ہو تو اسے اٹھا کر باہر پھینک دیا جائے۔
دراصل امام بخاری ؒ نے ایک اختلاف کی طرف اشارہ فرمایا ہے۔
علامہ نووی ؒ کے نزدیک حالت نماز اور مسجد میں تھوکنا بہرحال گناہ ہے، خواہ اسے دفن کرنے کا ارادہ کرے یا نہ کرے۔
اگر اسے دفن کر دے گا تو اس گناہ کی تلافی ہو جائے گی، جبکہ قاضی عیاض ؒ کا کہنا ہے کہ تھوکتے وقت اگر اس نے ازالے کا ارادہ کیا تھا تو کچھ گناہ نہیں، البتہ اگر اس کا ازالہ نہیں کرے گا تو گناہ گا ر ہو گا۔
اس اختلاف کی بنیاد یہ ہے کہ اس سلسلے میں رسول اللہ ﷺ سے مروی احادیث کے عموم میں تعارض ہے۔
ایک حدیث ہے کہ مسجد میں تھوکنا گناہ ہے اور دوسرا ارشاد ہے کہ بوقت ضرورت بائیں جانب اور بائیں پاؤں کے نیچے تھوکنا جائز ہے۔
امام نووی ؒ نے پہلے ارشاد کو عام رکھتے ہوئے دوسرے میں اس طرح تخصیص کی ہے کہ بائیں جانب یا پاؤں کے نیچے تھوکنے کی اجازت مسجد میں نہ ہونے کی صورت میں ہے جبکہ قاضی عیاض ؒ نے دوسرے ارشاد کو عموم پر باقی رکھتے ہوئے پہلے ارشاد میں اس طرح تخصیص کی ہے کہ اگر تھوکنے کے بعد زمین میں اسے دفن کرنے کا ارادہ نہ ہو تو مسجد میں تھوکنا گناہ ہے۔
حافظ ابن حجر ؒ نے فرمایا کہ متقدمین میں سے متعدد علماء نے قاضی عیاض کی تائید کی ہے، پھر چند ایسی روایات کا حوالہ دیا ہے جن سے قاضی عیاض کا موقف راجح قرارپاتا ہے۔
(فتح الباري: 1/662۔
663)
بہر حال حدیث کے مطابق مسجد میں تھوکنا گناہ ہے اور اگر کسی سے یہ گناہ سر زد ہو گیا ہو تو اس کا کفارہ دفن کر دینا ہے۔
گویا اس کا دفن کردینا گناہ کے بعد توبہ کے درجے کی بات ہے۔
امام بخاری ؒ نے ان احادیث سے ثابت فرمایا ہے کہ دوران نمازمیں یا مسجد میں اگر تھوکنے کی مجبوری ہو تو مسجد کے آداب اور نمازیوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔
2۔
ابتدائے اسلام میں مساجد کچھ تھیں اور ان کے صحن میں مٹی یا ریت وغیرہ ہوتی تھی جن میں تھوک لینا اور پھر اسے مٹی یا ریت میں چھپا دینا ممکن تھا۔
جبکہ آج کل مساجد پختہ ہیں اور ان کے فرش بھی پختہ ہیں جن پر بہترین چٹائیاں قالین بچھے ہوتے ہیں ایسے حالات و ظروف میں رومال وغیرہ ہی مناسب ہے کہ اس میں تھوک لیا جائے، لہٰذا ایسے حالات میں مذکورہ احادیث سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مساجد کے درو دیوارپر تھوکنا سخت گناہ اور مساجد کی بے حرمتی ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے ایسے لوگوں پر سخت ناراضی کا اظہار فرمایا ہے جو مساجد کے تقدس کو اس طرح پامال کرتے ہیں۔
بنا بریں حالات و ظروف بدل جانے کے نتیجے میں اب بائیں جانب یا پیر تلے تھوکنا قطعاً غیر مناسب ہے۔
اب صرف دو ہی صورتوں پر عمل کیا جا نا چاہیے۔
یا تو تھوک یا بلغم نگل لیا جائے یا پھر اس کے لیے رومال یا ٹشو پیپراستعمال کیا جائے۔
اس لیے دونوں حدیثوں میں تعارض نہیں ہے اور قاضی عیاض اور امام نووی رحمۃ اللہ علیہما کا اس مسئلہ کے بارے میں کچھ اختلاف ہے امام نووی رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک مسجد میں نہیں تھوکنا چاہیے ضرورت پڑے تو اپنے کپڑے میں تھوک لے، اگر مسجد میں تھوکے گا تو گناہگار ہو گا قاضی عیاض کا نظریہ ہے کہ اگر مسجد میں تھوک کر دفن کر دیا تو گناہ نہیں ہو گا اگر دفن نہیں کیا تو گناہگار ہو گا آج کل مساجد میں دفن کرنا ممکن نہیں ہے، اس لیے ضرورت اور مجبوری کی صورت میں تھوک دان یا کپڑے کو استعمال کرنا چاہیے۔
انس بن مالک رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " مسجد میں تھوکنا گناہ ہے۔ اور اس کا کفارہ اسے دفن کر دینا " ۱؎۔ [سنن ترمذي/أبواب السفر/حدیث: 572]
انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "مسجد میں تھوکنا گناہ ہے اور اس کا کفارہ یہ ہے کہ اس پر مٹی ڈال دو۔" [سنن ابي داود/كتاب الصلاة /حدیث: 475]
ظاہر ہے کہ یہ حکم ان مساجد سے متعلق ہے جن کا فرش کچا ہو، اگر پختہ فرش پر یہ تقصیر ہو تو ضروری ہے کہ اسے اچھی طرح سے پونچھ دیا جائے یا دھو دیا جائے۔
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " مسجد میں تھوکنا گناہ ہے، اور اس کا کفارہ اسے مٹی ڈال کر دبا دینا ہے " ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب المساجد/حدیث: 724]
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " مسجد میں تھوکنا گناہ ہے۔ اس کا کفارہ تھوک کو دفن کرنا ہے۔ " (بخاری و مسلم) [بلوغ المرام/حدیث: 205]
➊ مسجد اللہ تعالیٰ کی عبادت اور اس کی بندگی کے لیے تعمیر کی جاتی ہے، اسے ظاہری اور باطنی گندگی اور نجاست سے پاک رکھنے کا حکم ہے۔
➋ مسجد میں تھوکنا آداب مسجد، شائستگی اور نظافت کے خلاف ہے علاوہ ازیں ذوق سلیم پر بھی گراں گزرتا ہے۔ اس لئے تھوکنا گناہ ہے اور اس کا کفارہ اسے دفن کرنا ہے تاکہ اس کا کوئی اثر باقی نہ رہے۔
➌ یہ حکم اس وقت کا ہے جب فرش مٹی کا ہوتا تھا اب پکے فرش پر کوئی تھوکھے گا تو اسے پانی یا کپڑے وغیرہ سے صاف کرنا ضروری ہے۔