ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1621

باب: وہ چیز جس کے بارے میں ریاکاری کا گمان ہوتا ہے حالانکہ وہ ریاکاری نہیں

باب مَا يتوهم أنَّه رياء وليس هُوَ رياء

حدیث نمبر: 1621
وعن أَبي ذرٍ - رضي الله عنه - قَالَ: قِيلَ لِرسولِ الله - صلى الله عليه وسلم: أرَأيْتَ الرَّجُلَ الَّذِي يَعْمَلُ العَمَلَ مِنَ الخَيْرِ، وَيَحْمَدُهُ النَّاسُ عَلَيْهِ؟ قَالَ: «تِلْكَ عَاجِلُ بُشْرَى المُؤْمِنِ». رواه مسلم.
ترجمہ

سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ سے عرض کیا گیا: آپ اس آدمی کے بارے میں کیا فرماتے ہیں جو کوئی نیک عمل کرتا ہے اور لوگ اس پر اس کی تعریف کرتے ہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”یہ مومن کے لیے جلد ملنے والی خوشخبری ہے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

وضاحت:
امام نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "اس کا معنی یہ ہے کہ یہ اس کے لیے بھلائی کی جلد ملنے والی خوشخبری ہے، اور یہ اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ تعالیٰ اس سے راضی ہے اور اس سے محبت کرتا ہے ..." (شرح صحیح مسلم للنووی 8/359)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1621
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 8/ 44 (2642) (166).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 2642 | سنن ابن ماجه: 4225
قال النووي في شرح صحيح مسلم ٨/ ٣٥٩: «معناه هذه البشرى المعجلة له بالخير، وهي دليل على رضاء الله تعالى عنه، ومحبته له ...» .

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2642 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو ذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا، بتائیے ایک آدمی نیک کام کرتا ہے اور اس پر لوگ اس کی تعریف کرتے ہیں؟ آپ نے فرمایا:"یہ مومن کے لیے فوری بشارت ہے۔" [صحيح مسلم، حديث نمبر:6721]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے معلوم ہوا، کسی نیک انسان کے نیک اور اچھے کام پر لوگوں کا اس کی تعریف و توصیف کرنا اخروی بشارت ہے، بُشْرَاكُمُ الْيَوْمَ جَنَّاتٌ (سورۃ الحدید آیت نمبر 12)
کا عکس ہے اور اللہ کے ہاں اس کی قبولیت اور رضا مندی کی دلیل ہے، لیکن یہ تب ہے جب وہ اس کا خواہاں اور طالب نہیں ہے اور اس کے لیے کوشش اور حیلہ نہیں کرتا۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6721 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 4225 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´لوگوں کی عمدہ تعریف و توصیف کا بیان۔`
ابوذر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا: ایک شخص اللہ تعالیٰ کے لیے کوئی کام کرتا ہے تو کیا اس کی وجہ سے لوگ اس سے محبت کرنے لگتے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " یہ تو مومن کے لیے نقد (جلد ملنے والی) خوشخبری (بشارت) ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4225]
اردو حاشہ:
فوائدومسائل: (1)
نیکی کرتے ہوئے یہ نیت نہیں ہونی چاہیے کہ اس کی وجہ سے تعریف اور عزت ہو۔
لیکن مومن کو دنیا میں بھی نیکی کا انعام ملتا ہے اور اسے عزت حاصل ہوتی ہے۔

(2)
عوام کی محبت نیک مومن پر اللہ کا احسان ہے لہٰذا اس پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے اور احتیاط کرنی چاہیے کہ دل میں فخر اور خود پسندی کے جذبات پیدا نہ ہوں۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 4225 سے ماخوذ ہے۔