ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1685

باب: جاندار کی تصویر بنانے کی حرمت، خواہ وہ قالین، پتھر، کپڑے، درہم، تکیے، دینار، گدے یا کسی اور چیز پر ہو، اور دیوار، چھت، پردے، عمامے، کپڑے وغیرہ میں تصویریں رکھنے کی حرمت اور تصویر کو مٹا دینے کا حکم۔

باب تحريم تصوير الحيوان في بساط أو حجر أو ثوب أو درهم أو مخدة أو دينار أو وسادة وغير ذلك وتحريم اتخاذ الصور في حائط وسقف وستر وعمامة وثوب ونحوها والأمر بإتلاف الصورة

حدیث نمبر: 1685
وعن ابن عمر رضي الله عنهم، قال: وَعَدَ رسُولَ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - جِبْرِيلُ أَنْ يَأتِيَهُ، فَرَاثَ عَلَيْهِ حَتَّى اشْتَدَّ عَلَى رَسُولِ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - فَخَرَجَ فَلَقِيَهُ جِبريلُ فَشَكَا إلَيهِ، فَقَالَ: إنَّا لاَ نَدْخُلُ بَيْتًا فِيهِ كَلْبٌ وَلاَ صُورَةٌ. رواهُ البُخاري.
«راث»: أبْطَأَ، وهو بالثاء المثلثة.
ترجمہ

سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے کہا: جبریل نے رسول اللہ ﷺ سے آنے کا وعدہ کیا، پھر انہوں نے آنے میں دیر کر دی یہاں تک کہ یہ بات رسول اللہ ﷺ پر گراں گزری۔ چنانچہ آپ ﷺ باہر نکلے تو جبریل آپ سے ملے، آپ نے ان سے (اس تاخیر کی) شکایت کی تو انہوں نے کہا: ہم اس گھر میں داخل نہیں ہوتے جس میں کتا ہو اور نہ (اس میں جس میں) تصویر ہو۔
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)
«رَاثَ»: یعنی دیر کی، اور یہ ثاء مثلثہ کے ساتھ ہے۔

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1685
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 7/ 216 (2960).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 3227 | صحيح البخاري: 5960

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5960 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5960. حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ حضرت جبرئیل ؑ نے نبی ﷺ کے ہاں آنے کا وعدہ کیا لیکن اس میں تاخیر کر دی حتیٰ کہ نبی ﷺ پر بہت گراں گزرا۔ پھر نبی ﷺ باہر تشریف لائے تو حضرت جبرئیل ؑ سے ملاقات ہوئی۔ آپ نے تاخیر کی شکایت کی تو انہوں نے کہا: ہم اس گھر میں نہیں جاتے جس میں تصویر یا کتا ہو۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5960]
حدیث حاشیہ: دوسری روایت میں یوں ہے جب وقت گزر گیا اور جبرئیل علیہ السلام نہ آئے تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اللہ کا وعدہ خلاف نہیں ہو سکتا نہ اس کے فرشتوں کا پھر دیکھا تو چار پائی کے تلے ایک کتے کا پلا پڑا ہوا تھا۔
آپ نے فرمایا اے عائشہ! یہ پلا کب آیا انہوں نے کہا کہ مجھ کو اللہ کی قسم خبر نہیں آخر اسے وہاں سے نکالا۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5960 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5960 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5960. حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ حضرت جبرئیل ؑ نے نبی ﷺ کے ہاں آنے کا وعدہ کیا لیکن اس میں تاخیر کر دی حتیٰ کہ نبی ﷺ پر بہت گراں گزرا۔ پھر نبی ﷺ باہر تشریف لائے تو حضرت جبرئیل ؑ سے ملاقات ہوئی۔ آپ نے تاخیر کی شکایت کی تو انہوں نے کہا: ہم اس گھر میں نہیں جاتے جس میں تصویر یا کتا ہو۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5960]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس روایت کی تفصیل ایک دوسری حدیث میں بیان کی گئی ہے۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میرے پاس جبرئیل علیہ السلام آئے اور مجھے کہا: میں گزشتہ رات آپ کے پاس آیا تھا مگر اندر آنے سے میرے لیے یہ امر مانع تھا کہ دروازے پر تصویریں تھیں اور گھر میں مورتیوں والا پردہ تھا اور وہاں کتا بھی تھا۔
آپ گھر میں تصویر کے متعلق حکم دیں کہ اس کا سر کاٹ دیا جائے اور وہ درخت کی مانند ہو جائے اور پردے کے متعلق حکم دیں کہ اسے کاٹ کر دو تکیے بنا لیے جائیں جو پھینکے جائیں اور انہیں پاؤں تلے روندا جائے اور کتے کے متعلق حکم دیں کہ اسے نکال باہر کیا جائے۔
‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان ہدایات کے مطابق عمل کیا۔
یہ کتا حضرت حسن یا حضرت حسین رضی اللہ عنہما کا تھا جو ان کے تخت کے نیچے تھا۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا تو اسے نکال باہر کیا گیا۔
(سنن أبي داود، اللباس، حدیث: 4158) (2)
ایک حدیث میں ہے کہ چارپائی کے نیچے کتے کا بچہ تھا، آپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا: ’’یہ کتا یہاں کب داخل ہوا؟‘‘ انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔
آپ کے حکم سے اسے نکال دیا گیا۔
(صحیح مسلم، اللباس والزینة، حدیث: 5511 (2104) (3)
ایک منکر حدیث نے کسی اہل حدیث سے کہا کہ جب کتا رکھنے سے اس گھر میں فرشتے نہیں آتے تو ہم ہمیشہ ایک کتا اپنے پاس رکھیں گے تاکہ موت کا فرشتہ ہمارے پاس ہی نہ آئے۔
اہل حدیث نے جواب دیا: تمہاری جان نکالنے کے لیے وہ فرشتہ آئے گا جو کتوں کی جان نکالتا ہے۔
اس پر وہ لاجواب ہو گیا۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5960 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3227 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3227. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے جبرئیل ؑ نے آنے کا وعدہ کیا پھر (وہ نہ آئے تو نبی کریم ﷺ نے وجہ پوچھی) انھوں نےبتایا: ’’ہم اس گھر میں نہیں جاتے جس میں تصویر یاکتا ہو۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3227]
حدیث حاشیہ: جو کتے حفاظت کے لیے پالے جائیں وہ اس حکم سے مستثنیٰ ہیں، جیسا کہ دیگر روایات میں وضاحت موجود ہے۔
روایت میں ایک راوی کا نام عمرو نقل ہوا ہے، جو صحیح نہیں ہے۔
صحیح نسخہ میں عمر ہے جو محمد بن زید بن عبداللہ بن عمر کے بیٹے ہیں اور یہی درست ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3227 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3227 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3227. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے جبرئیل ؑ نے آنے کا وعدہ کیا پھر (وہ نہ آئے تو نبی کریم ﷺ نے وجہ پوچھی) انھوں نےبتایا: ’’ہم اس گھر میں نہیں جاتے جس میں تصویر یاکتا ہو۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3227]
حدیث حاشیہ:
1۔
فرشتوں کے متعلق کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ نفوس مجردہ ہیں جن میں عقل وشعور اور ادراک و احساس نہیں ہوتا۔
یہ مؤقف جمہور اہل سنت کی رائے کے مخالف ہے۔
ان کاکہنا ہے کہ فرشتے اجسام لطیفہ رکھتے ہیں اورمختلف شکلیں اختیار کرسکتے ہیں۔
ان کا مسکن آسمانوں میں ہے اور وہ کبھی اللہ کی نافرمانی نہیں کرتے بلکہ ہروقت وہ اللہ کی عبادت اور اس کی اطاعت میں مصروف رہتے ہیں۔
2۔
امام بخاری ؒ نے ان احادیث سے جمہور اہل سنت کی تائید کی ہےکہ وہ روحانی مخلوق ہیں۔
اپنی روحانیت کے مطابق کارنامے سرانجام دیتے ہیں۔
انھیں شعور و ادراک حاصل ہے۔
یہی وجہ ہے کہ انھیں گناہ کے کاموں سے نفرت ہوتی ہے۔
جاندار کی تصویر بنانابھی اللہ کے ہاں معصیت ہے اس لیے جس گھر میں تصاویر ہوں اس میں رحمت کے فرشتے داخل نہیں ہوتے۔
نیکی اور بدی سے وہ متاثر نہیں ہوتے ہیں۔
نیکی دیکھ کر خوشی اور بدی دیکھ کر ناخوش ہوتے ہیں جیسا کہ ان احادیث سے ثابت ہوتاہے۔
تصاویر کے متعلق ہم اپنا مؤقف آئندہ بیان کریں گے۔
إن شاء اللہ۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3227 سے ماخوذ ہے۔